Tag: پاکستان-نیوز

  • "بچوں کو سمجھائیں کہ بچوں جیسی سیاست نہ کریں”

    "بچوں کو سمجھائیں کہ بچوں جیسی سیاست نہ کریں”

    اسلام آباد: کم وبیش ایک ہفتے کے تعطل کے بعد آصف زرداری نے ایک بار پھر پی ڈی ایم سربراہ مولان فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان سے فون پر رابطہ کیا ہے، ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔

    ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے گفتگو میں پیپلز پارٹی پر واضح کردیا کہ فیصلے کے مطابق قائدحزب اختلاف کی نشست ن لیگ کی ہے، پی ڈی ایم جماعتوں کےمشترکہ فیصلوں کا احترام کرناچاہیے، امید ہے کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے فیصلوں کا احترام کرےگی، اس کے علاوہ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے تمام معاملات مل جل کر حل کرنے پر اتفاق کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے نون لیگ اور پی پی پی کی جانب سے ایک دوسرے کے مخالف بیانات پر اظہار مایوسی کرتے ہوئے کہا کہ زرداری اور نوازشریف بچوں کو سمجھائیں کہ بچوں جیسی سیاست نہ کریں۔سربراہ پی ڈی ایم نے یاد دہانی بھی کرائی کہ طے ہوا تھا چار اپریل سے پہلےکوئی کسی کے خلاف متنازع بیان نہیں دے گا، بلاول ،مریم سمیت دیگر رہنماؤں کے بیانات پر بہت مایوسی ہوئی، جو فیصلے پی ڈی ایم اجلاس میں ہوئے ان پر عمل ہونا چاہیے، استعفوں ،لانگ مارچ پر پی پی نے وقت مانگا ،سب انتظار کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں ٹھن گئی، بلاول کا مریم نواز پر بڑا طنز

    واضح رہے کہ دو روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز اور ن لیگ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا خاندان ہے جو ماضی میں سلیکٹ ہوتا رہا، ہماری رگوں میں سلیکٹ ہونا شامل نہیں ہے۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا ہم سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن کا کام حکومت کو نقصان پہنچانا ہے، پنجاب حکومت کے خلاف عدم اعتماد لانا موزوں ہے، جلسے جلسوں کی بجائے پنجاب کے خلاف عدم اعتماد سے زیادہ فائدہ ہوگا۔

  • آئی پی ایل کی چکاچوند، کیوی ٹیم کے چھ کھلاڑی ہوم سیریز سے دستبردار

    آئی پی ایل کی چکاچوند، کیوی ٹیم کے چھ کھلاڑی ہوم سیریز سے دستبردار

    آکلینڈ: نیوزی لینڈ نے دورہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، آئی پی ایل میں شامل کھلاڑیوں سے متعلق بھی فیصلہ ہوگیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق کین ولیمسن آئی پی ایل میں مصروف ہونے کے باعث ٹیم کی قیادت نہیں کرسکیں گے، جس کے باعث ٹم ساؤتھی کو مختصر فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک ٹیم ویلنگٹن فائربرڈز کے ابھرتے کھلاڑی فن ایلن کو شاندار کارکردگی کے باعث ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، فن ایلن کو نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک سیزن میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ ایلن فن آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کررہے ہیں، انہیں جوش فلپ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن کولکتہ نائٹ رائیڈر کا حصہ ہونے کے باعث کیویز کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں ہے، فرگوسن کم وبیش دو سال کے بعد کیوی ٹیم میں شامل ہوئے تھے۔

    ٹم ساؤتھی کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے نیوزی لینڈ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جس کی وجہ کپتان ولیمسن کا آئی پی ایل کھیلنا ہے، اس کے علاوہ آئی پی ایل کھیلنے والوں میں ٹرینٹ بولٹ ، مچل سینٹینر ، کِیل جیمسن ، جمی نیشام ، اور ٹم سیفرٹ شامل ہیں۔

    بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 28 مارچ سے یکم اپریل کے درمیان کھیلی جائے گی، تینوں میچ ہیملٹن ، نیپئر اور آکلینڈ میں کھیلے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹرینٹ بولٹ نے بنگال ٹائیگرز کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر ڈالا

    کیوی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، ٹم ساؤتھی کپتان، فن ایلن ، ٹوڈ ایسٹل ، ہیمش بینیٹ ، مارک چیپ مین ، ڈیون کونے،لولی فرگسن ، مارٹن گپٹل ، ایڈم ملن ، ڈیرل مچل ، گلن فلپس ، ایش سوڈھی اور ول ینگ۔

  • اماں آپ کا شکریہ: صدارتی اعزاز پانے کے بعد علی ظفر کا ٹویٹ

    اماں آپ کا شکریہ: صدارتی اعزاز پانے کے بعد علی ظفر کا ٹویٹ

    کراچی: معروف گلوکار علی ظفر صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی پانے کے بعد اپنی والدہ کے بے حد مشکور ہوئے اور ٹویٹر پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار علی ظفر کو گزشتہ روز صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی نوازا گیا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں علی ظفر نے اس موقع کی تصاویر پوسٹ کیں۔

    علی ظفر نے لکھا کہ جب آپ کے پیارے آپ کی کامیابیوں پر خوش ہوتے ہیں تو اس سے زیادہ قیمتی شے اور کوئی نہیں۔

    انہوں نے خاص طور پر اپنی والدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے آج بھی وہ دن یاد ہیں جب میری والدہ تقریری مقابلوں کے لیے گھنٹوں مجھے تیاری کرواتی تھیں تاکہ میں لوگوں کے درمیان بولنے کا اعتماد حاصل کر سکوں۔

    گلوکار نے اپنی والدہ کا بے حد شکریہ ادا کیا۔

    علی ظفر نے گزشتہ روز کی تصاویر بھی پوسٹ کیں جس میں وہ صدارتی تمغہ حاصل کر رہے ہیں، جبکہ اپنے والدین اور اہلیہ کے ساتھ بھی تصاویر شیئر کیں۔

    ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے اس اعزاز کے لیے مداحوں کی دعاؤں، سپورٹ اور نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک، اس کے لوگوں اور فن و ثقافت کی ترویج کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔

  • آزادکشمیر: پہاڑی تودے نے قیامت ڈھادی، 3 افراد لقمہ اجل بن گئے

    آزادکشمیر: پہاڑی تودے نے قیامت ڈھادی، 3 افراد لقمہ اجل بن گئے

    سوات:پاکستان کے سیاحتی علاقے باغ آزاد کشمیر میں کار پر پہاڑی تودہ گرنے کے نتیجے میں تین افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق باغ آزادکشمیر میں مظفرآباد شاہراہ پر پہاڑی تودے نے سیر وتفریح کے لئے افراد پر قیامت ڈھادی، حادثہ غازی آباد کے قریب مکھیالہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں کار سوار افراد پر پہاڑی تودہ آن گرا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا، پہاڑی تودہ گرنے کے باعث کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، تودے کی زد میں آنے والی کار کو کاٹ کر جاں بحق افراد کو نکالا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق کار سوار ابھی تک شدید زخمی حالت میں کار میں موجود ہے، جسے نکالنے کے لئے سر توڑ کوشش کی جارہی ہے، بارش اور سخت موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

  • سندھ پولیس کا افسر منشیات فروش نکلا، لاکھوں ڈالرز مالیت کی منشیات برآمد

    سندھ پولیس کا افسر منشیات فروش نکلا، لاکھوں ڈالرز مالیت کی منشیات برآمد

    کراچی: سندھ پولیس کا ایک اور کارنامہ منظر عام پر آگیا، اینٹی نارکوٹکس فورس حیدرآباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او کے گھر سے بھاری تعداد میں منشیات برآمد کرلی۔

