Tag: پاکستان-نیوز

  • کسی بھی چینل کے خلاف بات کرنےکےحق میں نہیں ہوں، مریم اورنگزیب

    کسی بھی چینل کے خلاف بات کرنےکےحق میں نہیں ہوں، مریم اورنگزیب

    لاہور: ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کسی بھی چینل کے خلاف بات کرنےکےحق میں نہیں ہوں، کسی نےچینل کے خلاف زبان استعمال کی تو سوشل میڈیا ٹیم سےبات کرونگی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب سے اے آر وائی نیوز کے خلاف گزشتہ روز ن لیگ کے سوشل میڈیا ٹرینڈ سےمتعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کسی بھی چینل کےخلاف بات کرنے کےحق میں نہیں ہوں، سوشل میڈیا پر وہ لوگ ہیں جوعوامی بات کرتےہیں انکو دکھ ہوتا ہے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ ہفتےخبر آئی کہ حمزہ شہباز اور مریم نواز میں لڑائی ہوگئی، میڈیا چینلز کی جانب سے وہ رپورٹنگ ہوتی ہےجس کا حقیقت سےتعلق نہیں ہوتا، اس سے کارکنوں کی عزت نفس مجروح ہوتی ہے۔

    ترجمان نون لیگ کا کہنا تھا کہ میڈیا چینل،اخبار یا صحافی کےخلاف بات کرنےکےحق میں نہیں، کسی نےچینل کے خلاف زبان استعمال کی توسوشل میڈیا ٹیم سےبات کرونگی، سوال کرنے والے کو گالی دینے والوں کی نفی کرنا ہو گی اور سب کواخلاقی ذمےداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز ٹوئٹر پر جج کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو بےنقاب کرنے پر ن لیگ سوشل میڈیا ٹیم نے اے آر وائی کیخلاف گالم گلوچ کاٹرینڈ چلایا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ نے اے آر وائی نیوز کے خلاف گالم گلوچ کا ٹرینڈ چلا دیا

    سپریم کورٹ کے جج کے خلاف گھناؤنی مہم ن لیگ کی ‏سوشل میڈیا ٹیم نے چلائی تھی، مہم میں بینچ میں شامل جج کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی، ‏جن ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مہم چلائی جارہی ہے بیشتر کو مریم نواز فالو کرتی ہیں۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے این اے75ڈسکہ میں 10اپریل کو ہونیوالی پولنگ روکتے ہوئے حکم ‏امتناع جاری کیا تھا، الیکشن کمیشن نے 10اپریل کو پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

  • قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ سپر لیگ میں کون سی پوزیشن پر ہیں؟ جانئے

    قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ سپر لیگ میں کون سی پوزیشن پر ہیں؟ جانئے

    دبئی: آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے، قومی کرکٹ  ٹیم کس رینکنگ پر ہے اور دورہ زمبابوے میں ون ڈے سیریز میں فتح کے بعد پاکستان کس نمبر پر ہوگا؟ جانئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی نئی رینکنگ جاری کی ہے، بھارت کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں فتح کے بعد انگلش ٹیم چالیس پوائنٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے اور اس نے آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے  کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی نئی رینکنگ میں 19 پوائنٹ کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت صرف ایک پوائنٹ کی دوری کے باعث قومی ٹیم سے ایک نمبر پیچھے ہے۔

    پاکستان جنوبی افریقا اور زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنے کے لئے روانہ ہوچکی ہے، جہاں وہ دونوں ممالک کے ساتھ ایک روزہ سیریز میں آمنے سامنے ہوگی، ان سیریز میں کامیابی کے نتیجے میں قومی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری کی امید ہے۔

    کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی نئی رینکنگ میں آسٹریلیا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، افغانستان چوتھے اور بنگلہ دیش پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

    ویسٹ انڈیز نئی رینکنگ کے مطابق چھٹے جبکہ قومی کرکٹ ٹیم پاکستان ساتویں اور بھارت آٹھویں پوزیشن پر ہیں، زمبابوے نویں اور آئرلینڈ دسویں نمبر پر ہے۔

    یاد رہے کہ آئی سی سی(انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے گذشتہ سال تیس جولائی میں ون ڈے ورلڈکپ سپر لیگ فارمیٹ کا متعارف کرایا تھا، پہلا میچ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

    انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والی ایک روزہ سیریز کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا بھی آغاز ہوگیا تھا۔

