Tag: پاکستان قرضہ

  • پاکستان نے 11 ماہ میں 13 ارب 53 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرضہ لیا

    پاکستان نے 11 ماہ میں 13 ارب 53 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرضہ لیا

    اسلام آباد: پاکستان نے رواں مالی سال کے 11 ماہ میں 13 ارب 53 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرضہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت اقتصادی امور نے بیرونی قرضوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے 11 ماہ میں 14 ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرضے کا تخمینہ تھا، پاکستان نے 13 ارب 53 کروڑ ڈالر سے زائد کا قرضہ لیا۔

    رپورٹ کے مطابق مئی میں پاکستان نے 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کیا، جب کہ مئی میں کمرشل بینکوں سے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا، اور بیرونی قرضوں میں 4 ارب 25 کروڑ ڈالر سے زائد کے قرضے لیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 2 ارب 62 کروڑ ڈالر سے زائد کے قرض لیےگئے، 11 ماہ میں 59 کروڑ 33 لاکھ ڈالر سے زائد کے دوطرفہ قرضے لیے گئے۔

    بانڈز کے اجرا سے 2 ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ حاصل کیا گیا، اور سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مد میں حاصل کیے گئے۔

  • پی ٹی آئی حکومت کو پانچ سال میں 37 ارب 63 کروڑ ڈالرز کی غیر ملکی ادائیگیاں کرنا ہوں گی

    پی ٹی آئی حکومت کو پانچ سال میں 37 ارب 63 کروڑ ڈالرز کی غیر ملکی ادائیگیاں کرنا ہوں گی

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کو پانچ سال کے دوران 37 ارب 63 کروڑ ڈالرز کی غیر ملکی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اگلے 5 سال میں پی ٹی آئی حکومت کو 31 ارب ڈالرز قرض جب کہ 6 ارب 60 کروڑ سود ادا کرنا ہوگا۔

    رواں مالی سال کی ادائیگیاں 7 ارب ڈالرز سے زائد کی ہیں، حکومت نے رواں سال کے دوران ایک ارب 48 کروڑ ڈالرز سود کی مد میں ادا کرنے ہیں۔

    آئندہ مالی سال 8 ارب اور سال 2020 – 2021 میں 7 ارب 45 کروڑ ڈالرز سے زائد قرض ادا کرنا ہے، جب کہ مالی سال 2021-22 میں 6 ارب 45 کروڑ ڈالرز قرض ادا کرنا ہوگا، اسی طرح مالی سال 2022-23 میں 6 ارب 49 کروڑ ڈالرز کی ادائیگی کرنا ہوگی۔

    ذرایع کے مطابق اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کو بھی تفصیلی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ستمبر تا دسمبر 2018 کے درمیانی عرصے میں 746 ارب روپے کا اندرونی قرضہ حاصل کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں حکومت نے 2 ارب 31 کروڑ ڈالر کا قرضہ لیا

    موجودہ حکومت نے ان تین ماہ کے دوران 1313 ملین ڈالرز کا بیرونی قرضہ بھی لیا۔

    خیال رہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں دو ارب اکتیس کروڑ ڈالر بیرونی قرضوں کی مد میں حاصل کیے، یہ حجم گزشتہ مالی سال سے ساٹھ فی صد کم ہے، گزشتہ سال 1 ارب 16 کروڑ ڈالر قرضہ لیا گیا تھا۔

  • آئی ایم ایف مشن چیف کا 2 روزہ دورہ مکمل، اعلامیہ جاری

    آئی ایم ایف مشن چیف کا 2 روزہ دورہ مکمل، اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشن چیف ارنسٹو ریمیریز ریگو کا دو روزہ پاکستان کا دورہ مکمل ہو گیا، اس دوران آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پروگرام پر پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف ارنسٹو ریمیریز ریگو کا 2 روزہ دورہ مکمل ہو گیا، دورے کی تکمیل پر آئی ایم ایف کی طرف سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر پاکستانی حکام سے مذاکرات جار ی ہیں، آئی ایم ایف مشن چیف نے خزانہ، ریونیو اور تجارت کے وزرا سے ملاقاتیں کیں۔

    اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیر توانائی عمر ایوب خان اور گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔ مشن چیف نے سیکریٹری خزانہ، ایف بی آر چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئی ایم ایف مشن چیف پاکستانی معیشت میں جلد بہتری کے لیے پرامید

    آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور پاکستان کو در پیش چیلنجز پر مذاکرات ہوئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر آئے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) مشن چیف ارنسٹو ریمریز نے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات کی، مشن چیف نے ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں جلد بہتری کے لیے امید ظاہر کی۔

    عالمی ریٹنگز ایجنسی فیچ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ اور پاکستان میں معاہدہ جلد متوقع ہے اور پلان کا حجم گزشتہ پلان سے دگنا ہوگا، آئی ایم ایف پاکستان کو 12 ارب ڈالر دے گا۔