Tag: پاکستان مسلم لیگ ن

  • پاکستان مسلم لیگ (ن)  کی 33 رکنی منشور کمیٹی کا اعلان

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کی 33 رکنی منشور کمیٹی کا اعلان

    لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 33رکنی منشور کمیٹی کا اعلان کر دیا اور سینیٹر عرفان صدیقی کو کمیٹی کاچیئرمین مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 33رکنی منشور کمیٹی کا اعلان کر دیا، جس کے بعد شہباز شریف کی منظوری سے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ منشور کمیٹی کا چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی کو بنایا گیا ہے جبکہ احسن اقبال، پرویز رشید، سعد رفیق، اعظم نذیرتارڑ اور خرم دستگیر کمیٹی رکن مقرر کئے گئے۔

    اس کے علاوہ رانا افضل، راؤاجمل،ریاض الحق،مصدق ملک، ظفر اللہ ، طارق فضل،پیرصابرشاہ،اختیارولی،کھیل داس کوہستانی،بشیرمیمن ،راحیلہ درانی،عظمیٰ بخاری ،ناصر محمود،کامران مائیکل،نزہت صادق، رانا مشہود منشور کمیٹی میں شامل ہیں۔

    حافظ حفیظ الرحمان،شاہ غلام قادر ،افنان اللہ خان،بیرسٹرامجد ملک، سلمہ بٹ ، عاشق کرمانی، راحیلہ خادم حسین، رانا سکندر حیات ، مریم اورنگزیب، بلال اظہر کیانی، علی پرویز ملک ،شزا فاطمہ خواجہ بھی منشورکمیٹی کا حصہ ہیں۔

  • ن لیگ کا سافٹ ویئراپ ڈیٹ ہوگیا ہے، فیصل واوڈا

    ن لیگ کا سافٹ ویئراپ ڈیٹ ہوگیا ہے، فیصل واوڈا

    فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ن لیگ کا سافٹ ویئراپ ڈیٹ ہوگیا ہے، مریم نوازکے جلسے میں 500 لوگ بھی نہیں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوچکا ہے۔ چیف آرگنائزر مریم نوازکے جلسے میں 500 لوگ نہیں تھے5 لاکھ لوگ مینار پاکستان کیسے آئیں گے۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو واپس نہیں آنا چاہیے۔ 21 اکتوبر کو نوازشریف واپس آرہے ہیں اور23 کو ارشد شریف کی برسی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ وہ ہونے والا ہے جس کے بعد یہ سیاست سے توبہ کریں گے۔ ن لیگ کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ نوازشریف واپس آکر جیل چلے جائیں۔

    فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ جیل میں جیلر تو ہوں گے ورنہ نوازشریف کے لیے کوئی رونے والا نہیں ہوگا۔ ن لیگ آئین و قانون کی حکمرانی کی بات کرتی ہے، عمران ریاض کے ساتھ جو کچھ ہوا شہباز شریف کی حکومت تھی۔

    انھوں نے کہا کہ ارشد شریف کا جس دن قتل ہوا، مریم نواز نے جو ٹوئٹ کی ان کو شرم آنی چاہیے۔ ایک آدمی اگر آپ کا مخالف بھی ہے تو بھی ایسی ٹوئٹ نہیں کرنی چاہیے تھی۔

  • ابھی تک کسی پارٹی ممبر یا اتحادیوں کو کال نہیں آئی کہ یہ نہ کریں: شہباز شریف

    ابھی تک کسی پارٹی ممبر یا اتحادیوں کو کال نہیں آئی کہ یہ نہ کریں: شہباز شریف

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے ہم نے کرپشن کے خاتمے کا کبھی ڈھنڈورا نہیں پیٹا، ہم نے عوام کے منصوبوں میں کئی اربوں کی بچت کی لیکن پیسے بچانے پر کبھی ڈھنڈورا نہیں کیا۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا متحدہ اپوزیشن نے مجھے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سونپا تو یہ مہربانی ہے، متحدہ اپوزیشن کی حکومت آئی تو سب سے پہلے غریب کی زندگی بہتر کریں گے۔