    ون ڈے لیگ میں رینکنگ کی ٹاپ 13ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، اس لیگ کے ذریعے 2023 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ کیا جائے گا، ایونٹ میں آئی سی سی کی فل 12 ممبرز اور نیدر لینڈ کی ٹیم شامل ہے۔

    آئی سی سی کے مطابق لیگ کی ٹاپ سات ٹیمیں ورلڈ کپ 2023کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

  • خطرے کی گھنٹی :پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر سے بچے بھی شکار ہونا شروع

    خطرے کی گھنٹی :پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر سے بچے بھی شکار ہونا شروع

    لاہور: پاکستان میں بچے بھی کورونا وبا کا شکار ہونے لگے ، لاہور میں ایک دن میں 4 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کی تیسری لہر سے بچے بھی شکار ہونا شروع ہوگئے ، ایم ڈی چلڈرن اسپتال پروفیسر سلیم نے بتایا کہ چلڈرن اسپتال کے کورونا وارڈ میں ایک ہی روز 4 بچے داخل ہوئے ، بچوں کی عمریں 2 ماہ، ایک سال ،5 اور 10سال ہیں۔

    پروفیسر سلیم کا کہنا تھا کہ چاروں بچوں کا علاج کیا جا رہا ہے، بچوں میں کرونا وائرس پازیٹو آنا تشویشناک ہے، حالیہ لہر سے بچنے کیلئے تمام افراد کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔

    یاد رہے لاہورمیں کورونا کیسز میں تشویشناک اضافہ کے بعد محکمہ صحت نے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہر کے تمام اسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو الرٹ کردیا تھا ، جس میں اسپتالوں کے ایم ایس دفاتر کو 24 گھنٹے کھلے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    پنجاب بالخصوص لاہور میں کورونا کیسز کی شرح 18فیصد تک پہنچ گئی اور لاہور میں 10 ماہ کے بعد 1566 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 4 روز میں 5 ہزار 174 کیسز سامنے آئے اور 69 اموات ہوئیں۔

    خیال رہے این سی او سی کے سربراہ  اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر بنیادی طور پر برطانیہ سے آئے وائرس کے باعث ہے، یہ وائرس زیادہ آسانی سےپھیلاتاہے، اس قسم کاوائرس ایک شخص کو ہو تو پورے خاندان کو ہو جاتا ہے اور پہلےسےمتاثرہ شخص کودوسری باربھی کورونا ہوسکتا ہے۔

    انھوں نے کہا تھا برطانوی قسم کا کورونا کم عمر کے بچوں میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے، جون سے بہت کم عرصے میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلا ہے، لوگ بد قسمتی سے احتیاط نہیں کررہے ہیں۔

  • سچن ٹنڈولکر بھی کرونا وائرس میں مبتلا

    سچن ٹنڈولکر بھی کرونا وائرس میں مبتلا

    نئی دہلی: دنیائے کرکٹ کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر بھی کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    بھارت میں کرونا ویکسی نیشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ویکسی نیشن کے باوجود کیسز میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، کرونا کی تیسری لہر کے باعث بھارت میں ایک ہی دن میں کرونا کے 62 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    بھارت میں کرونا کے بڑھتے وار کے باعث ہالی ووڈ کے فنکاروں سمیت کئی کھلاڑی اس وبا میں مبتلا ہوکر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، جن میں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی شامل ہیں۔

    مگر شائقین کرکٹ کے لئے برُی خبر یہ ہے کہ سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکربھی کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں، طبیعت ناسازی کے باعث ٹنڈولکر نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا جوکہ مثبت آیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں سچن ٹنڈولکر نے تصدیق کی کہ معمولی علامات کے باعث انہیں کرونا ہوا ہے، تاہم فیلمی ارکان کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

    بھارت کے سابق بلے باز نے بھارتی قوم سے کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کی ہدایات پر تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آئیسولیشن میں چلا گیا ہوں۔

    سماجی رابطے پر اپنے پیغام میں ٹنڈولکر نے ہیلتھ کیئر پروفیشنل کا شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ چند  روز قبل عامر خان کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ اداکار کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

  • زیادتی کیس میں گرفتار ملزم کی رہا ہوتے ہی شرمناک حرکت

    زیادتی کیس میں گرفتار ملزم کی رہا ہوتے ہی شرمناک حرکت

    پاکپتن: ناقص تفتیش کے باعث زیادتی کیس میں رہائی پانے والے ملزم نے رہا ہوتے ہوئے ایک بار پھر قبیح کرتے ہوئے قانون کی دھجیاں اڑا ڈالی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دو سال ملزم ذوالفقار ماچھی کو زیادتی کیس میں گرفتار کیا گیا، یہی نہیں ملزم کے خلاف زیادتی سمیت چار مقدمات درج تھے، عدالت کی جانب سے ملزم کو دو سال رہائی کا پروانہ ملا۔

