Tag: پاکستان-نیوز

  • برسبین ٹیسٹ : پاکستان کے131رنزپر2کھلاڑی آؤٹ

    برسبین ٹیسٹ : پاکستان کے131رنزپر2کھلاڑی آؤٹ

    برسبین: آسٹریلیا کےخلاف ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر131رنر بنالیے۔

    تفصیلات کےمطابق برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روزپاکستان نے اپنی دوسری اننگز70رنز دو کھلاڑی آؤٹ سےشروع کی تو اظہر علی 41 اور یونس خان صفر کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

    اظہر علی اور یونس خان نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 56.2 اوور میں پاکستان کا اسکور 131 رنز پر پہنچا دیا۔

    خراب موسم کے باعث امپائرز نے میچ روک دیا اور وقت سے پہلے ہی چائے کا وقفہ لے لیا۔اظہر علی 61 اور یونس خان 40 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 77 رنز کی شراکت ہو چکی ہے۔

    مزید پڑھیں:برسبین ٹیسٹ : قومی ٹیم 142رنز پرآؤٹ

    یاد رہےکہ قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کےخلاف برسبین ٹیسٹ میچ میں 142رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان کو میچ میں کامیابی کےلیے 359رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 8وکٹیں اورتقریباً 157اوور کا کھیل باقی ہے۔

  • ہملٹن ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 138رنز سے شکست دے دی

    ہملٹن ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 138رنز سے شکست دے دی

    ہملٹن : نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 138رنز سےشکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز اپنےنام کرلی۔

    تفصیلات کےمطابق ہملٹن میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کےدرمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے قومی ٹیم کو 138رنزسے شکست دے کر سیریز 0-2سے جیت لی۔

    ہملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان کیویز نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے369 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا،جس کے ہدف میں پاکستانی ٹیم صرف 230 رنز بناسکی۔

    پاکستان نے دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور کپتان اظہر علی اور سمیع اسلم نے ٹیم کو 131رنزکاعمدہ آغاز فراہم کیا کپتان اظہرعلی 58اور سمیع اسلم 91رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی اور سمیع اسلم کے آؤٹ ہونے کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور کوئی بھی کھلاڑی کریز پر ٹھہر نہ پایا اور پوری ٹیم 230رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 22 سیریز کھیلی گئی ہیں اور اب تک نیوزی لینڈ صرف دو سیریز جیت سکا ہے۔

    واضح رہے کہ ہملٹن ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر31 سال بعدمیزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

  • مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 136 واں روز، 2 مزید نوجوان شہید

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 136 واں روز، 2 مزید نوجوان شہید

    سرینگر: بھارتی فوج نے آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے نہتے کشمیریوں پر زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ مقبوضہ وادی میں کئی ماہ سے کرفیو نافذ ہے جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ جنت نظیر وادی میں کشیدہ صورتحال برقرار ہے۔ 136 ویں روز بھی کئی علاقوں میں کرفیو نافذ ہے۔ گزشتہ روز باندی پورہ کے علاقے میں مزید 2 کشمیری نوجوان بھارتی ظلم کی بھینٹ چڑھ گئے۔

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے باعث نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہے۔ کرفیو کے باعث تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ بند جب کہ کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی اب تک بند ہے۔

    جنازے میں شریک کشمیریوں پر بھارتی فوج کا لاٹھی چارج *

    حریت کانفرنس کی اپیل پر 24 نومبر تک ہڑتال میں توسیع کی گئی ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ میں غیر ملکی تسلط کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔ قرارداد میں حق خود ارادیت کو کشمیری عوام کا بنیادی انسانی حق قرار دیا گیا ہے اور لوگوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کے لیے کارروائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

    قرارداد پیش کرنے میں چین، ملائشیا، برازیل سمیت 72 ممالک نے تعاون کیا۔ قرارداد کی سماجی، انسانی و ثقافتی امور کی 193 ارکان پر مشتمل کمیٹی نے منظوری دی جس میں مصر، ایران، نائیجیریا، سعودی عرب، لبنان اور جنوبی افریقہ بھی شامل ہیں۔

