Tag: پاکستان میں پہلی بار

  • پاکستان میں پہلی بار شمسی توانائی سے چلنے والی کشتی تیار

    پاکستان میں پہلی بار شمسی توانائی سے چلنے والی کشتی تیار

    لاہور : پاکستان کی ہونہار طالبہ نے ملک میں پہلی بار شمسی توانائی سے چلنے والی کشتی بنا کر سب کو حیران کردیا، مذکورہ کشتی میں تمام جدید قسم کی سہولیات موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے ) لاہور کی طالبہ فاطمہ اقبال نے شرکت کی اور اپنی جدید اور لگژری واٹر کرافٹ (کشتی) کی تیاری کے حوالے سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ پروجیکٹ میں نے اپنے فائنل ایئر کیلئے منتخب کیا تھا تاکہ مستقبل میں پاکستان میں سیاحوں کو آمدورفت کے جدید اور آسان سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس کشتی پر 70 لاکھ روپے لاگت آئی ہے اور اسے تیار کرنے میں چھ ماہ کا وقت لگا اس میں 6افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور گھومنے پھرنے کے علاوہ مچھلی کے شکار کیلئے بھی تمام سہولیات موجود ہیں۔

    جدید لگژری کشتی تیار کرنے والی طالبہ فاطمہ اقبال نے بتایا کہ میں نے کشتی کا ایسا ماڈل تیار کیا ہے جو دنیا میں کسی بھی خوبصورت اور جدید واٹر کرافٹ کے مقابلہ میں کسی سے کم نہیں۔ اس میں لگژری کے علاوہ سولرپاور، جی پی ایس سسٹم، اے وی این سسٹم اور ضروری حفاظتی فیچرز جدید مہارت سے استعمال کیے گئے ہیں۔

  • پاکستان میں پہلے ’اے آئی‘ کی مدد سے تیار’گانے‘کی ویڈیو کیسے بنی؟

    پاکستان میں پہلے ’اے آئی‘ کی مدد سے تیار’گانے‘کی ویڈیو کیسے بنی؟

    ملکی تاریخ میں پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) یعنی مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایک گانا تیار کیا گیا ہے جسے بہت پسند بھی کیا جارہا ہے۔

    پاکستان کے آئی ٹی کے ماہر نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایسا گانا متعارف کرایا ہے جس نے سننے والوں کو بھی خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں اس گانے کے خالق اور آئی ٹی ایکسپرٹ امجد میانداد نے اپنی اس شاندار کاوش کے بارے میں ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس گانے کی شاعری میں نے خود لکھی ہے، مکسنگ ، ایڈیٹنگ اور ایفیکٹس بھی میرے ہیں لیکن آواز کمپیوٹر کی ہے اور اس کی ویڈیو میں کچھ مناظر اے آئی سے لیے گئے ہیں جبکہ دیگر فوٹیجز بھی ہیں جس کا کریڈٹ متلقہ فنکاروں کو بھی دیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے گانے کی انفرادیت یہی ہے کہ اس کی آواز کسی اور گلوکار سے نہیں ملتی یہ ایک نئی آواز اور نیا کام ہے اس سے پہلے گانوں کو کمپیوٹر کے ذریعے ری مکس کیا جاتا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے مقامی نیوز چینلز کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) یعنی مصنوعی ذہانت سے لیس نیوز اینکرز بھی متعارف کرائے جاچکے ہیں۔

  • پاکستان میں پہلی بار خواجہ سرا نیوزکاسٹر متعارف

    پاکستان میں پہلی بار خواجہ سرا نیوزکاسٹر متعارف

    لاہور : ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی نیوز چینل پر خواجہ سرا کو بطور نیوز کاسٹر متعارف کرادیا گیا ہے مارویہ ملک نامی نیوز کاسٹر کی سلیکشن پر مختلف حلقوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایک نجی نیوز چینل کی انتظامیہ نے ایک خواجہ سرا کو نیوز اینکر کیلئے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے،جس کے بعد سوشل میڈیا پر ٹی وی چینل کے اس اقدام کو کافی حد تک سراہا جا رہا ہے۔