    شہباز شریف نے کہا ابھی تک کسی پارٹی ممبر یا اتحادیوں کو کال نہیں آئی کہ یہ نہ کریں، انتظامیہ اور پولیس کو کہا ہے ووٹنگ کے دن سپریم کورٹ فیصلے پر عمل نہ کیا تو ہم سب کو ذمہ دار ٹھہرائیں گے، ممبرز کو پرامن ووٹنگ میں رکاوٹ ہوئی تو ہم خط لکھیں گے۔

    انھوں نے کہا آج عمران نیازی کی حالت ڈوبتے کو تنکے کا سہارا جیسی ہے، سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں ایک لفظ سازش کا نہیں ہے، آج کل عمران بھارتی پالیسی کی تعریف کر رہے ہیں، بھارت سے متعلق نیوٹرل کی الگ اور اپنوں کی نیوٹرل کی تشریح کچھ کرتے ہیں۔

    دریں اثنا، پریس کانفرنس کے دوران ہی شہباز شریف کو نواز شریف کا فون آ گیا، انھوں نے فون پر بات سنی پھر کہا پریس کانفرنس کے بعد اتحادیوں سے مشاورت کروں گا، بعد ازاں صحافیوں کے سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا نواز شریف اپنے علاج کے بعد جلد از جلد پاکستان آئیں گے۔

  • سیٹ بیلٹ باندھ لو، جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کر دے گا: مریم نواز

    سیٹ بیلٹ باندھ لو، جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کر دے گا: مریم نواز

    لاہور: مریم نواز نے کہا ہے کہ تیار ہو جاؤ، اور سیٹ بیلٹ باندھ لو، پاکستان کا جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنے والا ہے۔

    لاہور میں ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنےوالا ہے، کل تحریک کا آغاز ہوگا، جو 2017 میں نواز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس سے نکالے جانے پر شروع کیا تھا۔

    انھوں نے کہا ووٹ کو عزت دو کی تحریک کا دوبارہ آغاز ہونے جا رہا ہے، وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کے پاس کوئی سیاسی پتا نہیں بچا ہے، سب پتے خزاں کی طرح جھڑ چکے ہیں، آپ کا ٹرمپ کارڈ ایک ہی ہے کہ سیاست سے دست بردار ہو جاؤ، کل میرے اور حمزہ کے ساتھ عوام کا قافلہ آپ کو نکالنے کے لیے جی ٹی روڈ پر نکلے گا۔

    مریم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں ہونے کے باوجود نواز شریف کی پارٹی کا ایک بندہ نہیں ٹوٹا، جب کہ یہ اقتدار میں ہیں پھر بھی ان کا روز ایک ایک بندہ نکل رہا ہے، جتنی تمھاری بے عزتی ہو چکی صرف استعفیٰ سے بات نہیں بنتی گھر جانا پڑے گا، کہتا ہے کہ عوام میرے 27 مارچ کے جلسے میں ضرور نکلے، انشااللہ عوام ضرور نکلے گی لیکن تمہیں نکالنے کے لیے۔

    انھوں نے کہا یہ دھمکیوں کے ذریعے اقتدار کا ایک ایک دن مانگ رہا ہے، لیکن اب کوئی بچانے نہیں آئے گا، تمھارا اقتدارکسی عالمی سازش نے ختم نہیں کیا، نہ اپوزیشن یا کسی سیاسی پارٹی نے ختم کیا، تمھارا اقتدار عوام کی بد دعاؤں نے ختم کیا ہے، اتحادیوں سے ہاتھ ملانے کو گناہ سمجھتے تھے، آج وہی دو دو ووٹ والوں کے گھر جا رہے ہو۔

    مریم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو ڈر ہے اقتدار چلا گیا تو چوری کے جو تانے بانے بنی گالہ سے ملتے ہیں وہ کھل جائیں گے، اس کا اقتدار گیا نہیں، جانے والا ہے، اس کے بعد چوری کی جو دستانیں کھلیں گی لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے، ان کے تانے بانے بھی بنی گالہ اور جادو ٹونے سے ملتے ہیں، کوئی ٹرانسفر، تعیناتی کروڑوں کی رشوت سے کم میں نہیں ہوتی۔