    رہائی پاتے ہی ملزم میں ایک بار شیطانی صفت جاگی اور اس نے دوسری جماعت کے طالب علم کو اغوا کیا اور زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔

    واقعہ میڈیا پر نشر ہوا تو ڈی پی او پاکپتن ملک جمیل ظفر نے نوٹس لیا اور پولیس کو فوری طور پر بچے کو بازیاب کرانے کا حکم دیا، ڈی پی او کے حکم پر پولیس حرکت میں آئی اور مبینہ زیادتی کے شکار بچے کو بازیاب کراتے ہوئے ملزم کو ایک بار پھر جیل کی سلاخوں کو پیچھے ڈال دیا۔

    دوسری جانب اے آر وائی نیوز نے ملزم کے ہاتھوں بچےکے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب میں ایک اور بچہ مبینہ زیادتی کا شکار

    واضح رہے کہ چند روز قبل راولپنڈی کے علاقے جھنڈا چیچی میں نو سالہ زینب کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔

    صوبہ پنجاب میں کم عمر بچیوں اور بچوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی کے واقعات نے صاحب اولاد افراد کو ایک انجانے خوف میں مبتلا کردیا ہے، تواتر کے ساتھ ہونے والے واقعات کے باعث بچے اور بچیاں ذہنی دباؤ کا شکار ہونے لگے ہیں۔

  • پٹرول بحران، پٹرولیم ڈویژن کا بڑا قدم

    پٹرول بحران، پٹرولیم ڈویژن کا بڑا قدم

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی ہدایت پر پٹرولیم ڈویژن نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ کر لیا ہے، نیز حکومت پٹرول بحران پر منسٹریل کمیٹی کی رپورٹ بھی پبلک کرنے جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو خط تحریر کر دیا ہے، جس میں کابینہ کے 16 مارچ کی ہدایات کا حوالہ دے کر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے فرانزک آڈٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔

    آڈٹ سے جون 2020 میں پٹرولیم بحران میں ملوث کمپنیوں کا پتا چلے گا، اس سلسلے میں خط میں آڈیٹر جنرل کو کمپنیوں کی تفصیلات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    آڈٹ سے یہ معلوم ہو جائے گا کہ کون سی کمپنیوں نے پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کی، اور کس نے کتنا پیسا بنایا۔

    واضح رہے کہ پٹرول بحران سے متعلق ایف آئی اے انکوائری کمیشن کی رپورٹ بھی پبلک کی جائے گی، کابینہ نے آئل کمپنیوں، اور پٹرولیم ڈیلرز کے خلاف کارروائی کی منظوری دی تھی، وزیر اعظم نے بھی پٹرول بحران کی انکوائری کا حکم دے رکھا ہے۔

    پٹرولیم بحران پر وزیر اعظم کی ندیم بابر کو قلم دان چھوڑنے کی ہدایت

    خیال رہے کہ گزشتہ سال جون میں پٹرول بحران سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔ آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ پٹرولیم بحران پر وزیر اعظم نے ندیم بابر کو قلم دان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے، جب کہ سیکریٹری پٹرولیم کو بھی واپس بھیجا جا رہا ہے۔

    اسد عمر نے کہا پٹرولیم بحران پر منسٹریل کمیٹی نے وزیر اعظم کو سفارش کی تھی کہ ندیم بابر کو شفاف تحقیقات کے لیے عہدے سے ہٹایا جائے۔

  • پنجاب میں 16 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑوا لی گئی

    پنجاب میں 16 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑوا لی گئی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن کی قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مختلف مقامات پر 16 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے رحیم یار خان سے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال اراضی واگزار کروالی۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ 602 کنال سے زائد سرکاری رقبہ بااثر قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان موضع کوکاری سے محکمہ اوقاف کی 532 کنال 9 مرلہ زمین واگزار کروائی گئی، واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت 13 کروڑ 31 لاکھ روپے ہے۔

    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق محکمہ مال اور پولیس نفری کے ہمراہ دوسری کارروائی چک نمبر 228 میں کی گئی۔ چک نمبر 228 سے 70 کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ چک 228 سے واگزار کروائی گئی اراضی کی مالیت 2 کروڑ 62 لاکھ سے زائد ہے۔

    حکام کے مطابق مجموعی طور پر 15 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔ تمام واگزار شدہ اراضی متعلقہ محکموں کے حوالے کردی گئی ہے۔

