Tag: پاکستان مسلم لیگ ن

  • میں نے جو بھی کیا پاکستان اور ٹیکس قوانین کے مطابق کیا: حمزہ شہباز

    میں نے جو بھی کیا پاکستان اور ٹیکس قوانین کے مطابق کیا: حمزہ شہباز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ انھوں نے جو بھی کیا وہ پاکستان اور ٹیکس قوانین کے مطابق کیا، ٹی ٹی سے جس دور میں پیسا آیا، اس وقت وہ عوامی نمائندے نہیں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ان پر الزامات اربوں روپے کے لگائے گئے لیکن نیب نے صرف اٹھارہ کروڑ کا پوچھا۔

    انھوں نے کہا ’ایک طرف فواد چوہدری اور شہزاد اکبر 85 ارب کی بات کرتے ہیں، وزارت داخلہ نے 33 ارب کی کرپشن کا الزام لگایا، جب کہ نیب نے مجھ سے صرف 18 کروڑ کا سوال کیا ہے۔‘

    حمزہ شہباز نے مزید کہا ’2005 سے 2008 تک مجھے ٹی ٹی کے ذریعے پیسا آیا ہے، اس دور میں میں عوامی نمائندہ نہیں تھا، پبلک آفس ہولڈر نہیں تھا تو کس بات کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کی۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  آمدن سےزائداثاثہ جات کیس : حمزہ شہباز نیب میں پیش

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ ان کے خلاف روز پریس کانفرنس ہوتی ہے اور الزامات لگائے جاتے ہیں، لیکن منی لانڈرنگ اور کرپشن ثابت نہ ہوئی تو عمران خان کو معافی مانگنا پڑے گی، شہباز شریف پر آشیانہ، صاف پانی کیس پر الزامات لگائے گئے، فیصلہ آیا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انھیں پرویز مشرف کے دور میں اغوا کر کے گروی رکھا گیا تھا، پاکستان سے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں تھی، مشرف کا دور تھا اور میں اکیلا یہاں موجود تھا، نیب 6،6 گھنٹے بلا کر بٹھاتا تھا۔

    حمزہ شہباز نے ہزار گنجی میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں، پشاور میں اے ایس آئی کی شہادت پر افسوس ہوا۔

    انھوں نے کہا ’مہنگائی کا سونامی ریڑھی والے کو گھیرنے والا ہے، معاشی دیوالیہ نکالا جا رہا ہے، ابھی پتا چل رہا ہے کہ 80 فی صد گیس مہنگی ہونے والی ہے، میری پیشیوں سے معاشی حالات بہتر ہو جائیں تو روز بلائیں۔‘

  • نیب نے حمزہ شہباز کے الزامات مسترد کر دیے، حمزہ کو بھیجا گیا نوٹس بھی منظر عام پر آگیا

    نیب نے حمزہ شہباز کے الزامات مسترد کر دیے، حمزہ کو بھیجا گیا نوٹس بھی منظر عام پر آگیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے لیگی رہنما حمزہ شہباز کے تمام الزامات مسترد کر دیے، ترجمان نیب نے کہا کہ حمزہ شہباز کے الزامات کی تردید اور مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان نیب نے کہا کہ ڈی جی نیب لاہور نے اپنی ڈگری سے متعلق کبھی حمزہ شہباز سے بات نہیں کی، حمزہ شہباز کے تمام الزامات من گھڑت ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کے الزامات کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے، حمزہ اور فیملی ممبران کے خلاف منی لانڈرنگ کے ٹھوس ثبوت ملے ہیں، نیب پر حکومت کا کوئی دباؤ نہیں، نیب خود مختار ادارہ ہے۔

    نیب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کے اکاؤنٹس میں رقم مبینہ منی لانڈرنگ سے منتقل ہوئی، اس حوالے سے اسٹیٹ بینک نے شکایت کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز نیب پر برس پڑے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا

    دوسری طرف نیب کا حمزہ شہباز کو بھجوایا گیا نوٹس بھی منظر عام پر آ گیا ہے، نیب نے حمزہ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 16 تاریخ کو طلب کر رکھا ہے۔

    حمزہ شہباز سے مجموعی طور پر 8 سوالات پوچھے گئے، مراسلے میں کہا گیا کہ والدہ کی جانب سے وصول ہونے والی فارن کرنسی کا ریکارڈ پیش کریں، سالانہ بنیادوں پر کی جانے والی انویسٹمنٹ کا ریکارڈ بھی پیش کریں۔