    انھوں نے مزید کہا آنے والے دنوں میں تمام ثبوت میڈیا پر دیکھیں گے، سیاسی شہید بننے کی کوشش نہ کرنا، گیدڑ کی کھال پہن کر کوئی نواز شریف نہیں بن سکتا، تم آلو پیاز کا ریٹ پتا کرنے نہیں آئے تھے تو کیا غریبوں کی روٹی چھیننے آئے تھے، تمھارا یوم حساب قریب ہے۔

  • ن لیگ کے باغی نے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کا راز کھول دیا

    ن لیگ کے باغی نے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کا راز کھول دیا

    لاہور: ن لیگ کے باغی ایم پی اے نے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کا راز کھول دیا ہے، اشرف علی انصاری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جانتی ہے کہ ان کے پاس تحریک عدم اعتماد کے لیے نمبر پورے نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے باغی ایم پی اےچوہدری  اشرف علی انصاری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپوزیشن جانتی ہے کہ ان کے پاس نمبر پورے نہیں ہیں، اپوزیشن رہنما سے عدم اعتماد کا پوچھیں تو ان کے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں۔

    اشرف علی کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ن لیگ کے 15 سے زائد ممبر پنجاب اسمبلی ہمارے رابطے میں ہیں، تحریک عدم اعتماد پر مسلم لیگ ن کو پنجاب اسمبلی میں بڑا سرپرائز ملے گا۔

    باغی ایم پی نے مزید کہا شہباز شریف نے 35 سال تک ہمیں زرداری کے لٹیرے ہونے کا درس دیا، اب شہباز اور زرداری کے ملنے سے لیگی کارکنوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔

    اشرف علی انصاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہونے دیں گے، عثمان بزدار سابق وزرائے اعلیٰ کی نسبت زیادہ کامیاب وزیر اعلیٰ ہیں، انھوں نے پنجاب کی ترقی کے لیے بہت کام کیا۔

    واضح رہے کہ عدم اعتماد کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ن لیگ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد انتخابات کے حق میں ہے جب کہ پیپلز پارٹی پارلیمانی مدت مکمل کرنے کی خواہاں ہے، نیز ن لیگ کے چند رہنماؤں کو پیپلز پارٹی پر شکوک و شبہات بھی ہیں، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے اختتام پر عدم اعتماد کے اعلان کو بھی تسلیم نہ کیا گیا۔

  • نواز شریف کب واپس ائیں گے؟ ن لیگ کے ضلعی صدور بھی پوچھنے لگ گئے

    نواز شریف کب واپس ائیں گے؟ ن لیگ کے ضلعی صدور بھی پوچھنے لگ گئے

    لاہور: سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف وطن کب واپس ائیں گے؟ یہ سوال اب حکومتی وزرا کے علاوہ ن لیگ کے ضلعی صدور کی زبان پر بھی آ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 6 جنوری کو ہونے والی میٹنگز میں لیگی ضلعی صدور نے نواز شریف کی واپسی کا پوچھا، ضلعی صدور کا کہنا ہے کہ ایاز صادق نے دعویٰ کیا کہ وہ نواز شریف کو آئندہ ماہ واپس لانے جائیں گے۔

    لیگی ضلعی صدور نے سوال کیا کہ کیا ایاز صادق کی بات درست ہے؟ تاہم ایک سینئر لیگی رہنما نے کہا میں پارٹی کا اہم عہدے دار ہوں، مجھے میاں صاحب نے واپسی کا نہیں بتایا، ایاز صادق جیسے سینئر آدمی کو بغیر تصدیق دعویٰ نہیں کرنا چاہیے۔

    سینئر پارٹی عہدے دار کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے آنا ہوگا تو ایاز صادق سے پہلے انھیں بتائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری میٹنگ میں پنجاب کے ضلعی صدور نے 96 ہزار 380 کارکنوں کی فہرستیں پیش کیں، جن میں کارکنوں کے نام، شناختی کارڈ، واٹس ایپ نمبرز اور ایڈریس درج ہیں، یہ وہ افراد ہیں جن کے پاس ذاتی کار ہے اور 3 سے 4 کارکن ساتھ لا سکتے ہیں۔

