Tag: پاکستان-نیوز

  • "اب باہر جانے کا نہیں واپس آنے کا موسم ہے”

    "اب باہر جانے کا نہیں واپس آنے کا موسم ہے”

    لاہور: لیگی رہنما جاوید لطیف نے مریم نواز کے بیرون ملک جانے سے متعلق دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ مریم نواز کے باہر جانے کی باتیں کررہےہیں اب تو واپس آنےکا موسم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما جاوید لطیف نے انکشاف کیا کہ میں کل ٹاؤن شپ تھانے گیا، جہاں میں نے پولیس اہلکاروں سے پوچھا کہ میں نے کونسی غداری کی ہے؟، جس پر تفتیشی افسر نےکہا آپکو بھی پتہ ہےآپ بےگناہ ہیں لیکن اوپر سےحکم ہے۔

    جاویدلطیف نے کہا کہ اگر اسی طرح اوپر سے ہی غیر قانونی حکم ہوگا تو عدالتیں بند کردیں، اسٹیٹ بینک کو گروی رکھ دیا اس پرآواز اٹھائیں تو غداری کا مقدمہ بنتاہے، مخالفین کو بتادوں کہ جتنے بھی مقدمات درج کریں یہ ہماری زبان بند نہیں کرسکتے، مجھے معلوم ہے کہ نیب اور اداروں کو استعمال کیاجارہاہے، عمران خان چاہتاہے کہ نیب کی طرح عدالتیں بھی اسکےحکم پر چلیں۔

    میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما نے اعتراف کیا کہ نوازشریف کے عالمی جمہوری طاقتوں سے رابطےہیں، یہ بات درست ہےجس سے حکومت خوفزدہ ہے، جس کے باعث یہ مریم نواز کے باہرجانےکی باتیں کررہےہیں، انہیں بتاتا چلوں کہ اب تو واپس آنےکا موسم ہے۔

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس نااہل حکومت کو سپورٹ کرنے والی جماعت عوام کے غیض وغضب کا نشانہ بنےگی۔

    اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے مریم نواز کی پیشی پر نیب دفتر کے باہر توڑپھوڑ کے کیس میں لیگی رہنما جاوید لطیف کی ضمانت منظور کی، عدالت نے جاوید لطیف کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کاحکم دیا۔

    جاوید لطیف کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب پر کسی قسم کا حملہ یا توڑ پھوڑ نہیں کی گئی ،سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا ، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت مقدمے میں درخواست منظور کرے۔

  • کیا  وٹامن ڈی کی کمی  "ڈپریشن ” کا سبب بنتی ہے؟

    کیا وٹامن ڈی کی کمی "ڈپریشن ” کا سبب بنتی ہے؟

    وٹامن ڈی ہمارے جسم میں کسی ہارمون کی طرح کام کرتا ہے اور کسی اور وٹامنز کے مقابلے میں وٹامن ڈی کے لیے تمام خلیات ایک ریسیپٹر کی طرح کام کرتے ہیں، انسانی جسم کے لئے وٹامن ڈی کا سب سے بڑا ذریعہ کیا ہے؟ اور وٹامن ڈی کی زیادتی کے باعث کون سے بیماری جنم لے سکتی ہیں؟۔

    ان تمام سوالات کا جواب دینے کے لئے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں آرتھو پیڈک سرجن پروفیسر محمد پرویز انجم نے اپنی سیر حاصل گفتگو میں دیا اور کئی مفروضات سے متعلق عوام کو آگاہ کیا۔

    آرتھو پیڈک سرجن پروفیسر محمد پرویز انجم نے بتایا کہ یہ حقیقت ہے کہ انسانی جسم کے لئے وٹامن ڈی کا قدرتی حصول سورج کی روشنی ہے، مگر گرمیوں میں زیادہ دیر دھوپ میں بیٹھنے کا نقصان یہ ہے کہ ہمارا جسم ایک خاص وقت تک سورج کی شعاعیں جذب کرتا ہے اس کے بعد وہ سلسلہ رک جاتا ہے۔

    میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ انسانی جسم میں وٹامن ڈی بننے کے لئے ضروری ہے کہ دھوپ کا کمر اور گھٹنوں پر لگنا ضروری ہے، جس پر ڈاکٹر پرویز انجم نے اس کی نفی کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہمارے چہر اور ہاتھوں کے زریعے بھی وٹامن ڈی جذب ہوتے ہیں، ہاں یہ حقیقت ہے کہ جتنی زیادہ دھوپ ہوگی ، اتنی تیزی سے وٹامن ڈی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک عام انسان میں وٹامن ڈی کا کم از کم لیول 30 ہونا چاہیے مگر غیر متوازن غذاؤں کے باعث بہت کم لوگوں کا یہ لیول ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج کل بیشتر مرد و عورت وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہیں۔

    آرتھو پیڈک سرجن نے میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر بتایا کہ صبح نو بجے تک سرج کی روشنی لینا فائدہ مند ہے، ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ضروری نہیں آپ سورج کی روشنی سے وٹامن ڈی حاصل کریں,واک کرنا بھی وٹامن ڈی حاصل کرنے کا بڑا سبب ہے۔

    پروفیسر محمد پرویز انجم نے  خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوراک میں دودھ وٹامن ڈی فراہم والی سب سے اہم غذا ہے، جسے آج کل کے بچے استعمال نہیں کرتے، وٹامن ڈی کے حصول کے لئے دودھ کا استعمال نہایت ضروری ہے، اس کے علاوہ جتنی بھی ڈیری مصنوعات ہیں سب سے وٹامن ڈی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    وٹامن ڈی کا کام کیا ہے؟

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر محمد پرویز انجم نے بتایا کہ وٹامن ڈی کا اصل کام ہڈیوں کو مضبوط کرنا نہیں بلکہ انسانی جسم میں موجود کیشلیم کو جذب کرنا ہے۔

    پروگرام میں انتہائی اہم نقطہ بیان کرتے ہوئے آرتھو پیڈک سرجن نے بتایا کہ انسانی جسم میں دو جگہ پر کیشلیم پایا جاتا ہے ، ایک خون اور دوسرا ہڈیوں میں، خون میں کیلشیم کے بہت سارے افعال ہیں، مثال کے طور پر بلڈ کلاٹنگ۔

    جب خون میں کیشلیم کم ہوتا ہے تو ہڈیاں خون کو کیشلیم فراہم کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ جب بلڈ ٹیسٹ کرایا جاتا ہے تو کیلشیم کی مقدار مکمل ہوتی ہے مگر اس کے برعکس ہڈیاں کمزور ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

    آرتھو پیڈک سرجن پروفیسر محمد پرویز انجم نے بتایا کہ ہڈیوں میں کیشلیم کی کمی معلوم کرنے کے لئے بون منرل ڈینسٹی( بی ایم ڈی) نامی ٹیسٹ کرایا جاتا ہے جوکہ ہڈیوں میں کیشیلم کی مقدار کو بتاتا ہے۔

    کیلشیم سپلیمنٹ کا استعمال

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آرتھو پیڈک سرجن نے کیلشیم سپلیمنٹ کو خالی پیٹ استعمال کرنے کی ممانعت کرتے ہوئے بتایا کہ کھانے کے دوران یا کھانے کے بعد کیلشیم سپلیمنٹ استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

    ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کیلشیم سپلیمنٹ کو کسی دوسری دوا کے ساتھ ہرگز استعمال نہ کریں، کوشش کرے کہ دیگر ادویات اور کیلشیم سپلیمنٹ کو استعمال کرنے کے دوران تیس منٹ کا وقفہ رکھا جائے۔

    وٹامن ڈی کی ادویات کو کس طرح استعمال کیا جائے؟

    باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے آرتھو پیڈک سرجن نے بتایا کہ وٹامن ڈی کے کیپسولز اور انجیکشن کو ڈاکٹرز کی دی گئی ہدایات کے مطابق استعمال کریں کیونکہ یہ ڈوزز پر مشتمل ہوتے ہیں، کچھ کیلشیم دو لاکھ یونٹس پر بھی مشتمل ہوتا ہے جو کہ وٹامن ڈی کے اندر ہی اثر رکھتا ہے، میرے نزدیک وٹامن ڈی کے استعمال میں پندرہ دن کا وقفہ ہونا چاہیئے۔

