Tag: پاکستان-نیوز

  • وزیر اعظم ہاؤس کی روشنیاں بجھا دی گئیں

    وزیر اعظم ہاؤس کی روشنیاں بجھا دی گئیں

    اسلام آباد: پاکستان میں ارتھ آور شروع ہو گیا، وزیر اعظم ہاؤس سمیت ملک کے مختلف مقامات پر اضافی لائٹس بند کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج دنیا بھر میں ارتھ آور منایا جا رہا ہے، پاکستان میں بھی ایک گھنٹے کے لیے اضافی روشنیاں بند کر دی گئی ہیں۔

    ارتھ آور کی مناسبت سے لائٹس ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 بجے تک بند رہیں گی، وزیر اعظم کی ہدایت پر پرائم منسٹر ہاؤس کی لائٹس بھی ایک گھنٹے کے لیے بجھا دی گئیں۔

    تاہم ارتھ آور کے دوران سیکیورٹی نکتہ نظر سے ملک کے مختلف مقامات پر اہم لائٹس جلتی رہیں گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ماحولیاتی بہتری موجودہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے، انھوں نے قوم سے اپیل کی کہ صاف اور آلودگی سے پاک ماحول کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔

    دنیا بھر میں آج شب روشنیاں کیوں بجھائی جا رہی ہیں؟

    واضح رہے کہ زمین کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے اور اس پر توانائی کے بے تحاشا بوجھ کو کم کرنے کے لیے آج دنیا بھر میں ارتھ آور منایا جا رہا ہے، ارتھ آور پہلی بار 2007 میں سڈنی کے اوپیرا ہاؤس کی روشنیوں کو بجھا کر منایا گیا تھا، جس میں ایک کروڑ سے زائد شہریوں نے شرکت کر کے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے متحد ہونے کا پیغام دیا تھا۔

    ارتھ آور کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی (کلائمٹ چینج) کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے، کیوں کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں کرّہ ارض کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کے سبب ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

  • بھنگ کے بعد کیلے سے بھی کپڑا تیار کرلیا گیا

    بھنگ کے بعد کیلے سے بھی کپڑا تیار کرلیا گیا

    پاکستان میں کپڑے کی صنعت میں بڑی پیش رفت دیکھی جارہی ہے، بھنگ کے بعد اب کیلے کے درخت کے تنے سے بھی کپڑا بنا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے کیلے کے درخت کے تنے سے کپڑا تیار کرلیا۔ اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے پروجیکٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد محسن نے اس حوالے سے بتایا۔

    ڈاکٹر محسن کے مطابق پاکستان میں 34 ہزار 800 ہیکٹر پر کیلے کی کاشت ہوتی ہے جو سالانہ کیلے کی 1 لاکھ 54 ہزار 800 ٹن پیداوار ہے۔ کیلے کے درختوں کے 9 ہزار کلو سے زائد تنے ہر سال ضائع ہوجاتے ہیں جنہیں پھینک دیا جاتا ہے یا جلا دیا جاتا ہے۔

    ڈاکٹر محسن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے اس تنے سے نہ صرف دھاگہ بنایا ہے بلکہ کپڑا بھی تیار کیا ہے اور اسے رنگنے میں بھی قدرتی طریقہ اجزا استعمال ہوئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ کپڑا کاٹن کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہے جبکہ اس کی قیمت بھی کاٹن کی قیمت کی نصف ہے۔

    ڈاکٹر محسن کا کہنا ہے کہ کسان پہلے اس تنے کو پھینک دیا کرتے تھے یا جلا دیتے تھے جس سے کچرے اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا تھا، تاہم اب یہ بیکار تنے بھی ان کی آمدن کا ذریعہ بن سکیں گے۔

    علاوہ ازیں یہ کپڑا ماحول دوست ہوگا جبکہ کپاس کی پیداوار میں کمی کو بھی پورا کرسکے گا۔

