Tag: پاکستان-نیوز

  • بیڈمنٹن کی قومی چیمپین مہور شہزاد نے اناپورنا انٹرنیشنل بیڈمنٹن چیمپین شپ جیت لی

    بیڈمنٹن کی قومی چیمپین مہور شہزاد نے اناپورنا انٹرنیشنل بیڈمنٹن چیمپین شپ جیت لی

    کھٹمنڈو: بیڈمنٹن میں قومی چیمپین مہور شہزاد نے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلی جانی والی اناپورنا انٹرنیشنل بیڈمنٹن چیمپین شپ 2018 جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق اناپورنا کارپوریٹ انویٹیشنل انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ چیمپین شپ 2018 کٹھمنڈو میں 23 سے 28 جولائی کھیلی گئی جسے پاکستانی اسٹار بیڈمنٹن پلیئر مہور شہزاد نے جیت لیا۔

    بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، پاکستانی کھلاڑی مہور شہزاد نے نیپال کی کھلاڑی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

    نیپال سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی راشیلا مہا رجن کو مہور شہزاد نے فائنلز میں 15-21 اور 10-12 سے شکست دے کر انٹرنیشنل ٹورنامنٹ جیتا۔

    مہور شہزاد کی بہترین کارکردگی کے باعث بیڈمنٹن ایشیا فیڈریشن نے انھیں آئندہ اولمپکس گیمز کی تیاری کے لیے ایشیا اولمپک پروجیکٹ (AOP) پروگرام کے لیے بھی چُن لیا ہے۔

    خلا میں بیڈ منٹن میچ


    واضح رہے کہ مہور شہزاد 9 تا 12 نومبر 2017 کو اسلام آباد میں کھیلی جانے والی پاکستان انٹرنیشنل سیریز 2017 کا وومن سنگل ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں۔

    کٹھمنڈو میں ہونے والے بیڈمنٹن مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تعریف رہی، اس سے قبل مین ڈبلز اور سنگل میں بھی پاکستان نے کام یابیاں سمیٹیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سپر باکسنگ لیگ: لاہور کی ٹیم کے ٹرائلز مکمل، 10 مرد اور 2 خواتین باکسرز کی ٹیم منتخب

    سپر باکسنگ لیگ: لاہور کی ٹیم کے ٹرائلز مکمل، 10 مرد اور 2 خواتین باکسرز کی ٹیم منتخب

    لاہور: سپر باکسنگ لیگ کے لیے گوجرانوالہ کے بعد لاہور کی ٹیم کے ٹرائلز بھی مکمل ہوگئے، 10 مرد اور 2 خواتین باکسرز پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی پہلی سپر باکسنگ لیگ کی ٹیموں کے انتخاب کے لیے ملک بھر میں باکسرز کے ٹرائلز جاری ہیں، ٹرائلز کے ذریعے لاہور کی ٹیم کا انتخاب عمل میں آ گیا ہے۔

    قبل ازیں گوجرانوالہ میں بھی باکسرز کی ٹیم کے انتخاب کے لیے ٹرائلز کیے گئے تھے، ملک بھر میں باکسنگ لیگ کے لیے ٹرائلز کا سلسلہ 11 اگست تک جاری رہے گا۔

    سپر باکسنگ لیگ میں ٹیموں کے انتخاب کے لیے ٹرائلز کے شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں 28 کو ٹرائلز ہوں گے جب کہ پشاور میں 29 جولائی کو ہوں گے۔

    کوئٹہ میں سپر باکسنگ لیگ کے ٹرائلز 2 اگست کو شیڈول ہیں، جب کہ کراچی میں 5 اور 6 اگست کو سپر باکسنگ کے ٹرائلز ہوں گے۔

    پاکستان کی پہلی سپر باکسنگ لیگ کے ٹرائلز شروع

    فیصل آباد سے باکسنگ ٹیم کے انتخاب کے لیے ٹرائلز 10، جب کہ ملتان سے ٹیم کے انتخاب کے لیے 11 اگست کو شیڈول کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک میں پہلی سپر باکسنگ لیگ کے لیے ’روڈ ٹو دا رِنگ‘ ٹرائلز 20 جولائی سے شروع ہیں، جن کا اختتام گیارہ اگست کو ملتان میں ہوگا۔

