Tag: پاکستان-نیوز

  • اسکواڈ کی کرونا ٹیسٹ منفی،  قومی ٹیم جنوبی افریقا کی اڑان کے لئے تیار

    اسکواڈ کی کرونا ٹیسٹ منفی، قومی ٹیم جنوبی افریقا کی اڑان کے لئے تیار

    لاہور: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کرکٹ ٹیم سے متعلق بڑی خوشخبری سنادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے لاہور میں ورچوئل پریس کانفرنس کی اور قوم کو خوشخبری سنائی کہ حسن علی سمیت تمام کھلاڑیوں کے کروناٹیسٹ کلیئر ہیں اور تمام کھلاڑی کل جنوبی افریقہ کے لئے سفر کریں گے۔

    مصباح الحق نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز اہم ہے، امید ہے کھلاڑی اچھی پرفارمنس دینگے۔

    ورچوئل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ شرجیل خان ہماری رضا مندی کے بغیر ٹیم میں نہیں آیا، ہم نے دائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے باز کے لئے لمبی پلاننگ کر رکھی ہے، سزا مکمل ہونے کے بعد شرجیل خان کو قانون کھیلنے سے نہیں روکتا۔

    قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے واضح کیا کہ کسی کھلاڑی کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، شرجیل اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل کوشاں ہیں اور ان کی فٹنس میں بہتری آرہی ہے۔

    آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پانچویں نمبر پر براجمان عماد وسیم سے متعلق ہیڈ کوچ نے کہا کہ عماد وسیم تجربہ کار کھلاڑی ہیں مگر دورہ جنوبی افریقا اور زمبابوے میں انہیں آرام دیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ میری یا پی سی بی کی نہیں پاکستان کی ٹیم ہے۔

    ورچوئل پریس کانفرنس میں نے اس بات کی تردید کی کہ کوئی کھلاڑی بائیو سیکیورببل کی وجہ سے ذہنی تباؤ کا شکار نہیں ہوا، ہماری کوشش تھی کم سےکم وقت تک کھلاڑیوں کوببل میں رکھا جائے۔

    پاک بھارت کرکٹ سیریز سے متعلق پاک بھارت سیریز جب ہو گی تو دیکھی جائے گی، فی الحال موجودہ کرکٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پچیس مارچ 1992، جب پاکستان کرکٹ ٹیم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا

    دوسری جانب قومی اسکواڈ میں شامل تمام پینتیس ارکان کے کووڈ نائینٹین ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے، پینتیس ارکان میں بائیس کھلاڑی اور تیرہ ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کل صبح ساڑھےنو بجے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ جوہانسبرگ روانہ ہوگی، دورہ جنوبی افریقہ میں پاکستان کو تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں ، ایک روزہ سیریز کا آغازدو اپریل سے ہوگا۔

  • ڈی آئی خان: پولیس پارٹی پر راکٹ لانچر اور دستی بموں سے حملہ

    ڈی آئی خان: پولیس پارٹی پر راکٹ لانچر اور دستی بموں سے حملہ

    ڈیرہ اسماعیل خان: ملک دشمن عناصر نے صوبہ کے پی کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پارٹی پر راکٹ لانچر اور دستی بموں سے حملہ کیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق کلاچی تھانہ کی حدود میں ناکہ بندی پر مصروف بکتر بند گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے راکٹ لانچر اور دستی بموں سے حملہ کیا، حملے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے جائے حادثے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کیا اور نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، اس موقع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے حادثہ پر پہنچا اور شواہد جمع کرنا شروع کردئیے۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ راکٹ لانچر سے بھی بکتر بند گاڑی پرحملہ کیا گیا، حملے نتیجے میں بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچا۔

  • پچیس مارچ 1992، جب پاکستان کرکٹ ٹیم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا

    پچیس مارچ 1992، جب پاکستان کرکٹ ٹیم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا

