Tag: پاکستان-نیوز

  • لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت مقرر

    لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت مقرر

    لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں چینی کی ریٹیل قیمت مقرر کرتے ہوئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت 85 روپے مقرر کردی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر لاہور نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو 85 فی کلو چینی کی فروخت پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔

    محکمہ صنعت کی جانب سے پنجاب کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے نام جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سیزن میں چینی کی پیداواری لاگت کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رہنمائی حاصل کی گئی ہے۔

    مارکیٹ میں اس وقت ایکس مل قیمت 95 روپے تک ہے جبکہ ریٹیل قیمت 100 کے قریب ہے جو کسی بھی طرح جائز نہیں۔ٹرانسپورٹیشن چارجز ، منافع کے مارجن کے ساتھ چینی کی ایکس مل قیمت 80روپے فی کلو ( بشمول ٹیکسز) نوٹیفکیشن کیا گیا ہے جبکہ ریٹیل قیمت 85روپے فی کلو سے زیادہ نہیں ہو گی ۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیزکو فوری آگاہ کریں۔

    دوسری جانب سٹے اور چینی کے ناجائز منافع سے حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بے نامی جائیدادیں بنانے کا انکشاف ہوا ہے، چینی مافیا نے ملائشیا، دبئی، برطانیہ اور یورپ میں اربوں روپے کی بے نامی جائیدادیں بنائیں۔

    ایف آئی اے نے جائیدادوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے ملکوں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے وزارت خارجہ کے ذریعے غیر ملکی سفارتخانوں کو سٹہ مافیا کے سرگرم افراد کے نام اور تفصیل دی جائے گی۔

  • شہنشاہ غزل کے صاحب زادے عارف مہدی انتقال کرگئے

    شہنشاہ غزل کے صاحب زادے عارف مہدی انتقال کرگئے

    کراچی: شہنشاہ غزل مرحوم مہدی حسن کےصاحب زادے عارف مہدی انتقال کرگئے۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق عارف مہدی حسن کا انتقال ہائی بلڈ پریشر کے باعث ہوا، وہ طویل عرصہ سے شوگر کے مرض میں بھی مبتلا تھے، مرحوم عارف مہدی حسن نے سوگواران میں دو بیگمات کو چھوڑا ہے۔

    مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر انچولی میں ادا کی جائے گی اور تدفین محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی میں والد مہدی حسن کے برابر میں کی جائے گی۔

    مرحوم عارف مہدی” مہدی حسن فاؤنڈیشن” کے بانی صدر تھے، مرحوم بھی ماہر طبلہ نواز تھے اور مختلف ورائٹی شوز آرگنائز کرتے تھے، اس کے علاوہ مرحوم اپنے والد مہدی حسن کے منیجر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے تھے۔

    یاد رہے کہ استاد مہدی حسن تیرہ جون سال 2012کو کراچی کے ایک نجی اسپتال میں اس دار فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

  • پاکستان برطانوی ریڈ لسٹ میں، پی آئی اے کا مسافروں کے لیے بڑا اعلان

    پاکستان برطانوی ریڈ لسٹ میں، پی آئی اے کا مسافروں کے لیے بڑا اعلان

    کراچی: برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو سفری پابندیوں پر مبنی ریڈ لسٹ میں شامل کرنے پر قومی ایئر لائن نے اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے مانچسٹر کے لیے اسلام آباد سے دو طرفہ 4 اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، 6 اور 7 اپریل کو آپریٹ کی جانے والی ان پروازوں کے ذریعے 1 ہزار 400 مسافر سفر کر سکیں گے۔

    برطانوی ریڈ لسٹ کی وجہ سے 9 اپریل کے بعد کوئی غیر برطانوی شہری برطانیہ داخل نہیں ہو سکے گا، اس لیے حکومتی ہدایات پر پی آئی اے نے 9 اپریل سے پہلے اپنی پروازوں کی تعداد بڑھائی ہے، اضافی پروازوں کے ساتھ اب 4 تا 9 اپریل پی آئی اے کی 5 پروازیں برطانیہ کے لیے روانہ ہوں گی۔

    خیال رہے کہ ریڈ لسٹ کے سبب پی آئی اے کی 9 اور 11 اپریل کی دو طرفہ شیڈول پروازیں آپریٹ نہیں کی جا سکیں گی۔جب کہ ہزاروں کی تعداد میں تارکین وطن برطانیہ میں گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کی چھٹیوں پر پاکستان آئے ہوئے ہیں، اور ان تارکین وطن کی واپسی مشکل مرحلہ بن گئی ہے، دوسری جانب غیر ملکی ایئر لائنز کی جانب سے کرائے 4 لاکھ روپے تک وصول کیے جانے لگے ہیں۔

