Tag: پاکستان-نیوز

  • شوگر سٹے باز رمضان میں کیا کرنے جارہے تھے؟ شہزاد اکبر کا بڑا انکشاف

    شوگر سٹے باز رمضان میں کیا کرنے جارہے تھے؟ شہزاد اکبر کا بڑا انکشاف

    لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد  اکبر نے مریم نواز کی بیرون ملک جانے کی خبروں سے متعلق کہا ہے کہ جو بھی معاملات ہیں یہی طے کرنے ہوں گے، ہم کسی کو این آر او نہیں دینگے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ مریم نواز کے پلیٹ لٹس کم ہونے کےحوالےسےخبر غلط ہے، وہ کئی بار این آر او لینے کی کوشش کرچکی ہیں، مگر ہم کسی کو بھی این آر او نہیں دینے والے، جو بھی معاملات ہیں یہی طےکرنےہوں گے۔

    شہزاد اکبر نے نائب صدر مسلم لیگ (ن) کو پی ڈی ایم میں دڑار کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نےناتجربہ کی بنیاد پرپی ڈی ایم کا ستیاناس کیا، ساتھ ہی انہوں نے فقرہ استعمال کیا کہ "اناڑی کے ہاتھ میں گاڑی آتی ہےتو ستیاناس ہی ہوتا ہے۔”

    چینی شوگر مافیا کے حوالے سے معاون خصوصی برائے احتساب نے اہم انکشاف کیا کہ ان لوگوں نےپہلے سےطے کر رکھا تھا کہ اپریل میں چینی کا ریٹ کیا ہوگا؟، شوگر سٹہ بازوں کی واٹس ایپ گروپ تک رسائی کے دوران پتہ چلا کہ رمضان المبارک میں چینی کی قیمت میں 20سے25فیصد تک اضافہ کیا جارہا تھا۔

    شہزاد اکبر نے بتایا کہ شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران چالیس سے زائد سٹہ بازوں کے سولہ کے قریب واٹس ایپ گروپ کا سراغ لگایا گیا، ان سٹے بازوں کے اکاؤئنٹ میں موجود 32 کروڑ کی رقم منجمد کردی ہے، اس کے علاوہ سٹے بازوں نے 392 بےنامی اکاؤنٹس ملازمین کےنام پر کھولے، عارضی استعمال کےبعد بےنامی اکاؤنٹ بند کردیئےگئے۔

    نیوز کانفرنس میں شہزاد اکبر نے بتایا کہ شوگر سٹے بازوں کی جانب سے واٹس ایپ پر رقم وصولی کی رسید بھی دی جاتی تھی، اب ایسا طریقہ کار لارہے ہیں کہ ریکارڈ سےباہر چینی بیچنا مشکل ہوجائےگا۔

    شہزاد اکبر نے بتایا کہ آج براڈ شیٹ کی رپورٹ آرہی ہے، جسے کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، اگر کابینہ نے رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا تو آج ہی پبلک ہوسکتی ہے۔

     

  • پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر بچوں کیلیے خطرناک ہونے لگی

    پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر بچوں کیلیے خطرناک ہونے لگی

    اسلام آباد: کورونا کی تیسری لہر نے بچوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے ، وفاقی دارلحکومت میں ایک دن میں مزید 66 بچوں میں کورونا کی تشخیص ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کی تیسری لہرسے بچوں کی بڑی تعداد متاثر ہورہے ہیں ، اسلام آباد میں 24 گھنٹے کے دوران 10سال تک کے 66 بچوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ، جس کے بعد کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 5792 ہوگئی۔

    ڈی ایچ اوآفس نے بتایا کہ 11سے 20سال کی عمرکے 5391 بچے، 21 تا30 سال کے 11860افراد اور 31 تا 45 سال کے 16 ہزار 607 افراد کورونا پازیٹو ہو چکے ہیں۔

    اعدادو شمار کے مطابق 46تا60 سال کے11 ہزار 203 اور 61 تا 80 سال کے 5 ہزار 986 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

    گذشتہ روز بھی اسلام آباد میں 108 بچوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی ، وفاقی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر دس سال کی عمر کے بیس ہزارسے زائد بچے کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں ۔

    خیال رہے خیبرپختونخوا میں 25 فیصد بچوں کے کرونا سے متاثر ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ بچوں میں کرونا اینٹی باڈیز پائے گئے۔

    واضح رہے ملک میں کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے ، کورونا کی وبا نےمزیداٹھانوے زندگیاں نگل لیں، ایک دن میں چار ہزار نو سو چوہتر نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور چوبیس گھنٹے میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح نو اعشاریہ نو فیصد رہی۔