    آج سے 29 سال قبل پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا یادگار ترین دن تھا جب قومی ٹیم نے عمران خان کی قیادت میں انگلینڈ کو شکست دے کر دنیائے کرکٹ کے چیمپئن کا تاج سر پر سجایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو عمران خان کی قیادت میں 1992 کا تاریخی ورلڈ کپ جیتے 29 برس ہوگئے، شاہینوں نے انتیس سال قبل آج ہی کے روز عمران خان کی قیادت میں میلبرن کے تاریخی گراؤنڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔

    ورلڈ کپ فائنل میں شاہینوں نے انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا، فائنل میچ میں وسیم اکرم کو عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

    فائنل میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 249 رنز بنائے اوپنر عامر سہیل اور رمیز راجہ بالتریب 4 اور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان عمران خان نے جاوید میانداد کے ساتھ مل کر مجموعی اسکور میں اضافہ کیا، عمران خان نے ایک چھکے اور چار چوکے کی مدد سے 72 رنز بنائے، جاوید میانداد بھی 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    انضمام الحق طبیعت نازسازی کے باوجود کپتان کے کہنے پر میدان میں اترے اور 35 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، وسیم اکرم نے بھی 18 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ہدف کا تعاقب جاری رکھا تاہم وسیم اکرم نے ایلن لیمب اور اگلی ہی گیند پر کرس لیوز کو پویلین کی راہ دکھا کر انگلش بلے بازی کی کمر توڑ دی، دو اہم بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 227 بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

    وسیم اکرم کو 33 رنز اور 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    قومی ٹیم نے ورلڈ کپ کا آغاز میلبرن کرکٹ گراونڈ پر 23 فروری 1992 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا، ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں عمران خان انجری کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے تھے، ان کی جگہ کپتانی کے فرائض جاوید میانداد نے انجام دیئے۔

    پاکستان ٹیم نے 50 اوورز میں صرف دو وکٹ پر 220 رنز بنائے، مگر ویسٹ انڈیز نے یہ ہدف ڈیزمین ہینز اور برائن لارا کی عمدہ بلے بازی اور شراکت داری کے باعث بغیر کسی نقصان کے ہی ہدف حاصل کر لیا۔

    اگلے میچ میں قومی ٹیم کا سامنا زمبابوے کے خلاف ہوا، عمران خان الیون نے یہ میچ عامر سہیل کی سنچری اور وسیم اکرم کی شاندار باؤلنگ کی بدولت 53 رنز سے جیتا۔

    پاکستان کا ٹورنامنٹ میں تیسرا میچ انگلینڈ کے خلاف تھا جس میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوئی اور محض 74 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پاکستان کی شکشت یقینی ہے تاہم اس میچ میں بارش ہو گئی اور پاکستان شکست سے بچ نکلا۔

    سڈنی میں کھیلے جانے والے اگلے میچ میں پاکستان کا سامنا روایتی حریف انڈیا سے ہوا، یہ پہلا موقع تھا جب ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے سامنے آئیں، قومی ٹیم کو اس میچ میں 43 رنز سے شکست ہوئی۔

    اگلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ کرکٹ کی دنیا میں واپسی کرنے والی پرعزم جنوبی افریقی ٹیم سے تھا، قومی ٹیم کو اس میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

     

    پانچ میچوں میں محض ایک کامیابی کے بعد گرین شرٹس کا ایونٹ سے باہر ہونا طے تھا لیکن اس موقع پر یہ عمران کی شاندار قائدانہ صلاحیت ہی تھی جس نے ناکامیوں کے گرداب میں پھنسی ٹیم کی کشتی کو بھنور سے نکالا اور ٹیم میں ایک نئی روح پھونک دی۔

    اگلے ہی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کامیاب واپسی کی عامر سہیل کی بلے بازی اور گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم 48 رنز سے کامیاب ہوئی۔

    اگلے میچ میں سری لنکا کے خلاف جاوید میانداد اور سلیم ملک کی نصف سنچریوں کی بدولت قومی ٹیم نے چار وکٹ کی فتح اپنے نام کر کے ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ برقرار رکھی۔

    پاکستان کا آخری لیگ میچ میں ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم اور میزبان نیوزی لینڈ سے سامنا تھا۔

