Tag: پاکستان-نیوز

  • زمبابوے کے شہری کا پاکستان سے شکوہ، وجہ مسٹر بین

    زمبابوے کے شہری کا پاکستان سے شکوہ، وجہ مسٹر بین

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور زمبابوے کے میچ سے قبل زمبابوے کے ایک شہری کے انوکھے شکوے نے ٹویٹر صارفین کو حیران کردیا۔

    آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں جمعرات کو پاکستان اور زمبابوے کا میچ پرتھ میں شیڈول ہے، روایتی حریف بھارت سے ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے یہ میچ جیتنا بہت اہم ہے۔

    اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک حیران کن گفتگو جاری ہے جس میں زمبابوے کے ایک شہری پاکستانیوں سے شکوہ کرتے نظر آرہے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم سے متعلق ایک ٹویٹ کی گئی جس کے جواب میں ایک زمبابوین شہری نے کہا کہ ہم زمبابوین آپ کو معاف نہیں کریں گے، آپ نے ہمیں ایک بار مسٹر بین کی جگہ جعلی مسٹر بین بھیج دیا تھا، ہم کل یہ معاملہ حل کر لیں گے، صرف دعا کریں کہ کل بارش ہو۔

    اس کے جواب میں ایک پاکستانی صارف نے پوچھا کہ کیا ہوا بھائی؟ جس پر زمبابوین شہری نے کہا کہ انہوں (پاکستانیوں) نے ہماری مقامی زرعی تقریب کے لیے اصلی مسٹر بین کی جگہ پاکستانی مسٹر بین بھیج دیا تھا۔

    سنہ 2016 میں زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک تقریب کے دوران پاکستانی مسٹر بین اصلی مسٹر بین بن کر گئے تھے۔

    اس تقریب کے دوران سب لوگ انہیں اصلی مسٹر بین سمجھتے رہے تاہم بعد میں پتہ چلا کہ یہ تو جعلی مسٹر بین ہیں۔

    کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد آصف نامی مزاحیہ اداکار کو مسٹر بین (روون ایٹکنسن) کے ساتھ غیر معمولی مماثلت کے بعد پاکستانی مسٹر بین کہا جاتا ہے۔

    محمد آصف مسٹر بین کا روپ دھار کر مزاحیہ پروگرام اور اشتہارات کرتے ہیں۔

    زمبابوے کے شہری کی جانب سے کیے جانے والے اس شکوے پر صارفین بھی حیرت بھی مبتلا ہیں اور ٹویٹر پر تبصرے کر رہے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ بھائی ہمیں انڈیا نے یہ فراڈ کرنے کا کہا تھا، ان کے خلاف بھی جارحانہ کھیلنا۔

    ایک شخص نے کہا کہ پلیز ہمیں معاف کر دو، میں نے بابر اعظم کو کال کی تھی، وہ بھی سوری کر رہے تھے اور معافی مانگ رہے تھے۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ بھائی، یہ 50 فیصد تو اصلی بین کی طرح لگتے ہیں، پلیز اپنی ٹیم کو کہنا کہ کل ہمارے خلاف 50 فیصد کم جارحانہ کھیلے۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ہم آپ کو مسٹر بین بھیج ہی کیسے سکتے تھے، وہ پاکستانی شہری نہیں ہے۔ کیا آپ کو نہیں پتہ کہ مسٹر بین دیکھنے میں کیسا لگتا ہے۔

    جس پر مذکورہ شخص نے جواب دیا کہ وہ شخص (نقلی مسٹر بین) اصل مسٹر بین کی تصویر دکھا کر آن لائن بھاؤ تاؤ کر رہا تھا۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو مزید ایک ارب 50 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو مزید ایک ارب 50 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو مزید ایک ارب پچاس کروڑ ڈالر کی مالی امداد کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے ایک ارب پچاس کروڑ ڈالر کی لون فنانسنگ کی منظوری دے دی۔

    اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ یہ رقم پاکستان میں سیلاب کےباعث بڑے پیمانے پر تباہی سے نمٹنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ اس رقم سے سپلائی چین میں رکاوٹ، غزائی تحفظ کو فروغ دینے اور روز گار پیدا کرنے میں مدد فراہم ہو گی اور پاکستان اپنی ترقیاتی اخراجات کی کمی کو بھی اس رقم سے پورا کر سکے گا۔

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الحمدللہ اےڈی بی نے پاکستان کیلئے 1.5 بلین ڈالرکی فنانسنگ کی منظوری دے دی ، اے ڈی بی کیساتھ معاہدے ،فنڈزکی فراہمی آئندہ ہفتے ہوگی۔

    یاد رہے رواں ماہ کے شروع میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو سیلاب ریلیف سپورٹ کی مد میں 2 ارب 50 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹریونگ یی نےوزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد اس کا اعلان کیا۔

    وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی پاکستان کو دواعشاریہ تین سے دواعشاریہ پانچ بلین ڈالر کی سیلاب سے متعلق امداد میں فراہم کرے گا۔

  • ڈالر کی قیمت کم ہونے کے بعد پھر سے بڑھنا شروع

    ڈالر کی قیمت کم ہونے کے بعد پھر سے بڑھنا شروع

    کراچی: امریکی ڈالر کی قیمت میں اچانک کمی کے بعد ایک بار پھر اس کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، بدھ کے روز ڈالر کی قیمت 220 روپے پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز 19 اکتوبر 2022 بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔

    ابتدا میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 29 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 221 روپے کا ہوگیا۔

    دن کے اختتام تک انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی مجموعی قیمت میں 1 روپے 17 پیسے روپے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 220 روپے 88 پیسے پر بند ہوا۔

    فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بینک 221 روپے 35 پیسے میں ڈالر فروخت کر رہے ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 226 سے 229 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد دیکھی جارہی تھی۔

    وزرات خزانہ کی سٹے بازی پر کڑی نگاہ رکھنے اور ہر قسم کے زرمبادلہ کے لین کی مانیٹرنگ کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بلا جواز ڈالر کی خریداری سرگرمیاں منجمد ہوگئیں۔

    تاہم اب ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر بتدریج اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔

    بینکوں کی ناجائز منافع خوری

    دوسری جانب ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے دوران نجی بینکوں نے خوب فائدہ اٹھایا، نجی بینکس نے اس دوران 56 ارب روپے کا منافع کمایا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے پر اسٹیٹ بینک نے نجی بینکوں سے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسٹیٹ بینک نے 8 نجی بینکوں کو نوٹسز بھی جاری کردیے ہیں، اسٹیٹ بینک کی تحقیقاتی رپورٹ جلد مکمل ہوجائے گی جو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پیش کی جائے گی۔

  • پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس کی صورتحال بہتر ہوگی؟

    پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس کی صورتحال بہتر ہوگی؟

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس کی صورتحال بہتر ہوگی، لیکن ایسا بھی نہیں کہ سردیوں میں گیس کا کھلا کھاتہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ جنوری کے لیے ایل این جی کے ایک اضافی کارگو کا بندوبست کر چکے ہیں۔

    مصدق ملک کا کہنا ہے کہ اس سال فروری کے لیے 9 کارگوز دستیاب ہوں گے، اس کے باوجود بھی ہماری تگ و دو جاری ہے۔ پچھلے سال کی نسبت اس سال گیس کی صورتحال بہتر ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ میں بالکل نہیں کہہ رہا کہ سردیوں میں گیس کا کھلا کھاتہ ہوگا، گیس کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ ایل پی جی گیس فراہمی کا بندوبست کریں، سوئِی ناردرن پنجاب اور پختونخواہ میں ایل پی جی سلنڈرز فراہم کرے گی۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ گیزرز اور بوائلرز سب سے زیادہ گیس استعمال کرتے ہیں، درخواست کروں گا کہ گیس کے استعمال میں کفایت شعاری کریں۔