  • پاکستان اور جنوبی افریقا کل سنچورین میں آمنے سامنے

    پاکستان اور جنوبی افریقا کل سنچورین میں آمنے سامنے

    کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریزکا پہلا میچ کل سُپر اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل سنچورین ‏کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلا جائے گا، بابر اعظم دورہ افریقا کے موقع پر پہلی بار کپتانی کے فرائض انجام دینگے جبکہ ٹیبما باووما بھی پہلی بار جنوبی افریقہ کی کمان سنبھالیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے کمبی نیشن کو بہتر بنانے کے لئے سرفراز احمد کو مڈل آرڈر پر کھلانے پر غور شروع کردیا ہے، سرفراز احمد کو بطور وکٹ کیپر اور محمد رضوان کو بیٹسمین کی حیثیت سے کھلایا جائے گا، اس ‏حوالے سے کپتان اور ہیڈ کوچ میں مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا۔

    نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں عمدہ کارکردگی کی بنا پر قومی اسکواڈ میں شامل دانش عزیز کو ون ڈے کیپ دئیے جانے کا امکان ہے۔دورہ جنوبی افریقا میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو قومی کرکٹ ٹیم کی پروٹیز کے دیس میں یہ چھٹی سیریز ہے، تاہم گرین شرٹس اب تک ایک سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی اور چار سیریز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک سیریز برابر رہی تھی۔

    قومی کرکٹ ٹیم نے سال دوہزار تیرہ میں پہلی بار پروٹیز کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ سیریز اپنے نام کی تھی۔

    اس کے علاوہ ایک روزہ میچز میں دونوں ٹیمیں اناسی بار آمنے سامنے آئیں، جن میں سے 28 میچز گرین شرٹس کے نام رہے جبکہ 50 میچز میں پروٹیز نے کامیابی حاصل کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سرفراز احمد کو نئی ‘لائف لائن’ ملنے کا امکان

    پروٹیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی بعد ازاں قومی ٹیم دورہ زمبابوے کے لئے روانہ ہوگی۔

  • وفاق کی جانب سے صوبوں کو کرونا ویکیسن کی نئی کھیپ فراہم

    وفاق کی جانب سے صوبوں کو کرونا ویکیسن کی نئی کھیپ فراہم

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کرونا وبا سے بچاؤ کے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے، اسی تناظر میں حکومت نے صوبوں کو کرونا ویکسین کی نئی کھیپ فراہم کردی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نےصوبوں کو کرونا ویکسین کی نئی کھیپ فراہم کردی ہے، یہ ویکیسن چین سے منگوائے گئے خصوصی کولڈ چین کنٹینرز کے زریعے صوبوں کو فراہم کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں کو مجموعی طور پر سائنو فارم اور کین سائنو کی چار لاکھ 52 ہزار ڈوز فراہم کی گئی، پنجاب کو سب سے زیادہ ایک لاکھ 80 ہزار سائنو فارم ، 20 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئی۔

    سندھ کو ایک لاکھ سائنو فارم، 12 ہزار کین سائنو ویکسین، خیبرپختونخوا کو 50 ہزار سائنو فارم، 9 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئیں، اسی طرح بلوچستان کو سائنو فارم کی 20 ہزار اور کین سائنو کی تین ہزار ڈوزز فراہم کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سائنو فارم کی 20 ہزار جبکہ کین سائینو کی تین ہزار ڈوزز فراہم کی گئیں،اسی طرح آزاد کشمیر کو سائنوفارم کی 20 ہزار اور 3 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم، گلگت بلتستان کو 10 ہزار سائنو فارم، 2 ہزار کین سائنو ڈوزز فراہم کی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  چین سے خریدی گئی کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ آج پاکستان پہنچے گی

    اس کے علاوہ وفاق نے کرونا ویکسین کی ایک لاکھ 8 ہزار ڈوزز ریزور رکھنےکا فیصلہ بھی کیا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز وزارتِ صحت کی جانب سے خریدی جانے والی ویکسینز پاکستان پہنچی تھی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین کی خوراکیں وصول کیں۔

    اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ اب تک 8 لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، حکومت ویکسین کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنارہی ہے، کیونکہ عوام کی زندگیوں کو بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • عدالت نے پی پی رہنما کو بڑا ریلیف دے دیا

    عدالت نے پی پی رہنما کو بڑا ریلیف دے دیا

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نثار کھوڑو کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نثار کھوڑو کی بیرون ملک جانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    دوران سماعت عدالت نے نثار کھوڑو کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں نو اپریل سے انیس مئی تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    نیب کی جانب سے پی پی رہنما کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی مخالفت کی گئی، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نثار کھوڑو کےخلاف نیب انکوائریاں کررہا ہے، نثارکھوڑو کو باہر جانےکی اجاز ت نہ دی جائے، خدشہ ہے کہ ملزم باہر جانےکے بعد وطن واپس نہیں آئےگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ خوراک سندھ میں کرپشن، پیپلزپارٹی رہنما نثار کھوڑو نیب میں پیش