  • مالی تنازع کے باعث دوست کے ہاتھوں دوست کا قتل

    مالی تنازع کے باعث دوست کے ہاتھوں دوست کا قتل

    کراچی: مالی تنازعے نے دوست کے ہاتھوں دوست کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیاری کے رہائشی لیاری میں قاتل عبدالستار اور مقتول نوید خان میں مالی تنازعہ چل رہا تھا، تنازعے کے تصفیئے کے لئے عبدالستار نے نوید خان کو اپنے گھر بلایا اور قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول نوید خان کو قتل کرنے کے بعد قاتل عبدالستار نےاپنی والدہ اور بھائی کو گھر بلایا اور سارا واقعہ بیان کردیا، اب تینوں نے مل کر لاش کو ٹھکانے لگانے کا منصوبہ بنایا اور طے کیا کہ رات گئے لاش کو پھینک دیں گے۔

    مقتول نوید خان کی لاش کو ٹھکانے لگانے کے لئے ملزمان نے کرائے کی گاڑی منگوائی، لاش کو چادر میں لپیٹ کر گاڑی میں منتقل کرنے کے دوران کرائے کے ڈرائیور نے خون ٹپکتا دیکھ کر شور مچادیا، جس پر مرکزی ملزم وہاں سے فرار ہوگیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  دہشت گردی میں ملوث مفرور ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

    پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کیا ساتھ ہی ملزم کی والدہ اور بھائی کو گھر سے گرفتار کرتے ہوئے تھانے منتقل کردیا۔

    پولیس نے مرکزی ملزم عبدالستار کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے اس کی تلاش شروع کردی ہے، قاتل اور مقتول کے درمیان کتنے روپے مالیت کا تنازعہ چل رہا تھا اس بارے میں مرکزی ملزم کی گرفتاری کے بعد معلوم ہوسکے گا۔

  • اربوں کا غبن کرنے والی شوگر ملز کے خلاف بڑا اقدام

    اربوں کا غبن کرنے والی شوگر ملز کے خلاف بڑا اقدام

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شوگر مافیاز کیخلاف کارروائی مزید تیز کرتے ہوئے شوگر ملزبلیک لسٹ کرنا شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے چھیبس ارب روپے کے غبن میں ملوث نو شوگر ملزم کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان پر مقدمات درج کرلئے ہیں۔

    بلیک لسٹ ہونے والی شوگر ملز میں عبداللہ شوگر ملز دیپالپور، عبداللہ شوگرملزایکس یوسف، حسیب وقاص شوگرملز ،ٹی ایم کے شوگر ملز، سیری شوگرملز سمیت عبداللہ شاہ غازی ،حق باہوشوگرملز، مکہ شوگرملز،تاندلیانوالہ شوگرملز شامل ہیں۔

    دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد کرتے ہوئے خفیہ اثاثوں کی چھان بین کا آغاز کررکھا ہے۔

    ابھی تک ایف آئی اے نے چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد کردیئے ہیں جبکہ 100 سے زائد جعلی اوربے نامی اکاؤنٹس کو بھی منجمد کیا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ چینی سٹہ مافیا نے غریب عوام کے ساتھ سنگین ترین مالی فراڈ کیا اور غریب عوام کی جیبوں سے 110 ارب نکال لیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چینی سٹہ مافیا کے 40 سرکردہ ارکان کے بینک اکاونٹس منجمد

    یاد رہے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چینی سٹےبازی میں ملوث 37 افراد کے آئی ڈی کارڈ بلاک ‏کرا دیئے تھے، حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کانام بلیک لسٹ میں بھی شامل کیاجارہاہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل چینی اسکینڈل کے معاملے پر شوگر ڈیلرز کے گھروں پر رات گئے ایف آئی اے نے چھاپے مارے ‏اور گھروں سے ریکارڈ قبضے میں لے لیا تھا۔

  • پنجاب کو چینی کی فراہمی کے لیے ڈسٹری بیوشن پلان تیار

    پنجاب کو چینی کی فراہمی کے لیے ڈسٹری بیوشن پلان تیار

    لاہور: صوبہ پنجاب کو چینی کی فراہمی کے لیے ڈسٹری بیوشن پلان تیار کرلیا گیا، پنجاب کی فعال شوگر ملوں کے پاس 25 لاکھ 42 ہزار میٹرک ٹن چینی کا اسٹاک موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک نے صوبہ پنجاب کو چینی کی فراہمی کے لیے ڈسٹری بیوشن پلان تیار کرلیا، پنجاب کی آبادی 11 کروڑ اور چینی کی طلب 2 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن ماہانہ ہے۔

