Tag: پاکستان-نیوز

  • تائیوان صورت حال، پاکستان نے اہم ترین بیان جاری کردیا

    تائیوان صورت حال، پاکستان نے اہم ترین بیان جاری کردیا

    اسلام آباد: پاکستان نے ’ون چائنا‘ پالیسی کی توثیق کرتے ہوئے اس پالیسی کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

    پاکستان کو آبنائے تائیوان میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش ہے جس کے علاقائی امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔

    ترجمان نے کہا کہ دنیا پہلے ہی یوکرین کے تنازعہ کی وجہ سے سلامتی کی ایک نازک صورتحال سے دوچار ہے جس کے بین الاقوامی خوراک اور توانائی کی سلامتی کے لیے منفی مضمرات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا ایک اورایسے بحران کی متحمل نہیں ہوسکتی جس کے عالمی امن، سلامتی اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ ریاستوں کے مابین تعلقات باہمی احترام، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور دو طرفہ معاہدوں کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے مسائل کے پرامن حل پر مبنی ہونے چاہئیں۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکا تائیوان سے متعلق اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا: نینسی پلوسی

    ادھر امریکی ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی نے صدارتی دفتر میں تائیوان کی صدر سائی انگ وین سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا تائیوان سے متعلق اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

    دوسری طرف بیجنگ میں چینی نائب وزیر خارجہ کی جانب سے امریکی سفیر نکولس برنز کی طلبی ہوئی، چینی نائب وزیر خارجہ نے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔

  • جولائی 2022 میں درآمدات اور برآمدات میں کمی

    جولائی 2022 میں درآمدات اور برآمدات میں کمی

    اسلام آباد: رواں برس جولائی میں پچھلے ماہ کی نسبت برآمدات اور درآمدات میں کمی واقع ہوئی، جولائی میں تجارتی خسارے میں بھی کمی دیکھی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جولائی 2022 کی برآمدات 20 فیصد کمی سے 2 ارب 32 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں، جون میں برآمدات 2 ارب 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں۔

    جولائی 2022 میں درآمدات 38 فیصد کمی سے 4 ارب 91 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہیں، جون میں درآمدات 7 ارب 88 کروڑ ڈالر کی تھیں۔

    رواں سال جولائی میں تجارتی خسارہ 48 فیصد کمی سے 2 ارب 58 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا، جون 2022 میں تجارتی خسارہ 4 ارب 96 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا تھا۔

    رواں سال جولائی میں ٹیکسٹائل برآمدات 66 فیصد تک پہنچ گئیں۔

    آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کا کہنا ہے کہ بجلی کی کمی کی وجہ سے جولائی 2022 میں ٹیکسٹائل برآمدات پر گہرا اثر پڑا، سستی بجلی اور گیس دستیاب نہ ہوئی تو آئندہ چند ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی ہوسکتی ہے۔

  • ملک میں مہنگائی کا 14 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    ملک میں مہنگائی کا 14 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    اسلام آباد: ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی 2022 میں مہنگائی 24.9 فیصد سے بڑھی، گزشتہ برس جولائی 2021 میں مہنگائی صرف 8.4 فیصد تھی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے اپنی اتحادی پیپلز پارٹی کی حکومت کی مہنگائی کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا، ملک میں مہنگائی کی شرح 14 سال کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی 2022 میں مہنگائی 24.9 فیصد سے بڑھی، جولائی 2008 میں ملک میں مہنگائی کی شرح 20.3 فیصد تھی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق جون 2022 میں مہنگائی 21.3 فیصد تھی گزشتہ برس جولائی 2021 میں مہنگائی 8.4 فیصد تھی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ادارہ شماریات نے بتایا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ڈیزل 141.46 فیصد اور پیٹرول 119 فیصد مہنگا ہوا ہے۔

  • جولائی میں 10 فیصد زیادہ ٹیکس جمع

    جولائی میں 10 فیصد زیادہ ٹیکس جمع

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گزشتہ ماہ کے مقابلے میں جولائی 2022 میں 10 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کرلیا، ٹیکس، ہدف سے 15 ارب روپے زائد جمع ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا ہے کہ جولائی کے مہینے میں ٹیکس وصولی میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی میں 458 ارب روپے ٹیکس کی مد میں جمع ہوئے۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 443 ارب روپے تھا جبکہ 15 ارب اضافی وصول ہوئے۔ جولائی میں 28 ارب روپے کے ری فنڈز بھی کیے گئے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل مئی 2022 میں بھی ٹیکس وصولیوں کی تعداد ریکارڈ رہی تھی، مئی 2022 میں 490 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی گئی۔

    یہ ٹیکس وصولی گزشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد یا 103 ارب روپے زیادہ تھی۔

    رواں مالی سال ایف بی آر نے 11 ماہ کے دوران 5 کھرب 34 ارب 90 کروڑ روپے کے ٹیکس جمع کیے ہیں، یہ پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 28.4 فیصد زائد ہیں۔