    ترجمان کے مطابق اے این ایف حیدرآباد نے خفیہ اطلاع پر میرپورخاص میں ایس ایچ او کےگھر پر کارروائی کی، کارروائی کے دوران پولیس افسر کے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    این اے ایف ترجمان کے مطابق ایس ایچ اوکےگھرسے496کلوحشیش،24کلوہیروئین،شراب سمیت کلاشنکوف،2پستول، رپیٹر،سیون ایم این اورمتعدد گولیاں برآمد کی گئیں، اے این ایف ٹیم کو دیکھ کر ایس ایچ او تھانہ میرپور خاص کنور سنگھ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    حکام نے ملزم کے خلاف مقدمے کا اندراج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے، اے این ایف کے مطابق برآمد منشیات کی مالیت عالمی منڈی میں12لاکھ ڈالرسے زائد بتائی جاتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اے این ایف کی بڑی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

    اس سے قبل اے این ایف حکام نے فیصل آباد میں سائیاں والا موٹروے ٹول پلازہ کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی تھی،

    اےاین ایف حکام کے مطابق برآمد منشیات میں 42 کلوچرس اور9کلو افیون شامل ہیں، جس کی مالیت کروڑوں روپے تھی۔

  • کرونا وبا ختم ہوتے ہی شائقین سینما گھروں کا رخ کریں گے: ہمایوں سعید

    کرونا وبا ختم ہوتے ہی شائقین سینما گھروں کا رخ کریں گے: ہمایوں سعید

    کرونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا کے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے وہیں فلم انڈسٹری کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، خصوصاً پاکستانی فلم انڈسٹری جو اس وقت اپنی بحالی کے مرحلے میں تھی اس وبا کے دوران خاصی متاثر ہوئی۔

    معروف اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کرونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد جب سینما گھر کھلیں گے تو شائقین ضرور واپس آئیں گے۔

    ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سال سے پاکستانی فلم انڈسٹری کی تعمیر نو جاری تھی، نئے سینما گھر کھل رہے تھے، سرمایہ کار اس طرف راغب ہورہے تھے لیکن کرونا وبا کی وجہ سے ان کوششوں کو خاصا دھچکا پہنچا۔

    انہوں نے کہا کہ اس پورے عرصے کے دوران لوگوں نے سینما گھروں کو بہت مس کیا ہے لہٰذا سینما کھلتے ہی وہ ضرور واپس آئیں گے۔

    ہمایوں کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران نیٹ فلکس اور امیزون پرائم پر ویب سیریز اور مختلف قسم کا مواد دیکھنے کا رجحان بے حد بڑھ گیا ہے، لیکن تب بھی سینما دیکھنے کے لیے فیملی کے ساتھ باہر نکلنا اور درجنوں افراد کے ساتھ بڑی اسکرین پر فلم دیکھنا یہ وہ جادو ہے جو کسی صورت گھر بیٹھے حاصل نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ ان پلیٹ فارمز کی مقبولیت مزید بڑھتی جائے گی اس کے باوجود سینما کی جگہ کوئی نہیں لے سکے گا۔

    ہمایوں سعید نے بتایا کہ سینما گھر کھلتے ہی وہ خود بھی بھرپور انداز میں واپسی کریں گے۔ ان کی فلم لندن نہیں جاؤں گا 60 فیصد تیار ہے، اس کی 40 فیصد شوٹنگ لندن میں ہونی تھی لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے لندن بند ہوگیا۔

    ان کے مطابق جون جولائی تک جیسے ہی لندن میں لاک ڈاؤن ختم ہوگا وہ اس فلم کی شوٹنگ مکمل کریں گے اور ستمبر تک اس فلم کو ریلیز کردیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں ان کی مزید فلموں کے اسکرپٹس بھی تیار ہیں جن کی شوٹنگ سال رواں کے وسط میں شروع کردی جائے گی۔

