Tag: پاکستان-نیوز

  • ڈالر کی قدر میں مزید گراوٹ، روپیہ تگڑا ہونے لگا

    ڈالر کی قدر میں مزید گراوٹ، روپیہ تگڑا ہونے لگا

    کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مسلسل گراوٹ کے بعد 17 پیسے مزید سستا ہو گیا ہے۔

    حکومت کی کوششیں رنگ لانے لگیں، ملکی معیشت میں بہتری اور کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی کے بعد ڈالر کے مقابلے روپیہ کی قدر مزید مستحکم ہورہا ہے، جس کے باعث امریکی ڈالر مزید سستا ہوکر بائیس ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔

    فاریکس ڈیلرز کے مطابق آج بھی انٹربینک ڈالر 17 پیسے سستا ہوا، جس کے بعد ڈالر153.02 سےکم ہوکر152.85 روپےکاہوگیا ہے۔

    فاریکس ڈیلرز کا موقف ہے کہ کرونا وبا کے باوجود ملکی معیشت میں بہتری اور کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی کے بعد ڈالر کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس کے ساتھ ساتھ معاشی ماہرین پاکستانی روپے کی مضبوطی کا سبب ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اڑھائی ارب ڈالر کا اضافہ قرار دے رہے ہیں۔

    ماہر معاشیات مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈالر کی گراوٹ اور روپے کی قدر میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ڈالر کی گراوٹ کی سب سے بڑی وجہ آئی ایم ایف کا پروگرام بحال ہونا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کو یورو بانڈز کی مد میں اڑھائی ارب ڈالر موصول ہوئے جس کے بعد ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچے تھے۔

    اقتصادی ماہرین کے مطابق ترسیلات اور برآمدات میں اضافے کے ساتھ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں ڈالر آنے کے بعد روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔

    گذشتہ روز اسٹیٹ بینک کے گورنر نے وزیراعظم کو بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤ نٹ کے ذریعے منتقل ہونے والی رقوم اسی کروڑ ڈالر کی سطح کو عبور کر سکتی ہیں جو خوش آئند ہے۔

  • گرین شرٹس نے نئے معرکے کیلئے کمر کس لی

    گرین شرٹس نے نئے معرکے کیلئے کمر کس لی

    سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کےبعد گرین شرٹس نے ٹی20پر نظریں مرکوز کرلی ہے، اعتماد سےبھرپور بابراعظم ٹی20سیریز جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔

    پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی20سیریزکاپہلا میچ کل کھیلا جائے گا، پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل میزبان جنوبی افریقی ٹیم کو دھچکا لگا ہے، پروٹیز بلے باز روسی وان ڈرڈسن ٹی ٹوینٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ، ڈسن تیسرے ون ڈے سے قبل سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوئے تھے۔

    اس کے علاوہ جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹیمبا باووما بھی ان فٹ ہیں، کپتان ٹیمبا باووما ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد ان کی پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

    ٹی ٹوئنٹی میچز میں دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان اب تک17ٹی20میچزکھیلےگئے، نو میں جنوبی افریقہ اور8میں پاکستان نےکامیابی حاصل کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  شاداب خان کی جگہ کس کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا گیا؟

    دوسری جانب جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں انجرڈ ہونے والے شاداب خان کی جگہ زاہد محمود کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا، شاداب خان کو ڈاکٹرز نے چار ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 21 سے 25 اپریل تک ہرارے میں کھیلی جائے گی۔

  • صدارتی ایوارڈ یافتہ کلاسیکل گلوکار انتقال کرگئے

    صدارتی ایوارڈ یافتہ کلاسیکل گلوکار انتقال کرگئے

    لاہور: کلاسیکل گلوکار استاد مبارک علی خان اکیاسی برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کا شمار پاکستان میں کلاسیکل موسیقی کے سینئر ترین اساتذہ میں کیا جاتا تھا۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق استاد مبارک علی خان مرحوم کچھ دنوں سےعلیل تھے اور لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں ان کا انتقال حرکت قبل بند ہوجانے کے باعث ہوا۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ آج شاہدرہ ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔

    استاد مبارک علی خان کی سوانح عمری

    استاد مبارک علی خان انیس سو سینتیس میں جالندھر کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق موسیقی کے روایتی گھرانے سے نہ تھا، مگر اپنے خاندان میں جاری موسیقی کی روایت کو ایک گھرانے کی سطح پر ضرور لے آئے تھے۔

    آپ کا شمار پاکستان میں کلاسیکل موسیقی کے سینئر ترین اساتذہ میں ہوتا تھا،مرحوم نے انیس سو بانوے میں آل پاکستان موسیقی کانفرنس سے کلاسیکل گائیکی کے ذریعے باقاعدہ گائیکی کا آغاز کیا۔

    سال دوہزار سات میں ان کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا، اسی سال انہیں "ہری بلبھ ایوارڈ” سے بھی نوازا گیا۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر علاج فوجی جوانوں سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر علاج فوجی جوانوں سے ملاقات

    راولپنڈی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن (اے ایف آئی آر ایم) راولپنڈی کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے وہاں زیر علاج جوانوں کے عزم اور حوصلے کی داد دی اور کہا کہ ہماری جری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن (اے ایف آئی آر ایم) راولپنڈی کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر سربراہ آرمی میڈیکل کور لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اور ادارے کے سربراہ نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر خارجہ کو آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج با ہمت اور پرعزم جوانوں سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر خارجہ نے وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کو بھی سراہا اور زیر علاج جوانوں کے عزم اور حوصلے کی داد دی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری جری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔

    انہوں نے خطے میں استحکام کے لیے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اے ایف آئی آر ایم ملک میں مصنوعی اعضا کا بڑا اور جدید مرکز ہے، انسٹی ٹیوٹ میں محاذ جنگ پر زخمی ہونے والے جوانوں کو علاج کے لیے لایا جاتا ہے۔

  • صدر مملکت کے دستخط، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری ختم

    صدر مملکت کے دستخط، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری ختم

    اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے متعلق دوسرے ترمیمی آرڈینس پر صدر مملکت عارف علوی کے دستخط کے بعد کمیشن کی خود مختاری ختم ہوگئی، نظر ثانی شدہ صدارتی آرڈیننس کا اطلاق 26 مارچ سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے متعلق دوسرے ترمیمی آرڈینس پر صدر مملکت عارف علوی کے دستخط کے بعد کمیشن کی خود مختاری ختم ہوگئی۔

    ہائر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق چند ہی روز میں دوسرا صدارتی آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔

    نظر ثانی شدہ صدارتی آرڈیننس کا اطلاق 26 مارچ سے ہوگا، نئے صدارتی آرڈیننس میں، مارچ میں جاری کیے گئے آرڈیننس کی بعض شقوں میں ترمیم کی گئی ہے۔

    ترامیم کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ارکان کی تعداد 10 سے بڑھا کر 13 کر دی گئی، کمیشن میں نجی ارکان کی تعداد 2 سے بڑھا کر 5 کر دی گئی۔ وفاقی وزارت تعلیم سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کا اختیار واپس لے لیا گیا۔

    آرڈیننس کے تحت ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کا اختیار کمیشن کو حاصل ہوگا۔

    اس سے قبل مارچ کے آخری ہفتے میں ایچ ای سی سے متعلق جو آرڈیننس جاری کیا گیا تھا اس میں چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت کم کر کے 2 سال کی گئی تھی۔

    مدت میں کمی کے نتیجے میں چیئرمین طارق بنوری عہدے سے فارغ ہوگئے تھے۔

  • پختونخواہ کے 5 اضلاع میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد ہوگئی

    پختونخواہ کے 5 اضلاع میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد ہوگئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کا کہنا ہے کہ صوبے میں کووڈ 19 کے کیسز مثبت آنے کی شرح 12.3 فیصد رہی، 5 اضلاع میں کرونا کے مثبت کیسز 20 فیصد جبکہ 9 اضلاع میں 10 فیصد رہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ روز صوبے میں 1 ہزار 18 کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تیمور خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز صوبے میں کیسز مثبت آنے کی شرح 12.3 فیصد رہی۔

