Tag: پاکستان مسلم لیگ ن

  • عوام منصوبہ بندی کر چکے، مریم اورنگزیب کا وزیر اعظم کی صحافیوں سے گفتگو پر رد عمل

    عوام منصوبہ بندی کر چکے، مریم اورنگزیب کا وزیر اعظم کی صحافیوں سے گفتگو پر رد عمل

    لاہور: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا وزیر اعظم کی صحافیوں سےگفتگو پر رد عمل آ گیا، انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف عوام منصوبہ بندی کر چکے، اپوزیشن نہیں وزیر اعظم اپوزیشن سے این آر او مانگ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی اپوزیشن اور ملکی حالات پر سینئر صحافیوں کے ساتھ اہم گفتگو پر ترجمان ن لیگ نے رد عمل میں کہا کہ آپ ایک نہیں 100 نیب بنا لیں،گھر تو جانا ہوگا، عمران صاحب چھپ چھپ کے اپوزیشن سے این آر او مانگ رہے ہیں۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا اپوزیشن کی کسی جماعت کا فارن فنڈنگ کا کیس الیکشن کمیشن میں نہیں چل رہا، مضبوط معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے جس پر عوام وزیر اعظم کے خلاف منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔

    انھوں نے کہا عوام آٹا، چینی، ووٹ، بجلی اور دوائی چوروں کے خلاف منصوبہ بندی کر چکی ہے، پی ڈی ایم ملک میں انتشار پھیلا نہیں ختم کر رہی ہے۔

    اپوزیشن سے زیادہ پُر اعتماد ہوں، انھوں نے استعفے دیے تو الیکشن کرا دیں گے: وزیر اعظم

    ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف میں تاخیر سے جانے کی غلطی تسلیم کی گئی ہے، جلد آٹا چینی چوری، بجلی،گیس، دوائی چوری، معیشت اور روزگار کو تباہ کرنے کی غلطیاں بھی تسلیم کر لی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم نے سینئر کالم نگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن ملک میں انتشار پھیلا رہی ہے، میں اپوزیشن سے زیادہ پُر اعتماد ہوں، اپوزیشن نے استعفے دیے تو ہم الیکشن کرا دیں گے، اگر ان کو این آر او دیا تو یہ ملک کے ساتھ غداری ہوگی، آج ان کے مطالبات مان لوں تو یہ ہر احتجاج ختم کر دیں گے۔

  • گرفتاریوں کا سلسلہ دراز ہو گیا، ایک اور ن لیگی رہنما گرفتار

    گرفتاریوں کا سلسلہ دراز ہو گیا، ایک اور ن لیگی رہنما گرفتار

    راولپنڈی: فراڈ کیس میں ن لیگی رہنما چوہدری سرفراز افضل کو گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن نے فراڈ کیس میں سابق مشیر چوہدری سرفراز افضل کو گرفتار کر لیا، اینٹی کرپشن کی کارروائی کےدوران سابق ن لیگی ایم پی اے کی جانب سے مزاحمت بھی کی گئی۔

    گرفتاری کے بعد چوہدری افضل کی طبیعت خراب ہو گئی، طبیعت خرابی کی شکایت پر ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، علاج کرنے والے ڈاکٹر نے بھی چوہدری سرفراز پر 10 لاکھ روپے فراڈ کا الزام لگا دیا۔

    اینٹی کرپشن نے راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت 11 افراد پر مقدمہ درج کر لیا، چوہدری سرفراز پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام ہر عوام کو دھوکا دینے کا الزام ہے۔

    ن لیگ کے سابق ایم این اے غفار ڈوگر گرفتار

    خیال رہے کہ چوہدری سرفراز افضل ن لیگی سینیٹر چوہدری تنویر کے بھتیجے ہیں۔

    یاد رہے کہ 10 نومبر کو اینٹی کرپشن پنجاب نے ن لیگ کے رہنما اور سابق میئرسرگودھا اسلم نوید کو بھی گرفتار کیا تھا، ان پر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام تھا، ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس کے مطابق اسلم نوید نے غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی تھی۔