  • کشمیر میں کرفیو کا 134واں روز، احتجاج میں 24 نومبر تک توسیع

    کشمیر میں کرفیو کا 134واں روز، احتجاج میں 24 نومبر تک توسیع

    سری نگر: بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں کرفیو 134 ویں روز میں داخل ہوگیا جبکہ حریت کانفرنس کی اپیل پرکٹھ پتلی انتظامیہ اوربھارتی فورسزکے مظالم کیخلاف احتجاج چوبیس نومبرتک بڑھا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حریت کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے خلاف شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد سے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔


    پڑھیں: سرینگر: جنازے میں شریک کشمیریوں پر بھارتی فوج کا لاٹھی چارج


    مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر فورسز کی جانب سے تشدد کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے نتیجے میں متعدد افرادزخمی ہوگئے۔ بھارت کی ریاستی دہشتگردی نے کشمیرکی ہنستی بستی وادی کو ویرانے میں تبدیل کردیا، غیراعلانیہ کرفیو،گھرگھرتلاشی اوربلاجوازگرفتاریوں نے کشمیریوں سے معمول کی زندگی چھین لی۔


    مزید پڑھیں: کشمیری پاکستانی پرچم بلند کرنے پر شہید ہورہے ہیں، سردار عتیق


    بھارتی فورسزکے مظالم کے خلاف مقبوضہ وادی کی گلی گلی میں احتجاج جاری ہے،جانوں کا نذرانہ پیش کرتے کشمیری آج بھی بھارتی فوجیوں کےسامنے سینہ سپرہیں۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پرفورسزکا تشدد متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے جبکہ حریت رہنماؤں میرواعظ، یاسین ملک سمیت دیگرکشمیری رہنما گھروں میں نظربند یا پھر زیرحراست ہیں۔

  • کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 133 رنز پر آؤٹ

    کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 133 رنز پر آؤٹ

    کرائسٹ چرچ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگزمیں قومی کرکٹ ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    تفصیلات کےمطابق کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    match-2

    پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور اظہرعلی نے اننگز کا آغاز کیا تو 31 کے مجموعی اسکور پر اظہر علی 15 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے اور پھر وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق 31 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں سمیع اسلم نے 19 اور اسد شفیق نے 16 رنز بنائے۔قومی ٹیم کے 4 بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔

    match-1

    نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن گرینڈ ہوم نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کے حصے میں انفرادی طور پر 2، 2 وکٹیں آئیں۔

  • پُش اپس پر پابندی، عوام کی حکمرانوں پر تنقید

    پُش اپس پر پابندی، عوام کی حکمرانوں پر تنقید

    کراچی: قومی اسمبلی میں کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر تشویش اور پابندی کا مطالبہ سامنے آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عوام کی جانب سے حکومت اور اراکین اسمبلی پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے پُش اپس لگانے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اس پر پابندی کے احکامات دئیے۔

    قائمہ کمیٹی کے اس مطالبے پر کرکٹ شائقین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت کے خلاف اور کھلاڑیوں کی حمایت میں احتجاج کرتے ہوئے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    نوید احمد ملک کا کہنا ہے کہ ’’جو لوگ پش اپس کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں وہ بے شرم ہیں، ایسے لوگوں کو جمہوریت کا معلوم ہی نہیں ہے‘‘۔

    ایک اور شخص نے حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج پش اپس روک کر نوافل کی ادائیگی کا مشورہ دیا جارہاہے کل نوافل اور سجدے کرنے پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی‘‘۔


    رافع مرزا کا کہنا ہے کہ ’’حکومت نے کھلاڑیوں کے پش اپس پر پابندی لگا کر کامیاب آپریشن کیا ہے کیونکہ یہ پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ تھے‘‘۔

