Tag: پاکستان-نیوز

  • کاروبار میں آسانی کے لیے اہم اصلاحات مکمل کرلی گئیں: مشیر تجارت

    کاروبار میں آسانی کے لیے اہم اصلاحات مکمل کرلی گئیں: مشیر تجارت

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ترجیح کاروبار میں آسانی ہے۔ بہت اہم اصلاحات مکمل کرلی گئی ہیں، نئے طریقہ کار پر کمپنی رجسٹریشن 4 گھنٹے میں ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ہارون شریف کا کہنا تھا کہ 15 اپریل کو عالمی بینک کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، مختلف ملکوں کے سرمایہ کار دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار آسان بنا رہے ہیں۔

    ہارون شریف نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ میں 8 ہزار کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، غیر ملکی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کمپنیوں کی جانب سے ادائیگیوں کو آن لائن کردیا ہے۔ ورلڈ بینک کے انڈیکس میں درجہ بندی بہتر کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ اراضی کی رجسٹریشن کا عمل بھی آسان بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کی اجازت کی منظوری کا عمل بھی آسان بنایا ہے، ہم ایشیا کی اکانومی کے برابر جگہ بنالیں گے۔ سرمایہ کار ہماری پالیسوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ فوکل یونٹ ہے۔

    ہارون شریف کا کہنا تھا کہ اسٹینڈرڈ کے لیے پروڈکٹ کے ساتھ سرٹیفکیشن دینی چاہیئے، 8 ہزار کمپنیاں 8 ماہ میں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔ 6 ماہ پہلے بیس لائن دیکھی تو سنہ 47 طرح کی ادائیگیاں تھیں، ویب پورٹل سے اب ادائیگیاں ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

    مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ترجیح کاروبار میں آسانی ہے۔ بہت اہم اصلاحات مکمل کرلی گئی ہیں۔ عالمی بینک کی رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہوگی۔ چین کے سرمایہ کاروں نے کاروبار میں آسانی پر زور دیا۔ پاکستان میں سوائے چند کمپنیوں کے کسی میں معیار نہیں۔

    رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ نئے طریقہ کار پر کمپنی رجسٹریشن 4 گھنٹے میں ہو رہی ہے۔ کاروبار کے لیے ٹیکس ادائیگی 47 سے کم کر کے 10 فیصد کردی۔ کراچی میں پراپرٹی رجسٹریشن عمل 208 دنوں سے 14 پر آگیا۔ لاہور میں پراپرٹی رجسٹریشن عمل 26 سے 15 دن کر دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری مصنوعات کا عالمی معیار نہ ہونا کم برآمدات کی وجہ ہے، 47 قسم کے وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں کو کم کر کے 10 کیا۔ چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر پیشرفت ہوئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان 28 اپریل کو چین جا رہے ہیں۔ دورہ چین میں آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

    مشیر تجارت کا مزید کہنا تھا کہ چین کو ایک ارب ڈالر کی مزید برآمدات شروع ہوچکی ہیں، درآمدات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ امید ہے رواں سال 25 ارب ڈالر کی برآمدات حاصل کریں گے۔

  • سونے کی قیمت تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ 70700 روپے کا ہو گیا

    سونے کی قیمت تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ 70700 روپے کا ہو گیا

    کراچی: سونے کی قیمت تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ 150 روپے اضافے سے 70 ہزار 700 روپے کا ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان مزید تیز ہو گیا ہے، قیمتیں تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر آ گئیں، فی تولہ 70700 روپے کا ہو گیا ہے۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 3 ڈالر کی مزید کمی ہونے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 150 روپے مہنگا ہو گیا۔

    آل کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1291 ڈالر سے گھٹ کر 1288 ڈالر ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سونے کی قیمت میں مزید اضافہ، فی تولہ 70550 روپے کا ہو گیا

    دوسری طرف کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں 10 گرام سونے کی قیمت میں 129 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    فی تولہ سونے کی قیمت 70550 روپے سے بڑھ کر 70700 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 60485 روپے سے بڑھ کر 60614 روپے ہوئی۔

    آج منگل کو چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 10 روپے اور دس گرام قیمت میں 8.60 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں چاندی کی فی تولہ قیمت 890 روپے سے بڑھ کر 900 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 763 روپے سے بڑھ کر 771.60 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

  • نیب اجلاس: سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت 13 انکوائریز کی منظوری

    نیب اجلاس: سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت 13 انکوائریز کی منظوری

    اسلام آباد: قومی ادارہ احتساب بیورو (نیب) کے اجلاس میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت 13 انکوائریز کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرپشن کیسز کی تحقیقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات پر پیشرفت رپورٹ بھی زیر غور آئی۔