    سلمان اقبال اور باکسر عامر خان کی کاوش، پاکستان میں‌ سپر باکسنگ لیگ کا انعقاد

    ملک میں باکسنگ کے فروغ کے لیے پاکستان میں پہلی سپر باکسنگ لیگ کا شان دار آغاز اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال اور ممتاز باکسر عامر خان کی مشترکہ کاوشوں سے ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سرفراز الیون کا بڑا کارنامہ: پاکستان 9 ٹی ٹوینٹی سیریز جیتنے والا پہلا ملک بن گیا

    سرفراز الیون کا بڑا کارنامہ: پاکستان 9 ٹی ٹوینٹی سیریز جیتنے والا پہلا ملک بن گیا

    کراچی: سرفراز الیون نے سہ فریقی ٹی ٹوینٹی سیریز جیت کر بڑا کارنامہ انجام دے دیا، پاکستان مسلسل نو ٹی ٹوینٹی سیریز جیتنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق زمبابوے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے نئی تاریخ رقم کر دی، ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی۔

    مسلسل نو سیریز جیتنے والی دنیا کی نمبر وَن پاکستان ٹیم زمبابوے میں چیمپئنز کی طرح کھیلی، فائنل میچ میں آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کردیا اور ثابت کر دیا کہ اس کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں۔

    اپنے آخری بارہ میچز میں پاکستان صرف ایک میچ ہارا لیکن سیریز جیتنے کی ٹرپل ہیٹ ٹرک ضرور کردی، پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے آگے نکل گیا۔

    زمبابوے میں فتح حاصل کرنے کے ساتھ ہی سرفراز بھی ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کپتان بن گئے، سرفراز کی کپتانی میں پاکستان 23 میچز جیتا جب کہ صرف چار میچز ہارا۔

    پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹوینٹی سیریز جیت لی،آرمی چیف کی مبارکباد


    خیال رہے کہ سرفراز کی قیادت میں پاکستان نے اب تک ستائیس میچز کھیلے ہیں، سہ ملکی سیریز میں کام یابی کے بعد پاکستان کی آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی۔

    کرکٹ کے ٹی 20 فارم میں پاکستان کی بادشاہت برقرار رہی، پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کرکٹ ٹیم 132 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • 2013 کا الیکشن فکس تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیڈر ملک میں پیسا بنانے آتے ہیں، عمران خان

    2013 کا الیکشن فکس تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیڈر ملک میں پیسا بنانے آتے ہیں، عمران خان

    ایبٹ آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2013 کا الیکشن فکس تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیڈر ملک میں پیسا بنانے آتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایبٹ آباد میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ پچھلے انتخابات میں دونوں جماعتوں میں سمجھوتا تھا، دونوں نے باریاں لیں اور فرینڈلی اپوزیشن کی، ملک کو لوٹنا ان کا مُک مُکا تھا اور دونوں جماعتیں اپنے امپائر لانا چاہتی تھیں۔

    عمران خان نے کہا کہ جب کوئی ان کی چوری پر ہاتھ ڈالتا ہے تو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے، 60 سال کی تاریخ میں پاکستان پر قرضہ 6 ہزار ارب تھا، بڑے بڑے ڈیم بنے، بجلی سستی تھی، 10 سال پہلے پاکستان کی ایشیا میں مثال دی جاتی تھی، لیکن ان دس سالوں میں قرضہ 6 ہزار سے 27 ہزار ارب پر پہنچ گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”بیورو کریسی ساتھ نہیں دے گی تو ہم کام یاب نہیں ہوں گے” style=”style-2″ align=”left” author_name=”عمران خان” author_job=”چیئرمین پی ٹی آئی” author_avatar=”https://arynewsudweb.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/04/imran-khan-6.jpg”][/bs-quote]

    ان کا کہنا تھا کہ قرضے کا بوجھ اس لیے بڑھا کہ کرپٹ لوگوں کو اداروں میں بٹھایا گیا، نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر بھی ان کو نہیں پکڑ سکتی تھی، قرضے واپس کرنے کے لیے ٹیکس لگا کر قیمتیں بڑھائی گئیں، مہنگائی ٹیکس لگنے سے آتی ہے، اس طرح ملک کا اربوں روپیا چوری کر کے باہر لے جایا گیا۔

