Tag: پاکستان-نیوز

  • پاکستانی بیٹنگ لائن سے متعلق انگلش فاسٹ بولر کا اہم بیان

    پاکستانی بیٹنگ لائن سے متعلق انگلش فاسٹ بولر کا اہم بیان

    انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائین اپ کافی مضبوط ہے، کسی ایک کھلاڑی پر فوکس نہیں کیاہوا، بابر اعظم کی وکٹ اہم ہے لیکن دیگر بیٹرز کو بھی ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔

    راولپنڈی میں پریکٹس سیشن کے بعد پریس کانفرنس میں انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کہا کہ گراؤنڈ اور پچ کے مطابق لائحہ عمل بنائیں گے۔

    انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ خوش ہوں کہ پاکستان میں 17 سالوں کے بعد آیاہوں یہاں ہمارا شاندار استقبال کیا گیا، پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے پر جوش ہیں۔

    مہمان ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز مختلف ہیں، سیریز میں مقابلہ اچھا ہوگا، ہمارے پاس اچھے پلئیرز ہے بہترین کارکردگی دیکھانے کی کوشش کریں گے۔

    فاسٹ بولر نے کہا کہ دبئی میں پرانی گیند سے باؤلنگ کروا کر پریکٹس کی ہے، پاکستان میں مختلف اور چیلنجنگ کنڈیشنر  میں کھیلنے کا موقع ملےگا۔

    انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس ایسے اسکلز ہیں کہ کسی بھی کنڈیشنر میں باؤلنگ کرسکتا ہوں اس لیے میری کوشش ہوتی ہے کہ  نوجوان کھلاڑیوں سے اپنا تجربہ شئیر کروں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

    یکم دسمبر کو کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ دونوں ملکوں کے درمیان پاک سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ ہوگا۔

  • آئی ایم ایف کا پاکستان کی بات ماننے سے انکار ، مزید مطالبات سامنے رکھ دیے

    آئی ایم ایف کا پاکستان کی بات ماننے سے انکار ، مزید مطالبات سامنے رکھ دیے

    اسلام آباد : آئی ایم ایف نے پاکستان کی بات ماننے سے انکار کرتے ہوئے مذاکرات کیلئے مزید مطالبے سامنے رکھ دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ڈوبتی معیشت کیلئےایک اور بُری خبر آگئی، آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ اور ایف بی آر کی بات ماننے سے انکار کردیا اور مزید مطالبات سامنے رکھ دیے۔

    آئی ایم ایف وزارت خزانہ اورایف بی آرکی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوسکا، جس کے بعد وزارت خزانہ اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات اخراجات رپورٹ پررک گئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد نے نویں جائزہ مذاکرات کیلئے وزارتِ خزانہ سے اخراجات میں کمی اور ایف بی آر سے آمدن مزید بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قرض کی قسط کیلئےرواں مالی سال کیلئے اخراجات رپورٹ اورسیلاب کے باعث اخراجات بڑھنے کی رپورٹ مانگی ہے، وزارت خزانہ اورایف بی آر نے رواں ماہ تک رپورٹ دینے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سیلاب سے اخراجات بڑھیں گے اور پرائمری سرپلس کا ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا ، صوبوں کو دیے گئے سرپلس کا ہدف بھی حاصل نہیں کیاجا سکے گا، نتیجتاً وزارت خزانہ اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مزید تعطل کا شکار ہوں گے۔

  • انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرےگا

    انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرےگا

    17 سال بعد پاکستان آنے والا انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ صبح 10 سے 1 بجے تک پریکٹس سیشن کرےگا، اس کے علاوہ 29 اور 30 نومبر کو بھی راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن منعقد کیا جائے گا۔

      ذرائع کا کہنا ہے کہ پریکٹس سیشن کے بعد ہیڈکوچ برینڈن میک کولم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، انگلش کرکٹ ٹیم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب متحدہ عرب امارات سے اسلام آباد پہنچی تھی۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

    یکم دسمبر کو کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ دونوں ملکوں کے درمیان پاک سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ ہوگا۔

  • آئی ایم ایف نے پھر مطالبہ کر دیا

    آئی ایم ایف نے پھر مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد: آئی ایم ایف نے ایک بار پھر پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے معاشی استحکام کے لیے اصلاحات کا عمل تیز کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پریز روئز نے روئٹرز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو شدید معاشی مسائل کا سامنا ہے، اور افراط زر دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

