پریٹوریا: پاکستان ویمن ٹیم نے جنوبی افریقا کو پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی ٹیم کو 5 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پریٹوریا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں جنوبی افریقا ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے، جواب میں قومی ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
جنوبی افریقا ویمن ٹیم کی کھلاڑی لیزل لی اور برٹز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئی، کلونے ٹراؤن 43 رنز بنا کر نمایاں رہیں، سیونی لوس 10 رنز بناسکیں۔
Nida Dar’s all-round display inspires Pakistan women to comfortable win in first T20I against South Africa#SAWvPAKW #BackOurGirls
More 🔽https://t.co/nBbhogu62x pic.twitter.com/ora5p0AM8w
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 15, 2019
قومی ویمن ٹیم کی اسپنر ثنا میر نے 3، ندا ڈار نے 2، عالیہ ریاض اور نشرہ سندھو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
عمیمہ سہیل 10 اور جویریہ رؤف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں، 29 رنز پر قومی ٹیم نے دو وکٹیں گرنے کے بعد بسمہ معروف اور ندا ڈار کے درمیان شاندار پارٹنر شپ قائم ہوئی۔
قومی ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار نے 53، 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ندا ڈار کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، قومی ویمن ٹیم کو 5 ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