    ضلعی صدور کا کہنا تھا کہ ان سے لانگ مارچ کرا لیں یا الیکشن میں استعمال کر لیں، یہ تیار ہوں گے، ذرائع کے مطابق نواز شریف نے لسٹوں کی منظوری دی اور صدر ن لیگ پنجاب رانا ثنا کی تعریف کی، ان فہرستوں میں موجود افراد کی اکثریت بلدیاتی الیکشن کے امیدواروں کی ہے۔

    میٹنگ میں شہباز شریف، مریم نواز، شاہد خاقان، احسن اقبال، پرویز رشید اور رانا ثنا کی شرکت کی تھی، تاہم میٹنگ میں ایاز صادق موجود نہ تھے۔

  • پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں ٹھن گئی، بلاول کا مریم نواز پر بڑا طنز

    پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں ٹھن گئی، بلاول کا مریم نواز پر بڑا طنز

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی بطور اپوزیش اتحاد، راہیں جدا ہوتی نظر آ رہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز اور ن لیگ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا خاندان ہے جو ماضی میں سلیکٹ ہوتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق آج جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ میں بلاول بھٹو زرداری نے امیر جماعت سراج الحق کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں طنز کے تیر چلاتے ہوئے کہا ہماری رگوں میں سلیکٹ ہونا شامل نہیں، لاہور کا ایک خاندان ماضی میں سلیکٹ ہوتا رہا ہے۔

    بلاول نے کہا مسلم لیگ ن کی نائب صدر (مریم نواز) کو جواب دینا ہوتا تو اپنے نائب سے صدر سے دلواتا۔

    بلاول بھٹو نے کہا ہماری تیاری مکمل تھی، لانگ مارچ ملتوی نہیں ہونا چاہیے تھا، یہ سوال ضرور کروں گا کہ لانگ مارچ کو استعفوں سے جوڑنے کا مشورہ کس کا تھا۔

    انھوں نے کہا کوشش ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہوں، اگر ایسا نہ ہوا تو اس کا فائدہ عمران خان کو ہوگا، میاں صاحب جو مطالبہ آج کر رہے ہیں پی پی وہ 3 نسلوں سے کر رہی ہے۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا ہم سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن کا کام حکومت کو نقصان پہنچانا ہے، پنجاب حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانا موزوں ہے، جلسے جلسوں کی بجائے پنجاب کے خلاف عدم اعتماد سے زیادہ فائدہ ہوگا۔

    بلاول نے کہا ہمارے کمرے تک ہوٹل میں بک ہو چکے تھے، استعفے لانگ مارچ سے جوڑنے تھے تو فیصلے کرتے وقت کرتے، نہ کہ 10 دن پہلے، ہم نے حکومت کو نقصان الیکشن لڑنے میں ہی پہنچایا اور حکومت کو ٹف ٹائم دیا، جمہوری اصول ہے جس کی اکثریت ہوتی ہے اس کا اپوزیشن لیڈر بھی ہونا چاہیے۔

  • پاکستان مسلم لیگ ن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    پاکستان مسلم لیگ ن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن نے لانگ مارچ سے قبل پنجاب میں مظاہروں اور احتجاج کا شیڈول جاری کردیا ، میانوالی ، گوجرانولہ ، منڈی بہاالدین سیالکوٹ اور نارووال سمیت دیگر شہروں میں احتجاج کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا اور لانگ مارچ سے قبل پنجاب میں مظاہروں اور احتجاج کا شیڈول جاری کردیا ، شیڈول میں بتایا گیا تین مارچ کو میانوالی،5مارچ کو گوجرانولہ ، منڈی بہاالدین میں احتجاج ہوگا۔

    جاری شیڈول کے مطابق ن لیگ 6مارچ کو گجرات اور چکوال جبکہ سیالکوٹ اور نارووال میں 7مارچ کو احتجاج کیا جائے گا ، اسی طرح اٹک میں 5مارچ، 13 مارچ اور 20 مارچ کو 3احتجاج کیے جائیں گے۔

