Tag: پاکستان-نیوز

  • مایہ ناز فاسٹ بولر اور کراچی کنگز کے ہیرو محمد عامر کو سالگرہ مبارک

    مایہ ناز فاسٹ بولر اور کراچی کنگز کے ہیرو محمد عامر کو سالگرہ مبارک

    پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے زندگی کی انتیس بہاریں دیکھ لیں، آئی سی سی سمیت کرکٹرز کی جانب سے کراچی کنگز کے مایہ ناز بولر کو ڈھیر ساری خوشیوں کے پیغامات۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے محمد عامر آج اپنی 29ویں سالگرہ منارہے ہیں، وہ قومی ٹیم کے اہم رکن اور کراچی کنگز کے کامیاب ترین بولر ہیں۔

    آئی سی سی نے کرکٹر محمد عامر کو سالگرہ کی مبارک باد دی ہے اور اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے جاری ٹوئٹ میں آئی سی سی نے لکھا کہ پاکستان کے لئے 147 میچز کھیلنے والے،ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے کم عمر بولر اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فاتح ٹیم کے رکن کو سالگرہ مبارک۔

    آئی سی سی کے علاوہ سابق کپتان سرفراز احمد اور اظہر علی سمیت کئی کرکٹرز نے عامر کو سالگرہ کی مبارکباد دی ہے، سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے محمد عامر کیلئے سالگرہ کا منفرد پیغام دیا۔

    سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سرفراز احمد نے محمد عامر کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہیپی برتھ ڈے بابو، انہوں نے اپنے پیغام میں دعائیہ کلمات بھی لکھے۔ جس کے جواب میں عامر نے سرفراز احمد کو بابو کہہ کر ہی مخاطب کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

    پی سی بی نے عامر کی 29 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی شاندار بولنگ کی ویڈیو شئیر کی۔

    https://twitter.com/TheRealPCB/status/1381821696898912256?s=20

    دلوں کی بادشاہ کراچی کنگز نے بھی محمد عامر کو ان کی 29 ویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کی ہے۔

    بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے محمد عامر پنجاب کے شہر گوجر خان کی تحصیل چنگا بنگیال میں 13 اپریل 1992 کو پیدا ہوئے، محمد عامر نے کرکٹ میں اپنے کیریئر کا آغاز سال 2009 میں سری لنکا کےخلاف ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں کیا جبکہ 2009 میں ہی انگلینڈ کےخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ڈیبیو کیا۔

    اگست 2010 میں محمد عامر کو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں گرفتار بھی کیا گیا جس کے بعد فاسٹ بولر پر 5 سال کی پابندی لگائی گئی۔

    جنوری 2015 میں محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملی اور اسی سال بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا حصہ بنے، جبکہ 2016 میں نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز میں پاکستان ٹیم میں واپسی ہوئی۔

  • طارق روڈ پر بم نصب کرنے والا ملزم کون تھا؟ سنسنی خیز انکشافات

    طارق روڈ پر بم نصب کرنے والا ملزم کون تھا؟ سنسنی خیز انکشافات

    کراچی: گزشتہ روز کراچی کے علاقے طارق روڈ پر بم نصب کرنے والا ملزم سندھو دیش ریولوشنری آرمی کا کارکن نکلا، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی تفتیش میں ملزم نے سنسنی خیز انکشافات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی عمر شاہد اور ایس ایس پی عارف عزیز نے پریس کانفرنس کی۔

    ڈی آئی جی عمر شاہد نے بتایا کہ گزشتہ روز طارق روڈ سے گرفتار دہشت گرد ممتاز سومرو ایس آر اے (سندھو دیش ریولوشنری آرمی) کا رکن اور کمانڈر نکلا، سی ٹی ڈی نے ملزم کو غیر ملکی ریستوران کے باہر سے گرفتار کیا۔

    عمر شاہد کے مطابق ملزم طارق روڈ پر غیر ملکی ریستوران مالک کی گاڑی پر حملہ کرنا چاہتا تھا، ملزم کی نشاندہی پر موٹر سائیکل سے ڈیوائس اور ریموٹ کنٹرول برآمد ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ ملزم کی نشاندہی پر ایس آر اے کا انتہائی اہم دہشت گرد جاوید منگریو گرفتار ہوا، ملزم جاوید منگریو سے دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، جاوید منگریو ایس آر اے کراچی کا کمانڈر ہے۔