  • قومی ایئر لائن کا اہم اعلان، برطانیہ جانیوالے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    قومی ایئر لائن کا اہم اعلان، برطانیہ جانیوالے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    کراچی: قومی ایئر لائن مسافروں کو بہترین فضائی سفر کرانے کے لئے مختلف اقدامات کرتی رہتی ہے، حال ہی میں پی آئی اے نے برطانیہ جانیوالے مسافروں کو اچھی خبر سنائی ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی ایئر لائن نے انگلینڈٖ کے شہر مانچسٹر کے لئے دو طرفہ چارٹر پروازوں میں اضافہ کردیا ہے، پی آئی اے اسلام آباد مانچسٹر کے لئے ہفتہ وار 5پروازیں آپریٹ کریگی۔

    قومی ایئر لائن انتظامیہ کے مطابق پی آئی اے 2اپریل سے11اپریل تک مانچسٹر کیلئے پروازیں روانہ ہوگی، چارٹرڈ کمپنی ہائی فلائی کے ذریعے یہ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، اس سے قبل پی آئی اے مانچسٹر کے لئے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے نے ترکی کی سیر و سیاحت کرنے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

    پی آئی اے انتظامیہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پی آئی اے اسلام آباد اور لندن کیلئے بھی دو طرفہ چارٹرڈ پروازیں اپریل کے وسط میں شروع کریگی، چارٹرڈ پروازوں کو آپریٹ کرنے کا مقصد ہم وطنوں کو سفری سہولت مہیا کرنا ہیں۔

    اس سے قبل قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے ترکی کے لیے براہ راست فضائی سفر شروع کر نے کا فیصلہ کیا تھا ، پی آئی اےلاہور اور اسلام آباد سے استنبول پروازیں آپریٹ کرے گی ، مئی کے وسط سے ہفتہ وار 3پروازیں استنبول کے لیے چلائے گی۔

    اس اقدام سے فضائی سفرکی بحالی سے پی آئی اے کو زرمبادلہ کے حصول میں پیش رفت ہوگی، پی آئی اے کا ترکی سیکٹر کئی سال قبل بند کیا گیا تھا۔

  • چین سے کرونا ویکسین 25 مارچ کو پاکستان پہنچے گی

    چین سے کرونا ویکسین 25 مارچ کو پاکستان پہنچے گی

    کراچی: فارما کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حسن عباس کا کہنا ہے کہ چین سے کرونا ویکسین 25 مارچ کو پاکستان پہنچے گی، کین سائینو کورونا ویکسین کی قیمت 4 ہزار 225 روپے ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق فارما کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حسن عباس نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس کے بعد چین سے بھی نجی سیکٹر کے لیے کرونا ویکسین پاکستان پہنچ رہی ہے۔

    ڈاکٹر حسن کا کہنا تھا کہ چین سے کرونا ویکسین 25 مارچ کو پاکستان پہنچے گی، کین سائینو بائیو کی پہلی کھیپ 10 ہزار ڈوزز پر مشتمل ہے، یہ سنگل ڈوز ہے۔

    ان کے مطابق کین سائینو بائیو کی دوسری کھیپ آئندہ ماہ پاکستان آئے گی، ویکسین لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے 3 مخصوص اسپتالوں میں دستیاب ہوگی۔

    ڈاکٹر حسن عباس نے بتایا کہ کین سائینو کورونا ویکسین کی قیمت 4 ہزار 225 روپے ہے، ویکسی نیشن کے لیے مخصوص اسپتال سے اپائنٹ منٹ لینی ہوگی۔

  • ہائی بلڈ پریشر روکنے کے لئے کون سے چائے معاون ہے؟ جانئے

    ہائی بلڈ پریشر روکنے کے لئے کون سے چائے معاون ہے؟ جانئے

    چائے کی مقبولیت سے انکار ممکن نہیں اور یہ گرم مشروب دنیا کے بیشتر حصوں میں بھی پسند کیا جاتا ہے، چائے پر سائنسی تحقیق کے بعد آئے روز نئے انکشافات ہوتے رہتے ہیں ایک اور سائنسی تحقیق نے چائے کو موذی مرض کے لئے مفید قرار دے دیا ہے۔

