Tag: پاکستان-نیوز

  • پختونخواہ میں ایک اور ڈاکٹر کرونا وائرس سے انتقال کر گئے

    پختونخواہ میں ایک اور ڈاکٹر کرونا وائرس سے انتقال کر گئے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک اور ڈاکٹر کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے، پختونخواہ میں کرونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 51 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا ڈاکٹر محمد رفیق انتقال کر گئے، محمد رفیق پولیس سروسز اسپتال میں ڈینٹل سرجن تعینات تھے۔

    پی ڈی اے کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد ڈاکٹر محمد رفیق گھر پر قرنطینہ میں تھے۔

    ڈاکٹر رفیق کے انتقال کے بعد پختونخواہ میں کرونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 51 ہوچکی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے، ملک میں کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 14 ہزار 821 ہوچکی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 4 ہزار 323 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 92 ہزار 231 ہوچکی ہے۔ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 61 ہزار 450 ہے۔

  • فخر زمان کے 193 رنز رائیگاں، جنوبی افریقہ 17 رنز کامیاب

    فخر زمان کے 193 رنز رائیگاں، جنوبی افریقہ 17 رنز کامیاب

    جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے دی، فخر زمان کی دھواں دار اننگز بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے جانے والے 342 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بناسکی، تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

    فخر زمان نے 193 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 10 چھکے اور 18 چوکے شامل تھے۔

    فخرزمان کےعلاوہ کوئی کھلاڑی بڑی اننگزنہ کھیل سکا، امام الحق 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان بابر اعظم 31 رنز بناسکے، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    دانش عزیز 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاداب خان کو 13 رنز پر تبریز شمسی نے پویلین روانہ کیا، آصف علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 19 رنز بنا کر مرکرام کو کیچ دے بیٹھے۔

    فہیم اشرف 11 رنز بنا کر چلتے بنے، شاہین شاہ آفریدی کو 5 رنز پر ربادا نے آؤٹ کیا۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے نورٹ جی نے تین وکٹیں حاصل کیں، فلک وایو نے دو اور ربادا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل دوسرا ون ڈے میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو کہ سود مند ثابت نہ ہوا۔

    مہمان جنوبی افریقا نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر341رنز بنائے، جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اوپنر کوئٹن ڈی کوک نے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ڈیوڈ ملر نے 27 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، میچ کے آخری لمحات میں وین ڈر ڈوسن نے 37 گیندوں پر برق رفتاری کے ساتھ 60 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔

    پاکستان کی جانب سے حارث رؤف 3وکٹیں لینےمیں کامیاب رہے، محمد حسنین، شاہین آفریدی ،فہیم اشرف نےایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    پروٹیز کے خلاف دوسرے اور فیصلہ کن میچ کے لئے پاکستان نے پہلے ون ڈے کی فاتح فائنل الیون کو برقرار رکھا، سیریز کے پہلے میچ میں فتح کے بعد بابر الیون تاریخ بنانے کے قریب ہیں، آج گرین شرٹس نے سنچورین کا ایکشن ری پلےکردیا تو وہ دو ہزار تیرہ کے بعد جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز جیتیں گے۔

    تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کو ایک کامیابی درکار ہے، سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے کپتان بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت پروٹیز کو3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    بابر اعظم نے کیریئر کی 13 ویں سنچری بنائی، ان کی اننگز میں 17 دلکش چوکے شامل تھے۔دورہ جنوبی افریقا میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو قومی کرکٹ ٹیم کی پروٹیز کے دیس میں یہ چھٹی سیریز ہے، تاہم گرین شرٹس اب تک ایک سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی اور چار سیریز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک سیریز برابر رہی تھی۔

    قومی کرکٹ ٹیم نے سال دوہزار تیرہ میں پہلی بار پروٹیز کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ سیریز اپنے نام کی تھی۔

    پروٹیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی بعد ازاں قومی ٹیم دورہ زمبابوے کے لئے روانہ ہوگی۔

  • مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم کا بھارت کو کرارا جواب

    مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم کا بھارت کو کرارا جواب

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف دیتے ہوئے کہا کہ یقین دلاتا ہوں جب تک بھارت پانچ اگست کا اقدام واپس نہیں لیتا حالات معمول پر نہیں آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق "آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ” کے عنوان سے ٹیلی فون پر عوام سے براہ راست بات چیت کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جس طرح ہم نے کشمیر کا مقدمہ لڑا، چیلنج کرتا ہوں پچھلے پچاس سال میں کبھی کسی حکومت نے نہیں لڑا۔

    آزاد جموں و کشمیر سے ایک کالر کے سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات تب تک معمول پر نہیں آسکتے جب تک وہ پانچ اگست دوہزار انیس کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے اپنے غیر قانونی اقدامات کو واپس نہیں لیتا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ صرف ایمرجنسی کی وجہ سے چینی اور کاٹن کی تجویز آئی تھی لیکن کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ایسا کوئی کام نہیں ہوگا جس سےکشمیری بھائیوں کو لگے کہ ہم بھارت سے تعلقات معمول پر لا رہے ہیں، مسئلہ کشمیر پر بھارت لچک نہیں دکھاتا تو ہم نارملائزیشن میں نہیں جاسکتے۔

    واضح رہے کہ دو اپریل کو وزیراعظم عمران خان نے بھارت سے تجارتی روابط بڑھانے کے حوالے سے کابینہ کا انتہائی اہم مشاورتی اجلاس طلب کیا تھا، وزیراعظم نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کر کے اس پر مشاورت کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت سے تجارت ہوگی یا نہیں؟ وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں واضح‌ کردیا

    بعد ازاں مشاورتی اجلاس کے شرکا نے ای سی سی کی سفارشات کو مشاورت کے بعد مسترد کردیا، اہم اجلاس میں وزیراعظم نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ’پاکستان موجودہ حالات میں بھارت سےکوئی تجارت نہیں کرے گا‘، وزیراعظم نےحکومتی معاشی ٹیم کو کپاس اور چینی کی درآمدات کے متبادل ذرائع تلاش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    وزیراعظم عمران خان خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہمیشہ ایک ہی مؤقف رہا کہ بھارت خطے کے ماحول کو پرامن اور سازگار بنائے، جس کے لیے اُسے پانچ اگست کے غیر قانونی اقدام پر نظر ثانی کرنا ہے جو اُس نے کشمیر میں نافذ کیے۔

    یاد رہے کہ ای سی سی کی جانب سے کمرشل نقطہ نگاہ سےبھارت سے کپاس اور چینی درآمدکی سفارشات دی گئی تھیں مگر وزیراعظم نے اسے مسترد کردیا تھا۔

  • کراچی: ذہنی معذور کھلاڑی کا پراسرار قتل

    کراچی: ذہنی معذور کھلاڑی کا پراسرار قتل

    کراچی: شہر قائد میں ذہنی معذور کھلاڑی کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد پر اسرار طور پر قتل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ذہنی معذور کھلاڑی کا پراسرار قتل نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، کھلاڑی کی شناخت عبیداللہ کے نام سے ہوئی ہے، مقتول عبید اللہ پیرا تائی کوانڈو کے کراچی چیمپئن بھی رہے۔

    مقتول عبیداللہ کے والد نے اے آر وائی نیوز کے نمائندہ خصوصی شعیب جٹ کو بتایا کہ عبیداللہ کو گزشتہ ماہ مومن آباد سے اغوا کیا گیا، چار دن بعد عبیداللہ گلستان جوہرسے زخمی حالت میں ملا، میرے بیٹے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے سر پر کئی وار کرتے ہوئے شدید زخمی کیا گیا۔

    Image

    مقتول کے والد نے انتہائی دل گرفتہ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا گذشتہ ایک ماہ سے جناح اسپتال میں زیر علاج رہا اور آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

     

  • کرپشن کے خلاف جنگ میں قوم کو ساتھ دینا ہوگا، وزیراعظم

    کرپشن کے خلاف جنگ میں قوم کو ساتھ دینا ہوگا، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ایک دوسرے پر کیسز بنانے والے آج ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہوگئے ہیں، یہ لوگ کہہ رہے ہیں کسی نہ کسی طرح عمران خان کو فارغ کرادیں۔