    اس میچ میں قومی ٹیم نے نوجوان گیند باز وسیم اکرم کی شاندار باؤلنگ کی بدولت کیویز کو صرف 166 رنز پر ٹھکانے لگا دیا، اکرم نے میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں۔

    جواب میں رمیز راجہ کی ایونٹ میں دوسری سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے لگاتار تیسری فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل کی دوڑ میں بھی نام شامل کر لیا۔

    اس تاریخی موقع پر آئی سی سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختصر ویڈیو کلپ جاری کیا ہے، جس میں وسیم اکرم کی تباہ کن بولنگ اور ورلڈ کپ جیتنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے خوشی سے بھرپور جذبات کو دکھایا گیا ہے، شائقین کرکٹ کی جانب سے ویڈیو کلپ کو خوب سراہا جارہا ہے۔

    https://twitter.com/ICC/status/1374926589503365122?s=20

  • پاکستان میں کورونا خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگا، مزید 63 اموات

    پاکستان میں کورونا خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگا، مزید 63 اموات

    اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے وارجاری ہے ، خطرناک وائرس مزید 63 افراد کی جان لے گیا، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے بڑھتے اثرات کے باعث اموات کے ساتھ کیسز میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں، جس میں بتایا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 858 ٹیسٹ کئے گئے ، جس میں سے 3 ہزار946 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 63 انتقال کرگئے ، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد اور 14 ہزار 28 تک پہنچ گئی۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 37 ہزار 985 اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 40 ہزار 988 ہو گئی ہے جبکہ 5 لاکھ 88 ہزار 975 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

    اعدادو شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 314 ، سندھ میں 2 لاکھ 63 ہزار 815، خیبر پختونخوا میں 81 ہزار 787 اور بلوچستان میں 19 ہزار 395 ہوگئی جبکہ اسلام آباد میں 53 ہزار 684، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 16 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 977 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

  • ڈسکہ: جائیداد کا تنازع کمسن بچوں سمیت  4 زندگیاں نگل گیا

    ڈسکہ: جائیداد کا تنازع کمسن بچوں سمیت 4 زندگیاں نگل گیا

    پنجاب سمیت ملک بھر میں جائیداد کے تنازعے پر اہل خانہ کو موت کے گھاٹ اتارنے کے واقعات میں تواتر کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، جو ہمارے معاشرے کے لئے نہایت مہلک ثابت ہورہا ہے، اس طرح کے واقعات عدم برداشت کی واضح مثال بھی ہے۔

    صوبہ سندھ کے علاقے پنوں عاقل میں گذشتہ سال شقی القلب شخص نے بہیمانہ طریقے سے گیارہ افراد کو قتل کرڈالا تھا، اس اندوہناک واقعے نے پوری دنیا میں پاکستانی امیج کو برُی طرح متاثر کیا تھا۔

    ایسا ہی واقعہ آج سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے نواحی گاؤں کوٹلی کوکیاں میں رونما ہوا، جہاں جائیداد کے تنازعے پر چار افراد کو قتل کردیا گیا ہے، قتل ہونے والوں میں میاں بیوی اور دو بچے شامل ہیں۔

    مقامی پولیس کے مطابق قتل ہونے والوں میں عدنان نامی شخص اس کی بیوی اور دو بچے شامل ہیں، مقتول عدنان اور اس کے والد کے درمیان جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، چاروں افراد کو گولیوں سے نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس نے کیس کا خطرناک پہلو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول عدنان کے والد نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے کر دوسری شادی کررکھی تھی، جس کے باعث آئے روز گھر میں جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔

    افسوسناک واقعے کے بعد مقتول عدنان کا والد غائب ہے، پولیس نے سفاک ملزم کی گرفتاری کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • پنجاب میں ایک اور بچہ مبینہ زیادتی کا شکار