    اجلاس میں 13 انکوائریوں کی منظوری دی گئی، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، غلام ربانی، سابق سیکریٹری مواصلات شاہد اشرف تارڑ، سابق چیئرمین اوقاف صدیق الفاروق اور سابق ایم ڈی شیخ عابد کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین، پرویز الہٰی، سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری، سابق ڈائریکٹر غلام سرور سندھو و دیگر کےخلاف بھی بدعنوانی ریفرنس کی منظوری دی گئی۔

    ملزمان پر ڈپلومیٹک شٹل، ٹرانسپورٹ کے غیر قانونی ٹھیکے اور لائسنس دینے کا الزام ہے۔

    چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جس کا خاتمہ ذمہ داری ہے۔ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احتساب سب کے لیے کی پالیسی پرسختی سے عمل پیرا ہیں، فیس نہیں بلکہ ٹھوس شواہد کے مطابق کیس پر یقین رکھتے ہیں۔

    جاوید اقبال نے مزید کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے زیروٹالرنس کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق چیئرمین کے پی ٹی احمد حیات کے خلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

    اجلاس میں سابق وائس چانسلر عبد الولی خان یونیورسٹی مردان احسان علی، ایگزیکٹو انجینئر ایری گیشن خیرپور ایاز احمد اور سابق پولیس افسران ملک نوید، میاں رشید و دیگر کے خلاف بھی ریفرنسز کی منظوری دی گئی تھی۔

    اس موقع پر چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔ وائٹ کالرکرائم کی تحقیقات نہ کرنے کی صلاحیت کا تاثر مسترد کرتے ہیں۔

    چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ 900 ارب روپے کے کرپشن کیسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے جا چکے ہیں۔

  • جنوری 2019: 3 ہزار موبائل فون اور 131 گاڑیاں چھن گئیں

    جنوری 2019: 3 ہزار موبائل فون اور 131 گاڑیاں چھن گئیں

    کراچی: سال 2019 کے پہلے ماہ میں کراچی میں 3 ہزار 175 موبائل اور 131 گاڑیاں چوری اور چھینے جانے کی وارداتیں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پولیس لیژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کی رپورٹ کے مطابق سال 2019 کے پہلے ماہ میں 3 ہزار 175 موبائل فون چھینے اور چوری ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق اسی ماہ میں کراچی کے شہری 131 قیمتی گاڑیوں سے محروم کر دیے گئے جبکہ 18 سو 62 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں ماہ، جنوری 2018 کے مقابلے میں 418 موبائل زیادہ چھینے گئے، جبکہ گزشتہ برس جنوری میں 210 موٹر سائیکل زیادہ چھینی گئی تھیں۔

    گزشتہ ماہ سی پی ایل سی نے سال 2018 کی رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق یکم جنوری سے 20 دسمبر تک 34 ہزار 188 شہری قیمتی موبائل فونز سے محروم ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 20 دسمبر 2018 تک 26 ہزار 972 شہریوں کی موٹر سائیکلیں چھنی یا چوری ہوئیں جبکہ اسی عرصے میں 1319 شہری کاروں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    سی پی ایل سی کا کہنا تھا کہ 2018 میں جنوری سے نومبر کے اختتام تک اغوا برائے تاوان کی 8 وارداتیں ہوئی، بھتہ خوری کے 53 اور بینک ڈکیتی کی 3 وارداتیں رپورٹ ہوئی جبکہ مختلف پرتشدد واقعات میں 297 شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کراچی پولیس نے 536 کاریں، 4914 موٹر سائیکلیں اور 1528 موبائل فون ریکور کیے تھے۔

  • پولیس مقابلے اور چھاپوں میں ڈاکو سمیت13ملزمان گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ مال برآمد

    پولیس مقابلے اور چھاپوں میں ڈاکو سمیت13ملزمان گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ مال برآمد

    کراچی : پولیس نے کراچی میں مقابلے اور چھاپہ مار کارروائی کے دوران تیرہ ملزمان گرفتار کرلیے ، ملزمان سے مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے, کراچی کے علاقے ملیر کینٹ سے ملزم منشیات سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

    گلستان جوہر حسین ہزارہ گوٹھ کے قریب پولیس مقابلہ میں ایک زخمی ڈکیت گرفتار جبکہ دو ڈکیت ساتھی فرار ہوگئے، زخمی ڈاکو سے اسلحہ، موبائل فونز، پرس اورموٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

    نیپئر پولیس نے کارروائی کرکے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ لیاقت آباد سپر مارکیٹ پولیس نے تین ہٹی بلوچ گوٹھ میں کارروائی کرکے تین رکنی ڈکیت گینگ گرفتار کیا جن سے تین پستول اور لوٹا گیا سامان برآمد کیا ۔