  • پنجاب میں محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ

    پنجاب میں محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بزدار حکومت نے تاریخ ساز اقدام کرتے ہوئے محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کردیا گیا، ساڑھے 3 سال میں اسپورٹس فیسیلٹیز کی تعداد 618 تک بڑھا دی گئی۔

    اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بجٹ 2 ارب سے بڑھا کر 7 ارب 34 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے، ساڑھے 3 سال کے دوران 318 نئی اسپورٹس فیسیلٹیز بنائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 70 سال میں پنجاب میں صرف 300 اسپورٹس فیسیلٹیز بنیں، ہماری حکومت نے مختصر مدت میں ان اسپورٹس فیسیلٹیز کو دگنا کیا، پنجاب کے دیہات میں 14 سو نئے گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں۔

  • ٹوکیو اولمپکس: فلسطین کے کوچ پاکستانی ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے: فہمیدہ مرزا

    ٹوکیو اولمپکس: فلسطین کے کوچ پاکستانی ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے: فہمیدہ مرزا

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں کھلاڑی طلحہ طالب کے کوچ کی جگہ ٹوکیو فیڈریشن کے خاص آدمی کو بھیجا گیا، ایونٹ کے دوران فلسطین کے کوچ ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے ٹوکیو اولمپکس سے متعلق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں انکشافات سے آگاہ کر دیا۔

    فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ اولمپک کے معاملات پر اسٹینڈنگ کمیٹی اور قومی اسمبلی میں تشویش ہے، کھلاڑی طلحہ طالب کے والد کوچ ہیں، لسٹ کے مطابق ان کی ایکریڈیشن نہیں کروائی گئی۔ طلحہ طالب کے والد کی جگہ ٹوکیو فیڈریشن کے خاص آدمی کو بھیجا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ بیڈ منٹن میں کوئی بچی جاتی ہے تو سیکریٹری جنرل کو ساتھ بھیجا جاتا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ایتھلیٹس نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا، ماسک بھی نہ پہنے، یہ بھی سننے کو ملا کہ فلسطین کے کوچ ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ کسی کو بھی پاکستان کا نام بدنام نہیں کرنے دیا جائے گا، معلوم ہونا چاہیئے کوئی کہیں جاتا ہے تو پاکستان کا جھنڈا کس کے ہاتھ میں ہے، میٹنگ میں طے ہوا ہے کہ معاملات اولمپک کمیٹی کے حوالے نہیں کیے جا سکتے۔ آئندہ کوئی بھی پاکستان کا نام استعمال کرے گا تو حکومت آن بورڈ ہوگی۔

  • چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کی خدمات کا شکر گزار ہوں: وزیر اعظم

    چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کی خدمات کا شکر گزار ہوں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے لیے بطور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی خدمات کا شکر گزار ہوں، احسان مانی نے پہلی بار پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹرکچر بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کرکٹ کی بحالی کے لیے پنجاب خصوصاً سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی کاوشوں کا جائزہ لے کر خوش ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 870 اسکول اور 231 کالجز گراؤنڈز کے ساتھ پنجاب بھر میں کھیلوں کے 355 میدان تیار کیے گئے ہیں، تمام صوبوں کو میری تاکید ہے کہ کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔

    اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے لیے بطور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی خدمات کا شکر گزار ہوں، احسان مانی نے پہلی بار پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹرکچر بنایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ احسان مانی نے عالمی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان لانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ڈومیسٹک کرکٹ کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کی تھی۔ وزیر اعظم عمران خان نے سی پی سی اے کے تیار کردہ ماڈل کی تعریف کی اور اسکول اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فریم ورک کی منظوری دے دی ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا کھیلوں کی بہتری کے لیے اہم فیصلہ

    وزیر اعظم عمران خان کا کھیلوں کی بہتری کے لیے اہم فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں کھیلوں کا سال منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت تمام صوبوں میں اسپورٹس کلچر کا احیا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کا سال منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ہم اس سال کو کھیلوں کے نام کریں گے، وزیر اعظم کا وژن ہے کہ اسپورٹس کو ضلع اور تحصیل تک لے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت تمام صوبوں میں اسپورٹس کلچر کا احیا ہوگا۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ تمام صوبوں کے ڈائریکٹرز سے میٹنگ ہوئی ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی نے وزیر اعظم کے وژن سے تمام ڈائریکٹرز کو آگاہ کیا، میٹنگ میں بریف کیا گیا کہ ہر صوبہ ماہانہ اسپورٹس کی سرگرمی سے آگاہ کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وزرا کو تعلیمی اداروں میں کھیل کے میدان آباد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تعلیمی سطح پر بھی اسپورٹس کو نصاب میں شامل کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ایک بیج انڈر 16 اور ایک 16 پلس رکھا ہے، انڈر 16 سے ہی نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔

  • 2 ہفتے احتیاط کرلیں تو کرونا وبا کا زور کم ہوسکتا ہے: اسد عمر

    2 ہفتے احتیاط کرلیں تو کرونا وبا کا زور کم ہوسکتا ہے: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کرونا وبا جس رفتار سے بڑھ رہی تھی اس میں ٹھہراؤ نظر آرہا ہے، مزید دو ہفتے احتیاط کرلیں تو بچاؤ ممکن ہے، بازاروں میں رش کے باعث وبا میں تیزی آسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ایک ماہ قبل نظر آنا شروع ہوا کہ وبا میں تیزی آرہی ہے، جب دیکھا کن اضلاع میں تیزی ہے تو شک ہوا کہ برطانوی وائرس آگیا، جب تحقیق کی تو پتہ چلا بڑی تعداد میں برطانوی وائرس پھیلا ہوا تھا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر اور برطانوی وائرس پورے خطے میں پھیلا ہوا ہے، جس طریقے سے ایس او پیز پر عملدر آمد ہونا چاہیئے تھا نہیں ہوا، خدشہ تھا کہ اسپتال نہ بھر جائیں بدقسمتی سے ایسا ہی ہو رہا ہے۔ 10 روز سے انتظامیہ کی جانب سے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، وبا جس رفتار سے بڑھ رہی تھی اس میں ٹھہراؤ نظر آرہا ہے۔ مزید دو ہفتے مزید احتیاط کرلیں تو بچاؤ ممکن ہے، بازاروں میں رش کے باعث وبا میں تیزی آسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا ویکسی نیشن کا کام بھی ساتھ ساتھ چل رہا ہے، دنیا میں ویکسین کی جتنی ڈیمانڈ ہے اتنی ویکسین موجود نہیں، دنیا میں اربوں لوگ ہیں جن کو ویکسین لگنی ہے مگر ایک ساتھ لگنا مشکل ہے، برطانیہ میں جتنی تعداد میں ویکسین بننا تھی اتنی نہیں بن رہی، امریکا میں بھی ویکسین کی مینو فیکچرنگ ہو رہی ہے مگر وہاں کی آبادی زیادہ ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ تمام ممالک اپنے اپنے شہریوں کے لیے ویکسین لینے کی کوشش کر رہے ہیں، اس وقت پاکستان میں تقریباً 13 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے، ملک میں روزانہ 60 سے 70 ہزار ویکسین لگائی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی ایک کے لیے بھی بغیر نمبر کے ویکسین نہیں لگائی، صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان نے بھی اپنی باری کا انتظار کیا، میری ابھی تک باری نہیں آئی مجھے اور میری اہلیہ کو ویکسین نہیں لگی۔ عید کے بعد ویکسین کی فراہمی کو مزید تیز کیا جائے گا، ویکسین کے لیے 350 ملین ڈالر رکھے گئے ہیں، ابھی تک 150 ملین ڈالر ویکسین کے لیے استعمال کر چکے ہیں۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت، ٹریکٹر اسکینڈل کے 3 ملزم گرفتار

    جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت، ٹریکٹر اسکینڈل کے 3 ملزم گرفتار

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، نیب نے ٹریکٹر اسیکنڈل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    نیب کے مطابق تینوں ملزمان کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان میں آفتاب احمد، غلام سرور اور تارا چند شامل ہیں، ملزمان کو آج ریمانڈ کے لئے احتساب عدالت پیش کیا جائے گا۔

    نیب حکام کا کہنا ہے کہ ملزم آفتاب احمد محکمہ زراعت سندھ میں ایگزیکٹو انجینئرتھا جبکہ غلام سرور اور تاراچند ٹریکٹر ڈیلرز تھے ملزمان نے اومنی گروپ اور اورینٹ کمپنی کی ملی بھگت سےکسانوں کو دھوکا دیا، ان ملزمان نے سندھ کے عام افراد کے شناختی کارڈ استعمال کر کے سبسڈی حاصل کی اور ٹریکٹر دوسرے صوبوں کو مارکیٹ ریٹ پر فروخت کئے۔

    حکام کے مطابق ملزمان نےجعلی دستاویزات اورجعلی اکاؤنٹس کے ذریعےکرپشن کی اور جعلی کسانوں کے نام پر ٹریکٹر جاری کرکے اوپن مارکیٹ میں بیچےگئے۔

    واضح رہے کہ ایف آئی اے اس سے قبل کراچی میں مختلف بینکوں کے 160 جعلی اور مشتبہ اکاؤنٹس کاسراغ لگا چکی ہے، مذکورہ اکاؤنٹس سے ابتدائی طور پر 22ارب سے زائد کی ٹرانزیکشن پکڑی گئیں ہیں۔

    وزارت داخلہ کی اجازت سے کراچی میں 160اکاؤنٹس کی تحقیقات کے لیے انکوائری رجسٹر کرلی گئی، کارپوریٹ سرکل میں 10سے زائد افسران پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    تحقیقات کے پہلے مرحلے میں بینکوں سے ریکارڈ حاصل کیا جاچکا ہے جن اکاؤنٹ کا سراغ لگایا گیا وہ جعلی ناموں پر کھلوائے گئے تھے، بھیجی اور وصول رقم مزید جن اکاونٹس میں منتقل ہوئیں ان کی جانچ شروع کی جاچکی ہے۔