Tag: پاکستان-نیوز

  • کرونا کیسز میں اضافہ: اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں لاک ڈاؤن

    کرونا کیسز میں اضافہ: اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں لاک ڈاؤن

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر متعدد علاقوں میں اسمارٹ اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے بعد وفاقی انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن جی نائن 2، جی ٹین 3، جی ٹین 2، جی الیون 2، جی الیون 1 اور آئی ایٹ 3 میں نافذ کیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں ڈی ایچ اے ٹو، سوہان گارڈن، پی ڈبلیو ڈی، بہارہ کہو اور بنی گالہ میں مکمل لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ جزوی اور مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی تیسری لہر خطرناک ثابت ہورہی ہے، صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 4 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    اب تک ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار 663 ہے۔

    ملک میں وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہزار 256 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • شوگر سٹہ بازوں کے گرد گھیرا مزید تنگ، طلبی کے نوٹس جاری

    شوگر سٹہ بازوں کے گرد گھیرا مزید تنگ، طلبی کے نوٹس جاری

    لاہور: ایف آئی اے نے چالیس شوگر سٹہ بازوں کو طلبی کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے انہیں مکمل دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث بڑی مچھلیاں ایف آئی اے کے ریڈار پر آنے لگی ہیں، ایف آئی اے نے مکمل چھان بین کے بعد شریف ، شمیم، کنجوانی گروپ کے اسلم بھلّی کو 30 مارچ کو مکمل دستاویزات کے ساتھ طلب کرلیا ہے اسی طرح جے ڈی ڈبلیو کے ملک عباد کو بھی تیس مارچ کا بلاوا بھیج دیا ہے۔

    ذرائع ایف آئی اے کے مطابق جےڈی ڈبلیو کے ملک ماجد کو اکتیس مارچ کو طلب کیا ہے اسی روز مستنصر گوگی ، رمضان و العربیہ شوگر گروپ کو بلاوے کا نوٹس جاری کیا ہے، شیخ عامر ،چوہدری شوگر گروپ کو یکم اپریل کو طلب کیا گیا ہے جبکہ آر وائی کے شوگر گروپ کے اسد بھایا کو بھی دو اپریل کو ایف آئی اے لاہور میں طلب کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق شوگر سٹہ مافیا ارکان کو تیس مارچ کیلئے ایف آئی اے لاہور آفس میں طلبی کے نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ایف آئی اے نے ایف بی آر، بینکس،منی چینجرز سے بھی ریکارڈ طلب کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر سٹہ بازوں کو تمام ذاتی و کاروباری بینک اکاؤنٹس کی فہرست ساتھ لانے کا حکم دیا گیا ہے اس کے علاوہ تمام بے نامی اکاؤنٹس کی فہرست بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئیں ہیں۔

    ایف آئی اے نے واضح کیا کہ ایف بی آر، ایمنیسٹی میں ظاہر فیملی، بےنامی اثاثہ جات کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ شوگر سٹّہ بازوں کو ایک سال میں اندرون ،بیرون ملک کی ٹی ٹیز کی فہرست لانے کا حکم دیا گیا ہے طلبی نوٹس پر انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ عدم حاضری ،عدم تعاون کی صورت میں گرفتاری کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    سندھ کی شوگرمافیا کےخلاف کارروائیاں

    اس سے قبل ایف آئی اے سندھ کمرشل بینکنگ سرکل نے شوگر مافیا کےخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید چار افراد کو حراست میں لیا تھا، جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد سات ہوگئی۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان شوگر بروکر ہیں، ملزمان ملز مالکان کیساتھ ملکر چینی کے مصنوعی بحران میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ اور دیگر دفعات کےتحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد اور دیگر دستاویزات ضبط کرلی گئیں ہیں، مقامی عدالتوں سے ملزمان کا ریمانڈحاصل کرلیا گیا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    شوگر ٹریڈ ایکسچینج‘‘واٹس ایپ گروپ تک ایف آئی اے کی رسائی

