Tag: پاکستان-نیوز

  • بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع: وزیر داخلہ

    بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع: وزیر داخلہ

    کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان پر اہم اجلاس منعقد ہوا، صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان پر اجلاس ہوا، اجلاس میں مچھ واقعے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل اور مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    ضیا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، موجودہ بدامنی کی لہر ملک دشمن قوتوں کی سازش ہے۔

    صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد فرقہ واریت اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتی ہے، دہشت گرد منصوبہ بندی کے تحت کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ہم وار زون میں ہیں، جہاں دہشت گرد ہوں گے بھرپور کارروائی ہوگی۔

    خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کم از کم 10 کان کنوں کو قتل کردیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین نے میتوں سمیت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں ایک احتجاجی دھرنا دیا جو شدید سردی میں چھ روز تک جاری رہا۔

    دو روز قبل ان میتوں کی تدفین کردی گئی جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے اور لواحقین سے تعزیت کی تھی۔

  • نواز شریف واپس نہ آ کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں: شہزاد اکبر

    نواز شریف واپس نہ آ کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں: شہزاد اکبر

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ذاتی انڈر ٹیکنگ پر نواز شریف کو جانے کی اجازت دی تھی، نواز شریف اور شہباز شریف اس وقت عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شریفوں کے جھوٹ اور جھوٹوں کی داستان از سر نو ثابت ہوگئی، نواز شریف نے قوم کے ساتھ تواتر سے جھوٹ بولے، پاناما کیس سے نواز شریف سرٹیفائیڈ جھوٹے قرار پائے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ایک بیانیہ گھڑا گیا کہ کرپشن پر نہیں اقامے پر نکالا گیا، نواز شریف کو کرپشن اور منی لانڈرنگ پر ہی نکالا گیا ہے۔ عمران خان پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے پھر بھی منی ٹریل دی۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیا ٹرائل تہمت اور جھوٹ بولنے پر ہوتا ہے، ہم ایک ایک لفظ تصدیق کے ساتھ بولتے ہیں، ان کا میڈیا ٹرائل میں نے کیا ہے تو مجھے عدالت لے جائیں۔ تحریک انصاف میں جو بھی پیسہ آیا اس کی ٹریل الیکشن کمیشن کو دی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی آج تک اپنے ایک ڈونر کا نہیں بتا سکے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ احتساب ریڑھی والے یا پان والے کا نہیں بلکہ طاقتور کا ہوتا ہے، ان سے سوال کیا جاتا ہے تو یہ سیاسی انتقام کی باتیں کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہ کہ نواز شریف کو واپس لانے کے لیے برطانوی حکومت سے ڈی پورٹیشن کا کہا ہے، نواز شریف کو واپس لانے کے لیے دو طریقہ کار پر کام چل رہا ہے۔ نواز شریف سزا یافتہ ہیں اس لیے حکومت پاکستان کا کیس مضبوط ہے، ڈی پورٹیشن کا معاملہ ابھی دیکھا نہیں گیا، برطانیہ سے بات ہو رہی ہے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی تمام ٹاپ لیڈر شپ کے پاس اقامے ہیں، براڈ شیٹ چیف سے ایک دو بار مل چکا ہوں، ان سے ملاقات کر کے رقم کم کروانے کی کوشش کی۔ ماضی کے تجربے کی بنیاد پر اب ہم صرف حکومتی سطح پر کام کر رہے ہیں، حکومت پاکستان کا ایسٹ ٹریسنگ کے معاملے پر برطانیہ سے معاہدہ ہے۔ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ کم سے کم پرائیوٹ فرمز کو استعمال کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے کچھ وقت کے بعد براڈ شیٹ ایسٹ ٹریسنگ کمپنی سے معاہدہ ختم کیا، ریکوریز ہونے پر براڈ شیٹ ایسٹ ٹریسنگ کمپنی معاہدے کے تحت عدالت گئی، کمپنی نے معاہدے کے تحت 20 فیصد کا مطالبہ کیا، اکتوبر 2009 میں براڈ شیٹ عدالت گئی اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت تھی۔ پاکستان کا دعویٰ تھا کہ براڈ شیٹ نے ہمیں اسسٹنس نہیں دی، سنہ 2016 میں عدالت نے فیصلہ دیا کہ معاہدے کے تحت پاکستان پیسے ادا کرے، ہم حکومت میں آئے تو اپیل فائل کی جو سنہ 2020 تک چلی۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ نے عدالت میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پر چارجنگ آرڈر لیا۔ براڈ شیٹ نے عدالت میں کہا ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پر پاکستان کا انٹرسٹ ہے، جب تک ہماری رقم ادا نہ ہو تب تک اپارٹمنٹ پر کارروائی نہ ہو۔ براڈ شیٹ نے پاکستان سے رقم ملنے پر چارجنگ آرڈر واپس لیا جس سے کیس ختم ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو اقامے کی بنیاد پر دبئی سے 14 کروڑ روپے تنخواہ ملی ہے، خواجہ آصف وزیر پانی و بجلی رہے پھر وزیر خارجہ بھی بنے، وہ وزارتوں میں رہنے کے ساتھ دبئی کی کمپنی سے تنخواہ لیتے رہے۔ بطور ایم این اے وہ اقامہ کے ذریعے دبئی کے رہائشی بھی تھے۔