    نوٹس مراسلے میں حمزہ شہباز سے کہا گیا ہے کہ 2006 سے 2008 تک ٹیکس ریٹرن نہ جمع کرانے کا ریکارڈ پیش کریں، اور 2005 سے 2017 کے دوران اثاثوں میں کئی گنا اضافے پر بھی تفصیلات پیش کریں۔

    نوٹس کے مطابق حمزہ شہباز سے نیب کی جانب سے 2005 سے اب تک ملنے والے تحائف کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

  • حمزہ شہباز نیب پر برس پڑے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا

    حمزہ شہباز نیب پر برس پڑے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نیب پر برس پڑے، کہا کل تین گھنٹے نیب دفتر میں بیٹھ کر آیا ہوں، اب پھر بلایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’کل تین گھنٹے نیب میں بیٹھ کر آیا ہوں، اب پھر بلایا جا رہا ہے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا گیا، کیا مہذب معاشرے میں ماں بیٹیوں کو نوٹس بھیجے جاتے ہیں۔‘

    حمزہ شہباز نے کہا ’نیب نے عدالت میں کہا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری اتنی ضروری نہیں، وہ تعاون کر رہے ہیں۔‘

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک کال اپ نوٹس کی سیاہی خشک نہیں ہوئی اور اب ان کی بہنوں رابعہ اور جویریہ کو بھی نوٹس بھیج دیا گیا ہے، شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور گرفتار آشیانہ اسکینڈل میں کیا گیا، کہتے تھے شہباز شریف کرپٹ ہیں، کہاں گئیں وہ 56 کمپنیاں، ان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوا، اثاثوں سے زائد آمدن کا کیس پرانا ہے، اچانک اتنی تیزی کیوں آئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اثاثہ جات کیس : نیب نے شہباز شریف کے پورے خاندان کو بیان کیلئے طلب کر لیا

    حمزہ شہباز نے کہا ’ڈی جی نیب لاہور نے کہا آپ نے ضمانت کی درخواست کیوں دی، ہم تو آپ کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے، آپ حکومت سیٹلمنٹ کرلیں، آپ کو بار بار بلانا اچھا نہیں لگتا، حکومت سے ڈیل کیوں نہیں کر لیتے۔‘

    انھوں نے کہا کہ مجھ پر85 ارب کی کرپشن کا الزام لگایا گیا، میں نےایک ایک پائی کا حساب دیا، سب کچھ ڈکلیئر کیا، نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑایا جاتا ہے، عدالتوں سے گزارش ہے کہ مجھے اور نیب کو ایک ساتھ بلائیں، ہمارے ساتھ بد سلوکی ہو رہی ہے۔

    واضح رہے کہ نیب اہل کار نوٹس وصولی کے لیے شہباز شریف کی بیٹی کے گھر گئے، جس پر نون لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے غلط بیانی کرتے ہوئے میڈیا کو گمراہ کیا، انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بیٹی کے گھر پر چھاپا مارا گیا اور پولیس نے محاصرہ کر لیا ہے، جب کہ حقیقت اس کے برعکس نکلی۔

  • کراچی: ارشاد رانجھانی قتل کیس، حتمی چالان میں ایمبولینس ڈرائیور کا سنسنی خیز انکشاف

    کراچی: ارشاد رانجھانی قتل کیس، حتمی چالان میں ایمبولینس ڈرائیور کا سنسنی خیز انکشاف

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے بھینس کالونی میں سندھی قوم پرست پارٹی کے مقامی رہنما ارشاد رانجھانی قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے حتمی چالان عدالت میں جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق 6 فروری کو بھینس کالونی کراچی میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے یوسی چیئرمین رحیم شاہ کے ہاتھوں قتل ارشاد رانجھانی سے متعلق حتمی چالان پولیس نے عدالت میں جمع کر دی۔

    چالان میں ایمبولینس ڈارئیور نے انکشاف کیا ہے کہ ارشاد رانجھانی کو اسپتال منتقلی کے دوران ملزم نے دوبارہ گولیاں ماریں، ارشاد رانجھانی کو زخمی حالت میں جائے وقوعہ سے تھانےمنتقل کیا تھا۔