    عمر شاہد کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش دہشت گردوں کی جانب سے اہم انکشافات کیے گئے، ملزمان کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ حملے میں بی ایل اے دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کیا گیا، کمانڈر سجاد کے حکم پر 4 کلاشنکوف اور گولیاں فراہم کی گئیں۔ سنہ 2020 میں انسپکٹر عامر ریاض پر حملہ ہوا جس میں وہ شہید ہوئے، 2020 میں ہی جمالی پل کے پاس ہوٹل پر ایک شخص کو قتل کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسٹیل ٹاؤن کے خالی پلاٹ پر موٹر سائیکل میں بارودی مواد لگایا گیا، صدر میں رینجرز موبائل پر حملے کا منصوبہ بھی بنایا گیا تھا، بارودی موٹر سائیکل سے قائد آباد میں رینجرز موبائل پر حملہ ہونا تھا، صدر میں رینجرز موبائل پر حملے کے وقت ریموٹ نے کام نہ کیا۔

    عمر شاہد کے مطابق دہشت گردوں نے جیکب آباد میں 32 دستی بم اور 25 کلو بارودی مواد فراہم کیا، دستی بم، بارودی مواد سندھ میں دہشت گرد کارروائی کے لیے حاصل کیا گیا تھا۔ کمانڈر سجاد شاہ کے کہنے پر 17 دستی بم، 25 کلو بارودی مواد کوٹری سے لایا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ جون 2020 میں گلستان جوہر میں رینجرز موبائل پر دستی بم حملہ کیا گیا، لیاقت آباد میں بھی دستی بم سے رینجرز موبائل پر حملہ کیا گیا، گلستان جوہر میں ریٹائرڈ رینجرز انسپکٹر پر بھی حملہ کیا گیا، کورنگی ناصر جمپ پر اسٹیٹ ایجنسی پر دستی بم حملے میں متعدد زخمی ہوئے۔

    عمر شاہد نے مزید بتایا کہ گلشن اقبال کے قریب جماعت اسلامی کی ریلی پر دستی بم حملہ کیا گیا، شکار پور اور جیکب آباد رینجرز ہیڈ کوارٹر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ گلشن اقبال میں جشن آزادی کے اسٹال پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، علاوہ ازیں مذہبی تنظیم کے لاڑکانہ کے امیر کے بیٹے پر بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا جبکہ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کے ٹرین مارچ پر بھی گرینیڈ حملہ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ جاوید منگریو کے گرفتار ہونے سے نیٹ ورک تقریباً مکمل ہوچکا، ایس آر اے کی تمام سپورٹ افغانستان سے ہو رہی ہے، ایس آر اے کا سرغنہ اصغر شاہ افغانستان میں ہے، اصغر شاہ کا وہاں کی انٹیلی جنس ایجنسی سے رابطہ ہے، ممتاز سومرو خود افغانستان تربیت لینے گیا تھا، ایس آر اے میں اصغر شاہ نے ہم خیال لوگوں کو ملا کر سیل بنایا۔ اینٹی اسٹیٹ دہشت گرد تنظیموں کے آپس میں رابطے ہیں۔

    عمر شاہد کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی وفاق کو لکھے گی کہ وہ افغان حکومت سے یہ معاملہ اٹھائے، ایس آر اے کا پہلا ٹارگٹ قانون نافذ کرنے والے ادارے تھے، اگلے 2 سے 3 دنوں میں مزید گرفتاریاں ہوں گی۔

  • سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات: سوات اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے ضلع سوات اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی زیر زمین گہرائی 169کلو میٹر تھی جبکہ اس کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

    پانچ اعشاریہ چار شدت کا زلزلے کے باعث عوام میں شدید خوف وہراس پھیلا اور لوگ کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، فوری طور پر زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ سال اٹھائیس جنوری کو بھی سوات اور گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا جبکہ زلزلے کی شدت 4.4 اعشاریہ ریکارڈ کی گئی تھی۔اس کے علاوہ رواں سال گیارہ جنوری کو لاہور میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 اور گہرائی 65 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز مقبوضہ کشمیر تھا، اس کے علاوہ رواں سال کراچی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جاچکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    ماہ فروری میں بھی اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور پشاور سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، پاکستان میٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 80 کلو میٹر زیر زمین تھی۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی اور زلزلےکا مرکز تاجکستان کے علاقے مرغوب سے 35 کلومیٹر تھا۔

