Tag: پاکستان-نیوز

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سرکاری دورے پر جرمنی روانہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سرکاری دورے پر جرمنی روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر وفد کے ہمراہ جرمنی روانہ ہوگئے ہیں، انہیں دورے کی دعوت جرمن وزیر خارجہ نے دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزیر خارجہ کی دعوت پر شاہ محمودقریشی جرمنی روانہ ہوگئے،  وزیر خارجہ اپنے دو روزہ دورے کے دوران ، جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس، جرمنی کی پارلیمنٹ کے صدر وولف گانگ شوئبلے سمیت اہم قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    دورے کے دوران دونوں وزرائےخارجہ دوطرفہ تعاون بڑھانےپر بات چیت کریں گے جبکہ وزیرخارجہ کی جرمن ہم منصب سے وفد کی سطح پر بھی بات چیت ہوگی، جس میں دونوں وزرائے خارجہ پاک جرمنی تعلقات کاجائزہ لیں گے اور تجارت،سرمایہ کاری،صحت،دفاع، تعلیم، سیاحت کے شعبوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس سال پاکستان اور جرمنی سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ منارہےہیں ، یورپی یونین میں جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جرمنی میں ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی کمیونٹی موجودہیں، جرمن وزیرخارجہ نےمارچ 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

  • "جنوبی پنجاب بدلے گا تو پنجاب بدلے گا”

    "جنوبی پنجاب بدلے گا تو پنجاب بدلے گا”

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ حکومت کا منصوبہ ہے کوئی سبوتاژ نہیں کرسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

    ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب ہماری کمٹمنٹ ہےاسےنبھائیں گے،  جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ حکومت کا منصوبہ ہےکوئی سبوتاژ نہیں کرسکتا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مستقل ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات ہوگا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کی32 فیصد آبادی کیلئے17فیصد بجٹ دیا گیا،موجودہ حکومت نے اسکولوں کی اپ گریڈیشن میں جنوبی پنجاب کو 38 فیصد حصہ دیا، پسماندہ اوردور دراز علاقوں میں نئےاسکول،ڈسپنسریاں بنائینگے۔

    رکن قومی اسمبلی سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگلےبجٹ میں جنوبی پنجاب کےلئے الگ اےڈی پی بک بنائیں گے کیونکہ جنوبی پنجاب بدلے گا تو پنجاب بدلے گا۔

  • "پاکستان میں جمہوریت کی امید عمران خان ہیں”

    "پاکستان میں جمہوریت کی امید عمران خان ہیں”

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ڈسکہ الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار کی شکست پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی امید عمران خان ہیں، عمران خان کے مقابلے میں کوئی سیاسی قد کاٹھ کا لیڈر نہیں ہے، ملک کا مستقبل پی ٹی آئی اور عمران خان کی کامیابی سے وابستہ ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول،مریم کو ملک کا لیڈر تسلیم کرنا جمہوریت کےمنہ پرتھپڑ جیسا ہے،نواز شریف کا کوئی نظریہ نہیں نہ ہی ن لیگ کوئی نظریاتی جماعت ہے، ایک طویل عرصہ اقتدار میں رہنےکی وجہ سے مفاداتی ٹولہ بن جاتا ہے، ان حواریوں کونظریاتی نہیں کہاجاسکتا۔

    یہ بھی پڑھیں: ’’الیکشن چھوڑیں، پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ دیکھیں‘‘

    وفاقی وزیر نے ذومعنی جملے استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکہ میں ن لیگ نہیں جیتی پی ٹی آئی ہاری ہے، اسکی وجوہات ہیں جن کی طرف میں پارٹی کےاندر توجہ دلاتا ہی رہا ہوں، پی ٹی آئی کو اپنی صفیں درست کرنا ہوں گی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ضمنی انتخابات میں میدان مارا، تمام360پولنگ اسٹیشنز کےغیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی نوشین افتخار ایک لاکھ 11ہزار 220ووٹ لے کر کامیاب قرار پائی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی92019ووٹ لے کر پیچھے رہے۔

  • کرونا کے وار جاری، مزید 114 افراد جاں بحق

    کرونا کے وار جاری، مزید 114 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: کرونا وبا کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی جان لیوا وائرس نے آج بھی 114 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جب کہ 5 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے کرونا وائرس سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے مزید 5 ہزار 50 کیسز سامنے آئے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 114 رہی جبکہ کرونا میں مبتلا ہوکر انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 443 ہوگئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ ایک روز کے دوران 46 ہزار 66 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، ملک میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 73 ہزار 875 ہو گئی ہے، اس کے علاوہ وبا سے متاثر 4143 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے مرض سے صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 31 ہزار 700 ہے۔

    این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ مثبت آنے کی شرح 10.96 فیصد رہی۔

  • دلخراش واقعہ: ماں کے ہاتھوں دو کمسن بچوں کا قتل

    دلخراش واقعہ: ماں کے ہاتھوں دو کمسن بچوں کا قتل

    لاہور: لاہور میں دہل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں سنگ دل ماں نے اپنے دو کمسن بچوں کو قتل کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گلشن حیات پارک کے قریب ماں نے اپنے دو بیٹوں کو قتل کردیا، ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں آٹھ سالہ طلحہ اور بارہ سال بلال شامل ہیں، ملزمہ نے دونوں بچوں کو گلے میں رسی ڈال کر ان کی زندگی کا خاتمہ کیا۔

