لاہور : پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو چودہ رنز سے شکست دے دی، کپتان بسمعہ معروف میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں، پاکستان ویمن ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹوینٹی سیریز کا پہلا میچ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے جیت لیا، میچ میں بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم کو 14 رنز سے شکست ہوئی۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔
کپتان بسمعہ معروف نے34 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں عمائمہ سہیل نے 33، عالیہ ریاض نے 7، ارم جاوید نے 21اور سدرہ نواز نے 16 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش ٹیم کی جانب سے جہاں آراء عالم نے چار اوورز میں17 رنز دے کرچار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پنا گھوش، لتا مونڈل اور رومانا احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا ئے۔
رومانہ احمد نے نصف سنچری اسکور کی، دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں سنجیدہ اسلام نے 14، نگار سلطانہ نے 17، فرگانا حق نے9 رنز بنائے۔ انعم امین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بہترین کارکردگی پر کپتان بسمہ معروف کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان ویمن ٹیم نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں نے قذافی اسٹیڈیم میں فائنل پریکٹس کی، قومی ٹیم نے فٹنس کے ساتھ ساتھ نیٹ پریکٹس میں صلاحیتوں کونکھارا، کھلاڑیوں نے ٹریننگ کے دوران اللہ ہو کے نعرے بھی لگائے۔
مہمان ٹیم نے کنڈیشنز سےہم آہنگی کے لیے لمبے ٹریننگ سیشن میں جم کر پریکٹس کی، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھی ویمن کھلاڑیوں کو ٹپس دیں اوربنگلا دیشی ٹیم کے ساتھ فوٹو سیشن بھی کیا۔