Tag: پاکستان-نیوز

  • احمد علی بٹ نے اپنا وزن کیسے کم کیا؟

    احمد علی بٹ نے اپنا وزن کیسے کم کیا؟

    معروف اداکار احمد علی بٹ نے اپنے وزن میں حیرت انگیز کمی کرلی، انہوں نے بتایا کہ کس طرح لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے اپنی صحت کا خیال رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار احمد علی بٹ نے واسع چوہدری کے پروگرام گھبرانا منع ہے میں شرکت کی اور اپنے وزن کی کمی کے متعلق بتایا۔

    احمد علی بٹ نے بتایا کہ کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے اپنی صحت کا خاص خیال رکھنا شروع کیا، انہوں نے روزے رکھنے کا سلسلہ رمضان کے بعد بھی جاری رکھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس پورے عمل میں انہیں 6 سے 7 ماہ کا عرصہ لگا ہے، تاہم جب وہ اس وقفے کے بعد لوگوں کے سامنے آئے تو لوگوں کو جھٹکا لگا۔

    احمد کے مطابق وزن کم کرنے کے بعد اب انہیں سنجیدہ کرداروں کی بھی پیشکش شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران وہ اپنا 25 کلو وزن کم کر چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ احمد علی بٹ اکثر و بیشتر مزاحیہ کرداروں میں جلوہ گر ہوتے رہے ہیں، وہ فلم جوانی پھر نہیں آنی کے دونوں حصوں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

  • پینشن رقم کس طرح منتقل کی گئی؟ محکمہ خزانہ کے گرفتار افسران نے اہم راز افشاں کردیا

    پینشن رقم کس طرح منتقل کی گئی؟ محکمہ خزانہ کے گرفتار افسران نے اہم راز افشاں کردیا

    کراچی: محکمہ خزانہ سندھ پنشن کرپشن کیس میں نیب کی تحقیقات کے دوران بڑی پیش رفت ہوئی ہے، رقم کس طرح منتقل کی جاتی تھی؟ سابق اکاؤنٹس افسران نے سارا کٹھہ چھٹہ نیب کے سامنے کھول دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب حراست میں موجود محکمہ خزانہ سندھ پنشن کرپشن کیس کے دو سابق اکاؤنٹس افسران نے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے ہیں، بیانات قلمبند کرانے کے دوران کرپشن کیس میں مزید اہم شخصیات کے نام سامنے آئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ سندھ پنشن کے سابق افسران نذیر بھٹو اور شاہ نواز نے تعیناتی کے دور کا ریکارڈ بھی نیب حکام کو پیش کیا،ا س دوران انہوں نے یہ راز افشاں کیا کہ کس طرح رقم بیرون ملک منتقل کی گئیں۔

    ذرائع کے مطابق سابق اکاؤنٹس افسران نے بتایا کہ پنشن کی رقم پہلے جعلی اکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی تھی بعد ازاں اسے دوسرے اکاؤنٹس میں منتقل کردیا جاتا تھا، تیسرے مرحلے میں ان رقوم کو بیرون ملک منتقل کردیا جاتا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ خزانہ سندھ پنشن کرپشن کیس میں بڑی پیش رفت

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنشن کے اربوں روپے2012سے 2017 تک جعلی اکاؤنٹس میں منتقل کئے گئے، سب سے زیادہ رقم دادو کے رہائشیوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی تھی۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نیب حکام سو سے زائد جعلی اکاؤنٹس میں رقم منتقلی کا پہلےہی سراغ لگا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ صوبائی محکمہ خزانہ میں جعلی اکاؤنٹ کی ذریعے کئی ارب کی پنشن خورد برد کی گئی تھی۔

  • لاکھوں ڈالرز خرچ ہونے کے باوجود بھی "فیفا گول پروجیکٹ” زبوں حالی کا شکار

    لاکھوں ڈالرز خرچ ہونے کے باوجود بھی "فیفا گول پروجیکٹ” زبوں حالی کا شکار

    کراچی: دو ہزار بارہ میں کراچی کی ساحلی پٹی ہاکس بے پر مکمل ہونے والا منصوبہ "فیفا گول پروجیکٹ” نو سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکا ہے۔

    پاکستان میں فٹ بال کا کھیل کئی سالوں سے زبوں حالی کا شکار ہے، کھبی پاکستان فٹ فیڈریشن میں متنازعہ انتخابات کے باعث فیفا کی جانب سے پابندی لگادی جاتی ہے تو کھبی پاکستان فٹ فیڈریشن میں من پسند افراد کی تعیناتی کے باعث اسے عدالت میں چیلنج کردیا جاتا ہے۔

