Tag: پاکستان-نیوز

  • سعودی عرب کی پاکستان کو بڑے معاہدے کی پیشکش

    سعودی عرب کی پاکستان کو بڑے معاہدے کی پیشکش

    اسلام آباد : سعودی عرب نے پاکستان کو ماحولیات سے متعلق معاہدے کی پیشکش کردی، ملک امین اسلم نے کہا سعودی عرب گرین انیشیٹو میں پاکستان کو شراکت دار بنانا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان رابطوں میں تیزی آگئی، وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کی گفتگو کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی۔

    سعودی عرب نے پاکستان کوماحولیات سےمتعلق معاہدےکی پیشکش کردی، اس سلسلے میں سعودی سفیر کی وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ماحولیات سے متعلق 4 اہم شعبوں میں شراکت داری کا معاہدہ کرنے کی پیشکش کی گئی۔

    معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا سعودی عرب گرین انیشیٹومیں پاکستان کوشراکت دار بنانا چاہتا ہے، 10 بلین ٹری سونامی اب سعودی عرب میں بھی شروع کیا جارہا ہے۔

    پاکستان اورسعودی عرب میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے معاہدہ کیا جائے گا جبکہ پروٹیکٹڈ ایریا انیشیٹو اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی تعاون ہوگا۔

    سعودی عرب نے بلین ٹری سونامی اور اولائیو ٹری سونامی میں دلچسپی کا اظہارکیا، اس حوالے سے دونوں ممالک کےدرمیان ٹیکنیکل وفود پر مشتمل اہم رابطے جلد شروع ہوں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کرکے ان کی خیریت دریافت کی، ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیے گئے ’گرین سعودی اقدام‘ اور ‘گرین مڈل ایسٹ اقدام‘ کی تعریف کی۔

    عمران خان نے پاکستان کے’ 10 بلین ٹری سونامی‘ پراجیکٹ پر روشنی ڈالی اور کہا تھا کہ یہ ایکو سسٹم کو بحال کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • مسجدنبویﷺ میں اعتکاف کرنے سے متعلق  بڑا فیصلہ

    مسجدنبویﷺ میں اعتکاف کرنے سے متعلق بڑا فیصلہ

    مدینہ منورہ: سعودی عرب میں کرونا وبا کے بڑھتے کیسز کے باعث حکام نے مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    سعودی عرب میں کرونا کیسز کی تعداد میں اچانک اضافہ ہونے لگا ہے، جس کے باعث رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی تیاریوں کو سخت دھچکا لگا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث رمضان المبارک میں مسجدنبوی ﷺ میں بچوں کےداخلے پر پابندی عائد کردی ہے، اس پابندی کا اطلاق پندرہ سال سے کم عمر بچوں پر لاگو ہوگا۔

    عرب میڈیا کے مطابق عالمی وبا کے پیش نظر مسجدنبویﷺ میں نماز تراویح کو دس رکعت تک محدود کردیا گیا ہے ساتھ ہی بتایا گیا ہے نماز تراویح کے تیس منٹ بعد مسجدنبویﷺ کو بند کردیا جائے گا۔

    کرونا وبا کے باعث رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف سے متعلق بھی سخت فیصلہ کیا گیا ہے، گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی مسجدنبویﷺمیں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی، یہ مسلسل دوسرا سال ہوگا جب مسجدنبویﷺمیں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی۔

    عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبوی میں افطار کیلئے کھانا تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں کرونا کے 238 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے مکہ ریجن میں 111،مشرقی صوبے میں 84، اور مدینہ میں 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    اس کے علاوہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں 386 افراد نے کرونا کو شکست دی، جس کے بعد سعودی عرب میں تین لاکھ اٹہتر ہزار چار سو انہتر افراد عالمی وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • این اے 249: لیگی امیدوار کو ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے کلین چٹ مل گئی

    این اے 249: لیگی امیدوار کو ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے کلین چٹ مل گئی