    ڈاکٹر نے اسے مفروضے کو بھی غلط اور صحت کے لئے نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ جتنی کیلیشم کھاؤگے اتنی ہی جسم میں کیلشیم بڑھ جائے گی، انہوں نے خبردار کیا کہ یہ انسانی جسم کے لئے نقصان دہ ہے اسطرح کے عمل کرنے سے وٹامن ڈی انٹاکسی کیشن ہوجاتی ہے جو صحت کے لئے مضر ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرونا وائرس: وٹامن ڈی کی کمی کا شکار افراد ہوشیار

    کیلسمیا اور وٹامن ڈی کو دو الگ الگ چیزیں قرار دیتے ہوئے پروفیسر محمد پرویز انجم نے بتایا کہ جب بچوں میں وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے تو اسے ریکٹس کا نام دیا جاتا ہے، اس بیماری کے سبب بچوں کے ہاتھ پاؤں مڑجاتے ہیں جبکہ بڑی عمر میں ہوتو اسے اوسٹو یوروسس کہتے ہیں،

    وٹامن ڈی کی کمی کی اہم علامات

    بڑی عمر کے افراد میں جلدی تھکاوٹ ہوجانا، ہڈیوں میں درر ہونا

    چڑچڑاپن اور نفسیاتی دباؤ کو وٹامن ڈی کی کمی قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر نے واضح کیا کہ یہ وٹامن ڈی کی کمی کے باعث ہوسکتی ہے مگر لازمی نہیں ہے کہ وٹامن ڈی کے استعمال سے یہ مسائل ختم ہونگے، انہیں ختم کرنے کے لئے اچھے معالج کو دکھانا ضروری ہے۔

    ڈاکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ اگر انسان متوازن غذا کا استعمال کرے تو اسے کسی وٹامن ڈی کی سپلیمنٹ کی ضرورت نہیں رہے گی۔

  • ہیڈ کوچ پروٹیز کے خلاف سیریز جیتنے کے لئے پرعزم

    ہیڈ کوچ پروٹیز کے خلاف سیریز جیتنے کے لئے پرعزم

    سنچورین: ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے جنوبی افریقا کی باؤنسی پچز پر فخر زمان کی جانب سے سنچری کرنا خوش آئند ہے، مڈل آرڈر بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سنچورین میں ویڈیو گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا کہ گزشتہ میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کا مورال بلند ہے اور لڑکے سیریز جیتنے کے لیے پرامید ہیں۔

    مصباح الحق نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے لیے ہر جیت بہت اہم ہے، اور فیصلہ کن ون ڈے سیریز میں لڑکے کم بیک کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔

    ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم نے کہا کہ باؤنسی پچز پر ٹاپ آرڈر بیٹسمین کاسنچری کرنا خوش آئند ہے کیونکہ سنچورین اور وانڈررز کی پچز جنوبی افریقی کنڈیشنز کی حقیقی ترجمان ہیں، مڈل آرڈر بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے۔

    مصباح الحق نے ویڈیو گفتگو میں اس عزم کا اظہار کیا کہ یقین ہے باؤلرز تیسرے ون ڈے میں بہترین کم بیک کریں گے، شاداب خان کی انجری سے متعلق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ شاداب خان کے متبادل سمیت ٹیم میں جو تبدیلی ضروری ہوئی کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ کل سنچورین میں ہوگا، پاکستان کے پاس آٹھ سال بعد پروٹیز کے خلاف سیریز جیتنے کا سنہری موقع ہے۔

