Tag: پاکستان میں باکسنگ

  • پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کل اسلام آباد پہنچیں گے

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کل اسلام آباد پہنچیں گے

    لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کل اسلام آباد پہنچیں گے، عامر خان لائن آف کنٹرول پر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی چیمپئن لائٹ ویٹ باکسر عامر خان کل اسلام آباد پہنچ کر ایل او سی کا دورہ کریں گے۔

    باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ اظہارِ یک جہتیٔ کشمیر سے متعلق آیندہ کا پروگرام جلد جاری کریں گے۔

    خیال رہے کہ عامر خان نے گزشتہ روز اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بھارت کے یک طرفہ اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ بربریت پر لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ کشمیر میں بد ترین صورت حال کے حوالے سے وسیع سطح پر آگاہی پھیلانا چاہتے ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں پاکستانی نژاد باکسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیوں اور کشمیر میں نسل کشی کے خلاف آواز بنیں گے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں  21ویں روز بھی کرفیو

    باکسر عامر خان نے ایل او سی پر مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے کا موقع فراہم کرنے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

    گزشتہ روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر ان کی نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    یاد رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آج 21 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

  • پاکستان کی پہلی پروفیشنل سپر باکسنگ لیگ کی افتتاحی تقریب جمعرات کو ہوگی

    پاکستان کی پہلی پروفیشنل سپر باکسنگ لیگ کی افتتاحی تقریب جمعرات کو ہوگی

    کراچی: پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے پہلی بار پیشہ ورانہ سطح پر باکسنگ لیگ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے، جس کی افتتاحی تقریب جمعرات کو منعقد ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں سپر باکسنگ لیگ کی لانچنگ تقریب سے باکسنگ کے فروغ کا ایک نیا دور شروع ہوجائے گا، ملک میں بہترین باکسنگ مقابلے منعقد ہوں گے۔

    سپر باکسنگ لیگ کے چیئرمین مشہور باکسر عامر خان اور سلمان اقبال ہیں، دونوں مل کر ملک میں باکسنگ مقابلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔

    پاکستان میں باکسنگ مقابلوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کرکٹ کے میدان کے نام ور کھلاڑی بھی میدان میں آگئے ہیں، وسیم اکرم اور شاہد آفریدی مختلف ٹیموں کے مالک ہوں گے۔

    کرکٹ کی تاریخ کے عظیم باؤلرز میں سے ایک اور کرکٹ میں ریورس سوئنگ متعارف کرانے والے سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے ملتان نوابز کی فرنچائز حاصل کی ہے۔

    دوسری طرف اپنے جارحانہ کھیل کے لیے پسند کیے جانے والے آل راؤنڈر اور ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے شاہد آفریدی پختون وارئیرز کے مالک ہیں۔

    پاکستان میں سپرباکسنگ لیگ جلد شروع کی جائےگی، عامرخان


    کراچی کوبراز کے مالکان اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال اور اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول پروگرام ’جیتو پاکستان‘ کے میزبان فہد مصطفیٰ ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں سپر باکسنگ لیگ شروع کرنا چاہتے ہیں، جس میں خواتین بھی حصہ لےسکیں گی، یہ پروفیشنل لیگ ہوگی اور اس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