Tag: پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی

  • ملکی سطح پر اسمارٹ فونز کی تیاری کے سلسلے میں بڑی پیش رفت

    ملکی سطح پر اسمارٹ فونز کی تیاری کے سلسلے میں بڑی پیش رفت

    اسلام آباد: ملکی سطح پر اسمارٹ فونز کی تیاری کے سلسلے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، موبائل ڈیوائس کی مینوفیکچرنگ سے متعلق ریگولیشنز اور تصدیق کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل فونز کی تیاری سے متعلق قواعد و ضوابط اور موبائل فونز کی تصدیق کے سلسلے میں ایک ڈرافٹ تیار کر لیا ہے، اس ڈرافٹ کا مقصد موبائل فونز کی مقامی سطح پر تیاری کو فروغ دینا ہے۔

    پی ٹی اے کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ اس ڈرافٹ سے موبائل فونز کی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی، یہ ڈرافٹ موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے، موبائل فونز کی تیاری میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

    پی ٹی اے کے مطابق ڈرافٹ کی تیاری میں ٹیلی کام صارفین اور اسٹیک ہولڈرز سے تاثرات بھی لیے گئے ہیں، عوام بھی اپنے تاثرات 5 اکتوبر 2020 تک جمع کرا سکتے ہیں۔ پی ٹی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارہ اسمارٹ فونز کی ملکی سطح پر تیاری کے لیے کوشاں ہے۔

    بیرون ملک سے موبائل فون لانے والوں کے لیے خوش خبری، آرڈیننس جاری

    یاد رہے چند دن قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں اراکین کمیٹی نے مطالبہ کیا تھا کہ پی ٹی اے موبائل کمپنیوں کو عوام کو قسطوں پر فون دینے کا پابند کرے، جس پر پی ٹی اے جواب دیا تھا کہ ہم لائسنس دے دیں گے، کمپنیاں خود فور جی سپورٹ فون تیار کریں گی۔ کمیٹی کا مؤقف تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے لیے اسمارٹ فونز تک آسان رسائی ضروری ہے۔ پی ٹی اے نے کہا تھا کہ مقامی سطح پر موبائل تیاری کے لائسنس کا جلد اجرا کیا جائے گا۔

  • بند کی گئی سموں کی حتمی فہرست کل تک جاری کی جائے گی، پی ٹی اے

    بند کی گئی سموں کی حتمی فہرست کل تک جاری کی جائے گی، پی ٹی اے

    اسلام آباد: موبائل سمز کی بایئو میٹرک تصدیق کرانے کا وقت ختم ہوگیا، غیر تصدیق شدہ ڈھائی کروڑ سم بند کردی گئیں ہیں۔

    گزشتہ رات بارہ بجے موبائل سمز کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے مہلت ختم ہوگئی، رات بارہ بجے سے غیر تصدیق شدہ سمز کی کال اور ایس ایم ایس سروس معطل کر دی گئی۔

    پی ٹی اے کے مطابق بند کی گئی سمز کی حتمی فہرست کل تک جاری کی جائے گی۔

    غیر تصدیق شدہ سمز رکھنے والے صارفین کو ٹیلی فون کال کرنے اورسننے کی سہولت میسر نہیں رہی جبکہ ایس ایم ایس سروس بھی بند کر دی گئی ہے، غیر تصدیق شدہ سم سے صرف موبائل کمپنی کی ہیلپ لائن پر کال کی جاسکتی ہے۔

    ٹیلی کام ذرائع کے مطابق ایسے موبائل صارفین جنھوں نے گزشتہ رات بارہ بجے سے قبل اپنے زیر استعمال سموں کی بائیو میٹرک تصدیق نہیں کروائی وہ اب اپنی سم سے نہ تو کوئی فون کال کر سکتے ہیں اور نہ کوئی ایس ایم ایس بھیج سکتے ہیں۔

    ٹیلی کام ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی صارفین کی فون کال اور ایس ایم ایس کرنے کی سہولت بحال کی جائے گی، ذرائع کا مطابق بند ہونے والی سمز ایک سال تک کسی دوسرے شخص کو جاری نہیں کی جائیں گی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بند ہونے والی سمز کے اعدادو شمار کل تک پی ٹی اے کو دے دیئے جائیں گے، پی ٹی اے کے اعدادو شمار کے مطابق سات کروڑ اسی لاکھ سمز کی بائیو میٹرک تصدیق ہو سکی تھی جبکہ بائیو میٹرک تصدیق کی ڈیڈلائن ختم ہونے سے قبل تک ایک کروڑ ستر لاکھ سمز بند کی گئی تھیں۔

    پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے مطابق دس کروڑ تیس لاکھ سمز کی تصدیق کی جانا تھی، ذرائع کے مطابق تقریبا سات کروڑ اسی لاکھ سمز کی تصدیق کی گئی اور تقریبا ڈھائی کروڑ سمز کی تصدیق نہیں کرائی گئی۔