Tag: پاکستان عوامی تحریک

  • طاہرالقادری اورعمران خان کی سعودی عرب میں ملاقات کا امکان

    طاہرالقادری اورعمران خان کی سعودی عرب میں ملاقات کا امکان

    اسلام آباد: ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کی سعودی عرب میں ملاقات کا امکان ہے، جس میں موجودہ حالات میں حکومت مخالف تحریک کے دوسرے دور کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری پیر کے روز سے مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اپنی نئی دلہن ریحام خان کے ہمراہ آج عمرہ کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ جہا ں دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات کا قوی امکان ہے۔

     ملاقات میں موجودہ حالات میں پیٹرول، لوڈ شیڈنگ اور گیس کے بحران اور انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نہ دینے کے تناظر میں عمران خان اور طاہرالقادری کے درمیان حکومت مخالف تحریک کے لئے تبادلہ خیال ہوسکتا ہے۔

     پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نوراللہ صدیقی نے عمران خان سے طاہرالقادری کی کسی طے شدہ ملاقات کی تردید کرتے ہوئے اس کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔

    واضح رہے اس سے قبل جب دونوں پارٹیوں نے حکومت مخالف دھرنوں کا آغازکیا تھا تو حکومتی حلقوں کی طرف سے ان کی لندن میں ہونے والے ملاقات کا تذکرہ کیا جاتا تھا، یہ بھی یاد رہے کہ ابتدائی تردید کے بعد دونوں قائدین نے لندن میں ہونے والی ملاقات کی حقیقت کی بھی تسلیم کر لی تھی۔

  • قوم انقلاب کیلئے نکلتی تو آج پٹرول کیلئے لائنوں میں نہ لگتی، طاہرالقادری

    قوم انقلاب کیلئے نکلتی تو آج پٹرول کیلئے لائنوں میں نہ لگتی، طاہرالقادری

    لاہور: ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ قوم کو دہشتگردی کےخلاف یکجا کرنے کے مرحلہ پر بجلی، گیس ، پٹرول کے بحران میں الجھا دیا گیا، قوم انقلاب کیلئے نکلتی تو آج پٹرول کیلئے لائنوں میں نہ لگتی۔

    میڈیا کو جاری بیان میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قلت کے باعث طالبعلم سکول نہیں جا سکتے،ایمبولینسزتک رک گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ  بدانتظامی اور نااہلی کا اعتراف کرنے والے اپنی سزا بھی تجویز کریں صرف سیکرٹری پٹرولیم کو قربانی کا بکرا بنایا گیا جبکہ اس بحران کے پیچھے بڑے مگر مچھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پٹرول کے حالیہ بحران کے ذمہ دار وزیراعظم، وزیرخزانہ اور وزیرپٹرولیم ہیں۔

    ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جس مرحلہ پر قوم کو دہشتگردی کے خلاف یکجا کرنے کی ضرورت تھی عین اس موقع پر قوم کو بجلی، گیس ، پٹرول کے بحران میں الجھا دیا گیا۔

     طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایشیاءکا ٹائیگر بنانے کا دعوی کرنے والوں نے اسے پتھر کے زمانے کی طرف دھکیل دیا۔

  • پی اے ٹی کا ایک ماہ بعد اسلام آباد اورلاہورمیں دھرنے کااعلان

    پی اے ٹی کا ایک ماہ بعد اسلام آباد اورلاہورمیں دھرنے کااعلان

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے ایک ماہ بعد اسلام آباد اور لاہور میں سے کسی ایک شہر میں دھرنے کا اعلان کردیا ، ڈاکٹر طاہرالقادری کہتے ہیں حکمران دہشت گردوں سے ملے ہوئے ہیں۔

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنے سے آڈیو خطاب میں طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ وہ کسی صورت شہیدوں کے خون سے بے وفائی نہیں کرسکتے، انصاف کے لیے آخری حدتک جائیں گے۔

     انہوں نے کہاکہ فوجی عدالتوں پربھی اب سیاست کی جارہی ہے، پارلیمنٹ میں قرارداد کے ذریعےکسی نےدہشتگردی کی جنگ کواپنی جنگ قرارنہیں دیا۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف دہشتگردی کے خلاف تنہا جنگ لڑرہےہیں۔

     طاہرالقادری کاکہناتھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق ٹربیونل کی رپورٹ جاری نہ ہونے کے خلاف دوبارہ ہائی کورٹ جائیں گے۔