    دوسری جانب ایف آئی اے نے شوگرسٹہ مافیا کے خلاف کئی اہم ثبوت حاصل کرلئے ہیں، ایف آئی اے نے’’شوگر ٹریڈ ایکسچینج‘‘واٹس ایپ گروپ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اہم شواہد حاصل کئے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ شوگر مافیا واٹس ایپ گروپ میں چینی کی قیمت کا تعین کرتا تھا، گروپ کے ایک رکن نے لکھا کہ چینی اب 10 ہزار جبکہ دوسرے نے لکھا "منڈ کے رکھو”، اسی طرح شوگرسٹہ مافیا گروپ کے ایک اور رکن جس کا تعلق تھرپارکر سے ہے اس نے لکھا کہ نو ہزار ایک سو پچاس۔

  • این سی او سی کا بڑا فیصلہ، ان ڈور، آؤٹ ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد

    این سی او سی کا بڑا فیصلہ، ان ڈور، آؤٹ ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد

    اسلام آباد: کرونا کے مسلسل بڑھتے کیسز اور اموات میں اضافے پر این سی او سی نے مزید اہم فیصلے کئے ہیں جو فوری طور پر نافذ العمل ہونگے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اسد عمر کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں پنجاب اور کے پی کے میں کرونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

    اجلاس میں این سی او سی نے ملک بھر میں ان ڈور، آؤٹ ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ تقریبات پر پابندی کا فیصلہ فوری طور نافذ العمل ہوگا جبکہ ان ڈور، آؤٹ ڈور شادی تقریبات پر پانچ اپریل سے پابندی ہوگی۔

    این سی او سی نے یہ بھی واضح کیا کہ صوبوں کو شادی تقریبات پر پابندی کے ٹائم فریم کا اختیارہوگا، صوبے کرونا شرح کےمطابق شادی کی تقریبات پر فیصلہ کرسکتے ہیں۔

    این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سماجی، کلچرل، سیاسی، کھیلوں کی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی، اس کے علاوہ کرونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے بین الصوبائی آمدورفت میں کمی کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا تاہم بین الصوبائی آمدورفت سےمتعلق حتمی فیصلہ صوبوں کی مشاورت سےہو گا۔

    این سی او سی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ فیصلوں کا اطلاق کرونا کےہائی رسک اضلاع اور شہروں پر ہوگا، آٹھ فیصد مثبت کیسز کی شرح والے اضلاع پر ان فیصلوں کا فوری اطلاق کیا جائے گا۔

    این اسی او سی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ این سی او سی صوبوں کو کرونا ہاٹ اسپاٹ کے نقشے فراہم کرے گا، کرونا ہاٹ اسپاٹ میپنگ سےلاک ڈاؤن کے نفاذ میں آسانی ہو گی۔

    گذشتہ روزنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ کرونا وبا کی تیسری لہر نے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، چوبیس گھنٹے میں مزید 57 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹے میں 45 ہزار 656 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 4767 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.44 فیصد رہی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرونا کی تباہ کاریاں رُک نہ سکیں، مزید 4767 افراد کرونا کا شکار

    کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے تین علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن لگایا جاچکا ہے، ان علاقوں میں ڈی سی کالونی، راہوالی اور واپڈا ٹاؤن شامل ہیں۔

    تینوں علاقوں میں گوشت، دودھ اور بیکریاں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ جبکہ پیٹرول پمپس، کریانہ اور سبزی کی دکانوں کو صبح9 سے شام 7 تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

  • وزیراعظم آج نیشنل بینک کی ” میراتھون ٹرانسمیشن” میں شریک ہونگے

    وزیراعظم آج نیشنل بینک کی ” میراتھون ٹرانسمیشن” میں شریک ہونگے

    اسلام آباد: نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت گھروں کی تقسیم سے متعلق نیشنل بینک کی جانب سےخصوصی میراتھون ٹرانسمشن کا اہتمام کیا گیا ہے، خصوصی ٹرانسمیشن میں وزیراعظم عمران خان بھی شریک ہونگے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ وزیراعظم بذریعہ فون مختصر وقت کے لئے ٹرانسمیشن میں شرکت کریں گے اور عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب بھی دیں گے۔

    آج نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت قرضے کی فراہمی کے لئے نیشنل بینک کی جانب سےخصوصی میراتھون ٹرانسمشن کا اہتمام کیا گیا ہے، ٹرانسمیشن آج شام ساڑھےچار سے چھ بجے تک نشر کی جائےگی، اس میراتھون میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے لئے آسان اقساط پر قرضے لینے سے متعلق سوالات کئے جاسکتے ہیں۔