    فاروق صدیقی کا کہنا ہے کہ ’’دوسروں کو اندھیروں میں دھکیلنے والے نام نہاد جمہوری لوگ اپنی اس حرکت پر شرمند تک نہیں، کیا یہی جمہوریت ہے؟‘‘۔

    شاداب خان نام کی آئی ڈی استعمال کرنے والے نے حکومت کے پش اپس پر پابندی کے خلاف ایک تصویر ٹوئیٹ کی جس میں امریکی صدر بارک اوباما کو پش اپس لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    عمر حیدر کہتے ہیں کہ ’’پش اپس سے اتنا خوف کیوں ہے یہ توپ کے گولے نہیں ہیں‘‘۔

    طیبہ خانم نے پابندی پر ایک شعر ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ہے ’’بڑا شیر بنا پھرتا ہے، جو پُش اپس سے ڈرتا ہے‘‘۔

    عبدالقادر نے اپنے ٹوئٹ میں ایک تصویر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے تحریر کیا کہ ’’انگلش کمنٹیٹر پُش اپس لگا کر جمہوریت کے خلاف سازش کررہا ہے‘‘۔


    ایک اور صارف نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’سُناہے کہ نوجوانوں میں دو نومبر والے دھرنے میں پش اپس کا مقابلہ منعقد کیا جائے گا‘‘۔


    احسان محمود نے طنزیہ ٹوئٹ میں کہا کہ ’’جمہوریت کے خلاف ایک اور سازش ناکام کرکٹ بورڈ نے پارلیمنٹ کے حکم پر کھلاڑیوں کے پُش اپس پر پابندی لگا دی‘‘۔


    جویریہ صدیقی نے قائمہ کمیٹی کے فیصلے پر تنقید کی اور کہا کہ ’’61 جنازے اٹھ گئے جمہوریت کو خطرات لاحق نہیں‌ہوئے مگر دو چار پُش اپس جمہوریت ہلا گئے ‘‘.


    واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں تاریخی جیت کے بعد مصباح الحق کے پش اپس ٹرینڈ بن گئے ہیں۔ان کے پش اپس اتنے ہٹ ہوئے کہ لارڈز ٹیسٹ جیتنے پر پوری ٹیم نے تاریخی پش آپس لگائے۔

    پڑھیں: قومی اسمبلی نے کرکٹ کھلاڑیوں کے پش اپس پرپابندی لگادی

    دوسری جانب اس کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھ کر صوبائی وزیر کھیل سندھ نے سردار محمد بخش مہر نے پنجاب حکومت کے وزراء کو فٹنس چیلنج دیتے ہوئے 50 پش اپس لگائے تھے بعد ازاں مسلم لیگ کے رہنماؤں طلال چوہدری اور عابد شیر علی نے چلینج قبول کر کے وزیر اعلیٰ سندھ کو 500 پش اپس لگانے کا کہا تھا۔
  • سیکیورٹی فورسز کے چھاپے، 13 افراد گرفتار، اسلحہ بارود برآمد

    سیکیورٹی فورسز کے چھاپے، 13 افراد گرفتار، اسلحہ بارود برآمد

    کوئٹہ: سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارتے ہوئے د و خودکش جیکٹس اور موٹرسائیکلوں میں نصب دوبموں سمیت دیگر اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا جبکہ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گیارہ مطلوب ملزمان سمیت تیرہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    سیکورٹی ذرائع کے مطابق صوبائی دارلحکومت کے نواحی علاقے سریاب میں سیکورٹی فورسز نے حساس اداروں کی اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔

    پولیس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے دو خودکش جیکٹس، دو موٹرسائیکلوں میں نصب بم، 3 ایس ایم جیز، 70 کلو گرام دھماکہ خیز مواد سمیت دیگر تخریبی سامان قبضے میں لیا گیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    دوسری جانب پولیس نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں سریاب، گوالمنڈی اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11 مطلوب ملزمان سمیت 13 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان قتل، اقدامِ قتل اور ڈکیتیوں سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھے، جنہیں تفتیش کے لیے منتقل کردیا گیا ہے۔