    شہزاد اکبر کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف بیماری کے بہانے سے بیرون ملک گئے، روزانہ شام کو نواز شریف کے پلیٹس لیٹس گنوائے جاتے تھے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ذاتی انڈر ٹیکنگ پر نواز شریف کو جانے کی اجازت دی تھی۔ نواز شریف اور شہباز شریف اس وقت عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

  • وزیراعظم کا وعدہ مکمل، 50 فائر ٹینڈراور2باؤزر مقامی انتظامیہ کے حوالے

    وزیراعظم کا وعدہ مکمل، 50 فائر ٹینڈراور2باؤزر مقامی انتظامیہ کے حوالے

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کا کراچی کے شہریوں کیلئے نیا سال کا تحفہ، ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے جدید 50فائر ٹینڈراور2باؤزر کے ایم سی کے حوالے کردئیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے لئے فائر ٹینڈرز اور باؤزر حوالگی کی تقریب ہوئی، تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 50 فائرٹینڈرز اور 2 باوزر کے ایم سی کے حوالے کیے،جس کی شمولیت سے شعبہ فائربریگیڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا کراچی کے لیے ایک اور وعدہ پورا ہوا، فائرٹینڈرز اور باؤزرز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی والوں کے لئے تحفہ ہیں، فائر ٹینڈر اور باؤذرز ایک ارب 46 کروڑ روپے کی لاگت سے خریدے گئے، اتنی بڑی تعداد میں کبھی فائر ٹینڈرز نہیں خریدے گئے۔SAMAA - Centre purchases 50 new fire trucks for Karachiگورنر سندھ نے بتایا کہ نو صنعتی ایسوسی ایشنز کو بھی 2/2 فائر ٹینڈرز دیں گے، سیلانی اور چھیپا کو بھی فائر ٹینڈرز دیں گے، فائر ٹینڈرز کی تین سال وفاقی حکومت دیکھ بھال کرے گی، اس کے بعد جن اداروں کو ٹینڈرز سپرد کیے جائیں گے وہ دیکھ بھال کے ذمے دار ہوں گے۔

    تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ کراچی کے ساتھ وفاق نے جو وعدہ کیا وہ پورا کررہے ہیں، شہر کے ترقیاتی کاموں میں رخنہ اندازی برداشت نہیں ہوگی، ٹائم لائن کے ساتھ تمام منصوبے مکمل کیے جائیں گے، گرین لائن بس کیلئے ٹینڈر کردیا گیا ہے، منصوبے کیلئے بسیں جون 2021 تک پہنچ جائیں گی، جون2021 میں گرین لائن منصوبہ سرجانی ٹاؤن سے نمائش تک شروع ہوجائے گا۔

    وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی میں پہلی بار جولائی 2021 میں جدید ٹرانسپورٹ کا نظام چلتا ہوا نظر آئے گا، محمود آباد نالے سے تجاوزات ہٹانے کا کام این ڈی ایم اےاس ہفتے سےشروع کردے گی، پپری تک متبادل ریلوے لائن ڈالی جائے گی،

    اسدعمر کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں کوکئی دہائیوں ان کا حق نہیں ملا، بلاول بھٹو 49 سال بعد بھی کہہ رہے ہیں ہمیں کام کیلئے وقت چاہیے، یہ وہ لوگ ہیں جو دو سال سےعمران خان سے پوچھ رہے تھے کہ کیا کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جوائنٹ وینچر ہونے جا رہا ہے، جناح برج کے پی ٹی نے ستائیس سال پہلے بنا کر کراچی کو تحفہ دیا تھا، مراد علی شاہ سے درخواست ہے جناح برج کی مرمت کا کام کرائیں۔

  • اسلام آباد کے پارک میں اپنا کنسرٹ منعقد کرنے والا باصلاحیت گلوکار

    اسلام آباد کے پارک میں اپنا کنسرٹ منعقد کرنے والا باصلاحیت گلوکار

    خوبصورت آواز اور سر بغیر کسی ٹیکنالوجی اور آلات موسیقی کے کسی کو بھی اپنے سحر میں مبتلا کرسکتے ہیں، اسلام آباد کا ایک گمنام گلوکار بھی اپنے سروں سے مقامی افراد کو مسحور کردیتا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے رہائشی حق نواز کو خدا نے نہایت خوبصورت آواز سے نوازا ہے، 36 سالہ یہ گلوکار 30 سال سے گلوکاری کر رہا ہے۔

    حق نواز اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں لائیو کنسرٹ منعقد کرتا ہے جسے ہر خاص و عام بغیر کسی ٹکٹ کے سن سکتا ہے، سننے والے حق نواز کی خوبصورت آواز کے سحر میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ روز اس باصلاحیت گلوکار کا کنسرٹ سنتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسے بہتر مواقع ملیں کہ تاکہ وہ اپنا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے لاسکے۔

  • پنجاب کے کئی شہروں میں ایک بار پھر بجلی بند

    پنجاب کے کئی شہروں میں ایک بار پھر بجلی بند

    لاہور: گذشتہ شب ملک میں ہونے والا بڑا بریک ڈاؤن مکمل طور پر ختم نہیں ہوا تھا کہ پنجاب کے کئی علاقوں میں ایک بار پھر بجلی بند ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ،فیصل آباد ، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،گوجرہ ،جھنگ ،شور کوٹ کے کے بعض علاقوں میں ایک بار پھر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے، اس کے علاوہ سرگودھا ، میانوالی، خوشاب ، جوہر آباد کے بعض علاقوں میں بجلی مکمل بحال نہ ہوسکی ہے۔

    ذرائع پاور ڈویژن نے دوبارہ بجلی کی بندش سے متعلق کہا ہے کہ ترسیلی نظام میں خرابی مکمل دور نہیں ہوئی ابھی کچھ وقت لگے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئندہ چند گھنٹوں میں ملک بھر میں بجلی بحال ہوجائے گی، عمرایوب

    دوسری جانب شہر قائد میں بھی 15 گھنٹے گزر جانے کے باوجود بجلی مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے، پاپوش نگر،گلستان جوہر،بلدیہ،کیماڑی، لیاری،کھارادر،گولیمار،جیکب لائن میں گذشتہ رات سے معطل ہونے والی بجلی کی فراہمی تاحال فعال نہیں ہوسکی ہے، اس کے علاوہ گارڈن ،لانڈھی ،شاہ فیصل کالونی کے مختلف حصے تاحال بجلی سے محروم ہیں۔

    کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے 70 فیصد علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔

  • پاور سیکٹر کےلئے بڑی خوش خبری، گنے کے پھوک والی آئی پی پیز بھی ٹیرف کم کرنے پر تیار