    قومی ٹیلی ویژن سمیت تمام نجی ٹی وی چینلز اس خصوصی میراتھون ٹرانسمیشن کو آن ایئر کرینگے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کرونا میں مبتلا ہیں اس کے باوجود وہ حکومتی امور کو سرانجام دے رہے ہیں، تین روز قبل وزیراعظم نے اپنی میڈیا ٹیم سے مکمل ایس او پیز کے ساتھ ملاقات کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  شبلی فراز کا وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

    اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے دوبارہ آفس سنبھالتے ہی کابینہ میں تبدیلوں کا فیصلہ کیا ہے کابینہ میں تبدیلیاں آئندہ ہفتے متوقع ہے، شبلی فراز،فیصل واوڈااورعثمان ڈارکی کابینہ میں واپسی ہوگی جبکہ مشیروں میں ردو بدل پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

  • ایک اور ننھی کلی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

    ایک اور ننھی کلی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

    فیصل آباد: فیصل آباد میں سفاکیت کی انتہا ہوگئی، وحشی درندے نے بھٹہ مزدور کی چار سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کرڈالا۔

    پنجاب میں کمسن بچے اور بچیوں کو اغوا کرنے کے بعد زیادتی کرنے اور اس کے بعد انہیں قتل کرنے کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے، مگر پنجاب پولیس اس قبیح جرم کو روکنے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتی ہے یہی وجہ ہے کہ ابھی تک جنسی درندگی کرنے والے سفاک ملزمان پولیس کی گرفت سے آزاد ہیں۔

    اس طرح کا دلخراش واقعہ گذشتہ شب بھی فیصل آباد کے علاقے مدینہ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں بھٹہ مزدور پر کام کرنے والی فیملی پر قیامت گزری گئی، دادا کے پیچھے جانے والی چار سالہ میرب گھر سے نکلی اور پھر اس کی خون میں لت پت لاش گھر آئی۔

    غمزدہ والدہ نے دلخراش واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ میری چار سالہ میرب دودھ لینے کیلئے دادا کے پیچھے باہر گئی، راستے میں کسی ظالم نے اسےغائب کردیا، گمشدگی کی اطلاع ملنے پر تلاش شروع کی تو میری ننھی کلی کی لاش بھٹے کےدفتر سے ملی۔

    ننھی میرب کی والدہ نے افسوسناک واقعے سے متعلق چند اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ شہزاد سے میری دوسری شادی تین ماہ قبل ہی ہوئی ہے، بیٹی کے گمشدگی کے بعد اسے ڈھونڈنے کے لئے تلاش شروع کی تو بھٹہ آفس کے قریب اس کی دل خراش چینخیں سنائی دی، جیسے ہی ہم وہاں پہنچے تو نامعلوم شخص برآمدے سے نکل کر فرار ہوگیا جبکہ بچی مردہ حالت میں پڑی تھی۔

    پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بچی کا والد شہزاد احمد بھٹے پر کام کرتا تھا اور وہاں پر ہی اس نے رہائش رکھی ہوئی تھی، اس کی چار سالہ بچی میرب مغرب کے وقت گھر سے لاپتہ ہوئی جس کی تلاش کیلئے بھٹہ مزدور اور دیگر افراد اردگرد نکلے تو بھٹہ کے قریب ایک خالی کوارٹر سے بچی کی نعش ملی جوکہ خون میں لت پت تھی۔

    پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں، یہ انکشاف ہے کہ ملزم نے پہچانے جانے کےخوف سےبچی کا گلہ دبا کر قتل کیا۔

    کمسن بچی کی اندوہناک موت پر پولیس نے فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی، ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل نے میڈیا کو بتایا کہ بچی کی لاش کو میڈیکل کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، پوسٹمارٹم رپورٹ کےبعد زیادتی کی تصدیق ہوسکےگی، تفتیش جاری ہے،جلدملزم تک پہنچ جائیں گے۔

    دوسری جانب تھانہ ملت ٹاؤن میں مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، نامعلوم ملزم کےخلاف مقدمے میں زیادتی اورقتل کی دو دفعات شامل کیں گئیں ہیں۔

