Tag: پاکستان فتحیاب

  • پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دیدی

    پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دیدی

    بلاوائیو: پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 57 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

    زمبابوے کی ٹیم 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ایک مرحلے پر 77 رنز رپ زمبابوے کے صرف 2 کھلاڑی آؤٹ تھے، تاہم اوپنر تادیوانشے مارومانی کے رن آؤٹ ہوتے ہیں میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔

    میزبان ٹیم کی آخری 8 وکٹیں صرف 31 رنز کے اضافے سے گریں، کپتان سکندر رضا 39 اور وکٹ کیپر بیٹر مارومانی 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔

    زمبابوے کے 9 بلےباز ڈبل فیگرمیں بھی داخل نہ ہوسکے، پاکستان کی طرف سے سفیان مقیم اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، طیب طاہر کو 39 رنز کی اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    اس سے قبل پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پہلے کھیل کر 4 وکٹوں کے نقصان پر165 رنز بنائے، طیب طاہر نے 25 گیندوں پر 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، محمد عرفان خان نے 15 گیندوں پر جارحانہ 27 رنز  اسکور کیے۔

    گرین شرٹس کی طرف سے عثمان خان نے 30 گیندوں پر 39 رنز بنائے جبکہ اوپنر صائم ایوب نے 18 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

    زمبابوے کی طرف سے سکندر رضا نے 14 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی، مساکاڈزا، ریان برل اور رچرڈ نگارا وا بھی 1،1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

    بلاوائیو میں قومی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا  اور قومی ٹیم نے 5 اوورز ایک وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنائے تھے۔

    پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز صائم ایوب اور عمیر یوسف نے کیا۔ پہلی وکٹ کے لیے 18 کے مجموعی اسکور پر گری جب عمیر یوسف 16 رنز بنا کر نگاروا کی وکٹ بن گئے۔

    کریز پر صائم ایوب 20 اور عثمان خان 13 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

    قبل ازیں ٹاس جیتنے کے بعد سلمان علی آغا نے کہا کہ سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع دیا ہے۔ بڑا ٹوٹل بنانے اور سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

    ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شاہین زمبابوے کے مقابل تاحال نا قابل شکست ہیں۔ دونوں ٹیموں نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور تمام میں گرین شرٹس نے فتح سمیٹی ہے۔

    واضح رہے کہ گرین شرٹس نے رواں دورے میں ہی زمبابوے کو تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں دو، ایک سے شکست دی ہے۔

  • پاکستان نے آئرلینڈ کو گرتے پڑتے شکست دے دی

    پاکستان نے آئرلینڈ کو گرتے پڑتے شکست دے دی

    لاڈرہل: قومی ٹیم نے آئرلینڈ کو گرتے پڑتے شکست دے دی، 107 رنز کا ٹارگٹ بھی پاکستان نے 19ویں اوور میں حاصل کیا۔

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے 36ویں میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کی ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی، پاکستان نے 107 رنز کا ہدف 7 گیند قبل حاصل کیا، بابراعظم 34 گیندوں پر 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔

    صائم ایوب، محمدرضوان اور عباس آفریدی نے 17 ،17 رنز اسکور کیے، شاداب خان ایک بار پھر ناکام رہے اور صفر کی خفت سے دوچار ہوئے۔

    عثمان خان 2، عماد وسیم 4 اور فخر زمان 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں 5 گیندوں پر جارحانہ 13 رنز بنائے اور دو چھکے بھی لگائے، شاہین کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا.

    آئرلینڈ کی جانب سے بیری مک کارتھی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 پاکستانی بیٹرز کو پویلین بھیجا جبکہ کرٹس کیمفر نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

    اس سے قبل آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے رسمی گروپ میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم نے گرین شرٹس کوجیت کے لیے 107 رنز کا ہدف دیا تھا.

    پاکستان کے خلاف آئرلینڈ کی پہلی 6 وکٹیں محض 32 رنز کے اسکور پر گرگئی تھیں، تاہم ٹیل اینڈرز نے عمدہ کوشش کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری اسکور کروائی، گیرتھ ڈیلانی نے آئرلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 33 رنز اسکور کیے، جوش لٹل 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مارک ایڈیر بھی 15 رنز کی اننگز کھیلی۔

    پاکستان کی طرف سے عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

    محمد عامر کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں جبکیہ حارث رؤف ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے، آئرلینڈ نے بیٹرز نے آخری وکٹ کی شراکت میں 26 رنز کا اضافہ کیا۔

    خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    فلوریڈا میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستانی کپتان بابراعظم نے ٹاس جیتا اور پچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی، پاکستانی بولرز نے ان کے اس فیصلے کو درست بھی ثابت کیا۔

    اس میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ عباس آفریدی کو شامل کیا گیا۔

    ٹاس کے موقع پر بابراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے 3 دن سے اس پچ کو ڈھکا ہوا تھا ہمیں آج کا میچ جیتنے کی ضرورت ہے کوشش کریں گے اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں۔

    واضح رہے یہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں، اس لیے میچ کی حیثیت رسمی تھی، مقابلے کے بعد گرین شرٹس فتح کے باوجود خالی ہاتھ وطن واپس لوٹیں گے۔

  • بولرز کی شاندار کارکردگی، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان باآسانی فتحیاب

    بولرز کی شاندار کارکردگی، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان باآسانی فتحیاب

    پاکستانی بولرز کی شاندرار پرفارمنس کے باعث گرین شرٹس نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں باآسانی شکست دےدی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے مات دیدی۔ قومی کرکٹ ٹیم نے 91 رنز کا ہدف 47 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

    پاکستان کی جانب سے ون ڈاؤن آنے والے محمد رضوان 45 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ عرفان خان نیازی 18 اور کپتان بابراعظم 14 رنز بناکر نمایاں رہے۔

    نیوزی لینڈ کی جانب سے بین لیسٹر، بریسویل اور ایش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین شاہ آفریدی کو ان کی شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا.

    دریں اثنا پاکستانی بولرز نے راولپنڈی کی بیٹنگ فرینڈلی پچ پر نیوزی لینڈ کے بیٹرز کی ایک نہ چلنے دی اور پوری ٹیم کو محض 90 رنز پر چلتا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی پیس بیٹری کے آگے کیوی بیٹرز خزاں رسیدہ پتوں کی مانند ڈھیر ہوگئے اور کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور میں 90 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

    قومی ٹیم کے تمام بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، شاہین شاہ آفریدی نے 13 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    چار سال بعد قومی ٹیم کا حصہ بننے والے محمدعامر نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 رنز کے عوض دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ اس کے عالوہ شاداب خان اور ابرار احمد نے بھی 2، 2 شکار کیے۔ نسیم شاہ ایک وکٹ لے سکے۔

    نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپ مین19، کول 15 اور فاکس کرافٹ 13 رنز بنا سکے۔ نیوزی لینڈ کے 7 بلے باز ڈبل فیگرزمیں بھی داخل نہ ہوسکے۔