    انہوں نے بتایا کہ 5 اضلاع میں کرونا کے مثبت کیسز 20 فیصد رہے جن میں پشاور، صوابی، مردان، بونیر اور لوئر دیر شامل ہیں۔ مزید 9 اضلاع میں کرونا وائرس کیسز کے مثبت آنے کی شرح 10 فیصد رہی۔

    تیمور خان جھگڑا نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر کرونا وائرس مثبت آنے کی شرح مستحکم ہے لیکن پھر بھی زیادہ ہے۔

    پختونخواہ سمیت ملک بھر میں گزشتہ روز کرونا وائرس کے 5 ہزار 329 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 7 لاکھ 5 ہزار 517 ہوچکی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں کرونا وائرس سے مزید 98 اموات ہوئیں جس کے بعد کووڈ 19 سے اموات کی مجموعی تعداد 15 ہزار 124 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 66 ہزار 994 ہے جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد 6 لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • پاکستان کا روس کے اشتراک سے کرونا ویکسین مقامی سطح پر تیار کرنے پر غور

    پاکستان کا روس کے اشتراک سے کرونا ویکسین مقامی سطح پر تیار کرنے پر غور

    اسلام آباد: پاکستان نے روس کے اشتراک سے مقامی سطح پر روسی کرونا ویکسین اسپوتنک V کی تیاری پر غور شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستانی اور روسی وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے، روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور شاہ محمود قریشی نے بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

    وزیر خارجہ پاکستان نے سرگئی لاروف کے دورہ پاکستان سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا روسی وزیر خارجہ کا یہ دورہ غیر معمولی نوعیت کا تھا، ہمارے وفود کی سطح پر مذاکرات انتہائی مثبت اور سود مند رہے، اور آئندہ دنوں میں اس کے دو طرفہ تعلقات پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    شاہ محمود نے کہا ہم نے مذاکرات میں روس کے اشتراک سے اسپتونک V ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری پر غور کیا، یہ ویکسین پاکستان میں رجسٹرڈ ہے، اس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں، روس صحت کی سہولیات کے حوالے سے ایک ایڈوانس ملک ہے، اب روس کے اشتراک سے اس ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کے پہلوؤں غور کر رہے ہیں۔

    روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو 50 ہزار ڈوزز مہیا کی ہیں، مزید ڈیڑھ لاکھ ڈوزز فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اور کرونا ویکسین کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن کو دورۂ پاکستان کی دعوت

    پاک روس مذاکرات میں ’نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن‘ منصوبے سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون پر پیش رفت اور انسداد دہشت گردی اور دفاع سمیت سیکیورٹی کے شعبہ جات میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا، دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے بین الحکومتی کمیشن اجلاس پر بھی اتفاق ہوا۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا گیس پائپ لائن منصوبہ سالہا سال سے تعطل کا شکار تھا، اس منصوبے پر ہم نے آمادگی کا اظہار کر دیا ہے، اور منصوبے کے راستے میں تمام اعتراضات بھی دور کر دیے ہیں، اس سلسلے میں ماسکو میں تعینات پاکستانی سفیر کو اختیار بھی دیا جا رہا ہے، وہ ماسکو کی وزارت توانائی سے معاہدے پر دستخط کے مجاز ہوں گے۔

    وزیر خارجہ کے مطابق روس بھی ریلوے اور توانائی کے شعبوں کو جدید خطوط پر ڈھالنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے پر آمادہ ہے، اسٹیل مل کی بنیاد روس نے رکھی تھی، پاکستان نے روس کو اسے دوبارہ بحال کرنے کے لیے دعوت دے دی ہے، ایل این جی کا معاہدہ 2017 میں ہوا اور اس کے بعد کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اس معاہدے پر آگے بڑھنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    شاہ محمود نے بتایا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو وزیر اعظم عمران خان نے دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، پیوٹن کرونا صورت حال میں بہتری کے بعد دورے کی خواہش رکھتے ہیں۔

  • پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز جیت لی

    پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز جیت لی

    سنچورین: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں 28 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سنچورین میں کھیلے جانے والے فیصلہ کن معرکے میں جنوبی افریقی ٹیم 321 رنز کے تعاقب میں 49.3 اوورز میں 292 رنز بناسکی، قومی ٹیم نے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

