Tag: پاکستان-نیوز

  • شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب سے ملاقات کے بعد بڑی خوشخبری سنادی

    شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب سے ملاقات کے بعد بڑی خوشخبری سنادی

    برلن : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جرمن ہم منصب کیساتھ ملاقات کے بعد خوشخبری سناتے ہوئے کہا پاکستان کوکوویکس پروگرام کے تحت ڈیڑھ کروڑ کورونا ویکسین ڈوز ملیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جرمن زیر خارجہ سے ملاقات کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ پاکستان کوکوویکس پروگرام کےتحت ڈیڑھ کروڑکوروناویکسین ڈوزملیں گی ، کورونا ویکسین کی ڈوز مئی میں ملنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

    یاد رہے فروری میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ کوویکس پاکستان کو ویکسین تین مراحل میں فراہم کرے گا ، پاکستان کو مارچ میں مجموعی طور پر 5.6 ملین ویکسین ملیں گی، پہلے ہفتے میں 2.8 ملین اور دوسرےہفتےمیں2.8ملین ڈوزز ملیں گے۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ کوویکس کی جانب سے مارچ کے اختتام تک کورونا ویکسین کی 5.6ملین ڈوزز پاکستان پہنچیں گی اور جون کے اختتام تک 17.1 ملین ویکسین فراہم کی جائیں گی، کوویکس پاکستان کو جون تک مجموعی طور پر 22.7ملین ڈوززفراہم کرے گا۔

  • پاکستان سیٹیزن پورٹل سے متعلق وزیراعظم کا ایکشن

    پاکستان سیٹیزن پورٹل سے متعلق وزیراعظم کا ایکشن

    اسلام آباد: پاکستان سیٹیزن پورٹل پر ریلیف کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے ایکشن لے لیا ہے۔

    وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک لاکھ 55ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے، یہ شکایات جولائی تا دسمبر دو ہزار بیس میں دائر کی گئیں۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر شکایات کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، نظرثانی کیلئے دوبارہ کھولی گئی شکایات اعلیٰ افسران کو تفویض کردی گئیں ہیں، نظرثانی شکایات کیلئے متعلقہ شہری سےرابطہ اور مجازافسر کی رائے لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

    وزیراعظم آفس کے مطابق پہلے مرحلے میں جائیداد، امن وامان،انسانی حقوق کی شکایات کو دوبارہ کھولاجائیگا، وفاقی اداروں کی68ہزار،پنجاب کی53ہزار شکایات پر نظرثانی ہوگی اس کے علاوہ کےپی سے15ہزار، سندھ کی13ہزار شکایات شامل ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے

    یہ بھی پڑھیں:  سیٹیزن پورٹل پر موصول شکایات پر 1 ہزار 30 افسران کا آڈٹ

    پاکستان سیٹیزن پورٹل پر ریلیف کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے ایکشن لے لیا ، وزیراعظم کا 1 لاکھ 55 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا ، وزیراعظم نے ہدایت کر دی کہ جولائی 2020ء سے دسمبر 2020ء تک غیر مطمئن شہریوں کی شکایات کو دوبارہ کھولا جائے۔

    خیال رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 28 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، 15لاکھ شہریوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل پراظہار خیال کیا اور لاکھوں شہریوں نے سٹیزن پورٹل کے ذریعے ریلیف ملنے کی تصدیق کی۔

     

  • این اے 75 کے سرکاری نتائج کا اعلان

    این اے 75 کے سرکاری نتائج کا اعلان

    ڈسکہ: الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کا سرکاری اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ افسر نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کےسامنے سرکاری نتائج کا اعلان کیا، سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کی نوشین افتخار ایک لاکھ 10ہزار76 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائیں۔

    ریٹرننگ افسر کی جانب سے اعلان کردہ سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار علی اسجدملہی نے93ہزار433 ووٹ حاصل کیے، تحریک لبیک پاکستان کے محمد خلیل سندھو 8268 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

    ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری سرکاری نتیجے کے مطابق ضمنی الیکشن میں 212336 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں سے 1702 ووٹ مسترد ہوئے، ضمنی الیکشن کے دوران ٹرن آؤٹ 43.33 فیصد رہا۔

    ضمنی الیکشن کے سرکاری نتیجے کے اعلان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب ایم این اے نوشین افتخار نے حلقے کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میں عوام کی خدمت کےلیے پر عزم ہوں، اس موقع پر لیگی رہنما نے کہا کہ ملہی صاحب کو پیغام ہے کہ اقتدار کی لالچ میں لوگوں کی جانیں قربان نہیں کرنی چاہیے۔