    سربراہ عوامی تحریک طاہرالقادری نےسانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات منظرعام پرلانےکیلئے دوبارہ پٹیشن دائر کرنےکااعلان کردیا۔ان کاکہناتھا کہ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دہشتگردی ختم نہیں ہوسکتی۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف نہ ملنے پر پی اے ٹی کا مظاہروں کا اعلان

    سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف نہ ملنے پر پی اے ٹی کا مظاہروں کا اعلان

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف نہ ملنے کیخلاف مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے لاہور سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو 6 ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ہے لیکن حکومت انصاف فراہم نہیں کر رہی، اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔

    انہوں نے حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے کا پہلا مظاہرہ 17 جنوری کو لاہور میں کیا جائے گا, ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کردار توقیر شاہ کی ڈبلیو ٹی او میں بطور سفیر تقرری کیخلاف بھی دستخطی مہم شروع کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ بہت صبر کر لیا، شہداء کے خون کا حساب اور انصاف کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

    واضح رہے کہ لاہور ماڈل ٹاؤن میں 17 جون 2014ء کو پنجاب پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے تصادم ہوا، جسکے نتیجے میں پاکستان عوامی تحریک کے دو عورتوں سمیت 14 افراد ہلاک اور 90 سے افراد زائد شدید زخمی ہوئے۔

    یہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب پولیس کی تجاوزات ہٹانے والی نفری نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں جامعہ منہاج القران کے دفاتر اور پاکستان عوامی تحریک کے بانی و سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے باہر موجود رکاوٹیں ہٹانے کیلیے آپریشن کا آغاز کیا۔

    دوسری جانب تحریکِ انصاف نے اٹھارہ جنوری سے دھرنا کنویشن منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے اسلام آباد پھر کراچی،لاہور اور پشاور میں کنونشن ہوں گے۔

    ترجمان عمران خان نعیم الحق کے مطابق دھرنا ڈی چوک پر نہیں کیا جائے گا، اٹھارہ جنوری کو اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں منعقد کنونشن سے پارٹی چیئرمین عمران کان خطاب کریں گے۔

    جس کے بعد ورکرز کنویشن مختلف شہروں میں منعقد کیا جائیگا، یکم فروری کو کراچی، آٹھ فروری لاہور اور پندرہ کو پشاور میں کنونشن منعقد کیا جائیگا۔

  • عوامی تحریک نے وفاقی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر حقائق نامہ جاری کردیا

    عوامی تحریک نے وفاقی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر حقائق نامہ جاری کردیا

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے وفاقی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر حقائق نامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہےکہ پانچ اہم قومی،عوامی اور آئینی ایشوزکے حل میں وفاقی حکومت نے دانستہ مجرمانہ رویہ اختیار کیا۔

    پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا سیل کی طرف سے جاری حقائق نامہ میںکہا گیا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد بھی وفاقی حکومت کوئی عملی قدم نہیں اٹھا سکی، اے پی سی میں جن امور پر اتفاق ہو گیا تھا وہ بھی بداعتمادی کا شکار ہوئے۔30 اکتوبر 2013 کو پھانسیوں کی سزا پر عمل درآمد روکنے کا صدارتی آرڈیننس غیر موثر ہونے کے باوجود ایک سال تک پھانسیاں نہ دے کر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ۔

     وزیر اعظم نے بیرونی ممالک کے 14دورے کئے مگر وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں صرف 4 بار شریک ہوئے، یہ بھی کہا گیا کہ پارلیمنٹ کا فلور افواج پاکستان کے خلاف استعمال کیا گیا اور حکومت قومی سلامتی کے ضامن ادارے آئی ایس آئی کے خلاف منفی مہم کا حصہ بنی۔

  • پولیس اہلکاروں کو فوج سے تربیت دلائی جائے ، پاکستان عوامی تحریک

    پولیس اہلکاروں کو فوج سے تربیت دلائی جائے ، پاکستان عوامی تحریک

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے تجویز دی ہے کہ پولیس اہلکاروں کو فوج سے تربیت دلائی جائے جبکہ پراسیکیوشن نظام کوسیاسی اثر سے پاک اور مؤثر بنایا جائے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی کی زیرِ صدارت اجلاس میں صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ پولیس میں بھرتی اور تربیت کا نظام فوج کے سپرد کیا جائے، لیپ ٹاپ، آشیانہ اور پیلی ٹیکسی جیسی سیاسی اسکیموں کا بجٹ سکیورٹی مقاصد پر خرچ کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ پولیس میں اراکین اسمبلی کی سفارشات پر تقرر و تبادلہ کا سلسلہ فی الفور بند کردیا جائے، پراسیکیوشن کا نظام مؤثر بنانے کیلئے قابل وکلاءاور ریٹائرڈ ججز کی خدمات حاصل کی جائیں۔