    تفصیلات کے مطابق عوام سے براہ راست گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے نام لئے بغیر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دوپارٹی سسٹم گذشتہ پینتیس سال سےجڑیں گاڑ کربیٹھا ہوا تھا، ماضی میں ایک دوسرے پر کیسز بنانے والے آج ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہوگئے ہیں، یہ لوگ کہہ رہے ہیں کسی نہ کسی طرح عمران خان کو فارغ کرادیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہم طاقتور کے خلاف جہاد کررہے ہیں، آپ یہ مت سوچیں کہ میں صبح آفس جارہا ہوں بلکہ جہاد کرنےجارہا ہوتا ہوں، پاکستان میں طاقتور پر ہاتھ ڈالنا آسان کام نہیں ہے، یہ اپنے وکیلوں کو5،5کروڑروپےدیتےہیں۔وزیراعظم عمران خان نے حالیہ دو سالوں کو اپنی زندگی کے سب سے زیادہ چیلنجنگ سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی یہ بات نہیں کرتا کہ حکومت نے کیا اچھائیاں کیں؟کوئی یہ بات نہیں کرتا ہم نے ملک کو کس طرح استحکام دیا؟ کوئی بات نہیں کرتا کہ کیسے ہم نے ملک کومعاشی طورپر آگے بڑھایا؟ تبدیلی آرہی ہے، حقیقی تبدیلی کیلئے عوام کو تھوڑا صبر کرنا پڑے گا۔

    قبضہ مافیا ملک کے لئے عذاب ہے، وزیراعظم

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں اسوقت سب سے بڑا عذاب قبضہ مافیا ہے، گذشتہ ایک سال کے دوران ساڑھے چار سو ارب روپے کی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی ہے، لاہور کے ایک بڑے قبضہ مافیا کو سیاسی جماعت کی سرپرستی حاصل تھی، سیاسی جماعت کی سربراہ قبضہ مافیا کیساتھ تصاویر کھینچوا رہی ہوتی ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ قبضہ مافیا پولیس اور حکومتی سرپرستی کے بغیر چل ہی نہیں سکتا، پہلی بار ایسی حکومت ہے جو قبضہ مافیا کی پشت پر نہیں ہے،ملک میں سب سے بڑا ظلم اوورسیز پاکستانیوں کیساتھ ہوتاہے، اس وقت بھی ملک میں آرگنائز قبضہ مافیا ہیں جو اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضہ کرتاہیں، قبضہ مافیا کی سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرائیں فوری کارروائی ہوگی۔

    کرپشن کی جنگ میں قوم اور عدلیہ کو ساتھ دینا ہوگا

    آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ میں وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف جنگ پوری قوم نے لڑنی ہے، عدلیہ نے لڑنی ہے،اکیلا عمران خان یہ جنگ نہیں جیت سکتا، کیونکہ ہمارےجیسے غریب ممالک سےہر سال ایک ہزار ارب ڈالر چوری ہو کر امیر ملکوں میں جاتاہے،خوشحالی اُدھر آتی ہے،بربادی پاکستان میں ، اطلاعات ہیں کہ اس وقت بھی پاکستان سے باہر سات ہزار ارب ڈالر پڑا ہوا ہے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نواز شریف سے شیورٹی بانڈ لینا چاہتےتھے،عدلیہ نےباہربھیج دیا، ہمارے ملک کا المیہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں کرپٹ لوگوں پر پھول نچھاورہورہےہیں جیسےانہوں نے کشمیر فتح کرلیاہو، وہ لوگ اکھٹے ہیں جو میری حکومت گرانا چاہتے ہیں، میرا قصوریہ ہےکہ این آر اونہیں دیا۔