    پنجاب میں ایک اور بچہ مبینہ زیادتی کا شکار

    صوبہ پنجاب میں کم عمر بچیوں اور بچوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی کے واقعات نے صاحب اولاد افراد کو ایک انجانے خوف میں مبتلا کردیا ہے، تواتر کے ساتھ ہونے والے واقعات کے باعث بچے اور بچیاں ذہنی دباؤ کا شکار ہونے لگے ہیں۔

    دو روز قبل راولپنڈی کے علاقے جھنڈا چیچی میں نو سالہ زینب کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھی، بچی کی لاش پڑوسی کے گھر سے برآمد ہونے پر شہری شدید مشتعل ہوگئے تھے اور وحشی درندے کو انجام تک پہنچانے کی کوشش کی مگر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا اور تھانے منتقل کردیا۔

    مشتعل افراد نے تھانے پر دھاوا بولتے ہوئے گرفتار ملزم کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیاتھا، ابھی اس دلخراش واقعے کا طوفان تھما نہیں تھا کہ بورے والا کے نواحی گاؤں میں وحشی درندے نے سات سالہ بچے کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایک اور زینب سے درندگی، ننھی بچی زندگی کی بازی بھی ہار گئی

    مبینہ زیادتی کا شکار ہونے والے بچے کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے، سفاک واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

    واقعے سے متعلق مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے، پولیس پارٹی جلد ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے کٹہرے میں کھڑا کرے گی اور متاثرہ کو فوری انصاف فراہم کیا جائے گا۔

  • چنیوٹ پولیس کا انوکھا کارنامہ، 4 ماہ کے بچے پر مقدمہ درج کرلیا

    چنیوٹ پولیس کا انوکھا کارنامہ، 4 ماہ کے بچے پر مقدمہ درج کرلیا

    چنیوٹ: پنجاب پولیس آئے روز اپنے کارناموں کے باعث خبروں کی زینت بنتی رہتی ہے، آج ایک بار پھر پولیس نے انوکھا کارنامہ سرانجام دے دیا ہے۔

    اس بار خبر کوئی جعلی پولیس مقابلے یا کسی بے گناہ شہری کو پولیس کی جانب سے بے جا طور پر حراست میں لینے کی نہیں ہے بلکہ کہانی ہے چار ماہ کے بچے پر مقدمہ اندراج کی۔

    اور یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے چنیوٹ پولیس نے، جنہوں نے چار ماہ کے ننھے بچے پر مقدمہ درج کیا ہے، مقدمہ درج ہونے کے بعد والد اپنے ننھے بچے کو لے کر عدالت پہنچ گیا۔

    ننھے بچے پر مقدمے کا اندراج تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت تھانہ بھوانہ میں سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ایف آئی ار میں چار ماہ کے بچے پر ساتھیوں سمیت ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔

  • مستونگ: مسافر بس اور کار میں خوفناک تصادم، 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

    مستونگ: مسافر بس اور کار میں خوفناک تصادم، 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

    مستونگ: صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسافر کوچ اور کار کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم ہوا ہے، حادثے میں جاں بحق افراد سات تک جاپہنچی ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ کردگاپ کے علاقے پڈین میں پیش آیا، جہاں تیز رفتار کوچ مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکراگئی، افسوسناک واقعے کے نتیجے میں سات افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں، حادثے کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ کوچ کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

    امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو رورل ہیلتھ سینٹر مستونگ منتقل کیا، انچارج آر ایچ سی ڈاکٹر شیر ملا زئی کے مطابق حادثے میں بچے سمیت تین افراد بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    آج ہی پاکستان کے سیاحتی علاقے باغ آزاد کشمیر میں کار پر پہاڑی تودہ گرنے کے نتیجے میں تین افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آزادکشمیر: پہاڑی تودے نے قیامت ڈھادی، 3 افراد لقمہ اجل بن گئے

    ریسکیو ذرائع کے مطابق باغ آزادکشمیر میں مظفرآباد شاہراہ پر پہاڑی تودے نے سیر وتفریح کے لئے افراد پر قیامت ڈھادی، حادثہ غازی آباد کے قریب مکھیالہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں کار سوار افراد پر پہاڑی تودہ آن گرا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا، پہاڑی تودہ گرنے کے باعث کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، تودے کی زد میں آنے والی کار کو کاٹ کر جاں بحق افراد کو نکالا گیا۔