     11 نومبر کو اینٹی کرپشن پنجاب نے مسلم لیگ ن کے سابق رکن صوبائی اسمبلی رضوان گل کو سرگودھا سے گرفتار کیا تھا، ان پر بہن کو جائیداد سے محروم کرنے کا الزام تھا، ان کے خلاف درخواست شمع بی بی نے دی تھی، جس کے مطابق ملزم اور بھائی تبریز گل نے 1990 میں بہن کی جائداد ہتھیا لی تھی۔

    15 نومبر کو اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے ملک عبد الغفار ڈوگر کو بھی ملتان میں گرفتار کیا تھا، غفار ڈوگر پر جعل سازی اور فراڈ سے اراضی کے دستاویزات بنانے کے الزامات ہیں، لیگی رہنماؤں نے اس گرفتاری پر رد عمل میں کہا کہ یہ صرف ملتان جلسے کو سبوتاژ کرنے کا بہانہ ہے۔

    16 نومبر کو اینٹی کرپشن نےمسلم لیگ ن کے رہنما احسن رضا خان کو بھی گرفتار کر لیا تھا، ان پر الزام تھا کہ انھوں نے غیر قانونی کمرشل مارکیٹ اور ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی۔ گورنمنٹ اسپتال کنگن پور کی زمین پر بنائی جانے والی مارکیٹ اور دکانیں اور خاندان کے افراد کے ساتھ الجنت ٹاؤن نامی سوسائٹی منظور شدہ نہیں تھی۔

  • لیگی ایم پی اے کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر کے اغوا کا مقدمہ درج

    لیگی ایم پی اے کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر کے اغوا کا مقدمہ درج

    پاکپتن: پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی اسمبلی کے رکن میاں نوید کے خلاف اغوا اور تشدد کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیگی ایم پی اے میاں نوید کے خلاف پاکپتن میں اسسٹنٹ کمشنر خاور بشیر کے اغوا اور ان پر تشدد کا مقدمہ درج کر دیا گیا، مقدمہ اسسٹنٹ کمشنر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں میاں نوید، ان کے والد اور کانسٹیبل سمیت 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق مارکی چیک کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر کو اغوا اور تشدد کیا گیا، سرکاری جرمانہ بک اور رقم چھینی گئی، اسسٹنٹ کمشنر اے سی مارکی چیک کرنے گئے تو انھیں دھمکایا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر خاور بشیر ون ڈش ایکٹ کے خلاف ورزی پر لیگی ایم پی اے میاں نوید علی کی میرج مارکی پہنچے تو وہاں موجود ایم پی اے نے ساتھیوں کے ہمراہ انھیں اغوا کر لیا اور نامعلوم مقام پر تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

    پولیس ذرایع کے مطابق ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر سے جرمانہ بک اور رقم بھی چھین لی اور تھانہ سٹی لے جا کر چھوڑ دیا، تھانہ سٹی پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر کی مدعیت میں ن لیگی ایم پی اے میاں نوید، والد رانا احمد علی اور پولیس کانسٹیبل سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس نے کانسٹیبل کو گرفتار کر کے دیگر ملزمان کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔

  • ایاز صادق کا بیان: ایک اور ن لیگی رکن پارٹی سے مستعفی

    ایاز صادق کا بیان: ایک اور ن لیگی رکن پارٹی سے مستعفی

    لاہور: ن لیگی رکن روزینہ عالم خان پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی روزینہ عالم نے پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا، انھوں نے ن لیگ خواندگی کمیٹی کی چیئرپرسن شپ بھی چھوڑ دی۔

    روزینہ عالم خان کا کہنا ہے کہ ایاز صادق کے بیان سے انھیں دکھ اور تکلیف ہوئی، جس کی وجہ سے پارٹی رکنیت چھوڑ رہی ہوں۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل مسلم لیگ ن صوبہ بلوچستان کے صدر عبدالقادر نے بھی ایاز صادق کے بیان اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم سے پاک فوج کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال کے بعد ن لیگ سے اپنی راہیں جدا کر لی تھیں۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اپنے بیان پر ڈٹ گئے