    کرپشن ایسا کینسر ہے جو صرف پاکستان نہیں ہر غریب ملک میں ہے، کرپشن جیسی چیز امیر ملک کو دیمک کی طرح برباد کردیتی ہے، حکمرانوں کی کرپشن ملک کو تباہ اور مقروض کردیتی ہے، پیسہ چوری کرکے اقتدار میں آکر وزیراعظم اور وزیر بنتے ہیں، ملک سے باہر پیسے بھیجتے ہیں اور لندن میں بڑےبڑےمحلات بناتےہیں،وزیراعظم چوری شروع کرتا ہے تو اصل تباہی ہوتی ہے۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان جیسے غریب ملکوں کا سات ہزار ارب ڈالر ملک سے باہر موجود ہے، ہم جیسے ممالک پورا زور لگارہےہیں کہ ہمارا پیسہ واپس دیاجائے، کرپشن کا پیسہ آتا تو اس سے امیر ملکوں کو فائدہ ہورہاہے۔

     

  • سابق وزیرِاعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی42 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    سابق وزیرِاعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی42 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    پیپلزپارٹی کے بانی وچیئرمین سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بیالیسویں برسی آج ملک بھر میں منائی جارہی ہے۔

    ذوالفقار علی بھٹو 5جنوری 1928کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کے بعد اُنیس سو پچاس میں برکلے یونیورسٹی کیلیفورنیا سے سیاسیات کی ڈگری حاصل کی اور اُنیس سو باون میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے اصولِ قانون میں ماسٹرز کیا، تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کراچی میں وکالت کا آغاز کیا اور ایس ایم لاء کالج میں بین الاقوامی قانون پڑھانے لگے۔

    کون جانتا تھا کہ وہ بین الاقوامی قد آور سیاسی شخصیت کے روپ میں اُبھر کر سامنے آئیں گے، ان کے والد سر شاہ نواز بھٹو بھی سیاست کے میدان سے وابستہ رہے۔

    ذوالفقار علی بھٹو نے سیاست کا آغاز اُنیس سو اٹھاون میں کیا اور پاکستان کے پہلے آمر فیلڈ مارشل جنرل ایوب خان کے دورِ حکومت میں وزیر تجارت، وزیر اقلیتی امور، وزیر صنعت وقدرتی وسائل اور وزیر خارجہ کے قلمدان پر فائز رہے، ستمبر 1965ءمیں انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کا موقف بڑے بھرپور انداز سے پیش کیا۔

    جنوری 1966ءمیں جب صدر ایوب خان نے اعلان تاشقند پر دستخط کیے تو ذوالفقار علی بھٹو بڑے دلبرداشتہ ہوئے اور اسی برس وہ حکومت سے علیحدہ ہوگئے، اُنہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو مرکزی حیثیت دی۔

    قائد عوام نے دسمبر اُنیس سو سڑسٹھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی، جو بہت جلد پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن گئی۔ عوامی جلسوں میں عوام کے لہجے میں خطاب اُنہی کا خاصا تھا۔

    اُنیس سو ستر کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی نے مغربی پاکستان جبکہ شیخ مجیب الرحمن کی عوامی لیگ نے مشرقی پاکستان میں نمایاں کامیابی حاصل کی، اقتدار کے حصول کی اس لڑائی میں نتیجہ ملک کے دوٹکڑوں کی صورت میں سامنے آیا۔سقوط ڈھاکہ کے بعد وہ 1971ءمیں پاکستان کے صدر اور پھر 1973ءمیں پاکستان کے وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہوئے۔

    ملک کے دولخت ہونے کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور اقتدار میں بے پناہ کارنامے انجام دیئے، اُنہوں نے اُنیس سو تہتتر میں ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا، یہی نہیں اُنکے دور میں ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کو آج بھی اُنکی بڑی کامیابی قرار دیا جاتا ہے۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام شروع کرنے کا سہرا بھی ذوالفقار علی بھٹو کے سر جاتا ہے۔

    پیپلزپارٹی کا دورِ حکومت ختم ہونے کے بعد اُنیس سو ستتر کے عام انتخابات میں دھاندلی کے سبب ملک میں حالات کشیدہ ہوئے، جس کے نتیجے میں پانچ جولائی اُنیس سو ستتر کو جنرل ضیاء الحق نے مارشل لاء نافذ کردیا۔