    پاور سیکٹر کےلئے بڑی خوش خبری، گنے کے پھوک والی آئی پی پیز بھی ٹیرف کم کرنے پر تیار

    اسلام آباد: پاور سیکٹر کے لئے ایک اور بڑی خوشخبری ہے کہ شمسی توانائی آئی پی پیز کے بعد گنے کے پھوک والی آئی پی پیز بھی ٹیرف کم کرنے پر راضی ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم اور گنے کے پھوک والی آئی پی پیز میں راضی نامہ طے پاگیا ہے، معاہدے کے تحت گنے کے پھوک والی آٹھ آئی پی پیز اپنا ٹیرف کم کریں گی، دونوں پارٹیاں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد معاہدے پر دستخط کریں گی، آئی پی پیز ٹیرف کی کمی سے مستقبل میں صارفین کو سستی بجلی کے ساتھ حکومت کے گردشی قرضوں میں کمی آئیگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے  کے لئے  آئی پی پیز کے اپنے بورڈز کی جانب سے بھی اس کی منظوری ضروری ہے۔

    ماہر معاشیات نے معاہدے کو تاریخی قرار دے دیا

    ماہر معاشیات مزمل اسلم نے حکومتی مذاکراتی ٹیم اور گنے کے پھوک والی آئی پی پیز میں ہونے والے معاہدے کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پھوک والی آئی پی پیز کے ٹیرف میں کمی کا معاہدہ حکومت کی اہم کامیابی ہوگی، اس کامیابی کے نتیجے میں حکومت ساڑھے800 ارب روپےبچائےگی۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ حکومت سالانہ ٹیکس 4000ارب روپے جمع کرتی ہے،ان میں سے 2300ارب روپے گردشی قرضوں کی ادائیگی میں چلا جائے تو ملک کیسے چل سکتاہے، نئے معاہدے کے بعد بجلی گھروں کو زیادہ ادائیگی کے بجائے یہ پیسہ عوام پر خرچ ہوگا اس کے علاوہ ملک میں دو ڈیمز بھی بن رہےہیں حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات ہونگے تو عوام کو سستی بجلی بھی ملےگی۔

    ماہر معاشیات خرم شہزاد نے بھی معاہدے کو بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آ ئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی حکومت کا اچھا اقدام ہے، دنیا بھی اب کوئلے اور تیل سے بجلی بنانے سے نکل رہی ہے، حکومت کےایسے اقدامات سے آئندہ سالوں میں عوام کو فائدہ ہوگا۔

    خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ گردشی قرضے مہنگی بجلی بننے اور سستی بیچنے سے ہوتےہیں، میرے خیال میں ایسے اقدامات سے گردشی قرضے کم ہوسکتےہیں۔

    حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان معاہدے طے پاگیا

    گذشتہ روز حکومتی مذاکراتی ٹیم اور شمسی توانائی پر مشتمل آئی پی پیز نے ٹیرف کم کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی ۔

    حکومتی ٹیم اور آئی پی پیز میں معاہدے کےاہم نکات

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین ملک کے وسیع تر مفاد میں کمپنیز کنٹریکٹ میں ترمیم پر رضامند ہوئے۔

    کمپنیز پاور سیکٹر کے استحکام کیلئےکنٹریکٹ میں ترمیم پر راضی ہوئیں، ذرائع

    حکومت کمپنیز کی قرض خواہوں سے ازسر نومفاہمت کرائےگی، ذرائع

    حکومت کمپنیز کو موجودہ سولر سائٹس پر اضافی پیداوار میں مدد کرے گی، ذرائع

  • "ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں” ،وزیراعظم

    "ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں” ،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس دہندگان کو پاکستان کا محسن قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، شبلی فراز، حماداظہر،ڈاکٹروقار مسعود سمیت ڈاکٹر عشرت حسین،چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی ومتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ٹیکس نظام میں متعدد اہم اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس کی وجہ سے رواں مالی سال کے چھ ماہ میں 2205 ارب روپے سے زائدٹیکس جمع ہوا۔

    وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید خود کار بنایا جارہا ہے، نئے ڈیجیٹل نظام سےشفافیت نمایاں، کرپشن، ٹیکس چوری کم ہوگی، چھوٹے،درمیانے کاروبار کیلئےٹیکس فارم کو صرف ایک صفحہ پر مشتمل کردیاگیا ہے اور ٹیکس دہندگان کو ٹیکس دینےپر مراعات اور سہولتیں دی جارہی ہیں۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے مجموعی طور پر ٹیکس نظام میں اصلاحات لانے والے حکام کو سراہا، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس دہندگان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں، اجلاس میں وزیراعظم نے حکام کو ہدایت دی کہ ایسے اقدامات کئےجائیں جس سےٹیکس دہندگان کی پذیرائی ہو۔

  • پی ایس ایل چھٹےایڈیشن کی پلیئر ڈرافٹنگ آج لاہور میں ہوگی

    پی ایس ایل چھٹےایڈیشن کی پلیئر ڈرافٹنگ آج لاہور میں ہوگی

    لاہور: پاکستان سپرلیگ کے چھٹے ایڈیشن کی پلیئرز ڈرافٹنگ تقریب آج لاہور میں ہوگی، ڈرافٹنگ میں پہلےکھلاڑی کی پک اسلام آباد یونائیٹڈ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے چھٹے ایڈیشن کی پلیئرز ڈرافٹنگ تقریب آج لاہور میں ہوگی، جہاں چھ فرنچائز پلاٹینئیم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ کیٹگری سے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔

    ڈرافٹنگ میں پہلےکھلاڑی کی پک اسلام آباد یونائیٹڈ کرے گی، آسٹریلیا انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں سمیت چار سو سے زائد کرکٹرز نے پی ایس ایل سکس کے ڈرافٹ کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے۔

    پی ایس ایل6: کراچی کنگز میں کون سے کھلاڑی برقرار رہینگے؟

    گذشتہ روز پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے لئے دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے برقرار کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی تھی، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم، بابراعظم، محمد عامر کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ شرجیل خان، عامریامین، وقاص مقصود، ارشداقبال بھی کراچی کنگزکا حصہ رہیں گے۔

    کراچی کنگز نے ایلکس ہیلز کی جگہ کولن انگرام کو ٹیم میں شامل کیا، کولن انگرام کو ایلکس ہیلز کی جگہ اسلام آباد یونائیٹڈ سےٹریڈ کیا گیا تھا۔کراچی کنگز کےبابراعظم اور محمدعامرپلاٹینئم کیٹگری میں برقرار ہیں، کپتان کراچی کنگز عماد وسیم ڈائمنڈ ، عامر یامین اور شرجیل خان گولڈکیٹگری میں برقرار ہیں، وقاص مقصود سلور اور ارشد اقبال ایمرجنگ کیٹگری میں موجود رہینگے۔

    پی ایس ایل 6 کا شیڈول

    پاکستان سپرلیگ کی جانب سے جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق پی ایس ایل سیزن 6 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا جبکہ فائنل 22 مارچ کو کھیلا جائے گا، سیزن 6 کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے، جن کے لیے لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیمز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

    پہلے راؤنڈ کے تمام میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جن میں سے پہلا 20 فروری بروز ہفتہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گا۔ مجموعی طور پر کراچی میں 20 اور لاہور میں فائنل سمیت 13 میچز کھیلے جائیں گے۔

    کراچی میں اکیس فروری کو دن اور رات میں دو میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے پہلا دن میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی جبکہ دوسرا رات میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا۔

    کراچی کنگز اپنا دوسرا میچ 24 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ تیسرا 28 فروری کو لاہور قلندرز کے خلاف ہوگا، تین مارچ کو دن میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی مد مقابل ہوں گی جبکہ 7 مارچ کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین رات کے وقت میچ کھیلا جائے گا۔