    مارویہ ملک اب باعزت طریقے سے نہ صرف اپنا روزگار کمائیں گی بلکہ ان کی آمد سے خواجہ سرا برادری کو ایک مثبت پیغام بھی جائے گا۔

    لاہور سے تعلق رکھنے والی مارویہ ملک گریجویشن کی طالبہ ہیں، مارویہ ملک پہلی بار نیوز کاسٹر کے طور پر ٹی وی پر آئی ہیں لیکن وہ شو بزنس میں نئی نہیں ہیں، اس سے قبل وہ کئی فیشن شوز میں معروف ماڈلز کے ساتھ ماڈلنگ کر چکی ہیں۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق مارویہ ملک کا کہنا ہے کہ میں نے پنجاب یونیورسٹی سے جرنلزم میں گریجویشن کیا ہے اور جرنلزم ہی میں اب ماسٹرز کرنے کا ارادہ ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ جب مجھے انٹرویو کے بعد چینل کی انتظامیہ نے خوش آمدید کہتے ہوئے یہ بتایا کہ ہم آپ کو ٹریننگ بھی دیں گے تو فرط جذبات سے میری آنکھوں میں آنسو آگئے، مارویہ نے بتایا کہ آنسو اس لیے آئے کہ جو خواب میں نے دیکھا تھا اس کی پہلی سیڑھی میں چڑھ گئی ہوں۔

    انہوں نے اپنے بارے میں مزید بتایا کہ ان کے گھر والوں نے انہیں میٹرک تک تعلیم دلوائی اور اس کے بعد انہوں نے گریجویشن تک کی تعلیم کا خرچہ خود اٹھایا ہے اور ماسٹرز کے لیے بھی خرچہ وہ خود ہی اٹھائیں گی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں خواجہ سرا کے اندراج کے ساتھ پہلا پاسپورٹ جاری

    واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستانی تاریخ میں پہلی بار پاسپورٹ میں جنس کے زمرے میں خواجہ سرا کا اندراج کردیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جہاں سرکاری دستاویزات میں خواجہ سرا کو ایک علیحدہ جنس کے طور پر درج کیا جارہا ہے۔

    اس سلسلے میں سرکاری طور پر تو کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم خیبر پختونخواہ میں خواجہ سراؤں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ادارے ٹرانس ایکشن پاکستان نے سوشل میڈیا پر اس اہم اقدام کا اعلان کیا۔

     مزید پڑھیں: بھارت کی تاریخ  پہلی بار خواجہ سرا جج تعینات

    اس کے علاوہ بھارت میں پہلی بار ایک خواجہ سرا کو عوامی عدالت کا جج مقرر کردیا گیا جس کے بعد وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خواجہ سرا بن گئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان میں پہلی بار دہشت گردوں کی تصویری البم تیار

    پاکستان میں پہلی بار دہشت گردوں کی تصویری البم تیار

     خیبر پختونخوا :انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی تصاویر پر مشتمل البم تیار کرلیا گیا ہے، دہشتگردوں کی تصاویر اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    دہشتگردی کا خاتمہ کیسے ممکن ہوگا ور مطلوب دہشتگردوں کو شکنجے میں کیسے پھانسا جائے گا، جہاں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں، وہیں پہلی بار ملک میں چھ سو پندرہ دہشتگردوں کی تصاویر پر مشتمل البمس مرتب کر لئے گئے ہیں۔

    ایک سو ایک تصاویر پر مبنی پہلا فوٹو البم جاری کردیا گیا ہے، انوکھے فوٹو البم میں سب سے پہلی تصویر کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی ہے جبکہ دوسری کالعدم لشکر اسلام کے منگل باغ کی لگائی گئی ہے۔

    کالعدم تنظیموں کے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے ہے، جن کے سروں کی قیمت ایک کروڑ سے لیکر دس لاکھ روپے تک مقرر ہے ۔

    دہشتگردوں کی تصاویر نادرا سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں سے اکٹھی کی گئیں ہیں، دہشتگردوں کے فوٹو البمز صوبے بھر کے ڈی پی اوز اور پولیٹیکل انتظامیہ کو ارسال کئے جائیں گے ۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری پر اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