Tag: پاکستان میں برفباری

  • سیکڑوں دیہات برف سے ڈھک  گئے

    سیکڑوں دیہات برف سے ڈھک گئے

    اسکردو: بلتستان میں شدید برف باری سے نظام زندگی بدستور مفلوج ہے، سیکڑوں دیہات برف سے پوری طرح ڈھک چکے ہیں، زمینی رابطے معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے گلگت بلتستان ریجن میں سیکڑوں دیہات کو برف کی دبیز چادر نے ڈھک دیا ہے، شدید ترین برف باری کے باعث شہری علاقوں میں بھی ٹرانسپورٹ معطل ہے، خوب صورت ترین سیاحتی شہر اسکردو میں رن وے کلیئر نہ ہونے کے باعث فضائی سروس بھی بحال نہ ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد اور اسکردو کے درمیان 11 جنوری سے پروازیں معطل ہیں، گلگت اسکردو روڈ سے برفانی تودے اور لینڈ سلائیڈنگ ہٹا دی گئی ہے اور شاہراہ بحال ہو گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو کا درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 20 رہا، خون جما دینے والی سردی لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں، دوسری طرف جی بی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دھوپ نکلنے سے برفانی تودے گرنے کا عمل تیز ہوگا، اس لیے بالائی علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    ادھر این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برف باری اور بارش کے باعث نقصانات بڑھتے جا رہے ہیں، مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 104 ہو گئی ہے، جب کہ 96 زخمی ہیں، بلوچستان میں برف باری سے 20 افراد جاں بحق ہوئے، کے پی میں 5 جب کہ آزاد کشمیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 77 ہو گئی ہے، گلگت بلتستان میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق 236 مکانات کو بھی برف باری سے نقصان پہنچا، کے پی، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں رابطہ سڑکیں متاثر ہو چکی ہیں، متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹیمیں فیلڈ میں مصروف عمل ہیں، 2000 ٹینٹ، 1250 کمبل اور 2250 دیگر اشیا متاثرین تک پہنچائی جا چکی ہیں۔

  • پاکستان میں برف باری اللہ کا انعام ہے: وزیرِ اعظم عمران خان

    پاکستان میں برف باری اللہ کا انعام ہے: وزیرِ اعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برف باری کے سلسلے کو پاکستان کے لیے خدا کا انعام قرار دے  دیا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں برف باری اور بارشیں اللہ کی رحمت بن کر برسی ہیں۔

    [bs-quote quote=”بارانی فصلوں کے لیے یہ بارشیں بر وقت ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”عمران خان کا ٹویٹ”][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم نے ٹویٹ میں لکھا ’پاکستان میں ہونے والی بارشیں اور برف باری حقیقتاً اللہ ربّ العزت کا انعام ہیں۔‘

    عمران خان نے بارشوں کو فصلوں کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے مزید لکھا کہ ہماری پیداوار خصوصاً بارانی فصلوں کے لیے یہ بارشیں بالکل بر وقت ہیں۔

    وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث پانی کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا، انھوں نے لکھا ’ان بارشوں سے زیرِ زمین پانی کی سطح ہی بلند نہیں ہو گی بلکہ برف پگھل کر دریاؤں کا حصہ بھی بنے گی۔‘

    خیال رہے کہ چند روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ وہ اپنی دھرتی کی دل فریب شان و شوکت کے بہت گرویدہ ہیں۔

    وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے دل فریب حصار میں خوش رہتے ہیں، اور یہاں رہ کر اپنے لوگوں کی خدمت انھیں بے حد مرغوب ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ کے سلسلے میں یہ بھی لکھا کہ ارضِ پاک کا مسحور کن حسن اور اس میں ملنے والا تنوع بے مثال ہے۔

  • وادیٔ کاغان میں برف باری، سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچنا شروع

    وادیٔ کاغان میں برف باری، سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچنا شروع

    مانسہرہ: ملک کے خوب صورت سیاحتی مقامات کاغان اور شوگران ویلی میں برف باری کے بعد موسم مزید سرد اور حسین ہو گیا، سیاحوں کی بڑی تعداد تفریح کے لیے پہنچنا شروع ہو گئی۔

    تفصیلات کےمطابق مانسہرہ کے سیاحتی مقامات وادئ کاغان اور شوگران میں حالیہ برف باری نے وادیوں کے حسن کو چار چاند لگا دیے، جس سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاح بھی کھنچے چلے آ رہے ہیں۔

    [bs-quote quote=”ہمارے سیاحتی مقامات کا حسن سوئٹزر لینڈ سے کم نہیں ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”سیاح”][/bs-quote]

    شوگران پہنچنے والے سیاحوں کو برف کی سفید چادر اوڑھے حسین وادیوں نے اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

    سیاحوں نے شوگران کے ٹھنڈے موسم میں رباب کی دھنیں چھیڑ دیں، ساتھی سیاح جھوم اٹھے، سیاحوں کا کہنا ہے کہ ہمارے سیاحتی مقامات کا حسن سوئٹزر لینڈ سے کم نہیں ہے۔

    وادیٔ کاغان آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ ونٹر ٹور ازم کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

    دریں اثنا ملک کے بالائی علاقوں میں روئی کے گالوں کی برسات جاری ہے، برف پوش وادیوں کا حسن مزید نکھر گیا ہے، بلوچستان والوں پر بھی قدرت مہربان ہو گئی، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے بیش تر شہروں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    اسکردو، کالام، مالم جبہ، سوات، دیر، چلاس اور وادی نیلم میں بھی پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، جس کی وجہ سے جنت نظیر وادیوں کے حسن کو چار چاند لگ گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بارش کا نیا سسٹم داخل، کراچی اور بلوچستان میں‌ ایمرجنسی نافذ

    بارش اور برف باری سے بلوچستان بھی ٹھنڈا ٹھار ہو گیا، زیارت میں برف باری نے ہر منظر دل کش بنا دیا، درخت اور پہاڑ برف میں چھپ گئے۔

    کوئٹہ میں کالی گھٹاؤں نے رنگ جما دیا، ٹپ ٹپ برستی بوندوں نے سردی کی شدت بڑھا دی، مستونگ، گوادر، پسنی اور چمن میں بھی رم جھم نے موسم کو مزید سرد کر دیا۔