Tag: پاکستان میں کھیل

  • آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: پاکستان ٹیم چھٹی پوزیشن بچانے میں کامیاب

    آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: پاکستان ٹیم چھٹی پوزیشن بچانے میں کامیاب

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں کلین سویپ شکست کے باوجود چھٹی پوزیشن بچانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ایک روزہ کرکٹ کی عالمی رینکنگ کا اعلان کر دیا، آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ٹیم کلین سویپ شکست کے باوجود چھٹی پوزیشن بچانے میں کامیاب رہی ہے۔

    [bs-quote quote=”ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پاکستان 135 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    آسٹریلیا نے عرب امارات میں پاکستان کو ون ڈے سیریز میں 0-5 سے شکست دی لیکن اس سے ٹیم کے پوائنٹس ٹیبل میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا اور وہ 108 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہی براجمان ہے۔

    ون ڈے کی نئی عالمی درجہ بندی میں انگلینڈ کی ٹیم 123 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جب کہ انڈیا 120 پوائنٹس سے دوسرے نمبر پر ہے، نیوزی لینڈ 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، جنوبی افریقہ بھی 112 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

    آسٹریلیا سے کلین سویپ شکست کے بعد پاکستانی ٹیم 100 پوائنٹس سے 97 پوائنٹس پر سرک گئی لیکن اس کی چھٹی پوزیشن برقرار رہی۔ دوسری جانب ٹیسٹ رینکنگ میں بدستور بھارت سر فہرست ہے جب کہ پاکستانی ٹیم ساتویں پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ون ڈے سیریز، آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں کام یابی کے بعد نیوزی لینڈ 108 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، 105 پوائنٹس کے ہم راہ جنوبی افریقا کی تیسری پوزیشن ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ دونوں کے 104 پوائنٹس ہیں اور یہ عالمی رینکنگ میں بالترتیب چوتھے اور پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

    سری لنکا کی 93 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن ہے جب کہ پاکستان 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے، 77 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز آٹھویں، 69 پوائنٹس کے ساتھ بنگلا دیش نویں اور 13 پوائنٹس کے ساتھ زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔

    دوسری طرف آئی سی سی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پاکستان 135 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے، انڈیا 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور انگلینڈ 121 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔

  • ایک قدیم کھیل میں پاکستانی گھڑ سوار ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب

    ایک قدیم کھیل میں پاکستانی گھڑ سوار ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب

    تلمبہ: پنجاب کے چھوٹے سے شہر تلمبہ میں روایتی ڈھول تاشے اور شہنائی کی آوازوں کی گونج میں پاکستانی گھڑ سوار قدیم کھیل ٹینٹ پیگنگ میں ورلڈ ریکارڈ بنانے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

    کھیل کے دوران مختلف رنگوں کے شوخ ویسکوٹ پہنے گھڑ سواروں نے اپنے نیزے زمین میں گڑے لکڑی کے کھونٹوں کو نشانہ بنا کر اپنی مہارت کا ثبوت دیا، کیوں کہ مٹی میں کھیلے جانے والے اس کھیل میں گرد میں چھپ جانے والے کھونٹے کو نشانہ بنانا آسان نہیں ہوتا۔

    گھڑ سواری کے اس کھیل کے لیے ایک مشاق گھڑ سوار کی ضرورت ہوتی ہے جسے سرپٹ دوڑتے گھوڑے کی پشت پر سے نیزہ زمین میں گڑے کھونٹے میں چھیدنا پڑتا ہے۔

    مقامی سیاست دان شوکت حیات بوسان کا کہنا ہے کہ یہ جوان شیروں کا کھیل ہے، جس کے لیے نہ صرف ایک اچھے گھوڑے کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ ایک اچھے سوار کی بھی۔

    کھیل کے آرگنائزر صاحب زادہ سلطان محمد علی کا کہنا ہے کہ ٹینٹ پیگنگ کے اس کھیل سے متعلق کوئی ریکارڈ گنیز بک میں نہیں تھا، لیکن اب ہم نے 120 گھوڑوں کے 166 سیکنڈز میں فنش لائن تک پہنچنے کا ریکارڈ بنا لیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دیگر عالمی ریکارڈز میں یہ ریکارڈ بھی شامل ہے کہ 90 کھونٹے ایک ساتھ نیزوں کے ذریعے نکالے گئے۔ انھوں نے بتایا کہ ریکارڈز بنائے جا چکے ہیں تاہم اب انھیں گنیز بک کے حکام کی طرف سے توثیق کا انتظار ہے۔

    خیال رہے کہ ٹینٹ پیگنگ کا کھیل برّ صغیر کا صدیوں پرانا ایک ایسا کھیل ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ختم ہو رہا ہے، جو صرف پنجاب میں زندہ ہے، تاہم عالمی ریکارڈز قائم ہونے کے بعد امید ہے کہ عالمی سطح پر اس کھیل کو توجہ میسر آئے گی۔

    کھیل میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے حکومت سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کھیل کو وہ اپنے بل بوتے پر فروغ دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 2018 میں پاکستان نے پہلی بار متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