    عمران نے کہا ’کیپٹن صفدر گرفتاری دینے ایسے جا رہا ہے جیسے کشمیر فتح کر کے آیا ہے، انھیں شرم آنی چاہیے، قومیں تب مرتی ہیں جب اخلاق مر جاتے ہیں، پاکستان سب سے پیچھے رہ گیا بنگلا دیش آگے نکل گیا، دو ڈاکو زرداری اور نواز شریف ملک میں آ کر بیٹھ گئے۔‘

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا ’سنا ہے اگلے جمعے باپ بیٹی مظلوم بن کر پاکستان آ رہے ہیں، ضرور آؤ، لیکن نواز شریف، نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کرنا، نیلسن منڈیلا نے 27 سال قوم کی خاطر جیل میں گزارے۔‘

    عمران خان نے کہا ’کوئی وزیر اعظم 300 ارب چوری کرلے تو اس کو باہر نکلنے کی جرأت نہیں ہوتی، لیکن یہاں غریب لوگ جیلوں میں ہیں اور طاقت ور کو پکڑنے والا کوئی نہیں ہے، پنجاب آڈیٹرجنرل رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میٹرومیں 6 ارب کا نقصان ہوا۔‘

    انھوں نے کہا کہ نا اہلی اور کرپشن سے فیصل آباد ہاؤسنگ اسکیم میں 25 ارب کا نقصان ہوا، گوجرانوالہ ہاؤسنگ اسکیم میں 24 ارب کا گھپلا ہے، ملتان ہاؤسنگ اسکیم میں عوام کو 8 ارب روپے، پنجاب ایکسائز اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو 126 ارب اور دانش اسکول میں نا اہلی سے 100 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

    [bs-quote quote=”نواز شریف، نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کرنا، نیلسن منڈیلا نے 27 سال قوم کی خاطر جیل میں گزارے۔” style=”style-13″ align=”center” color=”#6193bf”][/bs-quote]

    چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر کرے گی، 25 جولائی کو نوجوانوں کے مستقبل کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے، برطانیہ سے لوگ پاکستان میں نوکری ڈھونڈنے آئیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ بیورو کریسی ساتھ نہیں دے گی تو ہم کام یاب نہیں ہوں گے، بیورو کریسی اور ادارے اکٹھے ہوں تو پاکستان مضبوط ہوگا، شہباز شریف نے سول سروس کو بے عزت کیا، ہم سول سروس کو پروفیشنل بنائیں گے، 60 کی دہائی میں ہماری بیورو کریسی پورے ایشیا میں مانی جاتی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو آزاد امیدواروں کا نہیں بلکہ نظریاتی لوگوں کا الیکشن ہے، آزاد امیدوار 25 جولائی کو جیتے تو بھی ان کی پی ٹی آئی میں جگہ نہیں ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ملک میں 138 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے، اسٹوریج کی گنجائش صرف 13.7 ملین ایکڑ فٹ ہے، ارسا

    ملک میں 138 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے، اسٹوریج کی گنجائش صرف 13.7 ملین ایکڑ فٹ ہے، ارسا

    اسلام آباد: ارسا (انڈس ریور سسٹم اتھارٹی) نے کہا ہے کہ ملک میں 138 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے جب کہ ہمارے پاس 13.7 ملین ایکڑ فٹ پانی اسٹوریج کی گنجائش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیموں کی تعمیر سے متعلق سپریم کورٹ میں جاری کیس کی سماعت کے دوران ارسا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں دو نئے ڈیم بننے کی ضرورت ہے۔

    ارسا نے سپریم کورٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں دو نئے ڈیموں کے بننے سے مزید 7 ملین ایکڑ فٹ پانی جمع کرنے کی گنجائش پیدا ہوجائے گی۔

    انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کے مطابق ملک کی ضرورت 25 ملین ایکڑ فٹ کی ہے، تاہم فوری طور پر دو ڈیم بننے کے بعد ہر 10 سال بعد نیا ڈیم بننےسے فائدہ ہوگا۔

    ارسا کی طرف سے عدالت کو دی جانے والی بریفنگ میں کہا گیا کہ 1976 میں تربیلہ ڈیم مکمل کیا گیا تھا جس کے بعد پھر نئے ڈیم کی تعمیر شروع ہونی چاہیے تھی لیکن 1990 میں نئے ڈیم بننے کی بات کی گئی، دراصل پانی کا مسئلہ کسی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا۔

