Tag: پاکستان مخالف تقریر

  • پاکستان مخالف تقریر،وزات داخلہ کا برطانیہ سے باضابطہ رابطہ

    پاکستان مخالف تقریر،وزات داخلہ کا برطانیہ سے باضابطہ رابطہ

    اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی پریس کلب پر موجود کارکنان سے پاکستان مخالف تقریر پر وزارت داخلہ نے باضابطہ طور پر حکومت پاکستان سے رابطہ کرلیا اور الطاف حسین کے خلاف اشتعال انگیزی و بغاوت کے مقدمات درج کرانے کا مطالبہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے لندن احمد علی سید کے مطابق الطاف حسین کے خلاف پاکستان میں اشتعال انگیزی، بغاوت اور انتشار پھیلانے کے جرم کے حوالے سے قائد ایم کیو ایم کی گزشتہ روز کی تقریر کا متن برطانوی حکام کو بطور ثبوت پیش کیا جائےگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزارت داخلہ نے ایم کیو ایم قائد کی گزشتہ روز کی تقریر سے برطانیہ کو آگاہ کیا اور اب متن پیش کیا جائےگا۔

    برطانوی حکومت الطاف حسین کی تقریر کے متن کا جائزہ لے کر حکومت پاکستان کی جانب سے عائد کردہ الزامات کے درست ہونے یانہ ہونے کا فیصلہ کرے گی۔

    اس حوالے سے لندن پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال تقریر کے متن کا جائزہ لیا جارہا ہے، جرم کے شواہد ملے تو کرائون پراسیکیوشن سے مشاورت کریں‌ گے۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر، وطن مخالف نعروں اور میڈیا ہائوسز پر حملوں کے لیے کارکنان کو اکسانے کے الزامات ہیں۔

  • پاکستان مخالف ایک ایک لفظ کا حساب دینا ہوگا، نواز شریف، آج اجلاس طلب

    پاکستان مخالف ایک ایک لفظ کا حساب دینا ہوگا، نواز شریف، آج اجلاس طلب

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے قوم کے جذبات مجروح ہوئے، پاکستان مخالف ادا کیے گئے ایک ایک الفظ کا حساب دینا ہوگا، وزیراعظم نے اس حوالے سے آج اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھنے، ایم کیو ایم کی سرگرمیوں پر پابندی اور الطاف حسین کے خلاف کارروائی کے لیے برطانوی حکومت سے رابطوں کے معاملات زیر بحث آئیں گے، اجلاس میں اعلیٰ سول اور فوجی قیادت کی شرکت متوقع ہے۔

    دریں اثنا وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ ہم اپنے گھر کی حفاظت کرنا جانتے ہیں،کراچی میں پاکستان مخالف بیانات سے مجھ سمیت ہر پاکستانی کو ٹھیس پہنچی، پاکستان کی مخالفت میں آئے ہوئے ایک ایک لفظ کا حساب لیں گے۔

    وزیر خزانہ اسحق ڈار نے پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہائوسز پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کاعندیہ دیا ہے۔

    وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھی پاکستان مخالف بیان اور میڈیا ہائوسز پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

    پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے میڈیا ہائوسز پر حملوں کی مذمت میں اجلاس طلب کرلیا جس میں حکومت سے تحفظ کی فراہمی کااور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جائےگا۔

  • پاکستان مخالف تقریر، متحدہ میں بغاوت، کئی رہنما منحرف

    پاکستان مخالف تقریر، متحدہ میں بغاوت، کئی رہنما منحرف

    کراچی:ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے ڈرافٹ کی تیاری شروع کردی گئی،پاکستان مخالف نعروں پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما منحرف نظر آنے لگے۔

    قومی موومنٹ کے سابق وفاقی وزیر اور اہم رہنما بابر غوری نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ان کے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔

    ایم کیو ایم رہنما رشید گوڈیل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ صرف اور صرف ایک پاکستان پریقین رکھتا ہوں اور پاکستان سے پہلے کچھ نہیں۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ممبر غازی صلاح الدین نے ذمہ داری اور  ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے استعفی دے دیا۔

    ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ٹوئٹ کیا ہے کہ پاکستان زندہ باد ہے اور زندہ باد ہی رہے گا۔

    متحدہ کے سینیٹر طاہر مشہدی نےٹوئٹ کیا ہےکہ مجھے پاکستان کی خدمت کرنے پر فخر ہے اور میں پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دوں گا۔ ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے بھی اپنے ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

    ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی خالد بن ولایت نے اسمبلی کی رکنیت اور ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیے دیا اور انہوں نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ خالد بن ولایت اب ایم کیو ایم کا حصہ نہیں رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف کی گئی زہر فشانی کو کسی بھی طرح درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    قبل ازیں ارم عظیم فاروقی مستعفی ہونے کا اعلان کرچکی ہیں اب رشید گوڈیل نے بھی کہا ہے کہ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگارہا ہوں اور میرے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ یہ بات انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہی۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے متعدد عہدے دار اور کارکنان پاک سرزمین پارٹی کے دفتر پہنچ گئے اور اس میں‌ شمولیت کی خواہش ظاہر کردی، نارتھ کراچی کے سیکٹر انچارج رشید حمید پی ایس پی میں شامل ہوگئے اور پی ایس پی کے دفتر پہنچ گئے۔


     ایم کیو ایم چھوڑنے والوں‌ کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ


    اطلاعات ہیں کہ ایم کیو ایم سے لاتعلقی کا اعلان کرنے والے رہنمائوں سے حکومت نرمی برتے گی اور ان کے خلاف مقدمات درج نہیں کیے جائیں گے جبکہ بدستور ایم کیو ایم میں رہنے والے رہنمائوں کے خلاف بغاوت کے مقدمات درج کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے رہنمائوں اور کارکنان کی فہرست مرتب کرلی ہے، ایف آئی آر کا ڈرافٹ تیار کرلیا ہے، جلد مقدمہ درج کرلیا جائےگا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کیمپ میں بیٹھے افراد پر پاکستان مخالف تقریر میں معاونت کی دفعات عائد کی جائیں گی۔