  • لاڑکانہ: جے یو آئی رہنما پر قاتلانہ حملہ

    لاڑکانہ: جے یو آئی رہنما پر قاتلانہ حملہ

    لاڑکانہ: صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں جے یو آئی رہنما پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے، حملے میں جے یو آئی کے رہنما عبدالقادر سیال اور ان کا بیٹا عبد العزیز سیال شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لاڑکانہ کے علاقے وگھن میں پیش آیا ، جہاں نامعلوم افراد نے جے یو آئی کے رہنما عبدالقادر سیال کی گاڑی پر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں عبدالقادر سیال اور ان کا بیٹا عبد العزیز سیال شدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے چانڈکا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اہل خانہ کے مطابق جے یو آئی رہنما عبدالقادر سیال اور بیٹا عبدالعزيز سیال رتوڈیرو سے کراچی جاتے ہوئےحملے میں زخمی ہوئے، اہل خانہ کا کہنا ہے ان کی کسی سے دشمنی نہیں ہے، پوليس نے واقعے کی تفتيش شروع کردی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جےیوآئی نےلاڑکانہ میں پیپلزپارٹی مخالف اتحادبنالیا، اس حوالے سے جے یو آئی نے پاکستان تحریک انصاف، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مقامی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور ضلع میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جےیوآئی نے لاڑکانہ میں پی پی کےخلاف بنائے جانے والے عوامی اتحاد میں پی ٹی آئی اورجی ڈی اے کے علاوہ قوم پرست تنظیموں کو بھی ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

    لاڑکانہ عوامی اتحاد میں پی ٹی آئی کے اہم رہنما اللہ بخش انڑ اور رہنما امیربخش بھٹو جبکہ جی ڈی اے کے رہنما صفدر عباسی اور معظم عباسی شامل ہیں۔

  • فاسٹ بولر حسن علی کے گھر ننھی پری کی آمد

    فاسٹ بولر حسن علی کے گھر ننھی پری کی آمد

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر حسن علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری بیان میں مداحوں کو خوشخبری دی کہ اللّٰہ نے انہیں بیٹی کی رحمت سے نوازا ہے۔

    فاسٹ بولر حسن علی نے خوشی سے سرشار اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ننھی شہزادی کو ہماری فیملی میں خوش آمدید، اللہ اس ننھی پری کے ہر خواب پورے کرے۔

    اس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے لکھا کہ براہِ کرم ہماری فیملی کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

    خدا کی رحمت کی آمد پر مداحوں کی جانب سے کرکٹر حسن علی کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

    مخالف ٹیم کے کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعد دلکش انداز میں جشن منانے والے کرکٹر حسن علی بیس اگست دوہزار انیس میں بھارتی دوشیزہ سامعہ آرزو سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

    حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہے، انہوں نے مانو رچنا یونیورسٹی سے ایرو ناٹکس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایمریٹس ایئرلائن میں بطور فلائٹ انجینئر خدمات سر انجام دیتی ہیں، سامعہ آرزو متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔

  • پاکستان میں کورونا کی خطرناک صورتحال ، 10 ماہ بعد ایک دن میں ریکارڈ اموات

    پاکستان میں کورونا کی خطرناک صورتحال ، 10 ماہ بعد ایک دن میں ریکارڈ اموات

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی، دس ماہ بعد ایک دن میں ریکارڈ اموات ہوئی اور مہلک وائرس نے ایک سوتین افراد کی جان لے لی، جس کے بعد کوروناسےمجموعی اموات 14 ہزار924 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا صورتحال کے حوالے سے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں۔

    جس میں بتایا گیا کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا میں مبتلا مزید ایک سو تین افراد انتقال کر گئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 46 ہزار 665 کوروناٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 3 ہزار 953 نئے مریض سامنے آئے اور کوروناکےٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 8.74 فیصد رہی۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا فعال کیسزکی تعداد تریسٹھ ہزارایک سو دو ہوگئی جبکہ وائرس سے متاثرہ 3 ہزار 645 مریضوں کی حالت تشویشنا ک ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں 2 ہزار 198 افراد وائرس کوشکست دینے میں کامیاب ہوئے ، جس کے بعد صحتیاب ہونےوالے افراد کی تعداد 6 لاکھ 18 ہزار158 ہوگئی ہے۔

  • غیر ملکیوں کو کب سے عمان میں داخلے کی اجازت ہوگی؟

    غیر ملکیوں کو کب سے عمان میں داخلے کی اجازت ہوگی؟

    مستقط: خلیجی ملک عمان نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی ضرورت کے بغیر سفر سے گریز کریں۔