    قبل ازیں بلوچستان میں بلوچ لبریشن آرمی براہمداغ بگٹی سے تعلق رکھنے والے 43 علیحدگی پسندوں نے ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے، قومی دھارے میں شامل ہونے والے کمانڈر کا کہنا تھا کہ ’’ہم نے یہ فیصلہ برہمداغ کے بھارت سے تعلقات کی بنیاد پر کیا ہے‘‘۔

  • فٹبال ٹیم کی کھلاڑی شاہ لیلیٰ بلوچ کار حادثے میں جاں بحق

    فٹبال ٹیم کی کھلاڑی شاہ لیلیٰ بلوچ کار حادثے میں جاں بحق

    کراچی: پاکستان کی خواتین فٹ بال کی ٹیم میں شامل اسٹرائیکر شاہ لیلیٰ احمد زئی بلوچ گزشتہ شب ایک کار حادثے میں انتقال کر گئیں۔

    خاندانی ذرائع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ لیلیٰ کار کی مسافر سیٹ پر سفر کر رہی تھیں جب حادثہ ہوا۔ دو دریا کراچی میں پیش آنے والا حادثہ کار کی تیز رفتاری کے باعث رونما ہوا جس میں کار الٹ گئی۔ لیلیٰ کو اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

    layla-2
    حادثے کا شکار گاڑی
    layla-3
    حادثے کا شکار گاڑی

    دوسری جانب پاکستان فٹ بال کے فیس بک صفحہ پر بھی اس کی تصدیق کی گئی۔ فٹ بال پاکستان ڈاٹ کام کی جانب سے شیئر کی جانے والی پوسٹ میں لکھا گیا، ’شاہ لیلیٰ نے پاکستان کی نمائندگی کی اور وہ بہت سی لڑکیوں کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں‘۔

    انہوں نے شاہ لیلیٰ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

    شاہ لیلیٰ سابق سینیٹر روبینہ عرفان کی بیٹی ہیں اور وہ پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم اور بلوچستان کی صوبائی ویمن فٹبال ٹیم کی اسٹرائیکر تھیں۔ ان کی عمر 20 سال تھی۔

    لیلیٰ نے 7 برس کی عمر میں فٹبال کھیلنی شروع کی۔ انہیں فیفا کی جانب سے کم ترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ لیلیٰ کی تدفین ان کے آبائی علاقے قلات میں کی جائے گی۔

  • یومِ شہادتِ خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہہ

    یومِ شہادتِ خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہہ

    تاریخ عالم میں بہت کم شخصیات ایسی ملتی ہیں جن کی ذات میں اس قدر صلاحیتیں اور خوبیاں ایک ساتھ ہوں کہ ایک طرف فتوحات اور نظام حکومت میں مساوات، عدل و انصاف، مذہبی رواداری اپنی انتہاء پر ہو اور دوسری طرف روحانیت، زہد و ورع، تقویٰ اور بصیرت بھی اپنے پورے کمال پر نظر آئے۔ تاریخ میں اس حوالے سے سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا کوئی ثانی نظر نہیں آتا، عدل و انصاف کی بات ہو تو آپؓ اپنے عملی کردار کی وجہ سے منفرد و ممتاز نظر آتے ہیں۔

    خلافت راشدہ کے دوسر ے تاجدار اسلامی تاریخ کی اولوالعزم، عبقری شخصیت ،خُسر رسول ۖ داماد علی المرتضیٰ ، رسالت کے انتہائی قریبی رفیق ، خلافت اسلامیہ کے تاجدار ثانی نے ہجرت نبوی کے کچھ عرصہ بعد بیس افراد کے ساتھ علانیہ مدینہ کو ہجرت کی ، آپؓ نے تمام غزوات میں حصہ لیا۔634ء میں خلافت کے منصب پہ فائزکیے گئے۔644ء تک اس عہدہ پر کام کیا۔