    اس موقع پر وکیل نثار کھوڑو نے عدالت کو بتایا کہ نثارکھوڑو کی فیملی ملک سے باہر مقیم ہے، کرونا اور لاک ڈاؤن کے باعث نثار کھوڑو فیملی سے نہیں ملے، تاہم عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کی اور پی پی رہنما نثار کھوڑو کو بیرون ملک جانے کی اجازت دےدی۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں پہلے ہی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نثار کھوڑو کی عبوری ضمانت میں توسیع کرچکی ہے۔

  • ایس بی سی اے کا افسران کو اب کہاں تعینات کیا جائے گا؟

    ایس بی سی اے کا افسران کو اب کہاں تعینات کیا جائے گا؟

    کراچی:سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے ایس بی سی اے افسران کو اب یوسی کی سطح پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں طویل عرصے سے رائج اٹھارہ ٹاؤنز کا نظام ختم کرتے ہوئے محکمے کو سات اضلاع میں تقسیم کردیا ہے، اسی فیصلے کے ساتھ ہی ٹاؤن میں کام کرنے والے تمام افسران کے عہدے ختم ہوگئے ہیں، محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ نے اس سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق اس فیصلے کے بعد 18ڈائریکٹرز،32ڈپٹی ڈائریکٹرز،125اسسٹنٹ ڈائریکٹرز،96سینئر انسپکٹر کے عہدے ختم کردئیے گئے ہیں، اب ایس بی سی اے افسران کو یوسی کی سطح پر تعینات کیا جائے گا۔

    محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق ایسٹ ، کورنگی ، ملیر ، ساؤتھ، سینٹرل، غربی اور کیماڑی اضلاع کا سربراہ ڈائریکٹر ہوگا ٹاؤن کی جگہ ڈویژن کے سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہوں گے جبکہ یوسی سطح پر43ڈپٹی ڈائریکٹرز ، 97اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تعینات کئےجائیں گے، یوسی سطح پر97سینئر بلڈنگ انسپکٹرز تعینات کیے جائیں گے۔

    فیصلے کے مطابق ضلعی نظام رائج کرنے کیلئےادارے کو ڈپٹی ڈائریکٹرز کی کمی کا سامنا ہوگا، مذکورہ فیصلہ فکرپشن چھپانے، ملازمتوں سے فارغ، من پسند بھرتیوں کیلئےکیا گیا ہے۔

  • شانگلہ: جیپ گہری کھائی میں گرنے سے پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق

    شانگلہ: جیپ گہری کھائی میں گرنے سے پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق

    شانگلہ: کے پی کے ضلع شانگلہ میں جیپ گہری کھائی میں جاگری، دلخراش حادثے میں پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق شانگلہ کے علاقے شہتوت میں جیپ کھائی میں گرنے کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چار افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پولیس اہلکار رحیم زادہ، اس کا بیٹا اور ہمشیرہ بھی شامل ہیں، پولیس اہلکار رحیم زادہ انسدادپولیو مہم کےلیےگھر سے رانیال جارہا تھا، حادثے میں جاں بحق چاروں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  شانگلہ: ایک ماہ میں دوسرا پُل ٹوٹ کر دریا میں گر گیا

    واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائےحادثے میں پہنچی،تنگ اور دشوار گزار راستے کے باوجود ٹیم نے لاشوں اور زخمی کو سخت جدوجہد کے بعد نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں دوران علاج شدید زخمی بھی دم توڑ گیا۔

    جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد پانچ ہوگئی، جاں بحق ہونے والے تمام افراد یوسی رانیال کے رہائشی تھے، گاؤں رانیال میں جب اس اندوہناک خبر کی اطلاع ملی تو متاثرہ گھر میں صف ماتم بچھ گئی اور جاں بحق افراد کے لواحقین شدت غم سے نڈھال ہوگئے۔

     

  • آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم کا بڑا اعزاز

    آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم کا بڑا اعزاز

    دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ساتویں درجے پر موجود ہیں۔

    ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کی نمبر ون پوزیشن برقرار ہے، بھارت کے روی چندر اشون دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے نیل وینگر تیسرے نمبر پر موجود ہیں، بولرز کی ٹاپ ٹین رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی بولرز شامل نہیں۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انگلینڈ کے ڈیوڈمیلان پہلے، کینگروز کے ایرون فنچ دوسرے جبکہ قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

    مختصر فارمیٹ کی بولنگ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی کا پہلا نمبر ہے، افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں، کوئی بھی پاکستانی بولرز ٹی ٹوئنٹی کی ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بناسکا ہے۔