    کورنگی صنعتی ایریا سے پانچ ملزمان گرفتار کیے جن سےموٹرسائیکل اور شراب کو بوتلیں برآمد کیں، ملزمان میں موٹر سائیکل لفٹر بھی شامل ہے، کورنگی پولیس کی کارروائی کے دوران افغانی ڈکیت اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔

    ملزم بہادرآباد اور دیگر علاقوں میں وارداتیں کرنے میں ملوث رہا ہے۔ لانڈھی پولیس نے گٹکا ماوا مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے آٹھ کلو گٹکا ماوا برآمد ہوا ہے۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ، تیسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان کو جیت کے لیے 139 رنز درکار

    ابوظہبی ٹیسٹ، تیسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان کو جیت کے لیے 139 رنز درکار

    ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، قومی ٹیم کو جیت کے لیے مزید 139 رنز درکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا ہے، دن کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 37 رنز بنالیے اور جیت کے لیے مزید 139 رنز درکار ہیں۔

    امام الحق 25 اور محمد حفیظ 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

     نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 249 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور سرفراز الیون کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دے دیا، بی جے واٹلنگ 59 اور ہنری نکولز 55 رنز کی اننگز کھیلی۔

    تیسرے سیشن میں قومی بولرز نے شاندار بولنگ کی اور نیوزی لینڈ 6 وکٹیں حاصل کیں، گرینڈ ہوم 3 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے، سودھی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ویگنر اور ٹرینٹ بولٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے

    پاکستان کی جانب سے حسن علی اور یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5،5 وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگز کا آغاز 56 رنز پرایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔

    کپتان کین ولیمسن اور جیت راول نے ٹیم کا اسکور میں اضافہ کیا تاہم 86 رنز کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن 37 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔

    نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپننگ بلے باز جیت راول اور روس ٹیلر اس وقت کریز پر موجود ہیں جبکہ مہمان ٹیم نے پاکستان کی 74 رنز کی برتری ختم کردی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز ہی بنا سکی تھی۔

    یاد رہے کہ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کو 153 رنز پر آؤٹ کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

    ابوظہبی میں اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں کسی بھی ٹیم کا پہلی اننگز میں سب سے کم اسکور تھا، اس سے قبل یہ ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا جو پاکستان کے خلاف 197 رنز پرآؤٹ ہوگئی تھی۔

  • وزیرِ اعظم نے کھیلوں کی صورتِ حال پر بریفنگ مانگ لی

    وزیرِ اعظم نے کھیلوں کی صورتِ حال پر بریفنگ مانگ لی

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک میں کھیلوں کی موجودہ صورتِ حال پر بریفنگ مانگ لی، کھیلوں کے اداروں اور مختلف ایونٹس میں پاکستانی دستوں کی کارکردگی پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کل وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبوں میں کھیلوں کی صورتِ حال کے حوالے سے بریف کریں گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ خصوصی میٹنگ میں ایشین گیمز میں پاکستانی دستے کی خراب کارکردگی پر بھی وزیرِ اعظم کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔

    کھیلوں سے متعلق اجلاس میں اسپورٹس فیڈریشن کی حالت زار کو بھی زیرِ غور لایا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن سے متعلق ایک رپورٹ بھی عمران خان کو پیش کی جائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی، ذرائع کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے ملنے والی بریفنگ سے بھی انھیں آگاہ کیا جائے گا۔


    “سندھ کے شہزادے” کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح: شاہد آفریدی اور سلمان اقبال کو ناصر حسین شاہ کا خراجِ تحسین


    واضح رہے کہ احسان مانی پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں، احسان مانی اس سے قبل انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں، عمران خان نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے کے لیے احسان مانی کو نامزد کیا تھا۔

  • مہنگائی کی شرح 4 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی

    مہنگائی کی شرح 4 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی

    کراچی : ماہ اگست میں مہنگائی میں اضافے کی شرح چار سال کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی، مہنگائی میں اضافے کی شرح پانچ اعشاریہ آٹھ چار فیصد رہی ، مرکزی بینک نے مہنگائی مقررہ ہدف سے زائد ہونے کی پیشن گوئی کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اگست میں افراط زر کی شرح چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ مہنگائی مقررہ ہدف سے زائد ہونے کی پیشن گوئی بھی کی گئی ہے۔

    ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق مہنگائی میں اضافے کی شرح پانچ اعشاریہ آٹھ چار فیصد رہی، رواں مالی سال کے لئے حکومت نے افراط زر کا ہدف چھ فیصد مقرر کیا ہے۔