    عمانی خبر رساں ادارے اونا کے مطابق سلطنت عمان نے فیصلہ کیا ہے کہ مقامی شہری اور سلطنت میں مقیم غیر ملکی جمعرات کو دوپہر بارہ بجے سے عمان میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ عمانی حکومت نے پورے ملک میں تمام تجارتی سرگرمیوں پر پابندی میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے افراد اور گاڑیوں کو رات آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک بین الصوبائی آمد ورفت کی اجازت دے دی ہے، یہ اجازت یکم رمضان تک کے لیے دی گئی ہے۔

    عمان کی اعلی کمیٹی نے ساتھ ہی اعلان کیا کہ رمضان کے دوران رات نو سے صبح چار بجے تک تمام تجارتی ادارے بند رہیں گے، اس دوران سفر کرنے والے افراد اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جبکہ رواں سال مساجد میں تراویح کی اجازت نہیں ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سلطنت عمان میں نئی کورونا پابندیاں عائد

    عمانی حکومت نے رمضان میں تمام تقریبات پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، پابندی کے بعد مساجد، خیموں اور عوامی مقامات پر اجتماعی افطار دسترخوان پر پابندی ہوگی۔

    اس کے علاوہ کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے تحت رمضان کے دوران تمام سماجی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں بند رہیں گی، سلطنت میں کسی بھی قسم کا اجتماعی پروگرام نہیں کیا جاسکے گا۔

  • لاہور: مکان میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، 4 بچے جاں بحق

    لاہور: مکان میں گیس لیکج کے باعث دھماکا، 4 بچے جاں بحق

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں گیس لیکج کے باعث مکان منہدم ہوگیا، افسوسناک واقعے میں چار بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے برکی روڈ پر واقع پنگالی گاؤں میں مکان میں زوردار دھماکا ہوا، زوردار دھماکے کے باعث مکان زمین بوس ہوگیا، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر چار بچے جاں بحق ہوگئے۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق مکان میں گیس بھرگئی تھی، آگ جلانے کے باعث مکان میں زوردار دھماکا ہوا، واقعے میں بارہ سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے،جنہیں طبی امداد کے لئے سروسز اور میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے بچوں میں ہارون، علی، شیری اور انوش شامل ہیں۔

  • کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے انجن میں خرابی

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے انجن میں خرابی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے اسلام آباد جانے والی سرین ایئر کی پرواز کے انجن میں خرابی پیدا ہوگئی، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل اسی طیارے کے دوسرے انجن میں بھی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی سرین ایئر کی پرواز ای آر 502 میں خرابی پیدا ہوگئی، طیارے کے کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرنے کے بعد طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کروائی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

    ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا تھا کہ فنی خرابی کے باعث پرواز کو کراچی اتارا گیا جس کے بعد مسافروں کو لاؤنج منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوئی تھی، انجینیئر طیارے کی خرابی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل اسی طیارے کے دوسرے انجن میں بھی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

  • جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز ہو چکا ہے: وزیر خارجہ

    جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز ہو چکا ہے: وزیر خارجہ

    لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں جنوبی پنجاب کے معاملات زیر بحث آئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے شاہ محمود قریشی کو جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ سے متعلق آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب تحریک انصاف کے دور حکومت میں ریکارڈ ترقی کرے گا، اسکولوں کی اپ گریڈنگ میں جنوبی پنجاب کو 38 فیصد حصہ دیا گیا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شکست خوردہ عناصر جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ ختم کرنے کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں عوام نے فیصلہ کن برتری سے نواز، تحریک انصاف جنوبی پنجاب سمیت تمام پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اعزاز بھی پاکستان تحریک انصاف کو ہی حاصل ہوگا، جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کو بااختیار کر رہے ہیں تاکہ عوام کو لاہور نہ آنا پڑے، باقاعدگی سے ہر ماہ ملتان جا کر ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور کا جائزہ لوں گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس بھی ملتان میں ہوگا، صوبائی وزرا ایک ایک دن جنوبی پنجاب میں بیٹھیں گے، جنوبی پنجاب کی 70 سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، ملازمتوں کا کوٹہ مخصوص کرنے پر قانون سازی بھی کی جارہی ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا فوری ایکشن قابل تحسین ہے، انہوں نے بروقت ایکشن لے کر افواہوں کا خاتمہ کردیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز ہو چکا ہے۔