    ٹی ٹوئنٹی کی آل راؤنڈ کٹیگری میں افغانستان کے محمد بنی پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر موجود ہیں، گذشتہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر موجود قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم ٹاپ ٹین کی فہرست سے باہر ہوگئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بابر اعظم جنوبی افریقہ پر قہر ڈھانے کو تیار

    آئی سی سی کی جان سے ایک روزہ میچز کی بھی تازہ ترین رینکنگ جاری کی گئی ہے، جس میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم دوسرے نمبر پر موجود ہیں، بابراعظم کے علاوہ کوئی دوسرا پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں موجود نہیں ہے۔

    بولرز کی کٹیگری میں پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں، آل راؤنڈر کی کٹیگری میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے جبکہ انگلینڈ کے بین اسٹوک دوسرے نمبر پر قابض ہیں، پاکستان کے عماد وسیم پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

  • حکومت کا مساجد اور نماز تراویح سے متعلق اہم اعلان

    حکومت کا مساجد اور نماز تراویح سے متعلق اہم اعلان

    اسلام آباد: کرونا وبا کے باعث رمضان المبارک میں نماز تراویح کا اہتمام ہوگا یا نہیں؟ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی نے واضح کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا طاہر اشرفی نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا وبا کی پہلی لہر کے دوران ہم نے پچھلے سال بھی مساجد کو کھلے رکھا، پاکستان کے حالات پہلے سے بہتر ہیں، اس سال بھی فیصلہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں مساجد کھلی رہیں گی اور ایس اوپیز کیساتھ نماز تراویح کی ادائیگی بھی ہوگی۔

    مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ حکومت مساجد بند کرنے جارہی ہے، اس طرح کا کوئی اقدام زیر غور نہیں ہے، دیگر ممالک کے نسبت سب سے زیادہ پاکستان کی مساجد میں ایس او پیز پر عمل کیا گیا ہے، ایک بار پھر عوام الناس سے اپیل ہے کہ عبادات کے دوران احتیاطی تدابیر استعمال کرے۔

    اپنی نیوز کانفرنس میں معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی نے اہم اعلان کیا کہ وزیر اعظم نے سعودی عرب کےدورے کی دعوت قبول کی ہے، مستقبل قریب میں سعودی عرب دورے پر جائیں گے۔

    مولانا طاہر اشرفی نے بتایا کہ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں سعودی ولی عہد نے اعلان کیا کہ 40ارب درخت مشرقی وسطی میں لگائیں گے جس پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گرین پاکستان پر بھی مل کر آگے چلیں گے۔

    ملک میں بڑھتی مہنگائی پر وزیراعظم کے معاون خصوصی نے موقف اپنایا کہ حکومت مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرے گی، وزیراعظم کا بہت سارا وقت اس پر گزرتا ہے کہ مہنگائی کیسے کم کریں، ملک میں بہت سے امور میں بہتری آئی ہے اور بہت سارے معاملات بہتر ہوئے ہیں۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات کی راہ ہموار

    پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات کی راہ ہموار

    اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تجارت سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی اجازت منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ حماد اظہر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا تاہم اجلاس میں سرفہرست ایجنڈہ بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی سمری منظور کرنا تھا۔

    ذرائع کے مطابق طویل مشاورت کے بعد ای سی سی کی تیس جون دو ہزار اکیس تک بھارت سےکاٹن یارن درآمد کی منظوری دے دی اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نجی شعبے کو بھارت سےچینی درآمد کرنےکی بھی اجازت دی۔

    حماد اظہر کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ای سی سی نے وزارتوں کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی۔

    دوسری جانب پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے بھارت سے کپاس،دھاگہ درآمد کرنے کی اجازت کو ٹیکسٹائل ویلیو ایڈڈ سیکٹر کیلئے بہت بڑا فیصلہ قرار دیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ اس فیصلے سے دھاگےکی قیمتیں کم اور ٹیکسٹائل ایکسپورٹس میں اضافہ ہوگا جبکہ لوکل پاور لومز کی صنعت جو کپڑا بناتی ہے اس کا پہیہ تیزی سےچلتا رہےگا، تمام صنعتوں سے لاکھوں مزدوروں کا روزگار وابستہ ہے۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے بھارت سے کاٹن یارن اور چینی درآمد کرنے کا فیصلہ اب وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا، وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات بحال ہوجائیں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان مئی دو ہزار بیس میں ہندوستان سے ادویات اور خام مال درآمد سے پابندی ختم کرچکا ہے، یہ فیصلہ کرونا وبائی امراض کے دوران ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئےکیا گیا تھا۔