    اگست میں بنیادی افراط زر کی شرح سات اعشاریہ سات فیصد رہی جو کہ تین سال دس ماہ کی بلند ترین سطح ہے، خوردنی اشیاء میں مہنگائی کی شرح تین اعشاریہ تین فیصد رہی۔

    اگست میں ٹماٹر کی قیمت میں اڑتالیس فیصد، پیاز چھبیس فیصد گوشت کی قیمت ساڑھے دس فیصد بڑھی جبکہ تعلیمی اخراجات میں تیرہ فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ فیصد اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ معاشی ماہرین کے مطابق میں افراط زر کی شرح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، جون میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 5.21 فی صد رہی جو کہ اکتوبر2014 سے اب تک کی بلند ترین سطح پر ہے، ماہرین کی پیشن گوئی کےمطابق دسمبر دوہزاراٹھارہ تک شرح سود 8.5 فیصد ہوجانے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی نے معاشی اعداد وشمار اور خاص طور پر افراط زر کا جائزہ لینے کے بعد دو ماہ کیلئے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بنیادی شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کردیا تھا، جس کے بعد شرح سود ساڑھے سات فیصد ہوگئی تھی۔

  • لاہور : میاں بیوی اور دو بچوں کی لاشیں برآمد، 13سالہ گھریلو ملازم کی پراسرار ہلاکت

    لاہور : میاں بیوی اور دو بچوں کی لاشیں برآمد، 13سالہ گھریلو ملازم کی پراسرار ہلاکت

    لاہور : پولیس کو جوہر ٹاؤن کے ایک گھر سے پراسرار طور پپر ہلاک ہونے والے میاں بیوی اور دو بچوں کی لاشیں ملی ہیں جبکہ بیدیاں روڈ پر13سالہ گھریلو ملازم کی بھی پرسرار ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے، لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے وفاقی کالونی جوہرٹاؤن میں ایک گھر سے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں،جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور دو بچے شامل ہیں۔

    علاقہ مکینوں نے گھر سے بدبو اٹھنے پر پولیس کو مطلع کیا، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشیں اپنی تحویل میں لے لیں، لاشوں بظاہر تشدد کے نشان نہیں ہیں۔

    اس حوالے سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید خرم علی کا کہنا ہے کہ واقعہ زہرخورانی کا معلوم ہوتا ہے لیکن یہ معاملہ گیس لیکج کا بھی ہو سکتا ہے تاہم واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ان کا  مزیدکہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ گیس لیکچ کے باعث پیش آیا، کمرے میں موجود استری سے گیس لیک ہورہی تھی، تفتیش جاری ہے، لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، مزید حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئیں گے۔

    دوسری جانب لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر13سال کے گھریلو ملازم کی پرسرار ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے، متوفی سانول کے والد نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ میرے بیٹے کو عبدالرحمان اور اس کی بیوی نے تشدد کرکے ہلاک کیا ہے۔

    بچے کو عید الاضحیٰ پرچھٹی نہیں دی تھی، گھر آنے کیلئے ضد کی تو مالکان نے میرے بیٹے قتل کردیا، دوسری جانب مالک مکان کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سانول چوتھی منزل کی بالکونی سے ھادثاتی طور پر گر کر ہلاک ہوا ہے۔

    لاہور پولیس نے13سال کے سانول کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ ہیئر میں درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئی۔

  • حلقہ این اے 131 میں گنتی کا عمل 10 اگست تک روک دیا گیا ہے: ترجمان عمران خان

    حلقہ این اے 131 میں گنتی کا عمل 10 اگست تک روک دیا گیا ہے: ترجمان عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے نمائندے شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا دوبارہ گنتی کا فیصلہ تا حکم ثانی روک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے نمائندے شعیب صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ این اے 131 میں گنتی کا عمل 10 اگست تک روک دیا گیا ہے۔

    شعیب صدیقی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ملنے پر بیگز الیکشن کمیشن بھجوا دیے جائیں گے۔ بیلٹ پیپرز پر مہر و دستخط سے متعلق آر او کے پاس فیصلہ محفوظ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا دوبارہ گنتی کا فیصلہ تا حکم ثانی روک دیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق الیکشن ٹربیونل جائیں تاکہ ہر چیز کھل کر سامنے آجائے۔

    شعیب صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل انتخابی عذر داریوں کے لیے ہی بنائے گئے ہیں۔ الیکشن ٹریبونل جتنے حلقے کھولنے کا حکم دے گی، اس کے لیے تیار ہیں۔ ’خواجہ سعد رفیق نے 5 سال حکم امتناعی حاصل کیے رکھا‘۔

    خیال رہے کہ آج صبح سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حلقہ این اے 131 لاہور میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا تھا۔

    ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے شکست خوردہ امیدوار خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر دیا تھا۔