    مگر آج جو رپورٹ پیش کی جارہی ہے وہ پاکستان میں فٹ بال کی زبوں حالی کی ایک مثال ہے، اور وہ ہے فیفا گول پروجیکٹ۔

    کراچی کی ساحلی پٹی ہاکس بے پر فیفا گول پروجیکٹ میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، اس منصوبے کو دو ہزاربارہ میں مکمل ہونا تھا، تاہم نوسال بعد بھی یہ نامکمل ہے۔اس منصوبہ کیلئے فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا سےفٹ بال فیڈریشن نےلاکھوں ڈالرز وصول کئے، اس منصوبےکی خوفناک تباہی کی اہم ترین بات یہ ہےکہ فیفا کو کاغذات میں اس پروجیکٹ کومکمل دکھایا گیا ہے

    رہائشی کمرے، کانفرنس روم، ڈائنگ ہال، کچن سمیت پلے گراونڈ ابھی تک نامکمل حالت میں موجود ہے جبکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی نے اس کارستانی کا سارا مبلہ پچھلی فیڈریشن کی پر ڈال رکھا ہے، کرپشن کی ایسی داستانیں پاکستان فٹ بال کو اندھیروں میں دھکیل چکی ہیں۔

  • اے ڈی بی نے پاکستان کو بڑی خوش خبری سنادی

    اے ڈی بی نے پاکستان کو بڑی خوش خبری سنادی

    اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے ہائیڈرو پاور پلانٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو سراہتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک  نے قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں ہائیڈرو پاور پلانٹ کیلئے30کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، اس منصوبے سے کلین انرجی میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کو 300 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منصوبہ دریائے کنہار پر بنایا جائے گا، جو دو ہزار ستائیس تک مکمل ہوگا، پروجیکٹ کو بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کا نام دیا گیا ہے، نئے آبی منصوبے سے بارہ ملازمتوں کے مواقع میسرآئینگے جن میں سے 40 فیصد ملازمتوں پر مقامی افراد کوبھرتی کیا جائےگا۔

    اے ڈی بی کے مطابق منصوبے کے لئے ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بینک کی جانب سے 28 کروڑ ڈالر قرض کی درخواست کی گئی ہے، منصوبے پر حکومت خیبرپختونخوا 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

     

  • سندھ حکومت کا 50 لاکھ کرونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا 50 لاکھ کرونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ سندھ سرکار نے اپنی مدد آپ کے تحت کرونا ویکیسن خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذراپیچوہو نے بتایا کہ این سی او سی نے صوبوں کو ویکسین خریدنے کی اجازت دےدی ہے، جس کے بعد سندھ حکومت نے چینی ویکسین ” کین سائینو” کی پچاس لاکھ ڈوز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور چین سے یہ سنگل ڈوزویکسین براہ راست لی جائےگی۔

    صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ چینی ویکسین کین سائینو خریدنے کے لئے سندھ حکومت نے پانچ سو ملین روپے رکھے ہیں، اس کے علاوہ اکتیس مارچ کو مزید بیس ہزار کرونا ویکسین سندھ کو ملیں گی جبکہ دو تین دن میں دس لاکھ ویکسینز وفاقی حکومت کو ملیں گی جن میں سے وفاق دو لاکھ ویکسین سندھ کو دے گا۔

    صوبائی وزیر صحت نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ ویکسین کی کامیابی اس وقت ہوگی جب اسی فیصد ویکسین کا عمل مکمل ہو، ساتھ ہی وزیر صحت نے واضح کیا کہ ویکسین صرف امیروں کیلئے نہیں ہے سب کو ویکیسن لگوانی چاہیئے۔

    نیوز کانفرنس میں صوبائی وزیر صحت نے اعلان کیا کہ چار اپریل کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی یوم شہادت کےموقع پر پنجاب میں کیا جانے والے جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو کو پنجاب میں کرونا صورتحال سے آگاہ کیا تھا ، میں بلاول بھٹو کی مشکور ہوں کہ انہوں نےجلسہ ملتوی کیا۔ڈاکٹر عذراپیچوہو نے پنجاب کی صورت حال کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا کے باعث ایک ہفتے میں پنجاب میں ستائیس ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، تاہم ابھی تک سندھ میں برطانیہ سے آنیوالی کرونا کی نئہ قسم نہیں پھیلی کیونکہ سندھ حکومت نے برطانیہ سے آنیوالے چند کیسز کو شروع میں ہی آئیسولیٹ کردیا تھا، ابھی بھی برطانیہ سے آنے والے لوگوں کو مانیٹر کیاجارہا ہے اس کے باوجود عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز کاخیال رکھیں، اگر سندھ میں کرونا کی تیسری لہر آئی تو صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔

    صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ صوبے کے تین بڑے اسپتالوں کے لیے ایک مرتبہ پھر وفاق کو خط لکھا ہے، خط میں سندھ حکومت نے کہا کہ ان اسپتالوں پر سال دوہزار گیارہ سے لیکر اب تک صوبائی حکومت نے جتنے اخراجات کئے، ان کی ادائیگی کی جائے، وفاق ان تینوں اسپتالوں کو نہیں چلا سکتا ہے، ہم ڈاکٹر فیصل سلطان کےجواب کے منتظر ہیں۔

  • ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھارت سے  روئی  درآمد  کرنے کی اجازت پر غور، ذرائع

    ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھارت سے روئی درآمد کرنے کی اجازت پر غور، ذرائع

    اسلام آباد: وزارت ٹیکسٹائل نے ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھارت سے روئی درآمد کرنے کی اجازت لینے پر غور شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت ٹیکسٹائل نے بھارت سے ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے روئی درآمد کی اجازت پر غور شروع کردیا گیا ہے، اسی سلسلے میں وزارت ٹیکسٹائل پابندی کےخاتمےکیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی سے رجوع کرے گی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے بعد باقاعدہ حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ سے رجوع کیاجائیگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سے روئی کی درآمد کیلئے پہلےعائد درآمدی پابندی ختم کرنا ہوگی، روئی درآمد کی اجازت ملنے سے بھارت کیساتھ تجارتی تعلقات جزوی بحال ہوسکیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان مئی دو ہزار بیس میں ہندوستان سے ادویات اور خام مال درآمد سےپابندی ختم کرچکا ہے، یہ فیصلہ کرونا وبائی امراض کے دوران ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئےکیا گیا تھا۔

  • کرونا کے بڑھتے وار: شہر قائد کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

    کرونا کے بڑھتے وار: شہر قائد کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

    کراچی: شہر قائد کے ضلع وسطی میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث مقامی انتظامیہ نے کرونا اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا ہے۔

    ملک بھر میں کرونا وبا کی تیسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں، صوبہ پنجاب اور کے پی میں عالمی وبا کی تیسری لہر کے باعث کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے تاہم سندھ اور بلوچستان میں حالات ان صوبوں کی نسبت بہتر ہیں، مقامی انتظامیہ کرونا کے بڑھتے کیسز سے بچاؤ کے لئے بروقت اہم فیصلے کررہی ہے

    ایسا ہی فیصلہ کراچی کے ضلع وسطی کے لئے کیا گیا ہے جہاں نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ کی مختلف یوسیز میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاون کا نفاذ کیا گیا ہے اور اس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق ڈی ایچ او کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا، متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی غیر ضروری نقل وحرکت پرپابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ ان علاقوں میں ڈبل سواری کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق ان علاقوں میں تمام کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی، متاثرہ علاقوں میں فیملی اجتماع پر پابندی ہوگی جبکہ متاثرہ علاقوں کےکرونا مثبت افراد اپنےگھروں میں قرنطینہ رہیں گے

    یہ بھی پڑھیں:  کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز: کراچی کے مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ

    نوٹی فیکیشن کے مطابق علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے حکومت راشن تقسیم کرنےکےہر ممکن اقدامات کرےگی۔

    اس سےقبل بھی ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا، اسمارٹ لاک ڈاؤن نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ ، لیاقت آباد کی5یوسیز میں لگایاگیا تھا۔

    اس کے علاوہ کراچی کے ضلع کورنگی میں بھی کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کئی یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جاچکا ہے۔

  • پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے: وزیر خارجہ

    پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے: وزیر خارجہ

    دو شنبے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ داعش اور القاعدہ افغان امن کے لیے خطرہ ہیں، پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تاجک دارالحکومت دو شنبے میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے افغان عوام کے پاس تاریخی موقع ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، امن عمل متاثر کرنے والوں کے بارے میں آگاہ کرتے رہے ہیں، افغانستان میں تشدد پرتشویش ہے، قیمتی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس اہمیت کی حامل ہے، پاکستان افغانستان میں خوشحالی اور ترقی چاہتا ہے۔ ہمارے لیے افغانستان اہم پڑوسی اور ثقافتی حیثیت رکھتا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل اہم موڑ پر ہے، پاکستان نے افغان امن مذاکرات جاری رکھنے کے لیے کردار ادا کیا۔ داعش اور القاعدہ افغان امن کے لیے خطرہ ہیں۔ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ پاکستان امن عمل سمیت افغانستان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون میں آگے ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے گوادر پورٹ کو افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے آپریشنل بنایا، سی پیک ون بیلٹ اینڈ روڈ فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔

  • سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کرونا میں مبتلا

    سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کرونا میں مبتلا

    اسلام آباد: ملک میں کرونا وبا کی تیسری لہر نے اپنے پنجے گاڑھنا شروع کردئیے ہیں، صدر مملکت، وزیراعظم عمران خان ، وزیر دفاع پرویز خٹک کے بعد سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حفیظ شیخ کی جگہ وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے والے حماد اظہر نے بتایا کہ حفیظ شیخ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔

    گذشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے  بھی ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے وزیردفاع کے کرونا میں مبتلا ہونے ‏کی اطلاع دی تھی انہوں نے کہا کہ وزیردفاع پرویز خٹک کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    اس خبر سے قبل گذشتہ روز ہی ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا تھا کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، انہوں نے لکھا تھا کہ اللہ تمام کرونامتاثرین پر رحم کرے۔صدر عارف علوی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ کرونا ویکسین کی ایک ڈوز لےچکاہوں اور ویکسین کی دوسری ڈوز چندہفتوں میں لگےگی، ساتھ ہی انہوں نے دعا بھی لکھی کہ اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی (اللہ) شفا دیتا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول بشریٰ بی بی بھی کرونا وائرس کا شکار ہوکر قرنطینہ میں ہیں ، وزیراعظم عمران خان کا آج دوبارہ کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا، کرونا منفی آنے پر وزیراعظم عمران خان جمعرات کو ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کرینگے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیرخزانہ حفیظ شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر حماد اظہر کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا، آج کابینہ ڈویژن نے حماد اظہر کی بطو وزیر خزانہ تقرری اور حفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا تھا۔

  • جنوبی افریقا میں موجود قومی اسکواڈ کی کرونا ٹیسٹنگ مکمل

    جنوبی افریقا میں موجود قومی اسکواڈ کی کرونا ٹیسٹنگ مکمل

    سنچورین: جنوبی افریقا کے دورے پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ بھی آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پروٹیز سے پہلے ون ڈے میں نبردآزما ہونے کے لئے شاہینوں کی سینچورین میں تیاریاں جاری ہیں، کھلاڑیوں نے دوسرے سیشن میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بھرپور ٹریننگ کی اور اپنی خامیوں کو دور کیا۔

    بائیو سیکور ببل میں رہتے ہوئے کھلاڑیوں نے پہلے سیشن میں اسٹیڈیم میں فزیکل ٹریننگ کی تھی، اسی دوران قومی کرکٹر کی کرونا ٹیسٹنگ بھی کی گئی تھی، اچھی خبر یہ ہے کہ ایک بار پھر قومی اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں بشمول اسٹاف تمام کی کرونا رپورٹ منفی آئی ہے۔

    یہ جنوبی افریقا میں قومی اسکواڈ کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ تھی، ستائیس مارچ کو ہونے والی پہلی کرونا ٹیسٹنگ کی رپورٹ بھی منفی آئی تھی، جس کے بعد قومی اسکواڈ نے سپر اسپورٹس پارک سینچورین میں اپنی ٹریننگ کا آغاز کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  دورۂ جنوبی افریقا، قومی کرکٹ‌ ٹیم کے کھلاڑیوں‌ کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ‌ آگئی

    پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ افریقا کے دوران تین ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، ایک روزہ سیریز کا آغاز 2 اپریل سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ جنوبی افریقا روانگی سے قبل پاکستان میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ ہوئے تھے، جو منفی آئے تھے جس کے بعد ہی قومی ٹیم کو جنوبی افریقا کے لئے اڑان بھری تھی۔