  • دو ماہ روپوش رہنے والے مفتی کفایت اللہ گرفتار

    دو ماہ روپوش رہنے والے مفتی کفایت اللہ گرفتار

    مانسہرہ: ریاست مخالف بیانات دینے کے باعث جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار کرلئے گئے ہیں۔

    ڈی پی او مانسہرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار کرلئے گئے ہیں، ان کی گرفتاری تین ایم پی او کے تحت کی گئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری نے ان کے گھر چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔

    ڈی پی او کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ دو ماہ سے روپوش تھے، وفاقی حکومت نے ریاست مخالف بیانات پر مفتی کی گرفتاری کافیصلہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پانچ جنوری کو آئی جی خیبر پختون خوا نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مفتی کفایت کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق خیبر پختون خواہ پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا تھا کہ مفتی کفایت اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج ہے، اور وہ کے پی پولیس کو مطلوب ہیں اس لیے انھیں گرفتار کر کے کے پی پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط

    واضح رہے کہ جمیعت علمائے اسلام نے جے یو آئی ضلع مانسہرہ کے امیر مفتی کفایت اللہ کی جانب سے مسلسل پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزیوں اور متنازع بیانات پر ان کی پارٹی رکنیت معطل کررکھی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پولیس نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کیا تھا بعدازاں پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد سرکٹ کے حکم پر ان کی رہائی عمل میں آئی تھی۔

  • جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، سرگرم دہشت گرد ہلاک

    جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، سرگرم دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم دہشت گرد مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں آپریشن کیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد پیر عرف اسد مارا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیر عرف اسد سنہ 2006 سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سرگرم رکن تھا، پیر عرف اسد نے بیت اللہ محسود گروپ میں رہ کر دہشت گردی کارروائیاں انجام دیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر 2 آپریشنز کیے گئے تھے جس میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والوں میں عادل، جنید عرف جامد، خالق عرف ریحان شامل تھے، مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد علاقے سے نئے دہشت گرد بھرتی کرتے تھے، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔

  • رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

    رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

    اسلام آباد: وکلا چیمبرز گرانے سے متعلق کیس میں عدالت عظمیٰ نے رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اسلام آباد میں وکلا چیمبرز گرانے سے متعلق نظرثانی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت عظمیٰ نے عدالت نے وکلا چیمبرز گرانے اور عدالتوں کی منتقلی سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔

    آج ہونے والی سماعت میں رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی، سپریم کورٹ نے رجسٹرار اسلام آبادہائی کورٹ کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں توہین عدالت کو نوٹس جاری کردیا۔

    توہین عدالت کا نوٹس وکلا چیمبرز گرانے سے متعلق نظرثانی کیس میں جاری کیا گیا، سپریم کورٹ نے رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو سات دن میں جواب جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔

    سماعت کے موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ رجسٹرار ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کو سنجیدہ نہیں لیا، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد جونیئر افسران پر چھوڑ دیا، رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد میں ناکام رہے۔

    اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں نہ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو معطل کر دیں؟ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کا دماغ خراب ہے اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ غیر قانونی جگہ پر قائم عدالتیں مسمار کر دی ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتوں کا ڈھانچہ ہماری کوششوں سے گرایا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے تو کچھ بھی نہیں کیا۔

    چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد نے سخت ریمارکس دئیے کہ توہین عدالت میں سزا ہوئی تو رجسٹرار نااہل ہوکر گھر بیٹھ جائے گا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے نظرثانی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے دو ماہ میں وکلا چیمبرز اور غیر قانونی جگہ پر قائم عدالتیں مسمار کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کے مزید 4 ہزار نئے کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے مزید 4 ہزار نئے کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 4 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی تیسری لہر پاکستان کے لیے خطرناک ثابت ہورہی ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 318 نئے کیسز سامنے آئے۔

    ملک میں مجموعی کرونا کیسز کی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار 920 ہوچکی ہے جبکہ کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 76 ہزار 34 ہوگئی۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 118 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 15 ہزار 619 ہوگئی۔

    نیشنل کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 38 ہزار 267 ہوگئی ہے۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 50 ہزار 520 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 1 کروڑ 8 لاکھ 29 ہزار 994 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8.54 فیصد رہی، این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 4 ہزار 198 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔

  • کراچی اور لاہور میں سڑکوں کی کیا صورتحال ہے؟

    کراچی اور لاہور میں سڑکوں کی کیا صورتحال ہے؟

    کراچی / لاہور: گزشتہ روز مذہبی جماعت کے مظاہروں کی وجہ سے بند ہونے والی ہائی ویز اور موٹر ویز کھولنے کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں تمام سڑکیں کھول دی گئیں جبکہ لاہور میں ہائی ویز تاحال مختلف مقامات سے بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مذہبی جماعت کے مظاہروں کی وجہ سے بند ہونے والے راستےکھولے جارہے ہیں، صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف مقامات پر ٹریفک بحال کیا جارہا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ اسٹار گیٹ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

    ان کے مطابق حسن اسکوائر پر بھی ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز احتجاج کے باعث بلاک ہونے والی موٹر ویز کو کھول دیا گیا ہے، ہائی ویز کو بھی مختلف 6 مقامات سے کھول دییا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ہائی ویز کے 15 مختلف مقامات احتجاج کے باعث تاحال بلاک ہیں۔

  • کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی عالمی کانفرنس میں بلانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے نمائندہ خصوصی جان کیری کو خط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی امریکا میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں مدعو کیا جائے۔

    اپنے خط میں شیلا جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریاؤں کو خطرات کا سامنا ہے، پاکستان خطے میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر اسلام آباد کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

    ہیوسٹن سے منتخب ڈیمو کریٹ رکن کانگریس شیلا جیکسن پاکستان کاکس کی بھی چیئر پرسن ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ماحولیاتی تبدیلی پر 22 اور 23 کو ایک ورچوئل سمٹ / کانفرنس کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں 40 عالمی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔

    یہ سمٹ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے کہ جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جانے کے بعد امریکا دوبارہ پیرس معاہدے میں شامل ہوا ہے اور رواں سال نومبر کے دوران اسی موضوع پر گلاسگو میں اقوام متحدہ کی کانفرنس ہونے جا رہی ہے۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی اخبار دی ٹائمز میں ایک مضمون لکھ کر نہایت مفصل انداز میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

    وزیر اعظم نے آرٹیکل میں پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کو اجاگر کیا، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال گرمیوں میں پاکستان نے صدی کی بدترین بارش کا سامنا کیا جب مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

    انہوں نے لکھا کہ ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 کو معاشی معاہدے کے بغیر ناکام دیکھ رہا ہوں، میرے نزدیک ماحولیاتی کانفرنس کو معاشی معاہدوں سے جوڑا جانا چاہیئے۔

    وزیر اعظم نے اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ گلوبل کلائمٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ 20 سالوں کے دوران 152 مواقع پر پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے براہ راست متاثر ہوا۔

  • 2017 کی مردم شماری نتائج کے اعداد و شمار جاری

    2017 کی مردم شماری نتائج کے اعداد و شمار جاری

    اسلام آباد: وزارت منصوبہ بندی نے 2017 میں ہونے والی مردم شماری کے نتائج کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت منصوبہ بندی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ 2017 مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2017 مردم شماری کے مطابق پنجاب کی آبادی کل آبادی کی 52.9 فی صد تھی، سندھ کی آبادی کل آبادی کی 23 فی صد تھی، خیبر پختون خوا کی آبادی کل آبادی کی 14.6 فی صد، بلوچستان کی آبادی کل آبادی کی 5.9 فی صد، فاٹا کی آبادی کل آبادی کی 2.4 فی صد، جب کہ اسلام آباد کی آبادی کل آبادی کی 0.96 فی صد تھی۔

    مشترکہ مفادات کونسل کا فوری نئی مردم شماری کرانے کا فیصلہ

    2017 مردم شماری کے مطابق ملک بھر میں مردوں کی تعداد 10 کروڑ 60 لاکھ تھی، جب کہ خواتین کی تعداد 10 کروڑ 13 لاکھ تھی، 1998 کے مقابلے میں 2017 میں آبادی میں اضافے کا تناسب 2.40 فی صد تھا۔

    ایک مربع کلومیٹر کے حساب سے زیادہ آبادی اسلام آباد میں 2 ہزار 211 افراد تھی، جب کہ سب سے کم آبادی بلوچستان میں 35 افراد تھی۔

    مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری کے نتائج جاری کرنے کی منظوری دیدی

    2017 مردم شماری کے مطابق 53 فی صد آبادی 15 سے 64 سال کی عمر کے درمیان تھی، 40 فی صد آبادی 15 سال سے کم عمر تھی، 63 فی صد آبادی دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے، جب کہ 36 فی صد آبادی شہری علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