    چالان کے متن میں ڈرائیور کا بیان ہے کہ 15،20 منٹ بعد تھانے سے انسپکٹر علی گوہر کے ہم راہ اسپتال روانہ ہوا، ملزم رحیم شاہ نے موٹر سائیکل پر ایمبولینس کے آگے آ کر رکنے کا کہا، رحیم شاہ نیچے اترا ہاتھ میں پستول تھا، سب کو آگے دیکھنے کا کہا، پھر اہل کار سے کچھ بات کی، اچانک ایمبولینس کا پچھلا دروازہ کھولنے کی آواز آئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ارشاد رانجھانی قتل کیس میں پولیس بھی ملوث ہے: وزیرِ اعلیٰ سندھ

    ڈرائیور کے بیان کے مطابق دروازہ کھلنے کے بعد ایک فائر ہوا جس سے زخمی شخص کی چیخ سنائی دی، اہل کار نے مجھ کو کہا چپ رہو اور ایمبولینس اسپتال لے کر چلو، رحیم شاہ موٹر سائیکل سوار کے ساتھ بیٹھ کر روانہ ہو گیا، مقتول کو جناح اسپتال پہنچایا تو اس کا انتقال ہو چکا تھا۔

    چالان کے مطابق ڈرائیور نے کہا کہ رحیم شاہ کے خوف سے پہلے حقیقت نہیں بتائی تھی اب بتا رہا ہوں۔

    دوسری طرف محکمہ پراسیکیوشن نے پولیس کی تفتیش کے پول کھول دیے، پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ تفتیشی افسر نے پیٹی بھائیوں کو بچانے کی کوشش کی اور مقدمے کی تفتیش درست انداز میں نہیں کی۔

  • حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے ثبوت حاصل کر لیے

    حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے ثبوت حاصل کر لیے

    لاہور: قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شبہاز کی منی لانڈرنگ کے طریقے کے حوالے سے ثبوت حاصل کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے اس کے ثبوت حاصل کر لیے ہیں، حمزہ شہباز کو نا معلوم افراد کی جانب سے لاکھوں ڈالرز کی رقم بھیجی گئی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ 26 جون 2007 کو 1 لاکھ 65 ہزار 980 ڈالرز کی رقم سرکلر روڈ لاہور بھیجی گئی، رقم محبوب علی نامی شخص کی ہدایت پر ٹی ٹی ٹرانسفر کے ذریعے بھیجی گئی، محبوب علی نامی شخص نے رقم سرمایہ کاری کی غرض سے بھیجی تھی۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ محبوب علی نامی شخص کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے، محبوب علی نے کبھی برطانیہ کا سفر بھی نہیں کیا، اس نے آج تک کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز کی گرفتاری روکنے کا عدالتی حکم، نیب ٹیم واپس روانہ

    ذرایع نے مزید بتایا کہ 25 جولائی 2007 کو ایک لاکھ 67 ہزار 980 ڈالرز کی رقم لاہور میں سرکلر روڈ پر نجی بینک کی برانچ میں بھیجی گئی، دستاویز کے مطابق رقم منظور احمد نامی شخص کی ہدایت پر ایچ ایس بی سی کے ذریعے کے ایس منی ٹرانسفر سے بھیجی گئی۔

    دستاویز کے مطاق منظور احمد نے رقم سرمایہ کاری کی غرض سے بھیجی، منظور احمد کے پاس بھی پاسپورٹ نہیں ہے، کبھی برطانیہ کا سفر بھی نہیں کیا، آج تک کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔

    خیال رہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں کل احتساب عدالت کے حکم پر ان کی گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپا مارا گیا لیکن نیب کو ناکامی ہوئی، آج پھر ان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا لیکن وہ گھر سے باہر نہ نکلے، بعد ازاں، لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو پیر تک حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا اور کہا حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کیا جائے، حفاظتی ضمانت کی درخواست پر پیر کو سماعت ہوگی۔

  • اپریل میں مزید مہنگائی کا خدشہ ہے، مفتاح اسماعیل: خوشی سے مہنگائی نہیں کر رہے، عثمان ڈار

    اپریل میں مزید مہنگائی کا خدشہ ہے، مفتاح اسماعیل: خوشی سے مہنگائی نہیں کر رہے، عثمان ڈار