    مصدق ملک نے مزید کہا کہ پاکستان میں توانائی کا مستقبل کیا ہے، یہ وزیر اعظم بتائیں گے۔

  • کس شہر میں آٹا سب سے مہنگا فروخت ہورہا ہے؟

    کس شہر میں آٹا سب سے مہنگا فروخت ہورہا ہے؟

    اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات نے آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

    ادارہ شماریات کے مطابق فیصل آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار 333 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے، پنجاب کے دیگر تمام بڑے شہروں میں آٹے کا تھیلا 1 ہزار 295 روپے تک ہے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار 200 تک میں فروخت ہورہا ہے، خیبر پختونخوا میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 21 سو روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔

    کوئٹہ میں آٹے کا تھیلا 2 ہزار 140، پشاور اور بنوں میں 2 ہزار 100 روپے تک کا دستیاب ہے۔

  • بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے ستائے کراچی والوں کے لیے خوشخبری

    بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے ستائے کراچی والوں کے لیے خوشخبری

    اسلام آباد: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے بجلی کے تقسیم کار ادارے، کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کردی گئی، کمی صرف 1 ماہ کے لیے کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کےالیکٹرک صارفین کے لیے بجلی سستی کردی، اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔

    نیپرا نے بجلی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ کمی کا اطلاق صرف 1 ماہ کے لیے ہوگا، لائف لائن صارفین اور 300 یونٹس تک کے گھریلو صارفین پر کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    علاوہ ازیں زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر بھی اس کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

  • بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی منظوری

    بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی منظوری

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بل میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، اضافہ صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ڈسکوز کے اگست کے لیے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی پی پی اے جی نے 22 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 29 ستمبر 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔

    اس سے قبل جولائی میں ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 34 پیسے فی یونٹ چارج کیا گیا تھا جو صرف 1 ماہ کے لیے تھا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ اگست کا ایف سی اے جولائی کی نسبت اکتوبر میں 4 روپے 15 پیسے فی یونٹ کم چارج کیا جائے گا۔

    حالیہ اضافے کا اطلاق صرف اکتوبر کے ماہ کے بلوں پر ہوگا، اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا جبکہ کے الیکٹرک صارفین پر بھی اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

  • روپے کو مستحکم کرنے کے لیے وزارت خزانہ کی نئی حکمت عملی

    روپے کو مستحکم کرنے کے لیے وزارت خزانہ کی نئی حکمت عملی

    اسلام آباد: وزارت خزانہ نے روپے کو مستحکم کرنے کے لیے نئی حکمت عملی طے کرلی، بینکوں کے لیے ڈالر کی خرید و فروخت کی پالیسی بنائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق روپیہ مستحکم کرنے کے لیے وزارت خزانہ نے نئی حکمت عملی طے کرلی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کم زرمبادلہ اور بیرونی ادائیگیوں کے باوجود ڈالر کی قدر میں کمی برقرار رکھی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 بڑے بینکوں کو نوٹسز دینے سے ڈالر کی قدر کے مصنوعی اضافے میں کمی ہوئی، بینکوں کی جانب سے ڈالر پر کارٹیلائزیشن کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ بینکوں نے زیادہ مالیت کی ایل سیز کھولنے کے لیے اسٹیٹ بینک پر پریشر ڈالا ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق بینک تاجروں کی ایل سیز کھولنے کے لیے اسٹیٹ بینک سے ڈالر کی ڈیمانڈ کرتے رہے۔

    وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے ایل سیز کھولنے کے لیے این او سی کو لازمی قرار دیا ہے، وزارت خزانہ نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی ہے کہ بینکوں کے لیے ڈالر بائنگ اور سیلنگ پالیسی بنائی جائے۔

    پالیسی میں بینکوں کے لیے ڈالر کی خرید و فروخت میں مارجن کی حدود کا تعین کیا جائے گا، ایکسچینج کمپنیاں ڈالر کی بائنگ سے سیلنگ میں 2 روپے تک مارجن رکھ سکتی ہیں۔