    دلخراش واقعے کے بعد ملزمہ نے خود کو بھی بلیڈ کے وار کرتے ہوئے زخمی کیا، خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پولیس نے اسے اسپتال سے تحویل میں لے لیا جبکہ پولیس نے بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردیا ہے۔

    ماں کے ہاتھوں قتل کئے جانے والے بچوں کے تایا نے پولیس کو بتایا کہ ملزمہ نے اپنی ایک بیٹی کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی، جسے میں نے بروقت اس کی ماں کے چنگل سے بچایا۔

    فوری طور پر واقعے کے اصل محرکات منظر عام پر نہیں آسکے ہیں، پولیس نے خاتون سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • قومی ٹیسٹ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ کیا رہی؟

    قومی ٹیسٹ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ کیا رہی؟

    لاہور: دورہ زمبابوے کے لئے قومی ٹیسٹ کیمپ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور آفیشلزکی دوسری کووڈ ٹیسٹنگ کے نتائج بھی آگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کیمپ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی دوسری کووڈ ٹیسٹنگ کے نتائج بھی منفی آگئے ہیں، کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ زمبابوے کیلئے قومی کیمپ رواں ماہ کی دس تاریخ سے لاہور میں لگے گا، اس کیمپ میں پی سی بی نے مزید چھ کھلاڑیوں کو طلب کیا ہے۔

    ٹیسٹ کیمپ طلب کئے جانے والوں میں روحیل نذیر، تاج ولی، عرفان اللہ شاہ، وقاص مقصود نسیم شاہ اور ثمین گل شامل ہیں، اس کے علاوہ عابد علی، اظہرعلی، فوادعالم ،عمران بٹ اور نعمان علی بھی ٹیسٹ کیمپ کا حصہ ہونگے، جبکہ ساجدخان ، سلمان علی آغا اور شاہنواز ڈاھانی، تابش خان اور زاہد محمود بھی ٹیسٹ کیمپ میں شامل ہیں ،سعود شکیل کی کیمپ آمد فٹنس سے مشروط ہے۔

    قومی ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ گیارہ اپریل سے 20 اپریل تک قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا، جہاں سے قومی اسکواڈ میں شامل 11 کھلاڑی اکیس اپریل کو ہرارے روانہ ہونگے۔

    تربیتی کیمپ کرونا ایس او پیز کے تحت لگایا جائے گا، جہاں اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو کرونا کے دو منفی ٹیسٹ آنے پر بائیو سیکیور ماحول میں داخلے کی اجازت ملے گی، کیمپ کے شرکا کا پہلا کرونا ٹیسٹ ان کی رہائشگاہ جبکہ دوسرا ہوٹل میں لیا جائے گا۔

    پاکستان اور زمبابوے کے مابین 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 29 اپریل سے ہرارے میں ہوگا، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 7 مئی سے شروع ہوگا۔

  • این سی او سی کا رمضان المبارک سے قبل اہم فیصلے کرنے کا عندیہ

    این سی او سی کا رمضان المبارک سے قبل اہم فیصلے کرنے کا عندیہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کرونا سے متعلق موجودہ پابندیوں میں تین روز کی توسیع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا، اجلا میں ملک بھر میں کرونا کے بڑھتے کیسز اور ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق صورت حال پر غور کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وصوبائی حکام نے شرکت کی۔

    این سی او سی نے رمضان المبارک کے دوران کرونا ویکسینیشن پلان پر غور کیا اور فیصلہ کیا کہ عالمی وبا سےبچاؤ سے متعلق کئے گئے تمام فیصلے13اپریل تک نافذالعمل ہونگے جبکہ رمضان المبارک سےمتعلق اہم فیصلے12اپریل کو ہونگے۔

    اجلاس میں شرکا کو بتایا کہ رواں ماہ کافی مقدار میں کرونا ویکیسن پاکستان پہنچے گی۔

    واضح رہے کہ اٹھائیس مارچ کو این سی او سی نے ملک بھر میں ان ڈور، آؤٹ ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ تقریبات پر پابندی کا فیصلہ فوری طور نافذ العمل ہوگا جبکہ ان ڈور، آؤٹ ڈور شادی تقریبات پر پانچ اپریل سے پابندی ہوگی۔

    این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سماجی، کلچرل، سیاسی، کھیلوں کی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی، این سی او سی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ فیصلوں کا اطلاق کرونا کےہائی رسک اضلاع اور شہروں پر ہوگا، آٹھ فیصد مثبت کیسز کی شرح والے اضلاع پر ان فیصلوں کا فوری اطلاق کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کونسے اضلاع کورونا ہائی رسک ہیں؟ این سی او سی نے بتا دیا