    ،ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل کا کہنا تھا کہ انکوائری کیلئےایس پی مدینہ ٹاؤن کی سربراہی میں ٹیم بنادی گئی ہے، انکوائری ٹیم میں ڈی ایس پی، تین ایس ایچ اوز شامل ہیں۔

    آئی جی پنجاب نے بھی فیصل آباد میں چار سالہ کی بچی سےمبینہ زیادتی اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او فیصل آباد سے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی ہے، آئی جی نے ملزم کو جلدازجلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ بچی کےاہلخانہ کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پریقینی بنائی جائے۔

  • مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا

    مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا

    لاہور: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے طبیعت ناسازی کے باعث اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی تھیں، اب ان کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ بھی آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مریم بی بی کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے، شاید کوئی انفیکشن ہوگیا جس کا علاج جاری ہے، ان کی جلد صحتیابی کیلئے بہت ساری دعائیں۔

    اپنے ایک اور ٹوئٹ میں حنا پرویز نے اپنے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی ہونے کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ الحمدللّٰہ ! میرا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے،اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ابھی تک مہلک وائرس سے بچی ہوئی ہوں، ساتھ ہی انہوں نے اپنی رپورٹ کا اسکرین شیئر کیا۔

    حنا پرویز بٹ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم بی بی کی طبیعت ناسازی کے باعث انہوں نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کر دیں ہیں، مریم بی بی کی جلدی صحتیابی کیلئے بہت زیادہ دعاگو ہوں۔ اللہ ان کو جلد از جلد صحتیاب کرے آمین۔

    اس سے قبل ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے، انہیں تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے، مریم نواز نے اپنا کرونا ٹیسٹ بھی کرایا ہے، جس کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔

    مریم اورنگزیب کے مطابق ڈاکٹرز نے نائب صدر مسلم لیگ (ن) کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، اسی بنا پر انہوں نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ شب سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی بھی طبیعت ناساز ہوئی تھی، ترجمان جےیو آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان دو دن سے بخار میں مبتلا ہیں، انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا ہے، جو کہ منفی آیا تھا۔

  • سروسز اسپتال لاہور کے اے ایم ایس کی پر اسرار ہلاکت

    سروسز اسپتال لاہور کے اے ایم ایس کی پر اسرار ہلاکت

    لاہور: سروسزاسپتال لاہور کے ہاسٹل سے اے ایم ایس ڈاکٹر حسن پر اسرار طور پر اپنےکمرے میں مردہ پائے گئے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سروسز اسپتال کےہاسٹل سے اے ایم ایس کی لاش ملی ہے، اے ایم ایس ڈاکٹر حسن پر اسرار طورپر اپنےکمرے میں مردہ پائے گئے۔

    اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈاکٹرحسن کو فوری طور پر سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں لےجایاگیا، جس وقت انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تو ان کے منہ سے خون نکل رہا تھا۔

    ڈاکٹرحسن سروسز اسپتال میں بطور اے ایم ایس کام کررہےتھےان کی پر اسرار ہلاکت کی وجہ کا تاحال تعین نہ ہوسکا ہے۔

     

  • مریم نواز کی طبیعت ناساز، سیاسی سرگرمیاں منسوخ

    مریم نواز کی طبیعت ناساز، سیاسی سرگرمیاں منسوخ

    لاہور: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی طبیعت ناساز ہوگئی ہے، اور انہوں نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں۔

    ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے، انہیں تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے، مریم نواز نے اپنا کرونا ٹیسٹ بھی کرایا ہے، جس کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔

    مریم اورنگزیب کے مطابق ڈاکٹرز نے نائب صدر مسلم لیگ (ن) کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، اسی بنا پر انہوں نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں۔

    مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مریم نواز شریف طبیعت کی ناسازی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ بھی گئیں، جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک طرف لوگ آئین و قانون کی خاطر جدوجہد کر رہے ہیں، دوسری طرف لوگ چھوٹے سے فائدے کیلئے بیانیے کو روند رہے ہیں، چھوٹے سے عہدے کیلئے جمہوری جدوجہد کو بڑا نقصان پہنچایا گیا۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا چھوٹا سا عہدہ ہے، اپوزیشن لیڈر سینیٹ کا عہدہ مل جاتا تو ہم نے کونسی حکومت بنا لینی تھی، آپ کو چھوٹا سا عہدہ چاہیئے تھا تو نواز شریف سے مانگ لیتے۔