    قومی ایئر لائن کی اضافی پروزاوں کے ذریعے برطانیہ میں واپسی کے منتظر پاکستانی شہریوں کی واپسی ممکن ہوگی۔

    کرونا کی تیسری لہر ، برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کردیا

    پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کا کہنا ہے کہ اضافی پروازوں کا مقصد تارکین وطن کی مشکلات آسان کرنا اور کرایوں کو کنٹرول کرنا ہے، نیز انھوں نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کی ٹکٹوں کے حصول کو مسافروں کی سہولت مہیا کرنے کے لیے آسان بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ نے کرونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا ہے، 9 اپریل سے پاکستان سے برطانیہ آنے والوں کو 10 دن ہوٹل قرنطینہ کرنا ہوگا۔

    پاکستان کے علاوہ فلپائن، کینیا اور بنگلا دیش کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، ان ممالک سے آنے والے مسافر ہوٹل قرنطینہ کے اخراجات خود ادا کریں گے، مسافر کو ہوٹل قرنطینہ کے تقریباً 1700 پاؤنڈ ادا کرنے ہوں گے۔

  • 4 بہنوں کے ویٹ لفٹنگ میں بے شمار سونے چاندی کے تمغے

    4 بہنوں کے ویٹ لفٹنگ میں بے شمار سونے چاندی کے تمغے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک دو نہیں بلکہ 4 بہنوں نے ویٹ لفٹنگ میں بے شمار کامیابیاں حاصل کر کے نہ صرف اپنے والدین بلکہ ملک کا نام بھی روشن کردیا۔

    لاہور کی ٹوئنکل سہیل، ورونیکا سہیل، مریم سہیل اور سیبل سہیل کئی سال سے ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں اور اب تک بے شمار سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے جیت چکی ہیں۔

    چاروں بہنوں کو پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

    یہ چاروں اسپورٹس میں اپنا شوق پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چاروں اب تک کئی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کرکٹ کھیلا کرتے تھے اور انہی کی وجہ سے انہیں کھیلوں کا شوق پیدا ہوا۔

    ٹوئنکل نے بتایا کہ ابتدا میں خاندان والوں نے ان کے والد کی بے حد مخالفت کی، ان کے دادا بھی اس کے سخت خلاف تھے، لیکن جب ان کی بہن نے پہلا گولڈ میڈ جیتا تو سب سے پہلی مبارکباد دادا نے ہی دی۔

    چاروں بہنوں کا کہنا ہے کہ حکومت ویٹ لفٹنگ کو سپورٹ نہیں کرتی جس کی وجہ سے وہ اپنے اخراجات پر بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرتے ہیں، اگر حکومت انہیں سپورٹ کرے تو وہ مزید مقابلوں میں حصہ لے کر ملک کا نام روشن کریں گی۔

  • معروف لوک گلوکار شوکت علی انتقال کر گئے

    معروف لوک گلوکار شوکت علی انتقال کر گئے

    لاہور : پانچ دہائیوں تک "لوک موسیقی” سے مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے گلوکار شوکت علی اپنے خالق حقیقی سے ملے۔

    اہل خانہ نے شوکت علی کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جگر کے عارضے میں مبتلا ماضی کے لوک گلوکار شوکت علی علاج کی غرض سے سی ایم ایچ لاہور میں داخل تھے آج وہ خالق حقیقی سے جاملے۔

    ڈاکٹروں کے مطابق شوکت علی کے جگر نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، گذشتہ روز شوکت علی کے بیٹے عمران شوکت نے بتایا تھا کہ ان کے والد کا جگر کام نہیں کر رہا ہے اور ڈاکٹرز تقریباً جواب دے چکے ہیں۔

    شوکت علی کو حکومت کی جانب سے پرائڈ آف پر فارمنس سے بھی نوازا جاچکا ہے،انہوں نے صوفیانہ کلام اور پنجابی گانوں میں بھی خوب نام کمایا، 1965 کی جنگ میں ان کا گایا ہوا ملی نغمہ، جاگ اٹھا ہے، سارا وطن اب بھی جوانوں کو جوش دلاتا ہے۔

    انہوں نے 1982 میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز میں لائیو پرفارمنس دی تھی اور ان کا گانا ’کدی دے ہس بول وے’ سال 2009 میں بھارتی فلم لو آج کل میں بھی استعمال ہوا تھا۔

    گذشتہ سال پندرہ اکتوبر کو اے آر وائی کے پروگرام ‘باخبر سویرا’ میں میزبان مدیحہ نقوی اور شفاعت علی نے معروف فوک گلوکار شوکت علی جگر کے عارضے میں مبتلا کی خبر آن ایئر کی تھی۔

    اس خبر کے بعد فوک گلوکار شوکت علی کو جگر کے علاج کیلئے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز خیرپور میں داخل کیا گیا، جہاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ان کے جگر کے انفیکشن کا علاج ہوا۔