    چھ اپریل کو این سی او سی کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ کورونا ہائی رسک اضلاع اور شہروں میں ‏تعلیمی ادارے 27 اپریل تک بند رہیں گے۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ نویں تا بارہویں جماعت کی کلاسز کا دوبارہ آغاز 19 اپریل سے ہو گا، ملک بھر میں امتحانات24 مئی سےشروع ہوں گے،این سی او سی کا کہنا تھا کہ اے اور او لیول کےامتحانات شیڈول کےمطابق ہوں گے۔

  • قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش ملتوی

    قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش ملتوی

    لاہور: بنگلہ دیش میں کرونا کے بڑھتے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن کے باعث قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش ملتوی ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایک چار روزہ اور پچاس اوورز پر مشتمل پانچ میچز کھیلنے کے لیے11 اپریل کو ڈھاکہ روانہ ہونا تھا تاہم بنگلہ دیش میں لاک ڈاؤن لگنے کے باعث روانگی میں چھ روز کی تاخیر کی گئی۔

    بنگلہ دیش حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آنے کی وجہ سے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،جس کے باعث پاکستان انڈر نائنٹین کا دورہ بنگلہ دیش غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  باصلاحیت آل راؤنڈر انڈر19 ٹیم کے کپتان مقرر

    پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں کرکٹ بورڈز اب کرونا وائرس کی صورتحال میں بہتری آنے پر باہمی مشاورت سے دورے کی نئی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔

    دوسری جانب دورے کی تیاریوں کی غرض سے لاہور میں جاری قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بھی فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • "عمران خان کی کرسی جہانگیر ترین کے ہاتھ میں ہے”

    "عمران خان کی کرسی جہانگیر ترین کے ہاتھ میں ہے”

    کراچی: لیگی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کرسی جہانگیر ترین کےہاتھ میں ہے، جہانگیر ترین کے عشائیے میں چالیس ارکان اسمبلی کی شرکت حکومت کے خلاف عدم اعتماد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت سات ارکان کی برتری پر قائم ہے، عمران خان کی کرسی جہانگیر ترین کے ہاتھ میں ہے۔

    لیگی رہنما نے کہا کہ جہانگیر ترین کےعشایئےمیں چالیس ایم این ایز اور ایم پی ایز نے شرکت کی ، عشائیے میں شریک ارکان نےاپنی ہی حکومت کےخلاف عدم اعتمادکا اظہار کیا۔

    سابق وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں سرکس لگا ہوا ہے، جہاں ہر روز ایک نیا تماشہ ہوتا ہے مگر یہ بھی یاد رکھیں کہ سرکس کا ہنٹر ہمیشہ مالک کے پاس ہی ہوتا ہے، حکومت جواب دے وہ کیا کررہی ہے؟۔

    شاہد خاقان عباسی نے ایک بر پھر نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ثابت ہوچکا کہ نیب عوام کے نمائندوں کی آواز دبانے کا سیاسی ادارہ ہے۔

    لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہر روز ملک میں پیٹرول اور بجلی مہنگی ہو جاتی ہے، ہر دوسرے دن نیا ٹیکس لگادیا جاتاہے، یہ کسی کو نہیں پتہ ملک کا وزیرخزانہ کون ہے؟

  • شاندار کامیابی کے بعد پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی

    شاندار کامیابی کے بعد پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی

    لاہور: سہہ ملکی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شاندار فتح کے بعد پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم ڈھاکا سے براستہ دوحہ لاہور پہنچی، قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش میں سہہ ملکی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے نام کیا تھا اور فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دی تھی۔

    بنگلہ دیش میں لاک ڈاؤن کے باعث سہہ ملکی ٹورنامنٹ کو مختصر کردیا گیا تھا اور ایک دن میں دو میچز بھی کھیلے گئے تھے، ٹورنامنٹ اتوار کو ختم ہوا لیکن فلائٹس دستیاب نہ ہونے کے باعث ٹیم کی واپسی جلد ممکن نہ ہوئی۔

    دوسری جانب پروٹیز کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز میں شرکت کے بعد اوپنر امام الحق اور انجرڈ شاداب خان بھی لاہور پہنچ گئے، دونوں کھلاڑیوں نے قومی بلائنڈٹیم کےہمراہ سفر کیا۔

    اس موقع پر قومی کرکٹرز نے بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے والےکھلاڑیوں کےساتھ تصاویربھی بنوائیں۔

    واضح رہے کہ امام الحق ون ڈے سیریزمکمل ہونےکےباعث وطن واپس لوٹے جبکہ شاداب خان انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر ہوگئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سہ ملکی ٹورنامنٹ جیت لیا

    یاد رہے کہ چار  اپریل کو بنگلہ دیش میں جاری سہہ ملکی بلائنڈ ٹورنامنٹ میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بھارت کو 58 رنز سے شکست دی تھی، قومی ٹیم کے 186 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 9 وکٹ پر 127 رنز بناسکی تھی۔

    قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم بھارت کو 58 رنز سے شکست دینے کے بعد مقبول ٹرینڈ ’پاوری‘ میں شامل ہوئی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، وائرل ویڈیو میں بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کہتے ہیں کہ ’یہ میں ہوں، یہ ہماری ٹیم ہے اور بھارت کو شکست دینے کے بعد ہم پاوری کررہے ہیں۔