    کراچی: الیکشن ٹربیونل نے لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کے خلاف این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق اپیل کو مسترد کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹریبونل کراچی نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 پر مفتاح اسماعیل کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کےخلاف اپیل کی سماعت کی، درخواست پی ٹی آئی امیدوار کی جانب سے دائر کی گئی۔

    پی ٹی آئی امیدوار کے وکیل حسنین علی نے الیکشن ٹریبونل سے استدعا کی کہ مفتاح اسماعیل کےکاغذات نامزدگی مسترد کیےجائیں، کیونکہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت حلف نامے میں مفتاح اسماعیل نےگاڑی اور سرمائے کا ذکر نہیں کیا۔

    جس پر الیکشن ٹریبونل نے کہا کہ نااہلیت کا معاملہ مختلف ہوتا ہے، عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ کیا آپ کے مخالف امیدواربینک کرپٹ ہیں؟ کیا انہیں کسی کیس میں سزا ہوئی؟جواب میں پی ٹی آئی امیدوار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل نے اہلیہ کو ساڑھے تین کروڑ روپےکا گفٹ دیا، حلف نامے میں مفتاح اسماعیل نے ایک کروڑ کا تحفہ ظاہر کیا جبکہ باقی چھپادئیے، الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی امیدوار سے استفسار کیا کہ کیا ایف بی آر نےمفتاح اسماعیل کو کوئی نوٹس دیا؟۔

    پی ٹی آئی امیدوار کے وکیل حسنین علی چوہان نے الیکشن ٹریبونل کو بتایا کہ آر او نے کاغذات کا جائزہ لینےکےبجائےصرف لفظ ’’منظور‘‘لکھا۔

    بعد ازاں مفتاح اسماعیل کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ میرے موکل نےحلف نامےمیں کوئی حقائق نہیں چھپائے، حسنین علی چوہان کے دلائل مفروضےپر قائم ہیں، میں پی ٹی آئی کے وکیل سے دریافت کرنا چاہتا ہوں کہ کیا کسی گاڑی کی دستاویزات میرے موکل کےنام ہیں؟

    فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن ٹربیونل نے لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کے خلاف اپیل مسترد کردی اور انہیں کراچی کے حلقے این سے 249 سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

    الیکشن ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں پی ٹی آئی وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتاہےآپ کا کیس مضبوط ہو مگر الیکشن سے قبل ٹریبونل ان معاملات کو نہیں جانچ سکتی۔

    واضح رہے کہ این اے 249 کی سیٹ پاکستان تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد خالی ہوئی ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس سیٹ کے لیے امجد آفریدی کو ٹکٹ دیا گیا ہے، اس سیٹ پر کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔عام انتخابات کے دوران اس سیٹ پر شہباز شریف کو فیصل واوڈا کے ہاتھوں چند سو ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • راجن پور: منشی کے بھیس میں آئے ملزمان کی کمرہ عدالت میں اندھا دھند فائرنگ

    راجن پور: منشی کے بھیس میں آئے ملزمان کی کمرہ عدالت میں اندھا دھند فائرنگ

    راجن پور: ضلع ڈیرہ غازی کی مقامی عدالت میں قتل کیس کی سماعت کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے ہیں۔

    پنجاب میں عدالتوں میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث آئے روز فائرنگ کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے۔

    اس طرح کے واقعات کے باعث مقامی عدالتوں میں کیسز کی سماعت کرنے والے ججز حضرات سمیت سائلین اور عدالتی عملہ بھی خوف کا شکار ہونے لگا ہے۔

    آج بھی عدالتی احاطے میں فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، فائرنگ کا یہ واقعہ راجن پور کی سیشن عدالت میں قتل کی سماعت کے دوران پیش آیا، جہاں مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ اتنی شدید تھی کہ کمرہ عدالت میں موجود افراد نے لیٹ کر اپنی جان بچائی۔ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو وکلا سمیت سات افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں دو منشی اور ایک شہری بھی شامل ہے فائرنگ کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔

    فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری سیشن کورٹ پہنچی اور جاں بحق و زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے فائرنگ کے بعد ڈسٹرکٹ کورٹ کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور بھاری نفری کو عدالت کے اطراف تعینات کردیا گیا ہے۔

    واقعے سے متعلق مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان اور مقتول کے درمیان کافی عرصے سے تنازع جاری تھا، ملزمان نے کمرہ عدالت میں داخل ہونے کے لئے وکیل کے منشی بن کر آئے۔

    راجن پور کی سیشن کورٹ میں فائرنگ کے واقعے اور ایک شخص کی ہلاکت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری نوٹس لیا اور آر پی او ڈیرہ غازی خان سے واقعے سے متعلق فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

    دوسری جانب راجن پور پولیس نے کمرہ عدالت میں فائرنگ کرنے والے ملزم عارف کشانی کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس کے مطابق ملزمان کو سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا، ملزم کے باقی ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے، ملزم کو سخت حفاظتی اقدام کے تحت تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

  • ملک میں فٹبال کو بچائیں: معروف اداکارہ کی اپیل

    ملک میں فٹبال کو بچائیں: معروف اداکارہ کی اپیل

    معروف پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے پاکستان کی فیفا رکنیت معطل کرنے کی وارننگ کے بعد حکام سے پاکستان میں فٹبال کو بچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اداکارہ یمنیٰ زیدی نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل پر پابندی کو روکنے کے لیے کچھ کریں۔

    یمنیٰ زیدی نے لکھا کہ صحت مند معاشرے کے لیے کھیلوں کا ہونا ضروری ہے، یہ ہمیں ہیروز دیتے ہیں۔ اس وقت لگتا ہے کہ پاکستان خواتین کی فٹبال ٹیم کو بہت ساری مشکلات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپیل کرتی ہوں کہ برائے مہربانی ان کی مدد کریں۔

    یاد رہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے وارننگ دی تھی کہ اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کنٹرول فیفا کی بنائی گئی نارملائزیشن کمیٹی کو نہ دیا گیا تو پاکستان کی فیفا رکنیت معطل کی جاسکتی ہے۔

  • پاکستان کو آج رات مزید 5 لاکھ کورونا ویکسین مل جائیں گی، اسد عمر

    پاکستان کو آج رات مزید 5 لاکھ کورونا ویکسین مل جائیں گی، اسد عمر

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آج رات مزید 5 لاکھ کورونا ویکسین مل جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سیںٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ روز 5 لاکھ 60 ہزار کوروناویکسین وصول کی گئیں، آج رات مزید 5 لاکھ ویکسین مل جائیں گی۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج این سی او سی میں ویکسین سےمتعلق انتظامات کا جائزہ لیاگیا، صوبے کودستیاب ویکسینیشن کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی ہے، ہدایت دستیاب ویکسین پوری طرح سے استعمال کرنے کے لیے کی گئی۔

    یاد رہے  وفاقی حکومت نےصوبوں کو کورونا  ویکسین کی نئی کھیپ فراہم کردی ہے،صوبوں کو مجموعی طور پر سائنو فارم اور کین سائنو کی چار لاکھ 52 ہزار ڈوز فراہم کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب کو سب سے زیادہ ایک لاکھ 80 ہزار سائنو فارم ، 20 ہزار کین سائنو ڈوزز ، سندھ کو ایک لاکھ سائنو فارم، 12 ہزار کین سائنو ویکسین، خیبرپختونخوا کو 50 ہزار سائنو فارم اور 9  ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئیں، اسی طرح بلوچستان کو سائنو فارم کی 20 ہزار اور کین سائنو کی تین ہزار ڈوزز فراہم کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سائنو فارم کی 20 ہزار جبکہ کین سائینو کی تین ہزار ڈوزز فراہم کی گئیں،اسی طرح آزاد کشمیر کو سائنوفارم کی 20 ہزار اور 3 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم، گلگت بلتستان کو 10 ہزار سائنو فارم، 2 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئیں۔