    ملک میں ہونیوالے مظاہروں کے نتیجے میں قائدِ عوام کو دوبار نظر بند کرکے رہا کیا گیا تاہم بعدازاں ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کے ایک مقدمہ میں گرفتار کرلیا گیا اور 18 مارچ 1977ءکو انہیں اس قتل کے الزام میں موت کی سزا سنادی گئی۔

    ذوالفقار علی بھٹو نے اس سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی، جس میں تین ججوں نے انہیں بری کرنے کا اور تین ججوں نے انہیں سزائے موت دینے کا فیصلہ کیا۔

    پاکستانی سیاست کے اُفق کے اس چمکتے ستارے کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ جیل میں 4اپریل اُنیس سو اُناسی کو پھانسی دیدی گئی لیکن پاکستان کی سیاست آج بھی اُن کی شخصیت کے گرد گھومتی ہے۔

  • کرونا وبا کی تیسری لہر خطرناک، وزیراعظم کی قوم سے بڑی اپیل

    کرونا وبا کی تیسری لہر خطرناک، وزیراعظم کی قوم سے بڑی اپیل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وبا کی تیسری لہر پر عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگ کرونا وبا کی بالکل پرواہ نہیں کررہے، تیسری لہر پھیل گئی تو برا اثر پڑے گا اور ہم قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج ایک بار پھر عوام سے براہ راست مخاطب ہوئے اور عوام سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، وزیر اعظم سے عوام کی بات چیت ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا پر براہ راست نشر کی گئی۔

    عوام سے مخاطب ہونے سے قبل اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے، جیسے کرونا کی لہر یورپ اور امریکا میں آئی، پاکستان اللہ کے شکر سے ابھی تک محفوظ ہے، ورنہ مشکلات بڑھ جاتیں، ہمیں اللہ کا شکر اداکرنا چاہیے جس نے ہمیں مشکل وقت سے بچایا، اللہ نے پاکستان پر خاص کرم کیا اور ہمیں اس وبا سے بچایا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یورپ میں ویکسین لگانے کے باوجود لاک ڈاؤن کردیاگیا ہے، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ کروناکی تیسری لہر کب تک چلےگی، لوگوں سے کہتا ہوں کہ جہاں بھی جائیں ماسک ضرور پہنیں، دنیا جان چکی ہےکہ ماسک سے ہی سب سے زیادہ فائدہ ہے۔

    وزیراعظم نے ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن کئے بغیر اپنے لوگوں کو بچارہےہیں، لاک ڈاؤن لگاتے تو سب سے زیادہ غریب متاثر ہوتے ، ہم صرف تھوڑی پابندی لگا رہےہیں تاکہ اس وبا سے بچا جائے، کرونا کے باعث دنیا میں 15کروڑ لوگ ایک سال میں غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، اپنے لوگوں کا تحفظ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

    وزیراعظم نے ساتھ ہی کہا کہ خدا نخواستہ کرونا زیادہ پھیلا تو لاک ڈاؤن پر مجبور ہونگے۔

    ہائیرایجوکیشن میں بڑی تبدیلی کا اعلان

    عوام سے براہ راست گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ہائیرایجوکیشن میں بڑی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہائیرایجوکیشن میں بڑی تبدیلی کرنے لگے ہیں، قومیں ہائیر ایجوکیشن سے اوپر جاتی ہیں، عمارت بنانے سے یونیورسٹی نہیں بن جاتی، معیاری تعلیم کیلئے اعلیٰ پروفیسرز ہوں تو یونیورسٹی کا فائدہ ہوتاہے۔