    پنجاب کی فعال شوگر ملوں کے پاس 25 لاکھ 42 ہزار میٹرک ٹن چینی کا اسٹاک موجود ہے، محکمہ خوراک کے مطابق پنجاب کی شوگر ملوں کے پاس ضرورت کے مطابق چینی موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 کلو گرام فی کس کے حساب سے ضروریات 9 ہزار 353 میٹرک ٹن روزانہ ہے۔ صرف لاہور کی آبادی 1 کروڑ 11 لاکھ اور چینی کی ضرورت 33 ہزار 378 میٹرک ٹن ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈی سی شوگر ملوں اور ڈیلرز کے ذریعے مارکیٹوں میں چینی فراہمی کے پابند ہوں گے، شوگر ڈیلرز ڈی سی کی موجودگی میں ملوں سے 93 روپے فی کلو چینی خریدیں، شوگر ڈیلرز ریٹیل میں 96 روپے فی کلو فروخت کرنے کے پابند ہوں گے۔

    حکام کے مطابق شوگر ڈیلرز منافع کی مد میں 3 روپے فی کلو رکھنے کے مجاز ہوں گے۔

  • صبا قمر کی لائسنس سینٹر آمد، شہری خوشی سے نہال

    صبا قمر کی لائسنس سینٹر آمد، شہری خوشی سے نہال

    لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروانے کے لیے لائسنس سینٹر جا پہنچیں جہاں شہری انہیں دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی ادکارہ صبا قمر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے لاہور کے علاقے اچھرہ کے لائسنس سینٹر پہنچیں جہاں انہوں نے ٹریفک پولیس سروس کی تعریف کی۔

    اداکارہ صبا قمر نے اچھرہ لائسنس سینٹر میں اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرائی۔

    اس موقع پر انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس کے ساتھ اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس سینٹر میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں، سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کو بہترین سروسز فراہم کر رہی ہے۔

    انہوں نے شہریوں سے بھی درخواست کی کہ شہری بغیر لائسنس گاڑی چلانے سے اجتناب کریں۔ اس موقع پر وہاں موجود لوگوں نے صبا کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

  • عمران خان کو کمزور سمجھ کر اپوزیشن نے ہمیشہ منہ کی کھائی: فواد چوہدری

    عمران خان کو کمزور سمجھ کر اپوزیشن نے ہمیشہ منہ کی کھائی: فواد چوہدری

    لاہور: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جب بھی ہم مذاکرات کی بات کریں اپوزیشن عمران خان کو کمزور سمجھتے ہیں۔ عمران خان کو کمزور سمجھ کر آپ نے ہمیشہ منہ کی کھائی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کی طرف بڑھ رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں ٹیکنالوجی بزنس میں اپنا حصہ ڈالیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی بنیاد سیمی کنڈکٹر پر رکھی جاتی ہے، امریکا اور چین کی جنگ سیمی کنڈکٹر پر ہے، چین سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے لیے 100 بلین ڈالر کا پروجیکٹ لا رہا ہے۔ کوشش ہے چین کے اس پروجیکٹ میں ہم اپنا حصہ ڈالیں۔

    سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپوزیشن کو سمجھایا تھا سینیٹ الیکشن پر ان کو ہی نقصان ہوگا، اگر وہ اس بات کو سمجھ جاتے تو سینیٹ الیکشن مذاق نہیں بنتا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن پاکستان کی اہم جماعتیں ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سیاست بچوں کے حوالے نہ کرے، بچوں کے حوالے کرنے سے ان کی سیاست تباہ ہوگی۔ ن لیگ کا اثر وسط پنجاب سے محدود ہوگیا ہے، پیپلز پارٹی کا اثر اندرون سندھ تک محدود ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیر سے ہم سیاسی جماعتوں سے دوبارہ رابطے شروع کریں گے، اپوزیشن ترامیم بدلنا چاہتی ہے تو پارلیمنٹ میں آئے، جب بھی ہم مذاکرات کی بات کریں آپ عمران خان کو کمزور سمجھتے ہیں۔ عمران خان کو کمزور سمجھ کر آپ نے ہمیشہ منہ کی کھائی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئیں انتخابی اصلاحات اور دیگر معاملات کی طرف بڑھتے ہیں، اپوزیشن کو اپنی سیاست پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ یہ جن کو پارلیمنٹ میں نامزد کریں گے ان سے ہم بات کریں گے۔