    گزشتہ روزعبد القادر بلوچ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں کہا کہ میں اپنے چیف کے خلاف کوئی بات نہیں سُن سکتا، آج جو بھی عزت ہے وہ پاک فوج کی وجہ سے ہے، مستقبل کا فیصلہ مشاورت کے بعد کروں گا۔

    اپنے چیف کے خلاف کوئی بات نہیں‌ سن سکتا، مستقبل کا فیصلہ جلد کروں‌ گا، عبدالقادر بلوچ

    ان کا کہنا تھا اگر نواب ثنا اللہ زہری مسلم لیگ ن میں نہیں ہوں گے تو میں بھی نہیں رہوں گا کیوں کہ وہ میرے بڑے اور اپنے فیصلے کے مالک ہیں، ایسی پارٹی کے ساتھ نہیں چل سکتا جس میں میرے فیصلوں کی وجہ سے نواب صاحب کی دل آزاری ہو۔

  • عبدالقادر بلوچ جمہوری بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکے: شاہد خاقان

    عبدالقادر بلوچ جمہوری بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکے: شاہد خاقان

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے رد عمل میں کہا ہے کہ عبدالقادر بلوچ جمہوری اور آئینی بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے توگھر بیٹھیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ اور نواز شریف کے بیانیے سے کھل کر مخالفت کرنے والے سابق لیگی رہنما نے گزشتہ روز کہا تھا کہ میں خود بھی فوجی رہ چکا ہوں، پاک فوج کے خلاف بیانیہ میرے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔

    ن لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ رات اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عبدالقادر بلوچ کا فیصلہ ان کو مبارک ہو، اس سے ان کی اپنی سیاست تباہ ہوگی، چوہدری نثار کا فیصلہ بھی سب کے سامنے ہے۔

    انھوں نے کہا اگر کوئی بات تھی تو عبدالقادر بلوچ مجھے بتاتے، مریم نواز سے بھی انھوں نے کوئی ذکر نہیں کیا، وہ جمہوری اور آئینی بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر بیٹھ جائیں۔

    فوج کے خلاف بیانیہ ناقابل برداشت، خود بھی فوجی رہ چکا ہوں، عبد القادر بلوچ

    شاہد خاقان نے کہا ن لیگ کا بیانیہ ہے کہ ملک میں آئین کی بالا دستی ہو، عبدالقادر کی اپنی مرضی ہے وہ جو کرنا چاہیں کریں، کسی موقع پر بھی عبدالقادر نے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبد القادر بلوچ نے کہا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم سے پاک فوج کے خلاف نازیبا زبان استعمال ہوئی، افواجِ پاکستان کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، ثنااللہ زہری کو اسٹیج پر نہ بلانے پر تو بات ہو سکتی تھی مگر میں نے مسلم لیگ ن سے ایک ہی وجہ سے علیحدگی اختیار کی۔

    عبدالقادر بلوچ نے کہا ’ن لیگ سے علیحدگی کی واحد وجہ فوج کے خلاف بیانیہ ہے کیوں کہ میں خود بھی فوجی رہا ہوں، میرے لیے یہ سب قابلِ برداشت نہیں ہے۔

  • مریم نواز کل کراچی پہنچیں گی

    مریم نواز کل کراچی پہنچیں گی

    کراچی: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کل کراچی پہنچیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کل 12 بجے کراچی پہنچیں گی، اور شہر قائد میں منعقد ہونے والے پی ڈی ایم کے دوسرے جلسے میں شرکت کریں گی۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ مریم نواز کراچی پہنچنے کے بعد مزار قائد پر حاضری بھی دیں گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت کے خلاف اپنے پہلے جلسے کے ذریعے پاور شو کیا تھا۔