  • گرین ملازمتیں : پاکستانی نوجوان  روزانہ 800 سے ایک ہزار روپے تک کما سکیں گے

    گرین ملازمتیں : پاکستانی نوجوان روزانہ 800 سے ایک ہزار روپے تک کما سکیں گے

    اسلام آباد : وزارت موسمیاتی تبدیلی ملک بھر میں ایک لاکھ گرین ملازمتیں فراہم کرے گی، جس کے تحت ملک بھر میں نوجوان روزانہ 800 سے ایک ہزار روپے تک کما سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک لاکھ گرین ملازمتوں کے پلان میں بڑی پیش رفت سامنے آئی، عالمی بینک پاکستان میں گرین جابز کے لئے مالی اعانت کو تیار ہوگیا ، وزارت موسمیاتی تبدیلی ملک میں ایک لاکھ گرین ملازمتیں فراہم کرے گی۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم سے ورلڈ بینک کے حکام کی ملاقات ہوئی ، ملاقات کرنے والوں میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر بھی شامل تھے۔

    ملاقات میں گرین جابز کے وزیراعظم پاکستان کے پلان پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور عالمی بینک نے120 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

    ملک بھرمیں نوجوان اپنے اپنےعلاقوں میں درخت لگا کر آمدن کمائیں گے ، گرین ملازمت کرنے والا ہرنوجوان روزانہ 800 سے ایک ہزار روپے تک کما سکے گا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا وزیر اعظم نےکوروناوباکےدوران گرین جابزکااعلان کیاتھا، حکومت نےوعدہ پورا کردیا ، عالمی بینک امدادفراہم کرے گا۔

    منصوبےکےتحت ملک میں کروڑوں نئےدرخت لگائےجائیں گے، ہر نوجوان ماہانہ 20 سے تیس ہزار روپےکماسکےگا، 5 سے 6 ماہ کے اندر نوکریاں دینے کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

  • پروٹیز سے مقابلہ: کپتان بابر اعظم  نے بلے بازوں کو اہم ٹاسک دے دیا

    پروٹیز سے مقابلہ: کپتان بابر اعظم نے بلے بازوں کو اہم ٹاسک دے دیا

    سنچورین: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے پروٹیز کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے بلے بازوں کو اہم ٹاسک دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سنچورین سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف بلے بازوں کو تین سو رنز بنانے کا ہدف دیا ہے، پروٹیز ہوم گراؤنڈ میں کافی مشکل ثابت ہوتی ہے، اسے زیر کرنے کے لئے بلے بازوں کی جانب سے رنز کرنا بہت ضروری ہے۔

    بابر اعظم نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیم کمبی نیشن دماغ میں ہے، ہمیں پروٹیز ٹیم کے خلاف ماڈرن کرکٹ کو لے کر چلنا ہوگا، جنوبی افریقا کے خلاف فتح کے لئے بہترین ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔

    اپنے بیان میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ دو ہزار انیس کے بعد سے قومی ٹیم نے بہت کم ایک روزہ میچز کھیلے ہیں، اس کے باوجود اسکواڈ نے کھیل کے تینوں شعبوں میں بھرپور پریکٹس کی ہے اور جنوبی افریقا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل سنچورین ‏کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلا جائے گا، بابر اعظم دورہ افریقا کے موقع پر پہلی بار کپتانی کے فرائض انجام دینگے جبکہ ٹیبما باووما بھی پہلی بار جنوبی افریقہ کی کمان سنبھالیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے کمبی نیشن کو بہتر بنانے کے لئے سرفراز احمد کو مڈل آرڈر پر کھلانے پر غور شروع کردیا ہے، سرفراز احمد کو بطور وکٹ کیپر اور محمد رضوان کو بیٹسمین کی حیثیت سے کھلایا جائے گا، اس ‏حوالے سے کپتان اور ہیڈ کوچ میں مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا۔

