Tag: پاکستان-نیوز

  • پاکستان سپر لیگ کا تجربہ کارآمد ثابت ہورہا ہے: ایلکس ہیلز

    پاکستان سپر لیگ کا تجربہ کارآمد ثابت ہورہا ہے: ایلکس ہیلز

    پاکستان میں ٹی 20 میچز کی طویل سیریز کھیلنے کے لیے آنے والی انگلینڈ ٹیم کے بیٹسمین کا کہنا ہے کہ ان کے لیے پاکستان سپر لیگ کا تجربہ کارآمد ثابت ہورہا ہے۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ایلکس ہیلز نے پہلے ٹی 20 کی جیت میں اپنی پرفارمنس کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اپنے تجربے کو مفید قرار دے دیا۔

    ہیلز کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا تجربہ کافی کام آیا، نوجوانوں کو بھی اپنا تجربہ شیئر کر رہا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ کم بیک میچ میں ففٹی بہت اسپیشل ہے، میرے لیے یہ کم بیک یادگار ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کراؤڈ زبردست ہے۔

    ہیلز کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان کے اچھے آغاز کے بعد ہم نے شاندار بولنگ کی، یہ طویل سیریز ہے، کوشش کریں گے کہ اگلا میچ جیت کر برتری مستحکم کریں۔

    خیال رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، پہلے میچ میں ایلکس ہیلز نے 53 رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار اد کیا۔

  • پاکستان سے روئی کی برآمدات شروع

    پاکستان سے روئی کی برآمدات شروع

    اسلام آباد: پاکستان سے روئی کی برآمدات شروع کردی گئی، روئی کی 20 ہزار بیلز کے برآمدی معاہدے طے پا چکے ہیں۔

    چیئرمین کاٹن جنرز فورم کے چیئرمین احسان الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان سے روئی کی برآمدات شروع کردی گئی، آغاز میں 3 ہزار سے زائد روئی کی بیلز بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ویت نام کو بھیجی گئیں۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ روئی کی 20 ہزار بیلز کے برآمدی معاہدے طے پا چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بارشوں سے روئی کا معیار خراب ہونے سے برآمد کنندگان کو مشکلات بھی ہیں، پاکستان میں روئی کی قیمت 22 سے 23 ہزار روپے فی من ہے۔

  • پاکستان سے شکست کے بعد افغان ٹیم کی نیندیں‌ اڑ گئیں!

    پاکستان سے شکست کے بعد افغان ٹیم کی نیندیں‌ اڑ گئیں!

    افغان ٹیم کے کپتان کے ایک انکشاف کے مطابق پاکستان سے شکست کے بعد افغان ٹیم کی نیندیں اڑ گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کو گرین شرٹس کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے بعد افغان ٹیم کے لیے رات کی نیند بھی حرام ہو گئی تھی، جس کے لیے انھیں نیند کی گولیاں کھانی پڑ گئیں۔

    افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں گرین شرٹس سے ہارنے کے بعد سونے کے لیے نیند کی گولیاں کھانی پڑیں تھیں۔

    یہ انکشاف انھوں نے جمعرات کو بھارت کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان سے شکست کھانے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    ’نسیم شاہ مستقبل کا چیمپئن‘ چھکوں کی ویڈیو دیکھیں

    محمد نبی نے بتایا کہ میچ ہارنے کے بعد ہمارے کئی کھلاڑی گراؤنڈ چھوڑ کر چلے گئے تھے، ٹیم کے کھلاڑی جب ہوٹل پہنچے تو انھوں نے گرین ٹی لی اور پھر نیند کی گولیاں بھی کھائیں۔

    دوسری جانب بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد اسسٹنٹ افغان کوچ اور سابق افغان کھلاڑی رئیس احمد زئی نے بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں نہ صرف کھلاڑی بلکہ پوری قوم ٹینشن میں تھی، اس میچ میں شکست کے بعد سب افسردہ ہیں۔

    رئیس احمد زئی نے کہا شکست کے بعد اس رات کوئی بھی کھلاڑی سو نہیں پایا، وہ ہمارے لیے ایک برا دن تھا۔

  • عمر گل کے بیان پر ثقلین مشتاق نے کیا ردعمل دیا؟

    عمر گل کے بیان پر ثقلین مشتاق نے کیا ردعمل دیا؟

    دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم نے ہمارے بیٹنگ آرڈر کو ایک اور چیز دکھا دی کہ ہماری ٹیم میں سب میچ ونر ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کے بابر اعظم سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ بابر اعظم نے ہمارے بیٹنگ آرڈر کو ایک اور چیز دکھا دی کہ ہماری ٹیم میں سب میچ ونر ہیں۔

    دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ بابر اعظم پر کسی کو شک نہیں ہے، اس کی کلاس دنیا کے سامنے ہے، سب اس کی تعریف کرتے ہیں کہ وہ میچ ونر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ کلاس بیٹر ہے، دو تین میچز میں ان کے نہ چلنے سے دیگر بیٹنگ لائن اپ میں نئی روح پھونک دی ہے۔

    واضح رہے کہ شارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےافغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا تھا کہ بابر اعظم کا رنز نہ کرنا افغانستان ٹیم کے لیے اچھا ہوسکتا ہے۔

    عمر گل نے کہا تھا کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، ان کے خلاف پلان تیار کیا ہوا ہے، دیکھتے ہیں کہ بولرز اس پر کیسے عمل کرتے ہیں۔

  • 5 سو ارب قرض کی ادائیگی کے بعد بھی 22 سو ارب کے قرضے واجب الادا

    5 سو ارب قرض کی ادائیگی کے بعد بھی 22 سو ارب کے قرضے واجب الادا

    اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے 564 ارب قرض ادائیگی کے بعد بھی 2253 ارب کے گردشی قرض واجب الادا ہیں، سی پیک کے پاور پروجیکٹس میں گردشی قرض 220 ارب سے تجاوز کرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں جاری کی گئی ایک دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 564 ارب قرض ادائیگی کے بعد بھی 2253 ارب کے گردشی قرض واجب الادا ہیں۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ گزشتہ مالی سال 564 ارب روپے کا گرشی قرض اتارا گیا، سی پیک کے پاور پروجیکٹس میں گردشی قرض 220 ارب سے تجاوز کرگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے جون میں سی پیک پاور پروجیکٹس کے لیے 50 ارب ادا کیے تھے، سی پیک کے پاور پراجیکٹس کے سرمایہ کاروں نے تحفظات سے آگاہ کردیا۔

    آئی ایم ایف نے بھی مہنگے بجلی گھروں پر اعتراض اٹھا دیا، زیادہ کپیسٹی چارجز والے بجلی گھروں سے از سر نو معاملات طے کرنے پر غور ہوگا۔ آئی ایم ایف نے شرط رکھی ہے کہ کپیسٹی چارجز کم کرنے کے لیے از سر نو معاہدے کیے جائیں۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے سی پیک پاور پروجیکٹس کا سرکلر ڈیٹ ختم کرنے کا عندیہ دے دیا، حکومت نے توانائی کے ریٹ کم ہونے پر سی پیک پاور پروجیکٹس کو ادائیگی کی یقین دہانی کروا دی۔

  • گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے لیے کیسا رہا؟

    گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے لیے کیسا رہا؟

    کراچی: گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان دیکھا گیا، 100 انڈیکس میں ڈھائی سو سے زائد پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان رہا۔

    29 اگست سے 2 ستمبر 2022 کے دوران 100 انڈیکس 282 پوائنٹس کم ہو کر 42 ہزار 309 پوائنٹس پر بند ہوا، 100 انڈیکس کی کم ترین سطح 42 ہزار 235 رہی۔

    گزشتہ ہفتے بازار میں ایک ہفتے میں 1.5 ارب شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 34 ارب روپے رہی۔

    مارکیٹ کیپٹلائزیشن 87 ارب کم ہو کر 7 ہزار 23 ارب روپے رہی۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

    ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، بچوں کے دودھ، پتی اور مصالحہ جات کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز نے روز مرہ استعمال کی متعدد اشیا مہنگی کردیں، مختلف برانڈز کی 900 گرام چائے کی قیمت 400 روپے اضافے کے بعد 905 روپے سے بڑھ کر 1305 روپے ہوگئی۔

    ٹی وائٹنر کی قیمتوں میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا گیا، 200 گرام چھوارے کی قیمت میں 40 روپے، بچوں کا 800 گرام دودھ کا پیکٹ 260 روپے اور 1 کلو اچار کا پیکٹ 57 روپے تک مہنگا کردیا گیا۔

    100 گرام سرخ مرچ کی قیمت 84 روپے، 100 گرام گرم مصالحے کی قیمت میں 42 روپے، 50 گرام کے مختلف مصالحہ جات کی قیمت میں 50 روپے اور شہد کی 300 گرام کی بوتل میں 100 روپے اضافہ کردیا گیا۔

    دلیہ، سیریل، نوڈلز، نمکو، کسٹرڈ اور مشروبات سمیت کئی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

  • سپر 4 تک رسائی کے لیے پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا

    سپر 4 تک رسائی کے لیے پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا

    شارجہ: ایشیا کپ 2022 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، پاکستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں آج مدِ مقابل ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے ٹائٹل کے حصول کی جنگ میں پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا، سپر فور میں کوالیفائی کرنے کے لیے قومی ٹیم کو آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، مقابلہ شام 7 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