    جلسے کی کامیابی پر مریم نواز کی مبارک باد

    مریم نواز نے گوجرانوالہ جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں سسلین مافیا کہا جا رہا تھا، اب پتا چلا کہ مافیا کیا ہوتا ہے؟ پہلے چیزیں غائب کرتے ہیں پھر قیمتیں بڑھا کر چیزیں واپس لے آتے ہیں، موجودہ حکومت کی کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔

    انھوں نے خطاب میں کہا تھا کہ وہ جلسے میں مہنگائی کے مارے عوام اور تاجروں کا مقدمہ لے کر آئی ہیں، انھوں نے کہا ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو عوام کا وہ حال ہوتا ہے جو آج سب کا ہو رہا ہے۔

  • طلال چوہدری تشدد واقعہ، پولیس کو کال پہلے کس نے کی؟

    طلال چوہدری تشدد واقعہ، پولیس کو کال پہلے کس نے کی؟

    لاہور/ فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری تشدد واقعے میں مزید تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ 23 ستمبر کی رات 15 پر طلال چوہدری نے 3 بج کر 10 منٹ پر کال کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق طلال چوہدری تشدد معاملے میں پولیس نے بیان دیا ہے کہ 15 پر کال پہلے طلال چوہدری نے کی، دوسری کال پانچ منٹ بعد آئی، یعنی عائشہ رجب کی جانب سے 3 بج کر 15 منٹ پر کال کی گئی تھی۔

    ادھر فیصل آباد میں پارٹی ذرایع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری پر تشدد والی رات عائشہ رجب گھر پر نہیں تھیں، حالت بہتر ہوتے ہی طلال چوہدری بیان ریکارڈ کرا دیں گے اور ویڈیو بیان بھی جاری کریں گے، طلال چوہدری پر تشدد کی ویڈیو بھی جلد سامنے لائی جائے گی۔

    پارٹی ذرایع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ طلال چوہدری آج شام تک بیان ریکارڈ کرا سکتے ہیں، وہ زخمی ہیں، پہلے علاج کرا رہے ہیں، ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے طلال چوہدری کے بازو میں درد ہے۔

    دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں طلال چوہدری کے خلاف سیاست پر تاحیات پابندی کے مطالبے کی قرارداد جمع کرائی گئی ہے، یہ قرارداد تحریک انصاف کی رکن مسرت جمشید چیمہ نے جمع کرائی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ طلال چوہدری کو سیاست سے بے دخل کیا جائے، ان کی سیاست پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔

    یاد رہے کہ 26 ستمبر کو طلال چوہدری کو مسلم لیگ ن کی ایم این اے عائشہ رجب بلوچ کے بھائیوں نے تشدد کا نشانہ بنا دیا تھا، جس کے باعث ان کا بازو 2 جگہ سے فریکچر ہوا، ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انھوں نے عائشہ رجب بلوچ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

    گزشتہ روز پنجاب پولیس نے اس معاملے کی حقیقت سامنے لانے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی، 4 رکنی کمیٹی کے چیئرمین ڈی ایس پی عبدالخالق ہیں، کمیٹی میں ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹاؤن، ایس ایچ او وومن پولیس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی طلال چوہدری اور ایم این اے عائشہ رجب کے بیانات ریکارڈ کرے گی، کمیٹی تحقیقات کی روشنی میں قانونی کارروائی بھی تجویز کرے گی، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو 3 دن میں یعنی کل تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی جب کہ تاحال دونوں میں سے کسی کا بیان بھی ریکارڈ نہیں کرایا جا سکا ہے۔

    گزشتہ روز جب پولیس طلال چوہدری کا بیان ریکارڈ کرنے نیشنل اسپتال لاہور پہنچی تو انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ انھیں ایک گھنٹہ قبل ڈسچارج کیا جا چکا ہے، تاہم ذرایع نے دعویٰ کیا تھا کہ طلال چوہدری پولیس کے آنے سے قبل اسپتال کا بل ادا کیے بغیر پچھلے دروازے سے جلدی میں نکل گئے تھے۔

    ذرایع نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ پارٹی کے اندر طلال چوہدری کے خلاف محاذ بن چکا ہے، عائشہ رجب سے تنازع کے بعد انھیں پارٹی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب کہ فیصل آباد ڈویژن میں پارٹی کا بڑا دھڑا طلال چوہدری کے خلاف کھڑا ہوگیا ہے۔