    راولپنڈی میں ن لیگ کا احتجاج 13 مارچ، پنڈی سٹی میں 5مارچ ، ملتان میں 19 مارچ، خانیوال میں 13 مارچ، لودھراں میں 7مارچ کو ہو گا جبکہ ڈی جی خان میں 15مارچ رحیم یار خان میں 17 اور 20 مارچ کو احتجاج کیا جائے گا۔

    شیڈول کے مطابق 10مارچ کو ساہیوال ، 15مارچ کو اوکاڑہ ،رحیم یار خان میں 17 اور 20 مارچ کو دو احتجاج ہوں گے جبکہ پاکپتن میں ن لیگ کا احتجاج 11 مارچ, وہاڑی میں12 مارچ کو ہو گا تاہم لاہور، فیصل آباد ، قصور، شیخوپورہ، جہلم، لیہ ، راجن پور میں احتجاج کی تاریخ فائنل نہ ہوسکی۔

  • سندھ میں ضمنی الیکشن: ن لیگ کا پی پی کے حق میں بڑا اعلان

    سندھ میں ضمنی الیکشن: ن لیگ کا پی پی کے حق میں بڑا اعلان

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن نے سندھ بھر میں ضمنی الیکشن میں پی پی امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، ن لیگ نے سندھ بھر میں ضمنی الیکشن میں پی پی امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔

    پی پی رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ حکومت نے 2 سال میں عوام کو قلاش کر دیا ہے، 5 سال میں کیا ہوگا اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

    صدر ن لیگ سندھ محمد زبیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار پی ڈی ایم کے امیدوار تصور کیے جائیں گے، ملک میں مہنگائی، بےروزگاری اور غربت نے عوام کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

    رہنما ن لیگ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ہم ہر جگہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ووٹ بھی دیں گے اور پولنگ اسٹیشنز بھی سنبھالیں گے۔

    سینیٹ انتخابات: پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کس کس کو ملیں گے؟

    قبل ازیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک وفد صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو کی قیادت میں مسلم لیگ ہائوس کراچی آیا، وفد نے ضمنی انتخابات میں حمایت اور مدد کی درخواست کی، جس پر مسلم لیگ ن نے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

    یاد رہے کہ یکم جنوری 2021 کو لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اعلان کیا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گی۔

    واضح رہے کہ جے یو آئی نے ضمنی الیکشن میں پارٹی کی بجائے آزاد حیثیت میں اپنے امیدوار سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • ن لیگ نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا مطالبہ کر دیا

    ن لیگ نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا مطالبہ کر دیا

    لاہور: سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کیا جائے، ن لیگ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر مظاہرہ بھی کرے گی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے، کیس جلد نمٹانے کے لیے ہم نے چیف الیکشن کمشنر سے بھی ملاقات کی، عمران خان نے اپنے درجنوں بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کو دھوکا دے کر کروڑوں روپے حاصل کیے گئے، ان کے پیسے پارٹی کے اکاؤنٹ میں ظاہر نہیں کیے گئے، ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کیا جائے۔

    نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال پر فرد جرم عائد

    انھوں نے کہا فارن فنڈنگ کیس کا میرٹ پر فیصلہ ہوا تو عمران خان کی سیاست ختم ہو جائے گی، جتنی کرپشن اس حکومت نے کی ہے اس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے قیام تک دیرپا معاشی ترقی نہیں ہو سکتی، پی ڈی ایم کے اجلاس نے حکومتی ترجمانوں کے دعوؤں پر پانی پھیر دیا، پی ڈی ایم آئین کی حکمرانی اور اداروں کو مضبوط دیکھنا اور ملک میں غیر جمہوری قوت کا داخلہ بند کرنا چاہتی ہے۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ اپنی کامیابی کا اتنا یقین ہے جتنا سورج کے مشرق سے نکلنے کا، تمام حکومتی مشینری نے زور لگایا ہوا تھا لیکن پی ڈی ایم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگئی ہے، 2021 الیکشن کا سال ہوگا۔