    نوشین افتخار نے کہا کہ ملہی صاحب بہت شکریہ آپ نے مجھے مبارکباد دی، میں بھی مٹھائی لےکرآپ کےگھرآؤں گی، میری یہی خواہش تھی کہ الیکشن اسی طرح پرامن ہوتا۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ میں پر امن ضمنی انتخابات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں آزادانہ انتخاب پر آرمی، رینجرز ،پولیس ،انتظامیہ کے کردار کو سراہا گیا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق این اے75 میں ضمنی الیکشن شفاف ماحول میں منعقد ہوئے، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کا کردار قابل تحسین رہا، کمشنر ،آرپی او گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر،ڈی پی اوسیالکوٹ حلقے میں موجود رہے، رینجرز ،پاک آرمی نے بھی ضمنی انتخاب کے پرامن انعقاد میں کردار ادا کیا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹاف نے اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے، الیکشن کمیشن عملے نے بھی مستعدی سے قومی فریضہ سر انجام دیا، پرامن ضمنی الیکشن پر الیکشن کمیشن اداروں کے ساتھ حلقے کے ووٹرز کا بھی شکرگزار ہے۔

  • وزیراعظم کا ” کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان

    وزیراعظم کا ” کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے "کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلانے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے مزید شہروں کے لئے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا افتتاح کیا، اس پروگرام کے تحت لاہور، فیصل آباد اور پشاور میں مستحق اور پسماندہ افراد کو مفت کھانا فراہم کیا جائے گا، بعد ازاں پورے ملک میں ٹرک کچن کا جال پھیلائیں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چاہتا تھا کہ حکومتی لوگ اور وزیر اعلیٰ کے اندر احساس پیدا ہو، میں نے کوئی بھوکا نہ سوئے کی تجویز ثانیہ نشتر کو دی تھی، ثانیہ نشتر نے اسے عملی جامہ پہنایا، اس پروگرام کے آغاز پر ثانیہ نشتر کو مبارکباد دینا چاہتاہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستحق اور پسماندہ طبقہ اس پروگرام سے مستفید ہوگا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کو مرحلہ وار فروغ دیاجائے گا اور اس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایاجائیگا، موبائل کچن پروگرام کے ذریعے غریب کو کھانا فراہم کیاجائیگا، ہمارے حالات مشکل ہیں، قرضے چڑھے ہوئے ہیں، مشکل حالات کے باوجود اللہ کا حکم ہے کہ ہم اس راستے پر چلیں، کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے ذریعے اللہ کی برکت آئےگی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ مدینہ کی ریاست سب سے بڑی قوم بن کر ابھری تھی، کمزور طبقے کو اوپر اٹھانا ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست ذمہ داری لےگی گھروں پر کھانا پہنچائےگی تو اللہ کی برکت آئیگی، سیلانی ٹرسٹ کا قوم کی جانب سے خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہمارا ملک ان چند ملکوں میں سے ہےجو سب سےزیادہ خیرات دیتے ہیں، خیرات سے شوکت خانم اسپتال بنا ،75فیصد سےزائد مریضوں کا مفت علاج کیا، پشاور میں بھی شوکت خانم اسپتال بن چکا ہے، اب کراچی میں بننے جارہاہے، شوکت خانم اسپتال میں اب تک غریبوں کے علاج پر پچاس ارب خرچ کیا ہے، یہ پیسہ قوم کا ہے جن سے غریبوں کا علاج کیاگیا ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مختلف شہروں میں مزدوروں کیلئے پناہ گاہیں بنائی گئی ہیں، مزدور پناہ گاہ میں ٹھہر کر پیسہ گھر تو بھیج سکتے ہیں، رمضان کے مبارک مہینے سے پہلے ہم نے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کاآغازکیا، اب مخیر حضرات حکومت کے ساتھ ملکر اس پروگرام کو بڑھا سکتے ہیں۔

    پنجاب اور کے پی وزرائے اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار اور محمودخان نے مشکل حالات میں ہیلتھ کارڈ کیلئے پیسہ رکھا، اس اسکیم کے تحت دس لاکھ روپے تک کسی بھی اسپتال میں علاج کرایا جاسکتاہے، اسپتال کی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی تو سزا اور جزا کا قانون ممکن ہوسکے گا۔

  • شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خوشخبری، پی ایس ایل سیزن سکس کے بقیہ میچزکا شیڈول تیار

    شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خوشخبری، پی ایس ایل سیزن سکس کے بقیہ میچزکا شیڈول تیار

    لاہور: شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ پی ایس ایل سیزن سکس کے بقیہ میچز کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن سکس کےبقیہ میچز کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے، شیڈول کے مطابق بائیس مئی سے اٹھائیس مئی تک تمام ٹیمیں قرنطینہ کرینگی، قرنطینہ مکمل ہونے کے بعد انتیس مئی سے اکتیس مئی تک تمام ٹیمیں پریکٹس کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق یکم جون سے پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کا آغاز ہوگا، سولہ جون کو پلے آف میچز کھیلے جائیں گے، 17اور 18جون کوایلیمنیٹر میچ ہوں گے جبکہ فائنل 20 جون کو کھیلا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق دفاعی چیمپئن کراچی کنگز دو جون کو ملتان سلطانز کے مد مقابل ہوگی، چھ جون کو کراچی کنگز کا ٹاکرا پشاور زلمی سے ہوگا، دس جون کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکامیچ ہوگا جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز12جون کو ٹکرائیں گی۔

    ذرائع کے مطابق بائیو سکیور ببل کے لیے غیر ملکی کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور کھلاڑیوں کی دستیابی یا عدم دستیابی کے فیصلے کے بعد ڈرافٹ کا انعقاد ہو گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ کو 14 میچز کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا جس کے اب مزید 20 میچز باقی ہیں۔

    اس کے علاوہ پی ایس ایل سکس میں بائیو سیکیورببل کی ناکامی کے اسباب جاننے کے لئے بنائی گئی فیکٹ ‏فائنڈنگ پینل نے اپنی تیار کردہ رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھیج دی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرے گا ‏فیکٹ فائنڈنگ پینل وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمہ محمد عباس پر ‏مشتمل ہے۔

     

  • اسلام آباد ہیلتھ کیئر اتھارٹی کے سربراہ عہدے سے برطرف

    اسلام آباد ہیلتھ کیئر اتھارٹی کے سربراہ عہدے سے برطرف

    اسلام آباد: اختیارات سے تجاوز کرنے اور مس کنڈکٹ پر ہیلتھ کیئر اتھارٹی کے پہلے سربراہ کو فارغ کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعلی حسین نقوی کو خصوصی کمیٹی کی سفارش پر برطرف کیا گیا ان پر اختیارات سے تجاوز اور مس کنڈکٹ سمیت ہیلتھ اتھارٹی کے فنڈز کے غیر قانونی استعمال کے الزامات تھے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر علی حسین نقوی بغیر اطلاع دئیے چودہ دن دفتر سےغیرحاضر رہے، بیرون ملک ہونے کے باوجود محکمے سے تنخواہ لیتے رہے، ڈاکٹر حسین نقوی نے ہیلتھ اتھارٹی ملازمین کو گھر پر تعینات کئے رکھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر حسین نقوی نے ہیلتھ اتھارٹی کیلئے خلاف قواعد خریداریاں کیں، لیبارٹریز، اسپتالوں پر خلاف قواعد چھاپے مارتے رہے، ڈاکٹرعلی حسین نقوی کو 17 مارچ کو شوکاز جاری کیا گیا تھا، جس میں بورڈ نےڈاکٹر علی نقوی سے الزامات کی وضاحت طلب کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر علی نقوی نے19 مارچ کو الزامات کا تحریری جواب جمع کرایا، 29 مارچ کو ڈاکٹر نقوی کا کیس سننےکیلئےخصوصی کمیٹی قائم کی گئی اور انہیں سات اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا، ڈاکٹر نقوی سات اپریل کو خصوصی کمیٹی کے روبرو پیش نہ ہوئے، جس پر خصوصی کمیٹی نے نو اپریل کو سفارشات آئی ایچ آر اے بورڈ کو جمع کرائیں۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر علی حسین فروری2020 میں سربراہ آئی ایچ آر اے مقرر ہوئے تھے،وہ اسلام آباد ہیلتھ کیئر اتھارٹی کے پہلے سربراہ تھے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد ہیلتھ کئیر ریگولیٹری اتھارٹی 22 مئی 2018 کو ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت قیام میں آئی تھی تاکہ صحت کے شعبے کی نگرانی کے ذریعے شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