  • گاڑی میں پتھر لانے والے لیگی رہنما کی عبوری ضمانت منظور

    گاڑی میں پتھر لانے والے لیگی رہنما کی عبوری ضمانت منظور

    لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گاڑی میں پتھر لانے والے لیگی ایم پی اے مرزا جاوید کی 11 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق 11 اگست کو نیب آفس میں مریم نواز کی پیشی کے موقع  پر ہنگامہ آراٸی کے معاملے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے گاڑی میں پتھر لانے والے لیگی رہنما کی 6 دن کے لیے عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے درخواست پر سماعت کی، تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم مرزا جاوید نے مریم نواز کی پیشی پر اپنی گاڑی پر پتھر لادے، جس سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔

    ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ چوہنگ پولیس نے نیب آفس پر حملے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے، میرے علم میں نہیں کہ گاڑی میں پتھر کس نے رکھے، عدالت درخواست ضمانت منظور کرے۔

    نیب آفس کے باہر ہنگامی آرائی: مریم نواز سمیت دیگر کیخلاف مقدمے میں دہشت گردی دفعات شامل

    درخواست کی سماعت کے بعد عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض مرزا جاوید کی 11 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    یاد رہے گیارہ اگست کو مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورت حال کشیدہ ہو گئی تھی، نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جب کہ لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں بھی ہٹا دی تھیں۔ پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کرنی پڑی، واٹر کینن بھی طلب کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق لیگی کارکنان گاڑی ایل ای 3378 میں پتھر سے بھرے شاپر لے کر آئے تھے، لیگی کارکنوں نے گاڑی کے اندر سے پتھر نکال کر پولیس پر برسائے، پتھراؤ سے نیب دفتر کے کھڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹے۔

    لیگی کارکنوں کے پتھراؤ سے 15 سے زائد اہل کار زخمی ہوئے تھے جب کہ اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں کو بھی پتھر لگنے سے شدید چوٹیں آئی تھیں، متعدد پولیس اہل کاروں کو موقع ہی پر طبی امداد دی گئی تھی۔

    ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی منسوخ کر دی تھی۔

  • کشیدہ صورت حال، نیب میں پیشی منسوخ، مریم کا واپس جانے سے انکار

    کشیدہ صورت حال، نیب میں پیشی منسوخ، مریم کا واپس جانے سے انکار

    لاہور: کشیدہ صورت حال پر نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی منسوخ کر دی، تاہم مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ پیشی آج ہی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج قومی احتساب بیورو کے دفتر میں مریم نواز کی رائیونڈ اراضی کیس میں پیشی تھی، تاہم ن لیگی کارکنوں کی شدید ہنگامہ آرائی کے باعث نیب نے مریم نواز کی پیشی منسوخ کر دی۔

    نیب نے مریم نواز کو پیشی منسوخی کا پیغام بھی بھجوا دیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ مریم نواز غنڈوں کے ہمراہ نیب آفس آئیں، لیگی کارکنوں کے پتھراؤ سے 15 نیب اہل کار زخمی ہوئے، اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں پر پتھر لگنے سے انھیں شدید چوٹیں آئیں، متعدد پولیس اہل کاروں کو موقع پر طبی امداد دی گئی۔

    نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی پیشی پر منظم انداز میں رکاوٹیں حائل کی گئیں، شرپسند عناصر کے پتھراؤ سے نیب عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے، لیگی کارکنان کی جانب سے آئینی و قانونی معاملات میں غنڈہ گردی کے ذریعے مداخلت کی گئی ہے، یہ سرکار میں مداخلت کا مظاہرہ تھا۔