    ملان، فلک وایو اور کائل ویرینے کی نصف سنچریاں بھی جنوبی افریقہ کو شکست سے نہ بچاسکیں، ملان نے 70 رنز کی اننگز کھیلی، فلاک وائیو اور کائل ویرینے بالترتیب 54 اور 62 رنز بناسکے۔

    اوپنر مرکرام 18 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے، سمٹ کو 17 رنز پر عثمان قادر نے آؤٹ کیا، کلاسن 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    کیشو مہاراج کو 19 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا، بیرن ہینڈرس ایک رن بناسکے۔

    پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور شاہین آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لئے 321 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے مسلسل دوسرے میچ میں پروٹیز کے خلاف دوسری سینچری اسکور کی، فخر زمان 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، امام الحق نے 57 رنز بنائے۔

    کپتان قومی ٹیم بابر اعظم نے 94 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، وہ میچ کے آخری بال پر چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے، بابر اعظم کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

    میچ کے آخری لمحات میں فاسٹ بولر حسن علی نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مل کر 24 گیندوں پر 36 رنز کی شراکت داری قائم کی، حسن علی نے ایک اوورز میں چار چھکے بھی جڑتے ہوئے محض 11 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔

    طویل عرصے بعد فائنل الیون میں شامل ہونے والے سرفراز احمد قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکے اور 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر محمد رضوان 2، آل راؤنڈر فہیم اشرف 1 اور محمد نواز 4 رنز بناسکے۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے کیشومہاراج نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈن مکرم نے دو جبکہ جے جے سمٹ نے ایک وکٹ حاصل کیں۔

    فیصلہ کن معرکے کے لئے قومی ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں گئیں ، طویل عرصے سے اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر سرفراز احمد آج فائنل الیون میں شامل ہوئے ، اس کے علاوہ فاسٹ بولر حسن علی ، محمد نواز بھی ٹیم کا حصہ بنے، ساتھ ہی عثمان قادر  کو ڈے ڈیبیو کرایا گیا۔

    آصف علی ، دانش عزیز، محمد حسنین کو ڈراپ کیا گیا جبکہ انجرڈ شاداب خان سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔

    پاکستانی اسکواڈ میں امام الحق، فخر زمان، بابراعظم ، محمد رضوان، سرفراز احمد، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی ،شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور حارث روف شامل تھے۔

    دوسری جانب نجی لیگ میں شرکت کے باعث جنوبی افریقہ کی آدھی ٹیم تبدیل کی گئی ، رباڈا، نورکیا، ملر،ڈی کوک،اورانگیڈی آج کے اہم ترین معرکے میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے، میچ سے قبل جنوبی افریقہ کے وین ڈرڈوسن انجری کے باعث تیسرے ون ڈے سے باہر ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فیصلہ کن معرکہ، جنوبی افریقہ 5 اہم کھلاڑیوں سے محروم

    قومی کرکٹ ٹیم نے سال دوہزار تیرہ میں پہلی بار پروٹیز کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ سیریز اپنے نام کی تھی۔

    یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹ سے ہرایا جب کہ دوسرے ٹاکرے میں میزبان ٹیم نے17 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، آج پاکستان ٹیم فتح یاب ہوتی ہے تو تاریخ رقم ہوگی۔

  • ایف آئی اے کا مزید شوگر ملز کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ

    ایف آئی اے کا مزید شوگر ملز کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ

    لاہور: شوگر سٹہ بازوں کی جانب سے بیانات ریکارڈ کرانے کے بعد ایف آئی اے نے اپنی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق پندرہ شوگر بروکرز سٹہ گروپس سے متعلق اپنے بیانات ریکارڈ کراچکے، تہلکہ خیز بیانات کی روشنی میں مزید تیرہ شوگر ملز کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ہنزہ شوگر مل ، اشرف شوگرمل ، حسین شوگر، اتحاد شوگر مل ، فاطمہ شوگر مل، کشمیر شوگر سمیت میر پور شوگر مل ، النور شوگر ملز، سورج شوگر مل ، ایس جی ایم شوگر مل اور سندھ باد شوگر ملز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق اس سے قبل آٹھ شوگر ملز مالکان کو نوٹسز بھجوائے، تاحال کوئی پیش نہیں ہوا، مریم نواز کی چوہدری شوگر مل انتظامیہ کو 31مارچ کو طلب کیا گیا تھا، حمزہ شہباز کی رمضان شوگر مل انتظامیہ کو دو اپریل کو طلب کیا گیا تھا جبکہ جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو گروپ کو پہلے دو اپریل کو طلب کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق المعیز شوگر مل کو انتظامیہ پانچ اپریل کو طلب کیا گیا تھا، میاں طیب کی حمزہ شوگر مل انتظامیہ کو آٹھ اپریل کو طلب کیا گیا، ہمایوں اختر کی تاندلیانوالہ شوگر مل انتظامیہ کو 12اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے واضح کیا کہ جہانگیر ترین کے پیش نہ ہونے پر دوبارہ طلبی کا نوٹس بھی بھجوایا گیا ہے۔