     

  • راولپنڈی کے اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی

    راولپنڈی کے اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی

    راولپنڈی: راولپنڈی کے قدیم اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی کے باعث متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں واقع اردو بازار میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    اردو بازار میں آگ کی اطلاع ملتے ہی دکاندار اور مقامی افراد بڑی تعداد میں وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کاموں میں حصہ لینا شروع کردیا،اسی اثنا میں واسا ٹیمیں بھی متاثرہ جگہ پہنچی اور آگ پر قابو کے لئے کوششوں کا آغاز کیا۔

    امدادی ٹیموں کے مطابق آگ اردو بازار کی تین منزلہ عمارت میں لگی، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق خوفناک آتشزدگی کے باعث کم وبیش بیس دکانیں جل کر خاکستر ہوچکی ہیں جبکہ متعدد دکانیں ابھی بھی آگ کی لپیٹ میں ہیں، واسا کے دس سے زائد واٹر ٹینکر آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

    ریسکیو ٹیموں نے آگ کی شدت کے پیش نظر متعدد دکانوں کو خالی کرالیا ہے اور لوگوں کی آمدورفت کو بھی محدود کردیا ہے، تاحال آتشزدگی کے باعث ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    واضح رہے کہ اردو بازار سے متصل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی بھی ہے، تاہم آتشزدگی کے باعث عمارت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

    دوسری جانب خوفناک آتشزدگی کے باعث پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے بھی جائے حادثے پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بھی اردو بازار پہنچ گئے ہیں۔

    یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ آگ کے باعث دو عمارتیں گر گئیں ہیں جبکہ متعدد عمارتوں کو خطرناک قرار دے دیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر اردو بازار میں لگی خوفناک آتشزدگی کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں، وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ نے بڑے پیمانے پر دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

  • راناثنا اللہ نے مریم نواز کے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا

    راناثنا اللہ نے مریم نواز کے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا

    لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کی بیرون ملک روانگی کی خبریں سچ ثابت ہونے لگی ہیں، خود رانا ثنااللہ نے مریم نواز کے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے اچانک آمد کے ساتھ سیاسی حلقوں میں یہ چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں تھی کہ مریم نواز بھی بیرون ملک جانے والی ہیں جبکہ خود مریم نواز کئی بار اس بات کا برملا اظہار کرچکی ہیں کہ وہ بیرون ملک نہیں جائیں گی اور حکومت کا بھرپور مقابلہ کرینگی۔

    تاہم آج میڈیا سے گفتگو میں راناثنااللہ نے مریم نواز کے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا، لیگی رہنما نے موقف اپنایا کہ لوگ عزیزوں سے ملنےجاتے ہیں،مریم نواز کو عزیزوں سے ملنےیا دوسرے غرض سےجاناپڑا تو جائیں گی، ساری دنیا جاتی ہے، لوگ جاتے ہیں اور واپس آجاتےہیں، ایسا نہیں ہےکہ ان کا جانامنع ہے۔

    رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز سے بہتر اس ٹولے کا علاج کوئی نہیں جانتا، اس وقت مسلط ٹولے سےنجات کی ضرورت تک مریم جدوجہدمیں شامل رہیں گی، آپ لوگ فکر نہ کریں مریم آپ کےعلاج کیلئے یہاں موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر گذشتہ روز ڈاکٹر عدنان لندن سے لاہور پہنچے تھے، ڈاکٹر عدنان کی ہدایت پر مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے ہیں، میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ڈاکٹر عدنان لیگی قائد کو مریم نواز کی طبیعت سے آگاہ کرینگے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل مریم نواز کو گلے میں انفیکشن ہوا تھا جس پر انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا، جس کی رپورٹ منفی آئی تھی، لیگی نائب صدر نے علالت کے باعث سیاسی سرگرمیاں معطل کررکھی ہیں۔