    دوسری طرف مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی پیشی آج ہی کی جائے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا میں نیب دفتر سے نہیں جاؤں گی، مجھ سے یک جہتی کے لیے آئے پرامن کارکنان پر شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، پولیس نے آنسو گیس شیلنگ، لاٹھی چارج اور پتھراؤ کیا، میں یہاں سے نہیں جاؤں گی، حوصلہ نہیں ہے تو سوچ سمجھ کر بلانا چاہیے تھا۔

    مریم نواز نے کہا کہ مجھے نقصان پہنچانے کے لیے آج نیب دفتر بلایا گیا، میں یہاں کھڑی ہوں، بلایا ہے تو جواب بھی سنیں، نیب اب میرا سامنا کرنے کی جرات کرے، واپس نہیں جاؤں گی جب تک نیب سوالوں کا جواب نہیں سن لیتا۔

    واضح رہے کہ مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورت حال اس وقت سخت کشیدہ ہو گئی جب نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان نے جمع ہو کر شدید ہنگامہ آرائی شروع کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔

    میں ڈرنے والی نہیں ہوں: مریم نواز

    لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں بھی ہٹائیں، جس پر پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کرنی پڑی، نیب آفس کے باہر واٹر کینن بھی طلب کی گئی۔

    لیگی کارکنان ایک گاڑی میں پہلے ہی سے پتھر رکھ کر لائے تھے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ہنگامہ آرائی کے ارادے سے تیار ہو کر آئے تھے، لیگی کارکنوں نے گاڑی کے اندر سے پتھر نکال کر پولیس پر برسائے، اے آر وائی نیوز کے مطابق لیگی کارکنان گاڑی ایل ای 3378 میں پتھر سے بھرے شاپر لائے تھے۔

  • میں ڈرنے والی نہیں ہوں: مریم نواز

    میں ڈرنے والی نہیں ہوں: مریم نواز

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت چاہے جتنے ہتھکنڈے آزمالے، وہ ڈرنے والی نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے نیب دفتر میں پیشی کے لیے رائیونڈ سے روانہ ہوتے وقت غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ‘میں ڈرنے والی نہیں ہوں۔’

    پرویز رشید اور خرم دستگیر سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کے ساتھ ایک قافلے کی صورت نیب دفتر کے لیے روانہ ہونے والی مریم نواز نے کہا کہ حکومت جتنی مرضی ہتھکنڈے آزما لے، میں اور میرے والد اپنے مؤقف پر قائم ہیں، میرے اوپر بنایا گیا اراضی کیس جعلی طور پر بنایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایک سال قبل بھی 8 اگست کو نیب نے کورٹ لکھپت جیل سے مجھے گرفتار کیا تھا۔

    مریم نواز کی نیب میں پیشی، ن لیگی قیادت نے کارکنان کو بھی بلالیا

    خیال رہے کہ مریم نواز آج قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیش ہو رہی ہیں، ن لیگی رہنما پر رائیونڈ میں خلاف قانون سستی اراضی خریدنے کا الزام ہے، نیب نے ان سے چودہ سو چوالیس کنال اراضی پر جواب طلب کر رکھا ہے۔

    نیب میں پیشی کے موقع پر لیگی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو بھی رائیونڈ اور قومی احتساب بیورو (نیب) دفتر پہنچنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم جب لیگی خواتین کارکنان نیب دفتر پہنچیں تو انھیں دفتر سے باہر نکال دیا گیا۔

    اس موقع پر ن لیگی کارکنوں کی رکاوٹیں توڑنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی، نیب میں مریم نواز کی پیشی پر ٹھوکر نیازبیگ سے ملتان روڈ دونوں اطراف سے بند کی گئی ہے، ملتان سے لاہور داخل ہونے والا ٹریفک ای ایم ای روڈ کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

    لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مریم نواز کو نیب میں جھوٹی انکوائری کے لیے بلایا گیا ہے، ہر چوک پر جان بوجھ کر ہمارے کارکنوں کو روکا جا رہا ہے، لوگ میلوں سے پیدل چل کر آ رہے ہیں، پورے لاہور میں ٹریفک جام ہے، یہ ثبوت ہے کہ لوگ نواز شریف، شہباز شریف، مریم کے ساتھ ہیں۔