  • حلیم عادل شیخ کو رہائی کا پروانہ مل گیا

    حلیم عادل شیخ کو رہائی کا پروانہ مل گیا

    کراچی: کم وبیش ڈیڑھ ماہ مختلف کیسز میں قید اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کو بالاآخر رہائی کا پروانہ مل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ پر جلاؤ گھیراؤ ، کارسرکار میں مداخلت اورپولیس اہلکار زخمی کرنےکا الزام تھا، پی ٹی آئی رہنما پر تمام مقدمات تھانہ میمن گوٹھ میں درج تھے، ان مقدمات کے باعث وہ دو ماہ تک قید رہے۔

    آج حلیم عادل شیخ کی رہائی کے لئے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے نیا ریلیز آرڈر جاری کیا گیا، ان کی رہائی ضمنی الیکشن کے دوران ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کے کیسز میں ضمانتیں ہونے کے باعث عمل میں آئیں۔

    سندھ ہائی کورٹ نے پچیس مارچ کو ان کیسز میں ضمانت منظور کرتے ہوئے 2،2لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

    رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پارٹی،حامیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نےمیرے لیےدعائیں کیں ساتھ ہی انہوں نے وزیراعلیٰ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شکریہ مراد علی شاہ کا جنہوں نے ڈیڑھ ماہ میں سیاسی دہشتگرد بنا کر پیش کیا، سندھ حکومت نے میرا کئی سال کا سفر ڈیڑھ ماہ میں مکمل کرادیا، حکومت سندھ ،مراد علی شاہ ،آصف زرداری کا شکریہ کہ میرا بڑھایا۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ میں ایسا دہشت گرد تھا جس کے پاس کچھ نہیں تھا کسی کو زخمی نہیں کیا، ڈیڑھ ماہ میں سندھ حکومت کاسیاسی انتقام بےنقاب ہوچکا، ثابت ہوا کہ سندھ میں سیاسی مقدمات بنائے جاتے ہیں۔

    اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ سندھ میں سیاسی مخالفیں پر دہشتگردی کےمقدمات بنا دیئے جاتے ہیں، میری جنگ میرا مسئلہ سندھ کےعوام ہیں،غریبوں کی بات کرتا ہوں، اپوزیشن لیڈر آفس میں ایک سیل کھولنے جارہے ہیں اس کی مدد سے پورے سندھ میں جہاں ناانصافی ہوگی اسکے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

    اس سے قبل تجاوزات آپریشن میں ہنگامہ آرائی کیس میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی پہلے ضمانت حاصل کرچکے ہیں۔

    دوران حراست اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی بیٹی عائشہ حلیم نے الزام عائد کیا تھا کہ پیپلزپارٹی میرے والد کو جیل میں قتل کروانا چاہتی تھی، والد کو کچھ بھی ہواتوذمہ دارپی پی اور سندھ حکومت ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کا حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار

    سندھ پولیس کی حراست میں قائدحزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے کمرے میں سانپ نکل آیا تھا، جسے حلیم عادل شیخ نے مارڈالا تھا، بعد ازاں جیل میں ان کی طبیعت بھی بگڑی، وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کیساتھ نارواسلوک کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کی اور ہدایت دی تھی کہ حلیم عادل شیخ کو ضروری طبی سہولتیں مہیا کی جائیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں زیر حراست اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

  • دہشت گردی میں ملوث مفرور ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

    دہشت گردی میں ملوث مفرور ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

    کراچی: کاؤئنٹر ٹیرارزم ڈیپارنمنٹ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کو استعمال میں لاتے ہوئے دہشت گردی میں ملوث مفرور ملزمان کےگردگھیراتنگ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردی میں ملوث مفرور ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے اور مفرور ملزمان کیخلاف پہلی بار انسداددہشت گردی ایکٹ کی دفعات کا استعمال کیا ہے۔

    سی ٹی ڈی نے21ایل کےتحت مفرور ملزمان کاچالان عدالت میں جمع کرایا ہے جبکہ ماضی میں گرفتاری سے بچنے کیلئےمفرور ملزمان کو512میں چالان کیاجاتا تھا، دفعہ512 کےتحت مفرور ملزمان کی گرفتاری پر صرف اصل جرم پر ٹرائل ہوتا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آن لائن ڈیلیوری سروسز: سی ٹی ڈی کا ملازمین کے ڈیٹا کیلئے متعلقہ کمپنیوں سے رابطہ