    حضرت عمر فاروق ؓ کا قبول اسلام

    اس میں شک نہیں کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قبول اسلام حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا کا نتیجہ ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی ذات میں بے شمار صلاحیتیں، سیاسی و انتظامی بصیرت اور عدالت و صداقت ودیعت کر رکھی تھیں،

    حضرت عمر بن خطابؓ وہ خلیفہ ہیں جنہیں اپنی مرضی سے نہ بولنے والے پیغمبر خداۖ نے غلاف کعبہ پکڑ کر دُعا مانگی تھی اے اللہ مجھے عمر بن خطاب عطا فرما دے یا عمرو بن ہشام، دعائے رسول کے بعد عمر بن خطاب تلوار گردن میں لٹکائے ہاتھ بندھے سیدھے دروازہ رسولﷺ پر پہنچے صحابہ کرام نے جب یہ آنے کی کیفیت دیکھی تو بارگاہ رسالت میں دست بستہ عرض کی یا رسول اللہ ۖ عمر اس حالت میں آ رہے ہیں تو آپ نے فرمایا انہیں آنے دو ۔نیّت اچھی تو بہتر ورنہ اسی تلوار سے اس کا سر قلم کردیا جائے گا۔

    جب بارگاہ رسالت میں عمر بن خطاب حاضر ہوئے دست رسول ۖ پر بیعت کر کے کلمہ طیبہ پڑھا تو فلک شگاف نعروں سے نعرہ تکبیر کی صدائیں بلند ہوئیں تو ہر طرف بخِِ بخِِ کی صدائیں گونجیں جس عمر بن خطاب کے آنے پر اتنی خوشیاں منائی گئیں جس کے رُعب اور دب دبہ سے دشمنان اسلام اس قدر حواس باختہ ہوتے تھے کہ بے شک یہ مرد قلندر کھلے آسمان تلے تن تنہا تلوار اور کوڑا لٹکا کر آرام کر رہا ہوتا تھا مگر کسی کو یہ جرأ ت نہ ہوتی تھی کہ عمر بن خطاب کا کوڑا یا تلوار اُٹھاتا ۔

    اسی بناء پر آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھا کہ عمر کی زبان اور قلب کو اللہ تعالیٰ نے صداقت کا مصدر بنادیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے وجود مسعود سے اسلام کی شان و عظمت کو قیصر و کسریٰ کے ایوانوں تک پہنچادیا۔

    لقب فاروق کیسے ملا

    فاروق کا مطلب ہے کہ ’فرق کرنے واالا ‘، سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کفر و نفاق کے مقابلہ میں بہت جلال والے تھے اور کفار و منافقین سے شدید نفرت رکھتے تھے۔ ایک دفعہ ایک یہودی و منافق کے مابین حضور انورﷺ نے یہودی کے حق میں فیصلہ فرمایا مگر منافق نہ مانا اور آپؓ سے فیصلہ کے لیے کہا ۔ آپؓ کو جب علم ہوا کہ نبیﷺ کے فیصلہ کے بعد یہ آپ سے فیصلہ کروانے آیا ہے تو حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اس کو قتل کر کے فرمایا جو میرے نبیﷺ کا فیصلہ نہیں مانتا میرے لیے اس کا یہی فیصلہ ہے۔کئی مواقع پر حضور نبی کریمﷺ کے مشورہ مانگنے پر جو مشورہ حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے دیا قرآن کریم کی آیات مبارکہ اس کی تائید میں نازل ہوئیں۔ اور آپؓ کو فاروق کا لقب ملا ۔

    حضرت عمر فاروقؓ دوسرے خلیفہ راشد ہیں ، نبی اکرم ﷺ اور حضرت ابوبکر صدیقؓ کے بعد آپؓ کا رتبہ سب سے بلند ہے، آپؓ کے بارے میں رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:

    میرے بعد اگر کوئی نبی ہوتا تو عمر ہوتا (ترمذی ) ۔

    عمر کی زبان پر خدا نے حق جاری کر دیا ہے (بیہقی)۔

    جس راستے سے عمر گزرتا ہے شیطان وہ راستہ چھوڑدیتا ہے (بخاری ومسلم)۔

    میرے بعد ابوبکر وعمر کی اقتداء کرنا( مشکٰوۃ)۔

    دور خلافت

    آپ کے دور خلافت میں اسلامی سلطنت کی حدود 22لاکھ مربع میل تک پھیلی ہوئی تھیں آپ کے اندازِحکمرانی کودیکھ کر ایک غیر مسلم یہ کہنے پہ مجبور ہوگیاکہ

    اگر عمر کو 10سال خلافت کے اور ملتے تو دنیا سے کفر کانام ونشان مٹ جاتا

    حضرت عمر کازمانہ خلافت اسلامی فتوحات کا دور تھا۔اس میں دو بڑی طاقتوں ایران وروم کو شکست دے کرایران عراق اور شام کو اسلامی سلطنتوں میں شامل کیا، بیت المقدس کی فتح کے بعدآپ خودوہاں تشریف لے گئے۔

    قبول اسلام کے بعد عہد نبوت میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو سرکار دوعالم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نہ صرف قرب حاصل ہوا بلکہ تمام معاملات میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مشاورت کو اہمیت حاصل تھی۔ غزوات ہوں یا حکومتی معاملات، سب میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مشورہ لیا جاتا تھا۔

    حضرت عمر فاروقؓ کا مشہور قول ہے کہ

    اگر دریائے فرات کے کنارے ایک کُتا بھی پیاسا مر گیا تو عمر سے پوچھا جائے گا

    اس قدر خوف خدا رکھنے والا راتوں کو جاگ کر رعایا کی خدمت اور جس کی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ کی تائید میں سورئہ نور کی آیات مبارکہ کا نازل ہونا جس نے اپنی آمد پر مدینہ کی گلیوں میں اعلان کیا، کوئی ہے جس نے بچوں کو یتیم کرانا ہو ، بیوی کو بیوہ کرانا ہو ، ماں باپ کی کمر جھکانا ہو ، آنکھوں کا نورگُم کرانا ہو ،آئے عمر نے محمد رسول اللہ ۖ کی غلامی کا دعویٰ کر لیا ہے آج سے اعلانیہ اذان اور نماز ہوا کرے گی ۔

    حضرت عمر کے دور میں فتح کئے گئے علاقے

    حضرت عمر فاروق ؓ کے دور حکومت میں جن ملکوں اور علاقوں کو فتح کیا گیا ان میں عراق، شام، دمشق، حمس، یرموک، بیت المقدس، کساریہ، تکریت ، خوزستان، آذر بائیجان، تبرستان ، آرمینیہ، فارس، کرمان، سیستان، مکران ،خراسان، مصر، سکندریہ سمیت دیگر علاقوں کو فتح کیا اور اسلام کا پرچم سربلند کیا ۔

    حضرت عمر ؓ کے دور میں قائم ہونے والے محکمے

    محکمہ فوج، پولیس، ڈاک، بیت المال، محاصل، جیل، زراعت، آبپاشی اور تعلیم کے محکمہ جات کا قیام آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانے میں ہوا۔ اس سے پیشتر یہ محکمے موجود نہ تھے۔ ان محکموں کے قیام سے یکسر نظام خلافت، نظام حکومت میں بدل گیا تمام محکموں کے افسران اور ملازمین کی تنخواہیں مقرر کی گئیں۔

    ۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سب سے پہلے امیرالمومنین کہہ کر پکارے گئے۔

    ۔ آپؓ نے بیت المال کا شعبہ فعال کیا، مکاتب و مدارس کا قیام اور اساتذہ کی تنخواہیں