    ایسٹر پریز نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی تیزی سے کمی آ رہی ہے، پاکستان معاشی اصلاحات کے عمل میں تیزی لائے۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستانی حکام سے انسانی امداد کو پہلی ترجیح بنانے کی پالیسیوں پر بھی بات کر رہے ہیں، ہم پاکستان میں مستحقین کو زیادہ مؤثر طریقے سے امداد دینا چاہتے ہیں۔

    پاکستان میں ریکوری پلان کی بروقت تیاری ضروری ہے، آئی ایم ایف

    ایسٹر پریز روئز نے کہا متاثرین کی ضروریات کو ہدف بنا کر امداد پہنچانا ہوگی، لیکن ریکوری پلان کی بروقت تیاری بھی ضروری ہے۔

  • شہباز حکومت کے 7 ماہ میں تمام معاشی اشاریوں میں شدید بگاڑ

    شہباز حکومت کے 7 ماہ میں تمام معاشی اشاریوں میں شدید بگاڑ

    اسلام آباد: ملک میں نئی حکومت آنے کے بعد سے گزشتہ 7 ماہ میں تمام معاشی اعداد و شمار الٹ پلٹ ہوگئے، سرمایہ کاری، برآمدات اور زرمبادلہ ذخائر میں شدید کمی واقع ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ 7 ماہ میں تمام معاشی اعداد و شمار میں شدید بگاڑ پیدا ہوگیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ سے 73 کروڑ ڈالر نکال لیے گئے، نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 46 فیصد سرمایہ کاری بھی گھٹ گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 27 فیصد گھٹ گئے، گزشتہ 7 ماہ میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 2.8 ارب ڈالر کم ہو کر 7.9 ارب ڈالر رہ گئے، کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر بھی 6 فیصد کمی کے بعد 34 کروڑ ڈالر کم ہو کر 5.8 ارب ڈالر رہ گئے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں 19 فیصد کمی ہوئی، زرمبادلہ ذخائر 3.2 ارب ڈالر کم ہو کر 13.7 ارب ڈالر رہ گئے۔

    گزشتہ 7 ماہ میں ڈالر 40.3 روپے مہنگا ہو کر 223.2 روپے تک جا پہنچا۔

    گزشتہ 7 ماہ میں مہنگائی بھی دگنی ہوگئی، مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 13.4 سے بڑھ کر 26.6 فیصد ہوگئی، گزشتہ 7 ماہ میں پیٹرول 35 روپے مہنگا ہو کر 225 روپے لیٹر ہوگیا جبکہ ڈیزل 85 روپے لیٹر مہنگا ہو کر 235 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا۔

    اپریل 2022 میں برآمدات 2.7 ارب ڈالر رہیں جبکہ اکتوبر 2022 میں برآمدات 2.3 ارب ڈالر ہوگئیں، اپریل 2022 میں ٹیکسٹائل برآمدات 1.76 ارب ڈالر تھیں جو اکتوبر 2022 میں 1.42 ارب ڈالر ہوگئیں۔

    اپریل 2022 میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر 3.1 ارب ڈالر تھیں جو اکتوبر 2022 میں 2.2 ارب ڈالر ہوگئیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اپریل 2022 میں بینکوں کا شرح سود 5.2 فیصد سے بڑھ کر 15.5 فیصد تک جا پہنچا۔

  • آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں: بلاول بھٹو

    آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہمارے بچے ہیں، آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہمارے بچے ہیں، بچوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج کے بچے کل کے لیڈر ہیں، پاکستان کو داخلی و خارجی محاذ پر متعدد مشکلات کا سامنا ہے، ہماری اولین ترجیح ہمارے بچوں کا مستقبل ہونا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ آج ہم پولیو سے پاک ملک بننے کے قریب ہیں، یقینی بنانا ہوگا کہ ہر بچے کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات تک رسائی حاصل ہو۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے بچوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تباہی کے نتیجے میں تقریباً 19 ہزار اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے، ہم مستقبل میں موسمیاتی آفات کا شکار پوری دنیا کے مقدمے کو لڑ رہے ہیں۔

  • حکومت کی ناقص پالیسیاں، صنعتوں کا بھٹہ بیٹھ گیا

    حکومت کی ناقص پالیسیاں، صنعتوں کا بھٹہ بیٹھ گیا

    اسلام آباد: موجودہ حکومت کی بدلتی پالیسیز نے صنعتی ترقی کو بری طرح متاثر کیا ہے اور صنعتکاروں کے لیے صنعتیں چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