  • 1.3 بلین ڈالرکے منصوبے، پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان بڑا معاہدہ طے پا گیا

    1.3 بلین ڈالرکے منصوبے، پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان بڑا معاہدہ طے پا گیا

    اسلام آباد: پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 1.3 بلین ڈالرکے7 منصوبوں کیلئے معاہدہ طے پاگیا، وفاقی وزیر خسرو بختیار نے عالمی بینک کی جانب سے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کےمطابق عالمی بینک کیساتھ معاہدے پر وزارت اقتصادی امور کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ، جس میں کہا ہے کہ عالمی بینک کیساتھ 1.3 بلین ڈالرکے7 منصوبوں کیلئے معاہدہ طے ہوگیا ہے ، معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیرخسرو بختیار نے شرکت کی۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ منصوبوں کی تکمیل کیلئے عالمی بینک کی 128 ملین ڈالر کی گرانٹ شامل ہیں جبکہ منصوبوں میں سماجی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، زراعت ، خوراک، گورننس ،انسانی وسائل کےترقیاتی پروگرام شامل ہیں۔

    وفاقی وزیر خسرو بختیار نے عالمی بینک کی جانب سے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا عالمی بینک کا تعاون حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پراعتماد کا اظہارہے۔

    خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ہماری معاشی پالیسی درست سمت جا رہی ہے، غربت کاخاتمہ،زرعی ترقی،موسمیاتی تبدیلی سےبچاؤ اولین ترجیح ہے، ترقیاتی منصوبوں کیلئے صوبوں کو وفاقی حکومت کی سپورٹ جاری رہےگی۔

    اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹرعالمی بینک نے کہا کہ عالمی بینک معاشی استحکام وترقی کیلئےتعاون جاری رکھے گا۔

  • کراچی میں ڈکیتی کی واردات انوکھے طریقے سے ناکام

    کراچی میں ڈکیتی کی واردات انوکھے طریقے سے ناکام

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈکیتی کی واردات انوکھے طریقے سے ناکام ہوگئی، ملزمان کا شکار شخص ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا کر بھاگ کھڑا ہوا جس کے بعد ملزمان بھی ناکام و نامراد واپس لوٹ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں پیش آنے والی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رہائشی علاقے میں ایک شخص گھر کے باہر کھڑا کسی کا انتظار کر رہا ہے جب موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان اس کی جانب بڑھتے ہیں، شہری انہیں دیکھ کر دوڑ لگا دیتا ہے۔

    لیکن تیزی سے بھاگتا ہوا شخص سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا جاتا ہے جس پر ایک مرد اور بچی سوار ہیں، ٹکر سے موٹر سائیکل زمین پر گر جاتی ہے، مذکورہ شخص فوراً اٹھ کر دوسری طرف بھاگتا ہے۔

    موٹر سائیکل سے گرنے والے باپ بیٹی بھی پریشان ہو کر وہاں سے جانے لگتے ہیں، ناکام ملزمان بچی کے اسکول بیگ کی تلاشی لیتے ہیں تاہم کچھ نہ ملنے پر موٹر سائیکل پر بیٹھ کر وہاں سے فرار ہوجاتے ہیں۔

  • کوئٹہ سے کراچی آنے والی کوچ سے ڈیڑھ کروڑ روپے کا اسمگل شدہ سامان برآمد

    کوئٹہ سے کراچی آنے والی کوچ سے ڈیڑھ کروڑ روپے کا اسمگل شدہ سامان برآمد

    کراچی: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے کراچی آنے والی کوچ سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کا اسمگل شدہ سامان برآمد کرلیا گیا، اسی روٹ سے آنے والے ایک اور ٹینکر سے 20 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل بھی برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کوئٹہ سے آنے والی کوچ سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کا اسمگل شدہ سامان برآمد کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ کی سیٹیں نکال کر اس میں کپڑے، اے سی، ٹوتھ پیسٹ اور گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس رکھے گے تھے۔

    خفیہ اطلاع پر کوچ میں سے اسمگل شدہ غیر ملکی کپڑے کے 75 رول، ٹوتھ پیسٹ کے 25 ڈبے، اسپیئر پارٹس کے 20 کارٹنز اور 30 نئے پرانے ایئر کنڈیشنز قبضے میں لے لیے گئے۔

    کوئٹہ سے کراچی آنے والے ایک اور ٹینکر سے 20 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل بھی برآمد کرلیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، خشک دوددھ اور چھالیہ بھی قبضے میں لی جاچکی ہیں۔