    شاہینوں کا ایشیا کپ میں آغاز شکست سے ہوا ہے تاہم ہانگ کانگ کے خلاف فتح ٹیم کو اگلے راؤنڈ میں پہنچا دے گی، دونوں ٹیمیں پہلی بار ٹی 20 میں ٹکرائیں گی۔ تاہم ایشیا کپ میں پاکستان ہانگ کانگ کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے، 3 میچ کھیلے تینوں میں فتح سمیٹی۔

    آسان حریف کے خلاف ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے، حارث رؤف کی جگہ حسنین کھیل سکتے ہیں، نسیم شاہ بھی میچ کے لیے فٹ قرار دے دیے گئے ہیں۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز بھارت کے بعد ہانگ کانگ کے بیٹرز اڑانے کے لیے تیار ہیں، تاہم بڑے مقابلوں سے قبل بیٹرز کو فارم میں آنا ہوگا، اور جیت کے ساتھ ٹیم کا حوصلہ بڑھانا ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی لینڈرز نے بنگال ٹائیگرز کی لنکا ڈھا دی تھی، میزبان سری لنکا نے بنگلا دیش کو ہرا کر ایشیا کپ سے باہر کر دیا ہے۔

  • ڈالر پھر سے اونچی اڑان بھرنے لگا

    ڈالر پھر سے اونچی اڑان بھرنے لگا

    کراچی: انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے، آج ڈالر کی قیمت میں 1 روپے اضافے کے بعد ڈالر 217 روپے سے تجاوز کرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 23 اگست 2022 منگل کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا۔

    دن کے آغاز پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 83 پیسے مہنگا ہو کر 217 روپے 49 پیسے پر پہنچ گیا۔

    دن کے وسط تک ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 4 پیسے اضافہ ہوا۔

    دن کے اختتام تک مجموعی طور پر ڈالر کی قیمت میں 1 روپے اضافہ ہوا اور ڈالر 216 روپے 66 پیسے سے بڑھ کر 217 روپے 66 پیسے پر بند ہوا۔

    فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 221 سے 223 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔

    خیال رہے کہ شہباز شریف حکومت کے 3 ماہ کے دوران امریکی ڈالر کی قیمت میں 54 روپے اضافے ہوا جس سے غیر ملکی قرضوں کے حجم میں ساڑھے 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

    جولائی کے مہینے میں روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 17 فیصد کم ہوئی، اگست کے آغاز پر ڈالر کی قیمت کم ہونا شروع ہوئی تاہم اب ایک بار پھر اضافے کا رجحان دکھائی دے رہا ہے۔

  • ایک ماہ میں 167 ارب روپے کی غذائی اشیا امپورٹ کی گئیں

    ایک ماہ میں 167 ارب روپے کی غذائی اشیا امپورٹ کی گئیں

    اسلام آباد: زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان کا غذائی اشیا کے لیے امپورٹ پر انحصار برقرار ہے، جبکہ ملکی ایکسپورٹ میں کمی آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی 2022 میں جون کے مقابلے میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 13.21 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد ٹیکسٹائل برآمدات 1 ارب 48 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہ گئیں۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جون میں ٹیکسٹائل برآمدات 1 ارب 70 کروڑ 63 لاکھ ڈالر پر تھیں، جولائی 2022 میں ہونے والی ٹیکسٹائل برآمدات، جولائی 2021 کے مقابلے میں بھی 0.67 فیصد کم ہوئیں۔

    دوسری جانب جولائی میں 167 ارب 46 کروڑ روپے کی غذائی اشیا درآمد کی گئیں، جولائی میں سالانہ بنیادوں پر غذائی اشیا کی درآمد میں 62.06 فیصد اضافہ ہوا۔

    جولائی میں چائے کی درآمد میں 51.51 فیصد اضافہ ہوا اور 9 ارب 94 کروڑ 50 لاکھ روپے کی چائے درآمد کی گئی۔

    گندم کی درآمد میں 100 فیصد اضافہ ہوا اور 23 ارب 5 کروڑ 10 لاکھ روپے کی گندم درآمد کی گئیں، پام آئل کی درآمد میں 62.03 فیصد کا اضافہ ہوا اور 65 ارب 69 کروڑ 10 لاکھ روپے کا پام آئل درآمد کیا گیا۔

    جولائی میں 9 کروڑ 80 لاکھ روپے کی چینی درآمد کی گئی۔

    11 ارب 64 کروڑ 10 لاکھ روپے کی دالیں، 2 ارب 9 کروڑ 40 لاکھ روپے کا بچوں کا دودھ اور کریم اور 47 ارب 90 کروڑ 60 لاکھ روپے کی دیگر غذائی اشیا درآمد کی گئیں۔