    مولانا فضل الرحمان کی طبیعت ناساز

    واضح رہے کہ گذشتہ شب سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی بھی طبیعت ناساز ہوئی تھی، ترجمان جےیو آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان دو دن سے بخار میں مبتلا ہیں، انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا ہے، جو کہ منفی آیا ہے۔

    ترجمان جے یو آئی کے مطابق ڈاکٹرز نےمولانا کو سیاسی سرگرمیاں ختم کرکے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنی رہائش گاہ پرموجود ہیں۔

    ترجمان جے یو آئی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ فضل الرحمان طویل جدوجہد کےبعد تھک گئےہیں اور آرام کررہے ہیں۔

  • مسافر بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم، 5 افراد جاں بحق

    مسافر بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم، 5 افراد جاں بحق

    مریدکے: ویک اینڈ پر عزیز واقارب سے ملنے جانے والے افراد دلخراش حادثے کے نتیجے میں خالق حقیقی سے جاملے۔

    تفصیلات کے مطابق مرید کے میں سادھوکی نامی علاقے کے قریب مسافر بس تیز رفتاری کے باعث ٹرالر سے ٹکراگئی، افسوسناک واقعے کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ بارہ سے زائد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کیں گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا، حادثے کے باعث بس کو شدید نقصان پہنچا، بدقسمت بس صادق آباد سے سیالکوٹ جارہی تھی۔

    اس سے قبل بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسافر کوچ اور کار کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم ہوا تھا، حادثے میں سات افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں، حادثے کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ کوچ کو بھی کافی نقصان پہنچا تھا۔

    چوبیس مارچ کو ہی باغ آزادکشمیر میں مظفرآباد شاہراہ پر پہاڑی تودے نے سیر وتفریح کے لئے افراد پر قیامت ڈھائی، حادثہ غازی آباد کے قریب مکھیالہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں کار سوار افراد پر پہاڑی تودہ آن گرا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مستونگ: مسافر بس اور کار میں خوفناک تصادم، 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا، پہاڑی تودہ گرنے کے باعث کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، تودے کی زد میں آنے والی کار کو کاٹ کر جاں بحق افراد کو نکالا گیا۔

  • وزیر اعظم  کی ہندوبرادری  کو ہولی کی مبارکباد

    وزیر اعظم کی ہندوبرادری کو ہولی کی مبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ہندو برادری کو ہولی کے تہوار کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

    دنیا بھر میں آج ہندو مذہب سے تعلق رکھنے ہولی کا مذہبی تہوار عقیدت و احترام سے منارہے ہیں، پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری بھی اپنی خصوصی عبادات اور تقاریب کا اہتمام کررہی ہے،اس سلسلے میں گھروں اور گلیوں کو سجایا گیا ہے۔

    دیوالی کے تہوار کی مناسبت سے اقلیتی برادری نے بازاروں سے سجاوٹ کے سامان کے علاوہ آتش بازی کا سامان بھی خریدا ہے۔

    اس روز لوگ سفید لباس پہنتے ہیں اور ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر محظوظ ہوتے ہیں۔اسی تناظر میں وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے پیغام میں ہندو برداری کو دیوالی کے تہوار کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسے رنگوں کا تہوار قرار دیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ان دنوں کرونا وبا میں مبتلا ہیں اس کے باوجود وہ حکومتی امور سمیت تمام عالمی معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    ہولی موسمِ بہار کا تہوار ہے جو سردیوں کے موسم کے خاتمے پر منایا جاتا ہے، دوسری طرف یہ موسمِ خریف کی فصل کی کٹائی کا تہوار بھی ہے، ہولی کے رنگ بھی علامتی ہیں۔ لال کا مطلب محبت اور زرخیزی ہے، ہرا رنگ فطرت کی نمائندگی کرتا ہے، پیلا خوراک کی علامت ہے، جب کہ نیلا وشنو دیوتا سے مناسبت کی بنا پر مذہب اور روحانیت کا نمائندہ ہے۔