    ارسا کی بریفنگ پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے سیکریٹری خزانہ سے استفسار کیا کہ قوم ڈیموں کی تعمیر سے متعلق مدد کرنا چاہتی ہے، کیا قانون ہمیں ڈیمز کے لیے عطیات لینے کی اجازت دیتا ہے؟

    ہم رہیں نہ رہیں، ڈیم ضرور بنے گا، چیف جسٹس


    قبل ازیں ڈیموں کے لیے قرضہ لینے کے سوال پر سیکریٹری خزانہ نے کہا تھا کہ ہم پہلے ہی اندرونی اور بیرونی قرضوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں، چیف جسٹس کے استفسار پر انھوں نے کہا کہ آئین کسی مخصوص کام کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دیتا ہے۔

    سیکریٹری خزانہ نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت سالانہ 170 روپے فی ایکڑ وصول کیا جاتا ہے، زرعی ادویات کی قیمتیں بھی 1900 روپے فی ایکڑ تک پہنچ چکی ہیں، صوبوں کو 1500 روپے فی ایکڑ آبیانہ وصول کرنے کا حکم دیا جائے تو 70 ارب سالانہ جمع ہوں گے جس سے 10 سال بعد نیا ڈیم بنایا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ، پاکستان میں سونا مہنگا ہوگیا

    ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ، پاکستان میں سونا مہنگا ہوگیا

    کراچی: ملک میں ڈالر کی قیمت 122 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سونے کی قیمت میں بھی بے حد اضافہ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرونی ادائیگیوں کے باعث ڈالرکی قدر میں اضافے سے سونا بھی مہنگا ہوگیا ہے، گولڈ ڈیلرز کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 800 روپے کا اضافہ ہوا۔

    گولڈ ڈیلرز کے مطابق سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 58400 روپے ہوگئی ہے، کہا جارہا ہے کہ یہ ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی اضافے کے اثرات ہیں۔

    دوسری طرف عالمی منڈی میں سونے کی قیمت کم ہوگئی ہے، اس کے باوجود پاکستان میں سونا مہنگا ہوا، عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت چار ڈالر کم ہو کر 1295 ڈالر پر آگئی ہے۔

    ملک میں دس گرام سونے کی قیمت میں 685 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی دس گرام قیمت 50068 روپے ہوگئی ہے۔

    ڈالر کی قیمت 122 روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی


    خیال رہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ میں اتار چڑھاؤ آتا ہے۔

    واضح رہے کہ سونے کی قمیت میں موجودہ اضافہ نگراں حکومت اور اسٹیٹ بینک کی طرف سے روپے کی قدر گرانے کی وجہ سے ہوا ہے اس لیے سونے کی عالمی منڈی میں کم ہونے والی قیمت کے اثرات نہیں پہنچ سکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان اور روس کے درمیان دس بلین ڈالر گیس پائپ لائن کے بڑے معاہدے کا امکان

    پاکستان اور روس کے درمیان دس بلین ڈالر گیس پائپ لائن کے بڑے معاہدے کا امکان

    اسلام آباد: پاکستان روس کے ساتھ اگلے ہفتے ایک بڑے معاہدے میں داخل ہو رہا ہے، معاہدے کے تحت دس بلین ڈالر آف شور گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جب کہ روس میں پاکستانی سفیر کو مفاہمت کی یادداشت کے سلسلے میں اختیارات بھی سونپ دیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پاکستانی کابینہ نے روس کی طرف سے نامزد پبلک جوائنٹ اسٹاک کمپنی گیز پارم (Gazprom) کو اجازت دے دی ہے کہ وہ اپنے خرچ اور رسک پر منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کرلے۔

    پاکستان کی طرف سے گیز پارم کے ساتھ آف شور پائپ لائن منصوبے پر کام کے لیے سرکاری کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم (ISGS) کو نامزد کیا گیا ہے جو ملک میں گیس درآمدی منصوبوں کو دیکھتی ہے۔

    ISGS دس بلین ڈالر کے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا (Tapi) گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے، جو جنوبی اور وسطی ایشیا کو آپس میں جوڑ دے گا، اس منصوبے پر تعمیراتی کام اگلے برس مارچ میں شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ روس کے ساتھ ممکنہ آف شور پائپ لائن منصوبہ دراصل روس کا بنایا ہوا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں توانائی کی مارکیٹ تک رسائی ہے۔

    تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ، اے ڈی بی کی 1ارب ڈالرقرضہ کی پیشکش


    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفیر پیر کو ماسکو میں مفاہمت کی یادداشت تحریر کریں گے، کہا جارہا ہے کہ یہ منصوبے پاکستان کے لیے ’گیم چینجر‘ ثابت ہوں گے جن سے نہ صرف علاقائی روابط استوار ہوں گے بلکہ ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی مانگ بھی پوری ہوگی۔

    روس کے ساتھ آف شور پائپ لائن منصوبے کی حتمی لاگت روس کی بڑی توانائی کمپنی گیز پارم کی فیزیبلٹی رپورٹ کے بعد طے کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ روس گوادر پورٹ کے ذریعے پاکستان اور انڈیا کو آف شور پائپ لائن بچھا کر گیس برآمد کرنے کی منصوبہ بندی کرچکا ہے، جو کہ یورپ کے ساتھ کریمیا تنازعے کی وجہ سے توانائی کے یورپی صارفین کھونے کے بعد متبادل مارکیٹ ثابت ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • متحدہ مجلس عمل13مئی کو مینار پاکستان پر جلسہ کرے گی، سراج الحق

    متحدہ مجلس عمل13مئی کو مینار پاکستان پر جلسہ کرے گی، سراج الحق

    لاہور : متحدہ مجلس عمل نے تیرہ مئی کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کر دیا ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ نواز شریف خود اڈیالہ جیل کی بات کر رہے ہیں، اب استغفار کریں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب کے زیراہتمام پنجاب بھر سے آئے ہوئے ضلعی امرا اور ضلعی شوراؤں کے کنونشن سے خطاب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

    لاہور سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے شہزاد ملک کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تیرہ مئی کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ جلسہ سرمایہ دارانہ سیاست کے خاتمے کے لئے ہوگا جس میں متبادل سیاسی نظام پیش کریں گے۔

    سراج الحق نے کہا کہ مجھ سے نواز شریف کا نہیں،غریب عوام کا مستقبل پوچھیں، نواز شریف تو خود ہی اڈیالہ جیل کی باتیں کر رہے ہیں، انہیں مشورہ دوں گا کہ وہ اب استغفار کریں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ اسٹیٹس کو کی سیاست نے عوام کو عزت کی زندگی سے محروم کیاہے، اس نظام میں غریب کا کام ان بڑوں کو کاندھوں پر بٹھا کراقتدار کے ایوانوں میں پہنچانا اور پھر ان کی عیاشیوں کے لیے بڑے بڑے بل اور ٹیکس ادا کرناہے، ستر سال سے یہی تماشا لگا ہوا ہے، ہم نے غریب کے لیے سیاست کا موٹروے کھولناہے۔

    سیاسی مسافر پارٹیاں تبدیل کرکے کیا تبدیلی لائیں گے؟ یہ ایسے خوش قسمت یتیم ہیں جن کی کفالت کرنے کے لیے ہر پارٹی تیار ہوتی ہے ، انہی لوگوں نے ہماری سیاست کو بدنام کیاہے، سیاسی پارٹیوں کو کرپٹ عناصر کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے۔

    اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے آئندہ عام انتخابات کے لئے جماعت اسلامی کی چندہ مہم کا آغاز کیا اور اپنی جیب سے پانچ ہزار روپے کا چندہ جمع کروا کر مہم کی ابتداء کی، اس موقع پر انہوں نے ملکی سلامتی کے لئے دعا بھی کرائی۔

    مزید پڑھیں: متحدہ مجلس عمل کو مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • سہولیات کا فقدان، ایتھلیٹس پریشان، سندھ گیمز مذاق بن گئے

    سہولیات کا فقدان، ایتھلیٹس پریشان، سندھ گیمز مذاق بن گئے

    کراچی: سہولیات کے فقدان اور ناقص انتظامات کی وجہ سے سندھ گیمز مذاق بن گئے، ایونٹ میں‌ ایتھلیٹس شدید پریشان نظر آئے.

