Tag: پاکستان طلبہ

  • کرونا وبا کے بعد ہمارے طلبہ کا چین واپس جانے کا مطالبہ پورا ہو رہا ہے: سفارتی حکام

    کرونا وبا کے بعد ہمارے طلبہ کا چین واپس جانے کا مطالبہ پورا ہو رہا ہے: سفارتی حکام

    اسلام آباد: سفارتی حکام نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سب سے بڑا پل چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ ہیں، کرونا وبا کے بعد ہمارے ان طلبہ کا واپس جانے کا مطالبہ پورا ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے اعلیٰ سفارتی حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری کوشش ہے کہ ہمارے طلبہ کی تعداد چین میں سب سے زیادہ غیر ملکی طلبہ کے طور پر بحال ہو جائے۔‘

    سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری اسٹریٹیجک نوعیت کی شراکت داری ہے، وزیر اعظم کے دورے کے دوران کوئی بڑا معاہدہ نہیں ہوگا، لیکن ہماری باہمی انڈرسٹینڈنگ ہوگی، اس وقت چین اپنے اگلے 5 سالہ منصوبے کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

    حکام نے بتایا کہ وزیر اعظم کو دورے کی دعوت چینی صدر شی جی پنگ کی طرف سے ثمر قند میں ہونے والی ملاقات میں دی گئی تھی، مارچ 2020 کے بعد یہ پاکستان کا پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے، اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کانگریس کے بعد یہ کسی سربراہ کا پہلا دورہ چین ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے قبل چین کا اہم فیصلہ

    سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو وزیر اعظم کی تمام ملاقاتوں میں متوقع طور پر موجود ہوں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاکستان چین کی طرف سے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹوز پر بھی بات کرے گا، یو این میں تعاون اور اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی اصلاحات پر بھی بات کی جائے گی، پاکستان سیکیورٹی کونسل میں مستقل ممبران کے اصول کے خلاف ہے، ہم یو ایف سی یعنی یونائیٹیڈ فار چینج گروپ کے رکن ہیں، اور چین ہمارے ساتھ ہے۔

    سفارتی حکام کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے میں سی پیک منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے کر انھیں آگے بڑھایا جائے گا۔

  • چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع

    چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع

    اسلام آباد: کرونا کے باعث پابندیوں میں نرمی کے بعد پاکستانی طلبہ کی پہلی پرواز چین روانہ ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے لیے پاکستانی طلبہ کی پروازیں شروع ہو گئیں، پہلی پرواز اسلام آباد ایئر پورٹ سے 105 طلبہ کو لے کر آج صبح پیر کو روانہ ہو گئی۔

    وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے پاکستانی طلبہ کے وفد کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے الوداع کیا، پی آئی اے کا خصوصی طیارہ طلبہ کو لے کر چین کے شہر ژیانگ پہنچے گا۔

    رانا تنویر حسین نے ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی خصوصی کوششوں کے باعث پاکستانی طلبہ وبا کے بعد اب چین جا کر اپنی تعلیم مکمل کر سکیں گے، کرونا کے باعث چین میں پڑھنے والے طلبہ کا کافی نقصان ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم چین کے صدر شی جن پنگ کی خصوصی کوششوں پر ان کے شکر گزار ہیں، چین کی حکومت اور چین کا ایمبیسی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    رانا تنویر نے کہا حج آپریشن کے باعث طیاروں اور فلائٹس کی کمی تھی، اس لیے طلبہ کے لیے پی آئی اے کے خصوصی طیارے کا انتظام کیا گیا، طلبہ کے پہلے بیچ کا جانا خوش آئند ہے، اس کے بعد مزید پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔

    انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے طلبہ کی واپسی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے خصوصی ہدایت کی تھی۔

  • چین کے شہر ووہان میں پاکستانی طلبہ کے لیے کھانا پہنچ گیا

    چین کے شہر ووہان میں پاکستانی طلبہ کے لیے کھانا پہنچ گیا

    اسلام آباد: چین کے شہر ووہان میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے کھانا پہنچ گیا ہے، حکومت کی طرف سے طلبہ کے لیے 17 ٹن کھانا بھیجا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تیار کھانا آج صبح طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے ووہان روانہ کیا گیا تھا، کھانا چینی شہر میں مقیم پاکستانیوں کو فراہم کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر وزارت اوورسیز اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ترسیل کے اقدامات کیے۔

    کھانا لے جانے والا طیارہ واپسی پر چین سے کرونا وائرس کے تدارک کے لیے امدادی سامان بھی لے کر آئے گا۔ وزرات اوورسیز نے کھانے کے لیے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے کا چیک چیئرمین این ڈی ایم اے کو دیا تھا۔ زلفی بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستانی طلبہ کو کھانے پینے کے لیے 15 دن کا سامان روانہ کیا گیا ہے، اس سے قبل طلبہ کو مالی مدد بھی بھیجی جا چکی ہے، حکومت پاکستان ہر طرح سے اپنے طلبہ کا خیال رکھے گی۔

    چینی شہر ووہان میں ایئر پورٹ پر پاکستانی طلبہ کے لیے لے جایا جانے والاسامان اتارا جا رہا ہے

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ تقریباً 1300 طلبہ ہیں جن کے لیے 15 دن کا امدادی سامان بھیجا گیا ہے، امدادی سامان میں کھانے پینے کے علاوہ دیگر ضروری اشیا بھی ہیں، پاکستان اپنے شہریوں کے حوالے سے چینی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 447 ہو گئی ہے، ملک میں کرونا وائرس کے باعث 2 اموات ہوئی ہیں جب کہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کے 117 نئے کیسز سامنے آئے، سندھ میں اب تک کرونا کے 245، بلوچستان میں 81 کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 78 اور خیبر پختون خوا میں 23 کرونا کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں ایک مستند کیس سامنے آیا، جب کہ اسلام آباد میں کرونا وائرس کے 7 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

  • چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10 دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ

    چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10 دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10 دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کے باعث چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی دیکھ بھال کے سلسلے میں آج معاون خصوصی زلفی بخاری نے طلبہ کے والدین سے ملاقات کی، مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    طلبہ کے والدین کو طلبہ کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ملاقات میں طلبہ کو خوراک اور رقم سمیت فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ ہم والدین کے جذبات اور احساسات کو اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں، والدین کو یقین دلاتا ہوں کہ تمام طلبہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں، پاکستانی سفارت خانے کا عملہ ان سے مسلسل رابطے میں ہے، یہ ضروری ہے کہ والدین کے ہر سوال کا جواب دے کر انھیں مطمئن کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے، اب والدین سے ہر 10 دن بعد جامع نشست کا اہتمام کیا جائے گا، انھیں بچوں کی صحت، خوراک، رقم اور دی جانے والی ہر سہولت سے با خبر رکھیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورت حال پر تیزی سے قابو پایا جا رہا ہے، ووہان میں کیسز میں بتدریج کمی رپورٹ ہوئی ہے۔

    زلفی بخاری نے نجی ٹی وی چینل پر چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے چین سے پاکستانی طلبہ کے انخلا کی بات نہیں کی۔