Tag: پاکستان فٹبال لیگ

  • پاکستان فٹبال لیگ کا اسپینش کلب اٹلیٹیکو میڈرڈ کے ساتھ اشتراک

    پاکستان فٹبال لیگ کا اسپینش کلب اٹلیٹیکو میڈرڈ کے ساتھ اشتراک

    ہسپانوی کلب اٹلیٹیکو میڈرڈ کے ارکان پاکستان فٹبال لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے کے حوالے سے کافی پُرجوش ہیں۔

    اٹلیٹیکو میڈرڈ اکیڈمی کے منیجر ایڈولفو گریرو گنتھر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پی ایف ایل کی افتتاحی تقریب میں مدعو کیے جانے اور دوبارہ پاکستان آنے پر کافی خوش ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بہترین مارکیٹ اور یہاں کافی مواقع موجود ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اکیڈمی پروگرامز کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف امکانات سے فائدہ اٹھائیں۔

    پاکستان فٹ بال لیگ کے سلسلے میں تقریب رونمائی اگلے ماہ 4 جون 2024 کو لاہور میں منعقد ہوگی، بعدازاں مختلف شہروں میں اس سلسلے میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

    ان تقاریب میں مشہور شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا، اس کے بعد برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر 5 جون کو کراچی میں اس سلسلے میں تقریب کی میزبانی کریں گے۔

    اس سے قبل اٹلیٹیکو میڈرڈ نے اپنے اسٹریٹجک بین الاقوامی منصوبے کے تحت 2016 سے 2020 کے دوران لاہور میں اپنے انٹرنیشنل اکیڈمی پروجیکٹ کا بھی انعقاد کیا تھا۔

    خیال رہے کہ پاکستان فٹ بال لیگ کی شروعات 4 جون کو لاہور میں ہونے جارہی ہے جبکہ انگلش فٹ بال لیجنڈ مائیکل اوون کو لیگ کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

    مائیکل اوون پی ایف ایل کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے، ان کے علاوہ تقریباً 25 غیرملکی مہمانوں کا وفد بھی شامل ہے جس میں مائیک فرنان، ڈیوڈ گومز، لوئس میگوئل اور مائیک ایلیسن جیسی شخصیات بھی موجود ہونگی۔

  • سابق مشہور برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد

    سابق مشہور برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد

    کراچی: سابق برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر نامزد کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکل اوون پاکستان فٹ بال لیگ کے لیے خدمات فراہم کریں گے، مائیکل اوون نے پی ایف ایل کے ساتھ 3 سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے۔

    41 سالہ مائیکل اوون انگلش پریمیئر لیگ، ریئل میڈرڈ، لیورپول ایف سی کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ انگلش پریمیئر لیگ کے کم عمر ترین 100 گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز رکھتے ہیں۔

    مائیکل اوون نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے بھی خدمات انجام دیں، اور انگلش پریمیئر لیگ کے 10 سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شمار ہوئے۔

    مائیکل اوون اب پی ایف ایل کے لیے کام کریں گے، انھوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال کے با صلاحیت کھلاڑیوں کی جنت ہے، میں پاکستان فٹ بال لیگ کے لیے کام کرنا اعزاز سمجھتا ہوں۔

    سابق انگلش فٹبال پلیئر نے کہا پاکستان میں فٹ بال کو جدید خطوط پر استوار کرنا میرا مشن ہوگا۔

    سی ای او گلوبل سوکر وینچرز زیب خان نے کہا کہ مائیکل اوون کا پاکستان آنا قوم کے لیے ایک اعزاز ہے، مائیکل فٹ بالرز کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں موڑنے کا ہنر جانتے ہیں۔

    انھوں نے کہا بہت جلد پاکستان فٹ بال لیگ کی فرنچائز کی تقریب رونمائی ہوگی، اور فرنچائز مالکان کا بھی بہت جلد اعلان ہوگا۔