    دوسرے مرحلے میں کراچی کنگز کا پہلا میچ دس مارچ کو پشاور زلمی سے ہوگا، 13 مارچ کو کنگز گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائیں گے اور 14 مارچ کو روایتی حریت لاہور قلندرز سے ٹاکرا ہوگا۔

  • طیارہ کہاں گر کر تباہ ہوا؟ انڈونیشیا کے صدر کا بڑا انکشاف

    طیارہ کہاں گر کر تباہ ہوا؟ انڈونیشیا کے صدر کا بڑا انکشاف

    جکارتہ: گذشتہ روز لاپتہ ہونے والے انڈونیشین ایئر لائن طیارے کےحادثےکا مقام معلوم کرلیا گیا ہے۔

    انڈونیشین حکام کے مطابق جاوا کے سمندر سےجسمانی اعضا،کپڑےاور دیگر اشیا ملیں ہیں، ان اشیا کے برآمد ہونے کے بعد اس مقام پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    انڈونیشیا کے صدر نے بھی مسافر طیارے کی جاوا سمندر میں گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے حادثے میں ہلاک افراد کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے بیان میں کہا کہ ہلاک افرادکےخاندان کے دکھ میں برابر کےشریک ہیں۔اس سے قبل انڈونیشیا کے امدادی کارکنوں نے دعویٰ کیا تھا کہ جکارتہ کے سمندر سے ماہی گیروں کو طیارے کا ملبہ ملا ہے جس کے حوالے سے انہوں نے متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا ہے، امدادی کارکنوں کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ ملبہ لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے کا ہوسکتا ہے۔

    انڈونیشین میڈیا رپورٹ کے طیارے میں 10 بچوں سمیت 50 مسافر جبکہ 12 کریو ممبران بھی موجود تھے، مجموعی طور پر پرواز نمبر ایس جے 182 میں 62 افراد سوار تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: لاپتہ مسافر طیارے کے حوالے سے دل چیر دینے والی اطلاع

    وزیرٹرانسپورٹ بدھی کرایا سمادھی کی جانب سے حادثے کا خدشہ ظاہر کیے جانے کے بعد ملک کی فضا سوگوار ہوگئی ہے اور متاثرہ افراد اپنے پیاروں کو یاد کر کے رو رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد اور اُن کے خاندانوں کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔

  • بجلی بریک ڈاؤن: کراچی میں پانی کے بحران کا خدشہ

    بجلی بریک ڈاؤن: کراچی میں پانی کے بحران کا خدشہ

    کراچی: ملک میں گذشتہ شب ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن نے ملک میں نظام زندگی کو بری طرح متاثر کردیا ہے، بجلی کی عدم فراہمی کے نتیجے میں کراچی کو پانی کی سپلائی بھی معطل ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رات گئے ہونے والے بریک ڈاؤن کا مرحلہ وار بحالی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے تاہم کراچی کو پانی کی ضروریات فراہم کرنے والی دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بحال نہ ہوسکی ہے، بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کےتمام انیس پمپ بند پڑے ہیں، جس کے باعث کراچی کو تین کروڑ گیلن سے زائدپانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

    پانی کی فراہمی معطل ہونے سے کراچی میں پانی بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں مرحلہ واربجلی بحالی کا کام جاری ہے، جیكب لائن، گارڈن ایسٹ ، ڈیفنس، نارتھ کراچی، شارع فیصل، سوسائٹی، شاہ فیصل ،بلوچ کالونی کے کچھ مقامات پربجلی بحال کردی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئندہ چند گھنٹوں میں ملک بھر میں بجلی بحال ہوجائے گی، عمرایوب

    ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں پمپنگ اسٹیشنز، اسپتال کیلئے بجلی کی بحالی کوترجیح دی جا رہی ہے، کے الیکٹرک ترجمان نے دعویٰ کیا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بحال کی چکی ہے جبکہ کےڈبلیو ایس بی کے باقی متاثرہ اسٹیشنز پر بھی بجلی بحالی کا عمل جاری ہے۔