    انشااللہ عوام کو مہنگائی پر قابو پاکر دکھائیں گے، وزیراعظم

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اب تک ہماری صرف اور صرف توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں ہے، انتظامی طورپر مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اپنا کردارادا کررہےہیں، مہنگائی کی کیا وجہ ہے اس پر ایک سال سے پورا کام ہورہاہے، کیونکہ کسان چیز مارکیٹ میں بیچتا ہے جب عوام تک پہنچتی ہے تو بہت فرق آجاتاہے، انشااللہ عوام کو ہم مہنگائی پر قابو پاکر دکھائیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیزل مہنگا ہوتو ٹرانسپورٹ مہنگی ہوتی ہے جس کے باعث دیگرچیزوں پر اثرپڑتا ہے، 70فیصد گھی کیلئے استعمال ہونیوالا تیل ہم امپورٹ کرتے ہیں،افسوسناک بات یہ ہے کہ پاکستان زرعی ملک ہونے کےباوجود دالیں امپورٹ کرتاہے، ملک میں آبادی بڑھتی گئی گندم میں بھی خسارہ آگیا بارش بھی غلط ٹائم پر ہوگئی ،جس کا نتیجہ نکلا کہ ایک سال کے اندر ہمیں 40لاکھ ٹن گندم امپورٹ کرناپڑی۔

    چینی مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھنے کا اعلان

    عوام سے براہ راست گفتگو میں وزیراعظم نے ایک بار پھر چینی مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمتیں مصنوعی طور پر بڑھائی جاتی ہیں، جس سے لوگوں کا خون چوسہ جاتاہے، مافیاز ذخیرہ اندوزی کرتےہیں جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، ملک میں چینی موجود ہوتی ہے مگر قیمتیں اوپر جانا شروع ہوجاتی ہیں، آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہم ہر وقت اس پر کنٹرول کررہےہیں۔

    ہیلتھ سسٹم کو نیشنلائز کرنا بہت بڑی غلطی قرار

    وزیراعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست مخاطب پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ سیکٹر میں بڑا انقلاب ہیلتھ کارڈ سے آرہاہے جو پاکستان بدل دےگا، حکومت اسپتال بنانےکیلئےسرکاری زمینوں پر پرائیویٹ سیکٹر کو دعوت دیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس ہر خاندان کے پاس ہوگی، جس کی مدد سے ہر خاندان ہیلتھ سے 10لاکھ روپے تک علاج کراسکتاہے، یقین دلارہا ہوں ترقی یافتہ ممالک میں اس طرح نہیں ہے، ہیلتھ کارڈ کے باعث پرائیویٹ سیکٹر کے اسپتال بھی چھوٹے جگہوں پرجانے لگے ہیں، انشااللہ آنیوالے دنوں میں اسپتالوں کا نیٹ ورک بنےگا۔

    وزیراعظم نے ہیلتھ سسٹم کو نیشنلائز کرنے کے عمل کو بہت بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ ڈاکٹرز لوگوں سے زیادہ پیسے لے رہے ہیں یہ چیزیں سامنے ہیں۔

  • سکھر: مال بردار ٹرین حادثے کا شکار، ٹرین شیڈول متاثر

    سکھر: مال بردار ٹرین حادثے کا شکار، ٹرین شیڈول متاثر

    سکھر: سمہ سٹہ کے قریب کوئلے سے بھری مال گاڑی ٹریک سے اترگئی، حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق حادثہ بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب یوسف والا جانے والی مال گاڑی کی تین بوگیاں ٹریک سےاترگئیں، حادثے کے باعث ٹریک کو نقصان پہنچا اور سلیپرز بھی ٹوٹ گئے۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق واقعےکی اطلاع ملتےہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں ہیں، مال گاڑی ٹریک سے اترنے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی بوگیوں کو ٹریک سے ہٹاکر آمدورفت کو بحال کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سات مارچ کو صوبہ سندھ کی تحصیل پنوں عاقل کے قریب رات گئے کراچی ایکسپریس کی نو بوگیاں ٹریک سے اترنے کے بعد الٹ گئیں جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جب کہ 40 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چوبیس گھنٹوں میں 5 ٹرین حادثات، ریلوے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