    رواں مالی سال 23-2022 کے ابتدائی 2 ماہ میں مختلف صنعتیں شدید گھاٹے میں رہیں۔

    ٹیکسٹائل کی صنعت میں 3 فیصد، پیٹرولیم کی صنعت میں 16 فیصد اور ادویہ سازی کی صنعت میں 32 فیصد کمی آئی۔

    آٹو انڈسٹری کی پیداوار میں 19 فیصد اور مشینری کی پیداوار میں 38 فیصد کمی آئی ہے۔

    صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت میں گیس اور بجلی بہت مہنگی کردی گئی ہے، ٹیکسز اور مارک اپ میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ قرضوں کی شرح سود بھی بڑھا دی گئی ہے۔

    ایسی صورت میں یہاں مال تیار کرنا اور ایکسپورٹ کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے کیونکہ وہی اشیا دیگر ممالک سستے داموں فروخت کر رہے ہیں، ان حالات میں ہم باہر کی مارکیٹس سے مقابلہ نہیں کرسکتے۔

    ایک اور صنعتکار کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں ایکسپورٹ انڈسٹری تباہ ہوچکی ہے، تعمیری صنعت کا بھٹہ بیٹھ گیا، خام مال کی قیمت آج الگ ہوتی ہے چار دن بعد اس میں مزید اضافہ ہوچکا ہوتا ہے۔

    تاجروں اور صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت یہی روش اپنائے رہی تو ملکی معیشت تباہی کے گڑھے میں جا گرے گی۔

  • 3 ماہ کے لیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ

    3 ماہ کے لیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے صنعتوں کو 15 نومبر سے اگلے 3 ماہ کے لیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے صنعتوں کو 3 ماہ کے لیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ صنعتوں کو 15 نومبر سے 28 فروری تک گیس کی فراہمی بند رہے گی، گیس کی کمی کی وجہ سے صنعتوں کو گیس فراہم نہیں کر سکتے۔

    ایس ایس جی سی کا مزید کہنا ہے کہ پہلی ترجیح بلوچستان اور سندھ کے گھریلو صارفین ہیں، فیصلہ گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت کیا گیا ہے۔

  • ورلڈ کپ فائنل: پہلا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کا قومی کرکٹ ٹیم کے لیے پیغام

    ورلڈ کپ فائنل: پہلا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کا قومی کرکٹ ٹیم کے لیے پیغام

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں، پوری قوم کی دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج پاکستانی ٹیم کے لیے میرا وہی پیغام ہے جو 1992 میں اپنی ٹیم کو دیا تھا۔

    عمران خان نے کہا کہ آج کے دن کا لطف اٹھائیں کیونکہ ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع مشکل سے ملتا ہے، آپ جیت جائیں گے اگر خطرہ مول لینے کو تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مخالفین کی غلطیوں کو کیش کر سکتے ہیں، قومی ٹیم کے کھلاڑی جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں۔ پوری قوم کی دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل: بارش کی پیشگوئی، میچ کے قوانین میں تبدیلی

    ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل: بارش کی پیشگوئی، میچ کے قوانین میں تبدیلی

    انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے اتوار کے روز ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے قوانین میں تبدیلی کر دی۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کا فائنل اتوار کے روز میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا تاہم محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کے روز میلبرن میں شدید بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

    ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے ورلڈ کپ کا فائنل فیصلہ کن بنانے کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کر دی ہے، اتوار کو بارش کی صورت میں میچ ادھورا رہ جائے تو میچ اگلے روز یعنی سوموار کو مکمل کیا جائے گا۔

    ریزرو ڈے والے روز یعنی پیر کو بھی میچ کا نتیجہ نہ آنے کی صورت میں کھیل کا اضافی دورانیہ 2 گھنٹوں سے بڑھا کر 4 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔

    آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہوگی کہ میچ اتوار کو ہی مکمل ہو جائے، بارش کی صورت میں اگلے دن سوموار یعنی ریزرو ڈے پر مقابلہ 3 بجے شروع کیا جائے گا۔

    ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے مطابق کسی بھی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ میں ہر سائیڈ کے لیے کم از کم 10 اوورز کا کھیل ضروری ہے اور میچ کو مکمل کرنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا فیصلہ میچ والے روز لیا جائے گا۔

    آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل مکمل کرنے کے لیے اتوار کے روز ہی فیصلے لیے جائیں گے کہ آیا میچ کو مکمل کرنے کے لیے اوورز کی تعداد کم کی جائے یا پھر اگر میچ اتوار کے روز ممکن نہ ہو تو میچ کو اگلے روز جاری رکھا جائے۔