  • وزیر داخلہ کا سوئس مقدمات سے  متعلق اہم اعلان

    وزیر داخلہ کا سوئس مقدمات سے متعلق اہم اعلان

    کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سوئس اکاؤنٹ کا کیس دوبارہ کھولنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ براڈ شیٹ کمیشن نے سوئس اکاؤنٹس کھولنے کی بھی سفارش کی، اب سوئس اکاؤنٹ کا کیس دوبارہ کھولا جائے گا، گزشتہ حکومت نے سوئس اکاؤنٹ معاملےپر60ملین ڈالر دیئے وہ ہم سب کے پیسےتھے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کا وقار،ناموس رسالت پر طے کیا اسمبلی میں مسودہ لائیں گے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران دو ٹوک الفاظ میں کہہ چکے کہ بھارت سے آرٹیکل370کی واپسی تک کوئی بات نہیں ہوگی۔

    پریس کانفرنس میں ڈسکہ الیکشن پر شیخ رشید نے کہا کہ ہم ہار کر بھی جیتے کیوں کہ اسجد ملہی کو پہلےسے زیادہ ووٹ ملے، جمہوریت کا فیصلہ ہمیں قبول کرناہے، پی ٹی آئی ہار کر بھی جیتی ہےکیونکہ جمہوریت جیتی ہے، اسجد ملہی چھ ہزار اور ووٹ لےلیتے تو الیکشن برابر ہوجاتا۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میری زندگی میں ڈسکہ کا الیکشن پہلا ہے جو پچاس دن میں دوبارہ ہوا، اس کی تعریف کرنی چاہیے کہ ڈسکہ میں اس بار پرامن الیکشن ہوئے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شکر کریں اللہ نے پاکستان کو عظیم فوج دی ہے، یہ عظیم فوج نہ ہوتی تو حالات یمن ، لیبیا ،عراق سے کم نہ ہوتے، وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے خاردارتاریں اورباڑ لگانےکا کریڈٹ پاک فوج کوجاتاہے، ایران کے ساتھ بارڈر کا کام 42فیصدکام ہوچکاہے، انشااللہ30جون تک افغان بارڈر مکمل ہوجائےگی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرا دل گواہی دیتاہے یہ لوگ کہیں نہیں جارہے عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں، عثمان بزدار کا قلعہ مضبوط ہے عمران خان ان کیساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کی خوش نصیبی ہے کہ نالائق اپوزیشن ملی ہے۔

    ملک میں مہنگائی سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے عمران خان مافیاز سے لڑرہا ہے، اس وقت عمران خان نےتمام مافیازکوللکارہ ہواہے اور وہ ان سے لڑ رہا ہے۔

  • کوٹلی: کار گہری کھائی میں جاگری، 6 افراد جاں بحق

    کوٹلی: کار گہری کھائی میں جاگری، 6 افراد جاں بحق

    مظفر آباد: میر پور آزاد کشمیر میں کار گہری کھائی میں گرنے کے باعث بچے سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق کار سوار نکیال سے کوٹلی جا رہے تھے کہ موڑ کاٹتے ہوئے حادثہ رونما ہوا، دلخراش حادثے کے نتیجے چھ افراد موقع پر ہی جں بحق جبکہ ایک بچی شدید زخمی ہوئی۔

    امدادی ٹیموں کے مطابق جاں بحق افراد میں دو مرد، دوخواتین ایک بچہ اور ایک بچی شامل ہیں، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچی ،جنہوں نے جاں بحق اور زخمی بچی کو اسپتال منتقل کیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق کار پانچ سو فٹ کی بلندی سے کھائی میں گری، حادثے کے بعد گاڑی بُری طرح متاثر ہوئی، لاشوں کو گاڑی کاٹ کر باہر نکالا گیا، حادثےکا شکار کار نکیال کے علاقے موہڑہ نارہ سے کوٹلی آرہی تھی۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جو نکیال کے نواحی گاؤں موہڑہ نارہ سے تعلق رکھتے تھے۔

  • آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچائیں، بل گیٹس کو وزیراعظم کا خط

    آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچائیں، بل گیٹس کو وزیراعظم کا خط

    سلام آباد: وزیراعظم کی کلائمٹ چینج سےمتعلق عالمی رہنماؤں سےخط وخطابت جاری، وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کےبعدبل گیٹس کوبھی خط لکھ دیا ہے۔

    بلین ٹری سونامی منصوبہ وزیراعظم عمران خان کی بڑی ترجیح بن گیا ہے، وزیراعظم عالمی اور ملکی فورم پر بلین ٹری سونامی منصوبے اور کلائمیٹ چینج سے متعلق اظہار خیال کرتے رہتے ہیں۔