    کراچی ایکسپریس ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹریک کی خستہ حالی کے باعث کراچی ایکسپریس کی بوگیاں ڈی ریل ہوئیں تھیں، رپورٹ کے مطابق 490 کلو میٹر پر ڈیڑھ فٹ ٹریک کا ٹکڑا ٹوٹا ہوا پایا گیا، کوچ نمبر 12306 اور 12412 کے درمیان کپلنگ ٹوٹا ہوا تھا، ٹریک کمزور ہونے کے باعث انجینئرنگ رکاوٹ اور اسپیڈ 65 کلو میٹر مقرر تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈرائیور نے کاشن انڈیکیٹر کا مشاہدہ کیا اور اسپیڈ 65 کلو میٹر پر کنٹرول کے لیے بریک لگایا، ٹرین 2402 فٹ گھسیٹی گئی جو ظاہر کرتی ہے کہ اوور اسپیڈ تھی۔

  • مولانافضل الرحمان کی طبیعت تاحال ناساز

    مولانافضل الرحمان کی طبیعت تاحال ناساز

    اسلام آباد: سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی طبیعت تاحال ناساز ہے، ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کئی دنوں سے علیل پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ کی طبیعت ناساز ہے، اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر علاج بھی جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو مسلسل بخار کے باعث ڈرپ لگائی گئی، ڈاکٹرز نے مولانافضل الرحمان کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کی اٹھائیس تاریخ سے جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت خراب ہے، انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی۔

    فضل الرحمان نے ناسازی طبع کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں معطل کررکھی ہیں۔

    اس سے ایک روز قبل نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی بھی طبیعت ناساز ہوگئی تھی ، اور انہوں نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی تھیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مریم نواز کی طبیعت ناساز، سیاسی سرگرمیاں منسوخ

    ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے، انہیں تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے، مریم نواز نے اپنا کرونا ٹیسٹ بھی کرایا ہے، جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

    مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مریم نواز شریف طبیعت کی ناسازی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ بھی گئیں تھی۔

    دوسری جانب نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی لندن سے لاہور پہنچ چکے ہیں انہوں نے مریم نواز کا طبی معائنہ کیا اور کچھ ضروری ٹیسٹ بھی کرائے ہیں۔

  • وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر رہنماؤں کی مسیحی برادری کو "ایسٹر” کی مبارکباد

    وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر رہنماؤں کی مسیحی برادری کو "ایسٹر” کی مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب اور معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار پر مبارکباد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسیحی برادری کو ایسٹر پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اپنے تمام مسیحی شہریوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتا ہوں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دی ہے، اپنے بیان میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ایسٹر کا حقیقی پیغام دوسروں کی خوشیاں بانٹنا ہے،مسیحی برادری کی خوشی میں برابر کے شریک ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے، سب کو برابر حقوق حاصل ہیں، ملکی دفاع کیلئےمسیحی برادری نےگرانقدر خدمات سرانجام دیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے اقلیتوں کو ساتھ لےکرچلیں گے۔

    ایسٹر پر جاری اپنے پیغام میں سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا کے پیش نظر ماسک ضرور پہنیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع دستیاب ہیں، وطن عزیز کیلئے مسیحی برادری کی بے پناہ قربانیاں اور خدمات ہیں، پنجاب حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنارہی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اعلیٰ تعلیم کیلئےاقلیتوں کا دو فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، پانچ ہزار اقلیتی طلبہ کی ووکیشنل ٹریننگ کرائی گئی، 30کروڑ کی لاگت سے یوحنا آباد کو ماڈل لوکیلیٹی بنایا جارہا ہے۔

    معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری نوکریوں میں اقلیتوں کو پانچ فیصد کوٹےکے تحت 19ہزار نوکریاں دینگے،ا س کے علاوہ مسیحی کمیونٹی کے نکاح کا نادرا سسٹم میں اندراج کیا جارہا ہے۔

    مسیحی تہوار وں میں مرکزی اہمیت رکھنے والا تہوار ایسٹر آج دنیا بھر میں منایا جارہا ہے‘ یہ تہوار 22 مارچ سے 25 اپریل کے درمیان ہر سال الگ الگ تاریخوں پر منایا جا تا ہے‘ 21 مارچ کے بعد آنے والے پہلے اتوار کے بعد آنے والے اتوار کو ایسٹر منایا جاتا ہے۔