Tag: پاکستان-نیوز

  • سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں پانی کا سنگین بحران، لاکھوں افراد متاثر

    سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں پانی کا سنگین بحران، لاکھوں افراد متاثر

    حیدرآباد: موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں پانی کا بحران سر اٹھانے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ پر واقع کوٹری بیراج ڈاؤن اسٹریم میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے، صورت حال پر محکمہ آب پاشی کی لاپرواہی اور غفلت بھی سامنے آئی ہے جہاں انہوں نے لاکھوں افراد پر مشتمل آبادی کو نظر انداز کرتے ہوئے مزید پانی چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔

    محکمہ آبپاشی نے واسا کی درخواست کو بھی کوئی اہمیت نہ دی اور ڈاؤن اسٹریم میں پینےکا پانی سے چھوڑنے سے انکار کیا، جس کے باعث لطیف آباد، کوہسار اور ڈاؤن اسٹریم پر آباد لاکھوں کی آبادی متاثر ہونے لگی ہے۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ لطیف آباد یونٹ چار اور کوہسار میں دریا میں کھڑا گندا پانی استعمال کیا جارہا ہے، ظلم کی انتہا یہ ہے کہ کھڑے پانی میں "کائی” نے واسا کی پمپ کو ناکارہ بنادیا ہے، مقامی انتظامیہ اس دہری اذیت کے باعث سخت پریشانی کا شکار ہوگئی ہے۔

     واسا حکام کا موقف ہے کہ دریا میں پانی نہ ہونے کے باعث شہر کی پانچ لاکھ آبادی متاثر ہورہی ہے، متعدد بار آب پاشی حکام کو خط لکھ کر پینے کا پانی چھوڑنے کی استدعا کی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

    دوسری جانب کراچی میں انسداد پانی چوری سیل نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں گیلن پانی چوری کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے، حکام کے مطابق صنعتی زون کو غیر قانونی واٹرہائیڈرنٹ کےذریعے پانی فراہم کیا جارہا تھا۔

    کارروائی مکینوں کی شکایت پر سائٹ سپرہائی وے گبول گوٹھ میں کی گئی، اس دوران قبضہ مافیا کی جگہ مسمار اور سامان قبضےمیں لےلیا گیا۔

  • انگوٹھوں کے نشان کی مدد سے لاکھوں بٹورنے والے ملزمان گرفتار

    انگوٹھوں کے نشان کی مدد سے لاکھوں بٹورنے والے ملزمان گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے ایسے ڈکیتوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو لوگوں کے انگوٹھے کے نشانات کی مدد سے مختلف اداروں سے لاکھوں روپے بٹور رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے ہوشیار چوروں کا ایک گروہ گرفتار کیا گیا ہے جو نہایت جدید طریقے سے ڈکیتی کی وارداتیں انجام دے رہا تھا۔

    مذکورہ ملزمان سادہ لوح اور غریب و نادار افراد سے مختلف حیلوں بہانوں سے سادہ کاغذ پر انگوٹھوں کے نشان لیتے اور ان نشانات کو مختلف قسم کی دھوکے بازیوں میں استعمال کرتے۔

    ان افراد کے انگوٹھوں کے نشان کی مدد سے ملزمان نے کئی فلاحی و سماجی تنظیموں سے ماہانہ خیراتی رقوم لینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا تھا۔

    اوکاڑہ پولیس کی کارروائی کے بعد ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپس، بائیو میٹرک مشینیں، سیلیکون پر چھپے ہوئے فنگر پرنٹس، 350 سم کارڈز اور لاتعداد اے ٹی ایم کارڈز برآمد ہوئے۔

    ایس پی انویسٹی گیشن اوکاڑہ عبداللہ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان سادہ لوح افراد کو جھانسہ دے کر ان کے انگوٹھوں کے نشان لیتے اور اس سے موبائل فون کی سم رجسٹر کرواتے۔

    بعد ازاں ان سمز کی مدد سے مختلف حکومتی پروگرامز جیسے احساس کفالت پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ان افراد کے نام پر رقم بٹوری جاتی۔

    ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق اس گروہ کے ارکان پورے پنجاب میں پھیلے ہوئے ہیں جنہیں پکڑنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

    علاوہ ازیں اس کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نادرا سے بھی مدد لی جارہی ہے، اگلے مرحلے میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ہدایت کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے جرائم سے بچا جاسکے۔

  • پاکستانی بہن بھائی کا کارنامہ، کرونا وائرس تشخیص کرنے والی ایپ بنالی

    پاکستانی بہن بھائی کا کارنامہ، کرونا وائرس تشخیص کرنے والی ایپ بنالی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والے 2 بہن بھائیوں نے ایسی ایپ بنا لی جو کرونا وائرس کی تشخیص کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے 2 بہن بھائیوں نے ایسی اسمارٹ فون ایپلی کیشن بنائی ہے جو کرونا وائرس کی تشخیص کرسکتی ہے۔

    سافٹ ویئر انجینیئر بھائی طلعت نے بتایا کہ اس ایپ میں کسی شخص کی علامات اور مختصر میڈیکل ہسٹری ڈالی جائے تو یہ ایپ بتا سکتی ہے کہ وہ شخص کووڈ 19 کا شکار ہے یا نہیں۔

    یہ ایپ چیسٹ ایکسرے کروانے کی تجویز بھی دے سکتی ہے جبکہ اس ایکسرے کو ریڈ کر کے یہ بھی بتا سکتی ہے کہ کرونا وائرس نے پھیپھڑوں کو کس حد تک نقصان پہنچایا۔

    طلعت کا کہنا ہے کہ یہ ایپ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے تحت کام کرتی ہے۔

    بہن قمر النسا نے بتایا کہ وہ پاکستان کو ڈیجیٹل بنانا چاہتے ہیں، دونوں بہن بھائیوں نے مزید ایپس بھی بنائی ہیں جن میں سے ایک واٹس ایپ کی طرز کی میسجنگ ایپ بھی ہے۔

  • کراچی: بینک ڈکیتی کے ملزمان نے لوٹی رقم کہاں خرچ کی؟ اہم انکشاف

    کراچی: بینک ڈکیتی کے ملزمان نے لوٹی رقم کہاں خرچ کی؟ اہم انکشاف

    کراچی: گذشتہ ماہ شہر قائد میں ہونے والی بینک ڈکیتی کے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈکیتی کے بعد ملزمان کہاں فرار ہوئے؟ ابتدائی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ کی سترہ تاریخ کو نیو کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب چار ملزمان نے نجی بینک میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر بینک اسٹاف اور سیکیورٹی عملے کو یرغمال بنایا، اس موقع پر دو سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی کوشش کی تو ملزمان نے رائفل کے بٹ مار کر انھیں زخمی کیا اور بینک سے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    آج ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضی تبسم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رضویہ پولیس نے بینک ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں جنید ،ذیشان اور سلمان شامل ہیں، سلمان مذہبی سیاسی جماعت کا مطلوب ٹارگٹ کلر ہے،ملزم پر دس کےقریب قتل اور دیگر دفعات کےتحت مقدمات درج ہیں، اس کے علاوہ وہ جرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان سے ایک لاکھ 60ہزار، دو پستول اور چھ موبائل فونز برآمد ہوئے، ابتدائی تحقیقات میں ملزمان کا کہنا ہے کہ انہوں نےبینک سے صرف7 لاکھ روپے لوٹے۔

    ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ تبسم نے بتایا کہ ملزمان سے لوٹی گئی رقم سے متعلق مکمل تحقیقات کریں گے، گروہ کا اہم رکن عبدالستار تاحال مفرور ہے جس کے متعلق شک ہے کہ لوٹی ہوئی بقایا رقم اسی کے پاس ہے۔

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضی تبسم نے بتایا کہ ملزمان بینک ڈکیتی کے بعد پاکستان ٹور پر نکل گئے تھے، ملزمان لوٹی رقم راستے بھر خرچ کرتے رہے۔

  • اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی پر فرد جرم عائد

    اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی پر فرد جرم عائد

    کراچی: کراچی کی مقامی عدالت نے کار سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کیس میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی ملیر کورٹ میں حلیم عادل شیخ ودیگر کیخلاف کار سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے شواہد کی روشنی میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

    کمرہ عدالت میں موجود حلیم عادل شیخ اور سمیر شیخ سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت سترہ اپریل تک ملتوی کردی۔

    کار سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کیس میں پیشی سے قبل حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ میں انسداد کرپشن کی ویکسین لگانے کی ضرورت ہے، صوبے میں کرپشن کا بازار گرم ہے،یہاں جمہوریت نہیں سول آمریت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حلیم عادل شیخ کی 2 کیسز میں ضمانت منظور

    حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں پولیس گردی بہت زیادہ عام ہے ،ان لوگوں نے ہمارے خلاف مقدمات جھوٹ قائم کیے، میں بنائے گئے کیسز کا سامنا کروں گا،

    اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ سندھ میں صحت کی صورتحال بہت خراب ہے، سندھ حکومت کا اربوں کا بجٹ ہے کا لیکن ایمبولینس سروس نہیں، سندھ میں میتوں کو گدھا گاڑی پر لے جایا گیا۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہاں اس شخص کو خطرہ ہے جو حکومت سندھ کوبے نقاب کرتا ہے، صحافی اجے لالوانی کو سچ بولنے کی سزا دی گئی۔

    صوبے میں کتوں کے کاٹے جانے کے واقعات میں اضافے پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ سندھ میں 92 کروڑ روپے کتوں کی نسل کشی کے لیےاستعمال کیے گئے۔

  • پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو 58 رنز سے شکست

    پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو 58 رنز سے شکست

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں جاری ٹرائنگولر بلائنڈ کرکٹ سیریز میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست سے دوچار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈھاکہ میں جاری ٹرائنگولر بلائنڈ کرکٹ سیریز میں پاکستان نے بھارت کو 58 رنز سے شکست دے دی ہے، پاکستان بلائنڈ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 185 رنز بنائے۔

    گرین شرٹس کی جانب سے بلے باز بدر منیر نے 27 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر بنایا، انہوں نے اپنی اننگز میں چار چھکے بھی جڑے، معین اسلم نے 33 اور کپتان نثار علی نے 30 رنز بنائے۔

    جواب میں بھارتی بلائنڈ ٹیم قومی بولرز کے وار نہ سہہ سکی اور مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بناسکی اور یوں قومی بلائنڈ ٹیم نے یہ میچ 58 رنز سے اپنے نام کیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے بنگلہ دیش میں ٹرائنگولر بلائنڈ کرکٹ سیریز میں پاکستان ٹیم کو جیت کی مبارک باد پیش کی ہے، ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں فیصل جاوید نے کہا کہ بھارت کو شکست دینے پر بلائنڈ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کر کے 185 رنز بنا کر شاندار پرفارم کیا۔

  • جمائیکا تلاواز نے حیدر علی کومہنگے داموں خرید لیا

    جمائیکا تلاواز نے حیدر علی کومہنگے داموں خرید لیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز حیدر علی کو کیربیئن پریمیئر لیگ کی ٹاپ کٹیگری میں پک کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیربیئن پریمیئر لیگ نے پاکستانی کرکٹر حیدر علی کو ٹاپ کیٹگری میں چن لیا ہے، حیدر علی کو جمائیکا تلاواز کی جانب سے بونس کیساتھ ایک لاکھ 10ہزار امریکی ڈالرز ملیں گے جو کہ پاکستانی 1کروڑ 7 لاکھ روپے بنتے ہیں۔

    تمام معاملات طے ہونے کے بعد حیدر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے این سی او ملنے کا انتظار ہے، این سی او ملنے کے بعد ہی حیدر علی ویسٹ انڈین لیگ میں بھرپور ایکشن میں دکھائی دینگے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال دو ستمبر کو نوجوان کرکٹر حیدر علی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور اپنے پہلے ہی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میں نصف سنچری بنائی، جس کے بعد حیدر علی یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی بن گئے تھے۔