    وزیراعظم کلائمیٹ چینج سے متعلق عالمی رہنماؤں سےخط وخطابت جاری رکھے ہوئے ہیں، چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے سعودی عرب کے’ گرین انیشی ایٹو‘ منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا اور’ گرین مڈل ایسٹ انیشی ایٹو‘ کی تعریف کی تھی۔

    سعودی ولی عہد سے خط وکتابت کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کوبھی خط لکھا ہے، خط میں وزیراعظم عمران خان نے کلائمیٹ چینج کےخطرات پر کتاب لکھنے پر بل گیٹس کو خراج تحسین کیا۔

    خط میں وزیراعظم نے لکھا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہےجہاں موسمیاتی تبدیلی کےخطرات ہیں، پاکستان کو کلیشیئر پگھلنا،مون سون سمیت کئی طرح کے موسمی خطرات کاسامنا ہے، پاکستان بھی موسمی خطرات سے نمٹنے اور بچاؤ کےاقدامات اٹھارہاہے، آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کےخطرات سےبچائیں۔

    وزیراعظم کی جانب سے بل گیٹس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پاکستان نے بلین ٹری سونامی، نیشنل پارکس،کلین گرین ،ویسٹ مینجمنٹ پروگرام شروع کئے اور اب پاکستان کاربن کی کمی کےلئے متبادل توانائی کے منصوبے شروع کررہا ہے، کلائمنٹ چینج کے لئے پاکستان نے گرین جابز دیں، 10لاکھ ایکڑجنگلات کو محفوظ بنایا۔

    وزیراعظم نے خط کے زریعے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کلائمیٹ چینج سےمتعلق آپ کی کتاب پاکستان کےبلین ٹری منصوبےکی عکاس ہے، آپ نے کتاب میں جو نشاندہی کی دنیا کو اسےسمجھناچاہئے، کرہ ارض کو موسمیاتی نقصان سے بچانے کےلیے آپ کی کتاب بہترین کاوش ہے۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کےخطرات کم کرنےکےلیےتعاون کرنے کو تیار ہے، دنیا کو بھی موسمیاتی خطرات کوبھانپتےہوئےہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ نئی نسل کوکلین گرین اور پرفضاماحول فراہم کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔

  • بے لگام ڈاکوؤں نے ایک اور بینک کا صفایا کرڈالا

    بے لگام ڈاکوؤں نے ایک اور بینک کا صفایا کرڈالا

    کراچی: ہفتہ وار تعطیلات کے دوران شہر قائد میں ایک اور نجی بینک کا صفایا کردیا گیا، مسلح ملزمان بینک کے درجنوں لاکرز لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے ساتھ ساتھ بینک ڈکیتیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے دو منٹ چورنگی پر واقع بینک میں مسلح ملزمان نے دھاوا بولتے ہوئے لاکھوں روپے لوٹے اور فرار ہوگئے تھے۔

    آج بھی شہر قائد کے ایک اور بینک کا صفایا کردیا گیا، بینک ڈکیتی کی واردات کراچی کے علاقے سخی حسن میں ہوئی، جہاں مسلح ملزمان بینک کے درجنوں لاکرز لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    واقعے سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ چار مسلح ملزمان رات گئے بینک میں داخل ہوئے اور ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین کر انہیں یرغمال بنالیا، سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنانے کے بعد ملزمان نے بینک ڈکیتی کی۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان بینک کے لاکرز کاٹنے کے لئے گیس سلنڈر اور کٹر مشین بھی ساتھ لائے، سیکیورٹی گارڈز کو یرغمال بنانے کے بعد مسلح ملزمان نے تسلی کے ساتھ تمام لاکرز کو کاٹا اور لاکرز میں موجود تمام سامان لوٹ کرفرار ہوگئے۔

    ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان نے چونتیس لاکرز کاٹ کر سامان لوٹا، لوٹے گئے سامان کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے، واردات کے بعد ملزمان بینک کا ڈی وی آر سسٹم اٹھا کرلےگئے۔

    ملک مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی گارڈ اپنےدوست کےساتھ کھاناکھانےگیا تھا، واپس آکر گارڈ نےبینک کا دروازہ کھولاتو ملزمان ساتھ داخل ہوگئے، ملزمان رات نو بجےسےصبح پانچ بجےتک بینک میں رہے اور کارروائی کی، طریقہ واردات سے لگتا ہےکہ ملزمان کو پہلےسے معلومات تھی، واردات کےحوالےسےمزیدتفتیش جاری ہے۔

    پولیس حکام نے تفتیش کے لئے بینک کے دونوں سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا ہے۔