    لاہور: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، میرا خیال ہے مہنگائی آگے جا کر اور بڑھے گی، خدشہ ہے اپریل میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ڈالر کو آہستہ آہستہ اوپر لے کر جاتے تو بہتر ہوتا، حکومت نے اسٹیٹ بینک سے بہت پیسے لیے، ڈالر کی قیمت میں اضافے اور پیسا چھاپنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں بھی بہت زیادہ اضافہ کیا گیا ہے، ن لیگ نے صنعتوں کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھائی تھیں، عام عوام کے لیے نہیں، قیمتیں بڑھانا حکومت کی بڑی غلطی ہے، گیس کی قیمتیں 10 سے 20 فی صد بڑھا دینے سے کوئی حرج نہیں ہوتا، لیکن 140 فی صد اضافے سے درآمدات میں کمی ہوئی۔

    مفتاح اسماعیل نے مشورہ دیا کہ حکومت کو نیوٹرل معاشی ماہرین رکھ لینے چاہئیں، آئی ایم ایف کے پاس پہلے ہی چلے جاتے تو دوست ممالک سے پیسے لینے کی ضرورت نہ ہوتی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کوئی شک نہیں مہنگائی ہوئی ہے، لیکن یہ فیصلہ بوجھل دل کے ساتھ کیا گیا ہے، حکومت خوشی سے مہنگائی نہیں کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوا ہے، ن لیگ نے گزشتہ 5 سال مصنوعی طور پر معیشت کو چلایا، قرضے لے کر مہنگے منصوبے کرتی رہی۔

    عثمان ڈار نے پی ٹی آئی حکومت کے عزم کو دہرایا کہ قوم کو مشکل حالات سے ضرور نکالیں گے، اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ آئیں اور چارٹر آف معیشت بنائیں۔

  • نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی، نیب کی ضمانت دینے کی مخالفت

    نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی، نیب کی ضمانت دینے کی مخالفت

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل کے قیدی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی، نیب نے نواز شریف کو ضمانت دینے کی مخالفت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی ضمانت کی درخواست پر آج سماعت ہوگی، قومی احتساب بیورو کا مؤقف ہے کہ نواز شریف کو ایسا کوئی عارضہ لا حق نہیں ہے جس سے ان کی جان کو خطرہ ہو۔

    نیب کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف بیماری کے بہانے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، نیب ٹیم نے عدالت میں پیش کرنے کے لیے جواب تیار کر لیا ہے۔

    دوسری طرف وزیر صحت پنجاب نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کہا کہ گردوں سے متعلق نواز شریف کی رپورٹ نارمل ہے، رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تاہم رہنما ن لیگ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جیل میں بیٹھا شخص لیب رپورٹ کیسے تبدیل کر سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    دوسری طرف نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے کہا ہے کہ آج نواز شریف کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ہے، سابق وزیر اعظم کے سپورٹرز اور چاہنے والوں سے دعا کی اپیل ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دل سے نکلی دعا کو کم تر نہیں سمجھنا چاہیے، دعا کر کے ہی نواز شریف کے لیے کچھ کیا جا سکتا ہے، جب نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل لایا گیا تو ان سے ملنے گئی، والد سے کہا آپ کی طبیعت اڈیالہ جیل سے بہتر لگ رہی ہے۔

    مریم نواز نے کہا ’والد نے کہا کہ ہاں یہاں تم نہیں جس کی فکر کرتا رہوں، نواز شریف نے کہا وہ خود اذیت میں رہ سکتے ہیں پر مجھے اذیت میں نہیں دیکھ سکتے۔‘

  • نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے، ان کی خرابیٔ صحت پر ہم سب اللہ سے دعا گو ہیں کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اسپیشل بچوں کی پینٹنگ نمائش دیکھنے کے لیے الحمرا آمد کے موقع پر انھوں نے کہا کہ نواز شریف کیس کی کل سماعت ہے، ہم دعا گو ہیں اللہ بہتر کرے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں زندگی میں ہمت نہیں ہارنی چاہیے، حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں مقابلہ کرنا چاہیے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، میری بیٹی عائشہ آٹزم سے متاثرہ بچوں کا اسکول چلا رہی ہے، اتنا اچھا کام کرنے پر بیٹی عائشہ پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نوازشریف کی رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، ڈاکٹر یاسمین راشد

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیلنجز کا مقابلہ بہادری کے ساتھ کرنا چاہیے، خیال رہے کہ اس وقت خود شریف برادران کو نیب کی جانب سے مختلف کرپشن کیسز میں مقدمات کا سامنا ہے اور دونوں کو قید بھی بھگتنی پڑ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی عائشہ ہارون اسپیشل بچوں کے اسکول کی بانی ہیں۔