  • لیگی وکیل سلمان اکرم راجہ کرونا مثبت ہونے کے باوجود عدالت جاپہنچے

    لیگی وکیل سلمان اکرم راجہ کرونا مثبت ہونے کے باوجود عدالت جاپہنچے

    لاہور : ایس او پیز کی خلاف ورزی کے باعث ملک میں کرونا وبا کی تیسری لہر کے خوفناک اثرات دیکھے جارہے ہیں ، ایسا ہی واقعہ آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں این اے 75 ڈسکہ سے متعلق دائر درخواست پر سماعت جاری تھی، پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے وکیل سمیت کیس سے متعلق تمام افراد عدالت عظمیٰ میں موجود تھیں۔

    این اے 75 ڈسکہ سے لیگی امیدوار نوشین حامد اپنے معاون وکلا کے ہمراہ عدالت عظمیٰ میں موجود تھیں، کیس کی سماعت جاری تھی کہ نون لیگ کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں وارد ہوگئے۔

    سلمان اکرم راجہ ایک ہفتے قبل کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے، کرونا مثبت آنے کے بعد انہیں چودہ دن کا قرنطینہ مکمل کرنا تھا مگر انہوں نے کھلم کھلا اس کی خلاف ورزی کی اور عدالت میں جاپہنچے۔

    سماعت کے دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے لیگی وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راجہ صاحب آپ کو کرونا انفیکشن بھی ہے، کیا کرونا کی وجہ سے درد محسوس کر رہے ہیں، اگر تیاری نہیں ہے تو وقت لے لیں مگر مہربانی کریں حقائق پر مبنی مواد پیش کریں۔

  • پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی

    پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کے اسکول بند کرنے کے اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی، فیڈریشن نے لانگ مارچ کرنے کی بھی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر کے مخصوص علاقوں میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کے اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی۔

    فیڈریشن نے اسکولز بند کرنے سے انکار کر دیا۔ فیڈریشن کے سربراہ کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ اسکولز مزید 11 اپریل تک بند نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تادیبی کاروائیاں بند نہ ہوئیں تو لانگ مارچ ہوگا، ڈبل شفٹ میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ کلاسز میں تدریس جاری رہے گی، طلبا، اساتذہ و اسٹاف کی ویکسی نیشن ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ حکومتی و سیاسی اجتماعات کرونا وائرس پھیلاؤ کی اصل وجہ ہیں انہیں فوری بند کیا جائے۔ وزیر اعظم، چیف جسٹس، آرمی چیف اور این سی او سی غیر قانونی سیاسی اجتماعات رکوائیں اور تعلیمی سلسلہ بحال رکھا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ سب کھلا ہے تو اسکولز مزید بند نہیں ہوں گے، مائیکرو لاک ڈاؤن کا آپشن استعمال کیا جائے۔ طلبا کا مزید تیسرا سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ یونیسف کے مطابق اسکولز کی بندش سے 4 کروڑ پاکستانی طلبا کی تعلیم مستقل متاثر ہوئی ہے، آن لائن تعلیم فلاپ ہوچکی ہے، آن لائن تعلیم کی سہولت ملک بھر میں محض 2 فیصد طلبا کو میسر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیمی لاک ڈاؤن کے باعث 5 کروڑ طلبا کے تعلیمی نقصان کا ازالہ ناممکن ہے، ڈھائی کروڑ پاکستانی بچے پہلے ہی اپنے آئینی حق سے محروم ہیں۔

    فیڈریشن صدر کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، یونیسف، یونیسکو اور عالمی بنک ایڈوائزری کے مطابق کرونا وائرس میں بھی اسکولز کھلے رکھے جائیں، بند کرنے سے نقصانات زیادہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، بندش سے 10 ہزار اسکولز مکمل بند اور 7 لاکھ استاد بے روزگار ہوچکے ہیں۔