    سیدتی میگزین میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق چائے کے بہت سے فوائد ثابت ہوئے ہیں، یہ اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہے اور خاص طور پر جسم کے خلیوں کی حفاظت اور بڑھاپے سے بچانے میں معاون ہے۔

    ایک حالیہ تحقیق میں ہائی بلڈپریشر کے خلاف چائے کو موثر اشیاء کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔شریانوں میں خون کا دباؤ بڑھنے سے ہائی بلڈ پریشر ہوتا ہے، یہ دل کے امراض، جیسے اسٹروک، دماغی فالج اور شریانوں کے لیے خطرے کا باعث بنتا ہے، تحقیق کے مطابق اس دائمی بیماری کو جو پوری دنیا کے لوگوں کی بڑی تعداد کو متاثر کرتی ہے اسے چائے کے مستقل استعمال سے کم کیا جاسکتا ہے۔

    سبز اور کالی چائے دونوں میں قدرتی اینٹی آکسڈینٹس پائے جاتے ہیں، یہ کے سی این کیو فائیون نامی پروٹین کو متحرک کرتے ہوئے بلڈ پریشر کو کم کرتے ہیں، جو شریانوں کو بڑھانے میں (خون کی شریانوں کے سائز میں اضافے) میں کردار ادا کرتا ہے۔

    قلبی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے چائے پینا ایک اچھا خیال ہوگا، کیونکہ یہ نئی تحقیق اس کی تصدیق کرتی ہے۔

    تاہم چائے کے زیادہ استعمال سے پرہیز کرنا چاہیے، کیونکہ ماہر غذا ڈاکٹر نینا کوہین کوبی کے مطابق یہ اس بات پر منحصر ہے کہ ہر شخص کتنا حساس ہے۔ البتہ یہ تجویز کیا جاتا ہے کہ کسی بھی کھانے کے کم سے کم ایک گھنٹے بعد ایک دن میں تقریباً تین کپ چائے پی جاسکتی ہے۔

    ماہرین غذا ساتھ ہی متنبہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کہ ‘آئرن جسم کو بہتر طریقے سے چلنے کے لیے اور عام طور پر جسمانی صحت کے لیے ایک ضروری عنصر ہے، سرخ خون کے خلیوں میں آئرن موجود ہوتا ہے، اور چائے کے ضرورت سے زیادہ استعمال کی صورت میں یہ جسم کو آئرن جذب کرنے سے روکتی ہے۔

  • یوم پاکستان: مقبوضہ وادی میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی تصاویر آویزاں

    یوم پاکستان: مقبوضہ وادی میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی تصاویر آویزاں

    سری نگر: کشمیریوں نے ایک بار پاکستان سے والہانہ عقیدت کا اظہار کیا ہے اور یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ وادی میں پاکستان پرچم لہرا کر اپنے عزائم ظاہر کردئیے ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم پاکستان پرمقبوضہ کشمیر میں قائدا عظم محمد علی جناح ، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کے پوسٹرز چسپاں کردئیے گئے ہیں۔

    یہی نہیں یوم پاکستان کے حوالے سے حریت رہنماؤں کی جانب سے پاکستانی عوام کو مبارکباد کے پیغام دیئے گئے ہیں۔

    مقبوضہ وادی میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، بھارتی ظلم وستم سے تنگ کشمیری نوجوان آئے روز مقبوضہ وادی میں پاکستانی پرچم لہراتے رہتے ہیں اور بھارتی فوج کو للکارتے رہتے ہیں۔

    گذشتہ سال یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی جھنڈا لہرا یا گیا تھا، آسیہ اندرابی اور ان کے ساتھیوں نے سرینگر کے مختلف علاقوں میں پاکستانی پرچم لہرائے، پاکستان کا قومی ترانہ بھی باآواز بلند پڑھا تھا۔