    خیال رہے کہ آج وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے، گردوں سے متعلق ان کی رپورٹس نارمل ہیں، کوئی خطرے کی بات نہیں۔

  • حکومتی پالیسیوں سے اختلاف ہے لیکن بھارت کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے: احسن اقبال

    حکومتی پالیسیوں سے اختلاف ہے لیکن بھارت کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے: احسن اقبال

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت سے کہتا ہوں ہمارا حکومت سے سیاسی، معاشی پالیسیوں پر شدید اختلاف ہے لیکن اس نے میلی نظر ڈالنے کی کوشش کی تو قوم سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی۔

    احسن اقبال قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے اور راستہ بھی روکیں گے۔

    [bs-quote quote=”بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو ن لیگ کے دور میں پکڑا گیا، جاسوس پکڑے جانے پر بھارت نے واویلا مچا کر آسمان سر پر اٹھایا۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”احسن اقبال”][/bs-quote]

    سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ فنانس بل کو ٹی 20 نہیں بلکہ ٹی 5 فارمیٹ پر کھیلا جا رہا ہے، دو چار تقریروں میں فنانس بل پر بحث سمیٹنے پر اعتراض ہے، فنانس بل پر بحث مزید دو سے 3 دن تک جاری رہنی چاہیے۔

    احسن اقبال نے اجلاس میں کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو ن لیگ کے دور میں پکڑا گیا، جاسوس پکڑے جانے پر بھارت نے واویلا مچا کر آسمان سر پر اٹھایا لیکن ن لیگ حکومت نے اسے نہیں چھوڑا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ مینار پاکستان کے سائے تلے واجپائی نے پاکستان کو تسلیم کیا، کہا گیا نواز شریف نے واجپائی سے دوستی کر لی ہے، مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے اعلان لاہور پر نواز شریف نے دستخط کیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر دھول جم چکی ہے: بلاول بھٹو زرداری

    احسن اقبال نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے طنز کیا کہ پرائمری کا بچہ اگر کہے کہ قرضوں کا پتا نہیں تو کوئی بات نہیں۔ جس پر اسپیکر اسد قیصر نے فوراً کہا کہ لفظ پرائمری کا بچہ حذف کر رہا ہوں، یہ غیر پارلیمانی لفظ ہے، تاہم احسن اقبال نے کہا جناب اسپیکر ثابت کریں لفظ پرائمری کا بچہ غیر پارلیمانی ہے۔

  • نواز شریف کو مسلسل انجائنا کی تکلیف ہے، سنجیدگی نہیں دکھائی جا رہی: احسن اقبال

    نواز شریف کو مسلسل انجائنا کی تکلیف ہے، سنجیدگی نہیں دکھائی جا رہی: احسن اقبال

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف مسلسل انجائنا کی تکلیف میں مبتلا ہیں، حکومت کی جانب سے ان کے علاج کے سلسلے میں سنجیدگی نہیں دکھائی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں کئی مرتبہ انجائنا کی تکلیف اٹھی، جس کے باعث انھیں جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا جا رہا ہے۔

    سابق وزیرِ اعظم کی صاحب زادی مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کو گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 4 بار انجائنا کا درد اٹھا مگر حکومت انھیں کوئی طبی امداد فراہم نہیں کر رہی۔

    سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے حکومت پر تنقید کی ہے کہ حکومت نواز شریف کی صحت سے کھیل رہی ہے، نواز شریف کو مسلسل انجائنا کی تکلیف ہے لیکن حکومت کی جانب سے سنجیدگی نہیں دکھائی جا رہی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف نے جیل سے اسپتال جانے سے انکار کر دیا: ذرائع

    رہنما ن لیگ نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کو انتقامی پالیسی کے تحت نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نوازشریف کو ایک ہفتے میں چار بار درد اٹھا، حکومت طبی سہولیات نہیں دے رہی، مریم

    دوسری طرف جب کہ حکومت نواز شریف کو دل کے علاج کے لیے اسپتال منتقل کر رہی ہے، ایسے میں نواز شریف نے اسپتال جانے سے انکار کر دیا ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی نواز شریف کی فوری اسپتال منتقلی کی ہدایت کی تھی۔