    بعد ازاں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر انہیں سی ایم ایچ لاہور میں داخل کرایا گیا تھا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے معروف گلوکار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ معروف گلوکار شوکت علی کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا (اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن)۔

    شوکت علی نے اپنے فن خصوصا پرجوش ملی نغموں سے پاکستان کا نام روشن کیا، پروردگار مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

  • معروف اداکارہ صبا قمر کا عظیم خان سے شادی نہ کرنے کا اعلان

    معروف اداکارہ صبا قمر کا عظیم خان سے شادی نہ کرنے کا اعلان

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر نے سوشل میڈیا بلاگر عظیم خان کے ساتھ شادی سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کو ایک نئی بحث میں ڈال دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ صبا قمر نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ ایک اہم اعلان کرنے جارہی ہیں، وہ یہ ہے کہ بہت سارے ذاتی معاملات کے بنا پر انہوں نے عظیم خان سے شادی کے فیصلے کو منسوخ کردیا ہے، اب ہم شادی نہیں کررہے ہیں۔

    ادکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہیں امید ہے کہ میرے اس فیصلے پر مداح میری حوصلہ افزائی کرینگے، جیسے آپ لوگ میرے فیصلوں پر مجھے اب تک سپورٹ کرتے آئے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ "مجھے کڑوا سچ جاننے میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی ہے۔”

    فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ نے کہا کہ یہاں ایک اور اہم بات واضح کردوں کہ وہ آج تک کبھی عظیم خان سے نہیں ملی، میرے اور عظیم خان کے درمیان رابطہ صرف فون پر تھا۔

    سوشل میڈیا بلاگر عظیم خان سے شادی کے فیصلے کو منسوخ کرنے سے متعلق اداکارہ صبا قمر نے اعتراف کیا کہ وہ اس وقت بہت کڑے وقت سے گزر رہی ہے، مگر ہم سب جانتے ہیں کہ "انشااللہ یہ وقت بھی گزرجائےگا”

    واضح رہے کہ اداکارہ صبا قمر کی جانب سے عظیم خان سے شادی کی خبروں کی تصدیق کے بعد مداح نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے صبا قمر کے ہونے والے شوہر عظیم خان پر زیادتی اور قتل کی دھمکیوں کے الزامات عائد کیے تھے،جس پر بیرون ملک مقیم بلاگر نے خود پر لگائے گئے الزامات پر رد عمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا۔

    عظیم خان نے اپنی ویڈیو میں الزامات عائد کرنے والوں کو "برساتی کیڑوں” سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ قانون کی موجودگی کے باوجود بغیر کسی ثبوت کے سوشل میڈیا پر تماشا نہ لگائیں، اگر یہ الزامات سچ ہیں تو میرے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں تا کہ میں اس کا جواب دے سکوں۔

    عظیم خان کے اس ویڈیو پیغام پر صبا قمر نے اُن پر بھروسے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ "مجھے تُم پر بھروسہ ہے۔”

  • کورونا کی تیسری لہر ،  برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کردیا

    کورونا کی تیسری لہر ، برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کردیا

    لندن : برطانیہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کوریڈلسٹ میں شامل کردیا ، پاکستان سے برطانیہ آنے والوں کو 10دن ہوٹل قرنطینہ کرناہوگا ۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پوری دنیا کولپیٹ میں لیا ہوا ہے ، کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کردیا، جس کے بعد 9اپریل سےپاکستان سےبرطانیہ آنےوالوں کو10دن ہوٹل قرنطینہ کرناہوگا۔

    پاکستان کے علاوہ فلپائن، کینیا اور بنگلادیش کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، ریڈ لسٹ ممالک سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو 10دن قرنطینہ میں گزارنے پڑیں گے۔

    ہوٹل قرنطینہ کے اخراجات مسافر خود ادا کرے گا ، مسافر کو ہوٹل قرنطینہ کے تقریباً 1700 پاؤنڈ ادا کرنے ہوں گے۔

    خیال رہے برطانیہ سے شہریوں کی واپسی کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا گیا تاہم پاکستان نےبرطانیہ سے آنے والے مسافروں پر کوئی پابندی نہیں لگائی تھی۔

    پاکستان میں کورونا وباکی شدت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھنے لگی ہے، این سی اوسی کےمطابق گزشتہ ایک روز میں 5 ہزار 234 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور ٹیسٹ مثبت آنےکی شرح دس اعشاریہ چارتین فیصد رہی۔

    چوبیس گھنٹے میں مہلک وائرس مزید 83 جانیں نگل گیا، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموت کی تعداد 14 ہزار613 ہوگئی۔

  • وزیراعظم کے مشیر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    وزیراعظم کے مشیر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    اسلام آباد: وزیراعظم کےمشیربابر اعوان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے تاہم عمران خان کورونا کو شکست دے چکے۔

    وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب کے کئی شہر اس وقت کرونا وبا کی تیسری لہر کی زد میں ہیں، برطانیہ سے آئی کرونا کی تیسری لہر کا خوفناک عنصر یہ ہے کہ اس سے بچے بھی شدید متاثر ہورہے ہیں۔

    گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی سمیت دیگر اہم شخصیات کرونا میں مبتلا ہوئے، وزیراعظم عمران خان تو کرونا وبا کو شکست دے چکے تاہم صدرپاکستان ان دنوں قرنطینہ میں ہیں تاہم وہ مکمل طور پر تندرست ہیں۔

    کروناوبا کی نئی لہر کے باعث آج وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان بھی کرونا وبا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بابر اعوان نے بتایا کہ کرونا کی ہلکی علامت ہیں، ٹیسٹ مثبت آنےکےبعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، گھر سےہی کام جاری رکھوں گا۔

    ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم کے مشیر نے قوم سے اپیل کی کہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ رکھیں، اللہ تعالیٰ ہم سب کو سلامت رکھے۔

  • ون ڈے کیپ دینے کے بعد سرفراز نے دانش عزیز کو کیا مشورہ دیا؟

    ون ڈے کیپ دینے کے بعد سرفراز نے دانش عزیز کو کیا مشورہ دیا؟

    سنچورین: محنت رائیگاں نہیں جاتی، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں عمدہ کارکردگی کی بنا پر قومی اسکواڈ میں شامل دانش عزیز کا خواب پورا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج سنچورین ‏کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلا جارہا ہے، جہاں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

    پروٹیز کے خلاف پہلے ون ڈے کی فائنل الیون میں کپتان بابراعظم ، فخر زمان ، امام الحق ، آصف علی اور محمد رضوان ، شاداب خان ، فہیم اشرف، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف شامل ہیں، اس کے علاوہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے بلے باز دانش عزیز کو ڈیبیو کیپ دیا گیا۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے دانش عزیز کو ون ڈے کیپ دی، واضح رہے کہ محمد سرفراز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔

    ون ڈے کیپ ملنے پر خوشی سے نہال دانش عزیز نے آج کے دن کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرنا ایک خواب تھا جو آج پورا ہوا ہے، کوشش ہوگی سو فیصد کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم کو کامیابی دلاؤں۔

    پی سی بی کی جانب سے دانش عزیز کو ون ڈے کیپ دینے کی ویڈیو پبلش کی گئی ہے، ویڈیو میں قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ دانش عزیز کو ون ڈے کیپ دینے پر دلی خوشی ہورہی ہے۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے آپ نے محنت کی وہ میرے سامنے ہیں، ون ڈے کیپ ملنا آپ کی سخت جدوجہد کا نتیجہ ہے اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو موقع دیا کہ پاکستان کے لئے کھیلیں، پاکستان کی جانب سے لمبے عرصے تک کھیلیں اور بہترین پرفارمنس دیں۔

  • تائیوان میں تیز رفتار ٹرین حادثے کا شکار، 41 ہلاکتیں

    تائیوان میں تیز رفتار ٹرین حادثے کا شکار، 41 ہلاکتیں

    تائی پے: تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب ٹرین پٹری سے اترگئی، واقعے میں اکتالیس مسافر ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرین حادثے کا واقعہ تائیوان کے مشرقی ساحل پر ٹروکو گارج کے علاقے میں آج مقامی وقت کے مطابق صبح تقریبا ًساڑھے نو بجے پیش آیا، متاثرہ ٹرین میں ساڑھے تین سو سے زائد مسافر سوار تھے۔

    ریلوے پولیس نے اب تک 41 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، اب بھی متعدد افراد ٹرین میں پھنسے ہوئے ہیں، جس کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹرین تائی پی سے تائی تنگ جا رہی تھی کہ سرنگ میں حادثے کا شکار ہوئی، حکام کا کہنا ہےکہ سرنگ کے اوپر پل سے ایک ٹرک تیز رفتاری کے باعث ریلوے لائن پر آگرا، ریل تیز رفتاری کے باعث اس سے ٹکرا کر الٹ گئی۔

    واضح رہے کہ پہاڑی سلسلوں پر مشتمل تائیوان کا یہ مشرقی ساحل سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے، تائی پی کے مشرقی ساحل سے اس جانب جانے والی ٹرینیں مختلف سرنگوں سے ہو کرگزرتی ہیں اور یہ بڑا خوشگوار سفر ہوتا ہے۔

    یاد رہے کہ تائیوان میں اس سے پہلے ٹرین کا بڑا حادثہ اکتوبر 2018 میں پیش آیا تھا جب ایک مسافر ٹرین پٹری سے اترگئی تھی، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 175 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