    گذشتہ روز شوگر سٹہ باز شیخ منظور عرف حاجی ہیرا سمندری والے نے اپنا بیان ایف آئی اے کو ریکارڈ کراتے ہوئے تہلکہ خیز انکشافات کئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  شوگر سٹہ باز شیخ منظور نے اہم راز افشا کردئیے

    ایف آئی اے کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں شیخ منظور نے بتایا کہ دو ہزار سات سےدو ہزار پندرہ تک چینی کی دکان تھی، سال دوہزار پندرہ میں تاندلیانوالہ شوگر ملز سے چینی کی بروکری شروع کی۔

    شیخ منظور نے ایف آئی اے کو دئیے گئے بیان میں شوگر سٹہ بازی کااعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پانچ سال میں13.5ارب روپےکی چینی کی خریدوفروخت کی، جےڈی ڈبلیو،حمزہ شوگر طیب گروپ کیلئےسٹےکا کاروبار کیا، سویرا گروپ ، المیعز شوگر ملز کیلئے سٹےکا کاروبار کیا، اس کے علاوہ شوگر بروکرز محمود بھلی ، مشتاق پراچہ سے چینی خرید تا تھا۔

  • 80 سالہ بزرگ گھر کا قبضہ چھڑانے کے لیے سالوں سے دربدر بھٹکنے پر مجبور

    80 سالہ بزرگ گھر کا قبضہ چھڑانے کے لیے سالوں سے دربدر بھٹکنے پر مجبور

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 80 سالہ بزرگ اپنے گھر پر قبضے کے کیس کی سماعت کے دوران آبدیدہ ہوگئے، انہوں نے عدالت میں دہائی دی کہ زندگی بھر کی جمع پونجی لگا کر گھر بنایا، اب وہ بھی نہیں رہا۔ سنہ 2013 سے انصاف کے لیے دربدر بھٹک رہا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق 80 سالہ بزرگ پلاٹ پر قبضے کی فریاد لے کر سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوا، برسوں سے انصاف کے لیے دربدر بزرگ شیر علی دوران سماعت آبدیدہ ہوگیا۔

    عدالت میں بزرگ نے کہا کہ غریب آدمی ہوں میرے پلاٹ پر قبضہ ہوگیا ہے، لی مارکیٹ کھجور بازار میں میرا پلاٹ ہے جس پر قبضہ ہے۔ بااثر شخص حاجی احمد نور نے میرے گھر پر قبضہ کیا ہے۔

    بزرگ شہری کا کہنا تھا کہ میرا گھر مسمار کر کے وہاں بلڈنگ بنا دی گئی، حاجی احمد نور نے میرا گھر اپنے بیٹوں کے نام بھی منتقل کر دیا ہے، گھر میں 11 لاکھ روپے موجود تھے مجھے صرف 3 لاکھ دیے گئے۔

    بزرگ شہری نے دہائی دی کہ میرا خدا کے سوا کوئی نہیں ہے میری مدد کریں، سنہ 2013 سے انصاف کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی کی جمع پونچی لگا کر اپنے بچوں کے لیے گھر لیا تھا، اب میرے پاس رہنے کو اپنا گھر تک نہیں۔

    وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹرائل کورٹ نے بھی شہری کے حق میں فیصلہ دیا پھر بھی گھر پر قبضہ کیا گیا، بزرگ شہری کے تمام دستاویزات مکمل ہیں۔