    تفصیلات کے مطابق سندھ گیمز کے ناقص انتظامات کے باعث کھلاڑی شدید پریشان ہیں، نہ تو صفائی ستھرائی ہے، نہ ہی پینے کا پانی، شدید گرمی میں‌ پریکٹس کرنے والے ایتھلیٹس کے لیے پھٹے ہوئے گدے رکھے گئے ہیں.

    یاد رہے کہ سندھ گیمز چھ سال بعد منعقد ہورہے ہیں، جن کے لیے کروڑوں کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، مگر انتظامات میں‌ بڑے پیمانے پر گھپلے کا پول ابتدا ہی میں‌ کھل گیا.

    بدترین انتظامات نے حکومتی دعووں کا عقدہ کھول دیا، ہائی جمپ کے لئے رکھے گئے گدے ایتھلیٹس کے لیے خطرہ بن گئے. ہائی جمپ کے دوران ایک کھلاڑی کا سر ان ہی گدوں کی وجہ سے زمین سے جا ٹکرایا.

    سندھ گیمز میں مشعل روشن کرنے کے لئے گیس سلینڈر کا استعمال کیا گیا، میڈیکل کی سہولیات کا بھی فقدان ہے، کچرے سے لدے ٹریک پر ایتھلیٹس جان ماررہے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں ہم کیوں پیچھے ہیں.

    سندھ گیمز کی سہولیات فراہم کرنا وفاق کی ذمے داری تھی؟

    اس ضمن میں‌ جب اے آر وائی نے وزیر کھیل سندھ محمد بخش مہرسے رابطہ کیا، تو انھوں نے کہا کہ سندھ گیمز کے لئے سہولتیں فراہم کرنا ہماری ذمہ داری نہیں، یہ وفاق کے ذمہ ہے.

    انھوں نے یقین دلایا کہ ناقص انتظامات کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، تحقیقات کرکے کل تک میڈیا کو آگاہ کریں گے.


    ورلڈ کپ میں شکست: ویمن ٹیم کی کھلاڑی موٹربائیک پرگھرگئیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بجٹ 19-2018: ترقیاتی کاموں کے لیے ساڑھے 13 فیصد مختص کرنے کا فیصلہ

    بجٹ 19-2018: ترقیاتی کاموں کے لیے ساڑھے 13 فیصد مختص کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ اسٹریٹجی پیپر کی منظوری دے دی گئی۔ قرضوں کی ادائیگی کے لیے بجٹ کا 30 فیصد جبکہ ترقیاتی کاموں کے لیے مجموعی بجٹ کا ساڑھے 13 فیصد مختص کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ بجٹ اسٹریٹجی پیپر کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    پیپر کے مطابق آئندہ بجٹ کے لیے 5 ہزار 2 سو 30 ارب روپے مجموعی اخراجات کے لیے ہوں گے۔ دفاع کے لیے 11 سو ارب، 16 سو ارب غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے مختص کیے جائیں گے۔

    آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 45 سو ارب روپے رکھا گیا ہے۔ غیر محصولاتی آمدن کا ہدف 1 ہزار 50 ارب روپے ہے جبکہ وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 7 سو 50 ارب روپے ہے۔

    آئندہ بجٹ میں زرعی ترقی کا ہدف 3.8، صنعتی ترقی کا ہدف 7.6 فیصد جبکہ خدمات کے شعبے میں ترقی کا ہدف ساڑھے 6 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

    مہنگائی کی شرح کو 6 فیصد تک محدود رکھا جائے گا۔ مجموعی سرمایہ کاری کا حجم جی ڈی پی کا 17.2 فیصد جبکہ قومی بچت 13.3 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

    وفاقی کابینہ نے ائندہ مالی سال میں برآمدات 27 ارب 30 کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات کا حجم 53 ارب ڈالر کرنے کی منظوری دی ہے۔

    آئندہ مالی سال تجارتی خسارے کا حجم 29 ارب 20 کروڑ ڈالر تک رہے گا جبکہ جاری کھاتوں کا خسارہ ساڑھے 12 ارب ڈالر یعنی جی ڈی پی کا 3.8 فیصد تک محدود رکھا جائے گا۔

    این ایف سی کے تحت صوبوں کو 25 سو 65 ارب روپے دیے جائیں گے۔ سبسڈی کی مد میں 2 سو 30 ارب روپے دیے جائیں گے۔ آئندہ مالی سال بجٹ خسارے کا حجم 18 سو 70 ارب روپے ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