    انکا کہنا تھا کہ فوری بلدیاتی انتخابات کروا کر یونین کونسل کی سطح پر امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔

  • عوام کا اتحاد قائد اعظم کے پاکستان کو بچائے گا، طاہرالقادری

    عوام کا اتحاد قائد اعظم کے پاکستان کو بچائے گا، طاہرالقادری

    لاہور: ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ قائد اعظم ایسا پاکستان چاہتے تھے جس میں ہرطبقے کو برابر کے حقوق میسر ہوں۔

    قائد اعظم کے یوم پیدائش پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ووٹ کا تقدس پامال نہ ہوتا تو پاکستان میں غربت ،جہالت اور انتہا پسندی نہ ہوتی، ان کا کہنا تھا کہ مقتدر نہیں عوام کا اتحاد قائد کے پاکستان کو بچائے گا، ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم ایسا پاکستان چاہتے تھے جس میں سب کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔

  • قومی جنگ کا اعلان کیا جائے، طاہرالقادری کا آرمی چیف کو خط

    قومی جنگ کا اعلان کیا جائے، طاہرالقادری کا آرمی چیف کو خط

    لاہور: علامہ طاہرالقادری نےدہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تجاویزبذریعہ خط ملک کی عسکری اورسیاسی قیادت کوارسال کردیں۔

     پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاک فوج کے سربراہ کو دہشت گردی کے خاتمے کےلیے تجاویزپرمشتمل خط تحریر کردیا، خط میں کہاگیاہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ کا اعلان کیا جائے۔فوجی عدالتوں کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلایا جائے اور انسداددہشت گردی کی عدالتیں اور تمام فورسز فوج کے ماتحت کی جائیں۔

    ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشت گردوں کو غیر ملکی فنڈنگ بندکرنے اورنئے ناموں سے کام کرنے والی کالعدم تنظیوں پر بھی پابندی عائدکرنے کامطالبہ کیاہے۔ خط کی کاپیاں صدر، وزیراعظم،وزرائے اعلیٰ ،ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی ایم آئی کوبھی ارسال کی گئی ہیں۔

  • عوامی تحریک کے کارکنان کی درخواست ضمانت مسترد

    عوامی تحریک کے کارکنان کی درخواست ضمانت مسترد

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کےدس کارکنان کی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ نے مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا ہے۔

    ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں عابد حسین، وقاص، عبدالرحمٰن اور سید اخلاق سمیت دس ملزمان نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ قائم کیا۔

    ان کا واقعات سے کوئی تعلق نہیں، اس لئے ضمانتیں منظور کی جائیں۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیدیا۔

    پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے خلاف بھیرہ میں دو پولیس اہلکاروں کو قتل اور توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔

  • پی اے ٹی کے زیر اہتمام سانحہ پشاور کی مذمت میں ریلی

    پی اے ٹی کے زیر اہتمام سانحہ پشاور کی مذمت میں ریلی

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں سانحہ پشاور کی مذمت میں ریلیاں نکالی گئیں۔

     ڈاکٹر طاہرالقادری نے آڈیو پیغام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اپنی جنگ تسلیم کرنے اور انتہا پسند تنظیموں کی بیرونی فنڈنگ بند کرنے کا مطالبہ کردیا، لاہور میں احتجاجی ریلی مسجد شہدا سے شروع ہوکر چیرنگ کراس پر اختتام پذیر ہوئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے آڈیو پیغام میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اقدامات تجویز کئے۔

    ریلی سے ڈاکٹر رحیق عباسی نے خطاب میں دہشت گردوں کے ساتھیوں کا خاتمہ بھی ضروری قراردیا،اقلیتی رہنماوں نے بھی سانحہ پشاور کے شہدا سے اظہار یکجہتی کیا، خواتین اور بچے بھی دہشت گردوں کے خلاف جہاد کے لئے پر عزم ہیں، شرکاء ریلی نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دہشت گردی کے خلاف فتاویٰ کو نصا ب تعلیم کا حصہ بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