    عمرشاہد نے بتایا کہ 21ایل کے تحت ملزمان کا روپوش ہونا بھی قابل سزاجرم ہے جس میں ملزمان کواصل جرم کےعلاوہ پانچ سال تک سزادی جاسکتی ہے۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا دفعات سے متعلق موقف تھا کہ قانون چوبیس سال سےموجودہے،بہت سی دفعات کااستعمال نہیں کیاجاسکا مگر اب انسداد دہشتگردی کی تمام دفعات کاجائزہ لےکر عمل میں لائینگے۔

  • دنیا بھر میں آج شب روشنیاں کیوں بجھائی جائیں گی؟

    دنیا بھر میں آج شب روشنیاں کیوں بجھائی جائیں گی؟

    زمین کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے اور اس پر توانائی کے بے تحاشہ بوجھ کو کم کرنے کے لیے آج ارتھ آور منایا جائے گا، آج وزیر اعظم آفس میں بھی ایک گھنٹے کے لیے روشنیاں گل کردی جائیں گی۔

    ارتھ آور پہلی بار 2007 میں سڈنی کے اوپیرا ہاوس کی روشنیوں کو بجھا کر منایا گیا تھا جس میں ایک کروڑ سے زائد شہریوں نے شرکت کر کے عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے متحد ہونے کا پیغام دیا تھا۔

    اسے منانے کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی (کلائمٹ چینج) کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں کرہ ارض کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کے سبب ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

    درجہ حرارت بڑھنے کا ایک سبب بجلی کا بہت زیادہ استعمال بھی ہے۔ بجلی مختلف ذرائع جیسے تیل، گیس یا کوئلے سے بنتی ہے، اور ان چیزوں کو ہم جتنا زیادہ جلائیں گے اتنا ہی ان کا دھواں فضا میں جا کر آلودگی پھیلائے گا اور درجہ حرارت میں اضافہ کرے گا۔

    اگر ہم خلا سے زمین کی طرف دیکھیں تو ہمیں زمین روشنی کے ایک جگمگاتے گولے کی طرح نظر آئے گی۔ یہ منظر دیکھنے میں تو بہت خوبصورت لگتا ہے، مگر اصل میں روشنیوں کا یہ طوفان زمین کو بیمار کرنے کا سبب بن رہا ہے۔

    ان روشنیوں کو برقی یا روشنی کی آلودگی کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق مصنوعی روشنیوں کے باعث ہماری زمین کے گرد ایک دبیز دھند لپٹ چکی ہے جس کے باعث زمین سے کہکشاؤں اور چھوٹے ستاروں کا نظارہ ہم سے چھن رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہماری سڑکوں کے کنارے لگی اسٹریٹ لائٹس، ہمارے گھروں اور عمارتوں کی روشنیاں آسمان کی طرف جا کر واپس پلٹتی ہیں جس کے بعد یہ فضا میں موجود ذروں اور پانی کے قطروں سے ٹکراتی ہے۔ ان کے ساتھ مل کر یہ روشنیاں ہمارے سروں پر روشنی کی تہہ سی بنا دیتی ہیں جس کی وجہ سے حقیقی آسمان ہم سے چھپ سا جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق دیہاتوں اور ترقی پذیر علاقوں سے ترقی یافتہ شہروں کی طرف ہجرت کے رجحان یعنی اربنائزیشن میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث مصنوعی روشنیوں کی آلودگی میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور یہ فطرت اور فطری حیات کو متاثر کر رہی ہے۔

    وزیر اعظم آفس میں بھی ارتھ آور منایا جائے گا

    ارتھ آور کی مناسبت سے آج وزیر اعظم آفس کی روشنیوں کو بھی ایک گھنٹے کے لیے گل کردیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی بہتری موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیر اعظم نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صاف اور آلودگی سے پاک ماحول کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔

    تو پھر آئیں آج شب ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 بجے کے درمیان غیر ضروری روشنیوں کو بجھا کر زمین کی چندھیائی ہوئی آنکھوں کو آرام دیں اور زمین سے اپنی محبت کا ثبوت دیں۔