    اس سے قبل ڈیبیو پر سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا اعزاز عمر امین کو حاصل تھا جنہوں نے 47 رنز بنائے تھے۔ حیدر علی پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔

  • کراچی کو رواں سال 1 ہزار میگا واٹ بجلی دیں گے: اسد عمر

    کراچی کو رواں سال 1 ہزار میگا واٹ بجلی دیں گے: اسد عمر

    کراچی: وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کراچی کو رواں سال 900 میگا واٹ کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، انشا اللہ 900 نہیں کراچی کو ایک ہزار میگا واٹ دیں گے۔ وزیر اعظم نے بھارت سے تجارت کے متبادل کے حوالے سے ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک نہ صرف چل رہا ہے بلکہ اس میں وسعت آرہی ہے، مغربی روٹ کے حوالے سے کافی باتیں ہوتی رہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اگست میں گرین لائن شروع ہوجائے، محمود آباد، اورنگی اور گجر نالے سے متعلق مسئلہ تھا، محمود آباد سے تجاوزات کو ہٹایا جا چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ سے پپری تک پائپ لائن بچھائی جائے گی، منصوبے کے لیے بڈنگ دی جا چکی ہے، بی او ٹی کی بنیاد پر ہوگا۔ سی پیک کے پہلے صنعتی زون میں چین نے سرمایہ کاری کردی ہے۔ کے 4 منصوبے سے متعلق واپڈا کو ذمے داری دی گئی ہے۔ امید ہے سال کے آخر تک وفاقی حکومت کے سارے منصوبے مکمل ہوجائیں گے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ سی پیک کے پہلے صنعتی زون میں چین نے سرمایہ کاری شروع کر رکھی ہے، 11 سال کے بعد 6 ماہ تک 2 ارب ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات لگاتار موصول ہوئیں، ایشیا میں ترقی کرتے ممالک نے اپنی برآمدات پر توجہ دی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کو رواں سال 900 میگا واٹ کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، انشا اللہ 900 نہیں کراچی کو ایک ہزار میگا واٹ دیں گے۔ بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح دو اعداد سے زیادہ ہے، جو بھی ترقی ہونی ہے اس کے لیے حکومت صرف سہولت کار ہو سکتی ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جتنا بڑا ظلم ہو رہا تھا اسے صرف نظر نہیں کر سکتے، وزیر اعظم نے بھارت سے تجارت کے متبادل کے حوالے سے ہدایت کی ہے۔

  • ماہرہ کی نانی ان کا ہاتھ دیکھ کر کیا کہتی ہیں؟

    ماہرہ کی نانی ان کا ہاتھ دیکھ کر کیا کہتی ہیں؟

    معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ان کی نانی روزانہ ان کا ہاتھ دیکھتی ہیں اور ایک ہی بات دہراتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک دلچسپ تصویر شیئر کی۔

    ماہرہ نے اپنی نانی کی تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نانی ان کا ہاتھ تھام کر اسے بغور دیکھ رہی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)

    ماہرہ نے لکھا کہ میری نانی تقریباً روز ہی میرا ہاتھ پڑھ کر ایک ہی بات کہتی ہیں، دل تو اچھا ہے۔

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں نانی سے اظہار محبت بھی کیا۔ پوسٹ کو تقریباً ڈیڑھ لاکھ بار پسند کیا گیا اور متعدد لوگوں نے اس پر کمنٹس کیے۔

  • ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری

    ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، اب تک ساڑھے 3 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 29 مارچ سے شروع ہونے والی ملک گیر انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، انسداد پولیومہم کا ہدف 4 کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔

    پہلے 4 دن میں ساڑھے 3 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

    گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلانے والے پولیو ورکرز کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار ہے جو بطور فرنٹ لائن ورکرز اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

    انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو ٹیموں کی حفاظت یقینی بنا رہے ہیں۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران اب تک کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا، عوام میں پولیو کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں میڈیا بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    مہم کے دوران کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