    ۔ اسلامی مملکت کو صوبوں اور ضلعوں میں تقسیم کیا عشرہ خراج کا نظام نافذ کیا ۔

    ۔ مردم شماری کی بنیاد ڈالی، محکمہ عدالت اور قاضیوں کے لئے خطیر تنخواہیں متعین کیں۔

    ۔ احداث یعنی پولیس کا محکمہ قائم کیا، جیل خانہ وضع کیا اورجلاوطنی کی سزا متعارف کی۔

    ۔ باقاعدہ فوج اور پولیس کے ملازمین بھرتی کئے گئے، سن ہجری جاری کیا، محصول اور لگان،

    ۔ زراعت کے فروغ کے لئے نہریں کھدوائیں، نہری اور زرعی نظام کو جدید تقاضوں میں ترتیب دیا گیا

    ۔ باقاعدہ حساب کتاب کے لئے مختلف شعبوں کا سربراہ مقرر کیا

    ۔ حرم اور مسجد نبوی کی توسیع، باجماعت نماز تراویح، فجر کی اذان میں الصلوٰۃ خیر من النوم کا اضافہ۔

    ۔ تمام محکمہ جات کے لئے دفاتر کا قیام، نئے شہروں اور صوبوں کا قیام

    ۔ تجارتی گھوڑوں پر زکوٰۃ کا اجراء۔ جہاد کے لئے باقاعدہ گھوڑوں کی پرورش کا اہتمام

    ۔ حربی تاجروں کو تجارت کی اجازت، مفلوک الحال، یہودیوں اور عیسائیوں کے لئے وظائف

    ۔ مکہ اور مدینہ کے درمیان مسافروں کے آرام کے لئے سرائیں اور چوکیوں کا قیام، بچوں کے وظائف،

    ۔ قیاس کا اصول رائج کیا، فرائض میں عدل کا مسئلہ ایجاد کیا

    ۔ امام اور موذن کی تنخواہ مقرر کی، مساجد میں وعظ کا طریقہ جاری کیا

    شہادت 

    اسلام کے اس عظیم سپوت کی فتوحات سے اہل باطل اتنے گھبرائے کے سازشوں کا جال بچھا دیا اور ستائیس ذی الحجہ کو ایک ایرانی مجوسی ابولولو فیروز نے نمازِ فجر کی ادائیگی کے دوران حضرت عمررضی اللہ عنہ کو خنجر مار کر شدید زخمی کر دیا۔

    یکم محرم الحرام 23 ہجری کو امام عدل و حریت ، خلیفہ راشد،نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاؤں کا ثمر، امیر المومنین ، فاتح عرب وعجم، مدینہ منورہ میں تریسٹھ سال کی عمر میں شہادت کے رتبے پرفائز ہوئے، آپ روضہ رسولﷺ میں انحضرتﷺ کے پہلو مبارک میں مدفن ہیں۔

     

    وہ عمر جس کے ا عداء پہ شیدا سقر
    اس خدا دوست حضرت پہ لاکھو ں سلام

  • مچھ، ٹرک الٹنے سے 3 افراد جاں بحق 13 زخمی

    مچھ، ٹرک الٹنے سے 3 افراد جاں بحق 13 زخمی

    مچھ : بلوچستان کے علاقے مچھ کے قریب مرکزی شاہراہ پر ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع بولان کے شہرمچھ کے قریب خانہ بدوشوں سے بھرا ٹرک مرکزی شاہراہ پر الٹ گیا جس کے باعث 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے اور 13 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کے باعث الٹ گیا تھا جس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے خانہ بدوش بمعہ ساز و سامان سوار تھے۔

    ریسکیو ادرے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں آغاز کردیا اور حادثے میں جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں زخمیوں کو امداد دی جا رہی ہے۔

    زخمیوں میں سے بھی بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جب کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی میتوں کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    ایف سی ذرائع کا کہنا ہے کہ خانہ بدوش ٹرک میں سامان سمیت کسی مقام پرمنتقلی کے لئے جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث ٹرک بے قابو ہو کرالٹ گیا تھا۔