  • ڈالر کی قدر گرنے کا سلسلہ جاری

    ڈالر کی قدر گرنے کا سلسلہ جاری

    کراچی: امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، سوموار کے روز ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کمی ہونے کے بعد روپے کی قدر میں مزید استحکام آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز 10 اکتوبر 2022 سوموار کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوئی۔

    دن کے آغاز پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 46 پیسے سستا ہو کر 218 روپے 46 پیسے پر پہنچ گیا۔

    دن کے وسط تک ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 92 پیسے کمی ہوئی۔

    دن کے اختتام تک ڈالر کی مجموعی قیمت میں 1 روپے 96 پیسے کمی ہوئی اور ڈالر 217 روپے 96 پیسے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 217 سے 219 روپے میں فروخت ہوا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں 8 روپے کمی ہوئی تھی اور روپیہ مستحکم ہوا تھا۔

    اکتوبر 2022 کے پہلے ہفتے کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 8 روپے 53 پیسے سستا ہوا، جس کے بعد ایک ہفتے کے دوران ڈالر 228.54 روپے سے کم ہو کر 219.92 روپے کا ہوگیا۔

    انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح 239.71 روپے پر پہنچنے کے بعد سے اب تک 19 روپے 79 پیسے سستا ہوچکا ہے۔

  • ایک ہفتے میں امریکی ڈالر دھڑام سے نیچے جا گرا، روپیہ مستحکم

    ایک ہفتے میں امریکی ڈالر دھڑام سے نیچے جا گرا، روپیہ مستحکم

    کراچی: اکتوبر 2022 کے پہلے ہفتے کے دوران پاکستانی روپیہ امریکی ڈالر کو روندتا ہوا تیزی سے مستحکم ہوا اور اس میں اضافہ جاری ہے، گزشتہ چند دن میں ڈالر کی قدر میں 19 روپے سے زائد کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق اکتوبر کے پہلے ہفتے (3 سے 7 اکتوبر 2022) میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 8 روپے 53 پیسے سستا ہوا، جس کے بعد ایک ہفتے کے دوران ڈالر 228.54 روپے سے کم ہو کر 219.92 روپے کا ہوگیا۔

    انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح 239.71 روپے پر پہنچنے کے بعد سے اب تک 19 روپے 79 پیسے سستا ہوچکا ہے۔

    اوپن بینک میں بھی ڈالر 8 روپے سستا ہوا، ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 230 روپے سے کم ہو کر 222 روپے پر پہنچ گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی سطح 245 روپے تک جا پہنچی تھی جس کے بعد اس میں 23 روپے کی کمی ہوئی۔

    خیال رہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد دیکھی جارہی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ڈالر کی اس وقت جو قدر ہے وہ حقیقی نہیں، امریکی کرنسی کی اصل قدر 200 روپے سے کم ہے، ڈالر کو اصل قیمت پر لانے کے لیے جامع حکمت عملی بنا رہے ہیں۔

    وزرات خزانہ کی سٹے بازی پر کڑی نگاہ رکھنے اور ہر قسم کے زرمبادلہ کے لین کی مانیٹرنگ کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بلا جواز ڈالر کی خریداری سرگرمیاں منجمد ہوگئی ہیں۔

    صرف اہم درآمدات کے لیے کھولی جانے والی ایل سیز یا اہم ترین ضروریات تک ڈالر کی خریداری محدود ہوگئی ہے۔

    بینکوں کی ناجائز منافع خوری

    دوسری جانب ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے دوران نجی بینکوں نے خوب فائدہ اٹھایا، نجی بینکس نے اس دوران 56 ارب روپے کا منافع کمایا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے پر اسٹیٹ بینک نے نجی بینکوں سے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، اسٹیٹ بینک نے 8 نجی بینکوں کو نوٹسز بھی جاری کردیے ہیں، اسٹیٹ بینک کی تحقیقاتی رپورٹ جلد مکمل ہوجائے گی جو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پیش کی جائے گی۔