Tag: پاکستان پہنچ گئی

  • چیمپینز ٹرافی میزبان ملک پاکستان پہنچ گئی

    چیمپینز ٹرافی میزبان ملک پاکستان پہنچ گئی

    پاکستان اور بھارتی بورڈ کے درمیان کرکٹ تنازع کے بیچ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی چمچماتی ٹرافی میزبان ملک پاکستان پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپینز ٹرافی دبئی سے اسلام آباد پہنچا دی، شیڈول کے مطابق 16 نومبر سے چیمپینز ٹرافی ٹور کا آغاز ہونا ہے، 24 نومبر تک جاری رہنے والے ٹرافی ٹور کا آغاز اسکردو سے ہوگا۔

    اسکردو کے بعد چیمپینز ٹرافی کو کےٹو بیس کیمپ لے جایا جائے گا، یہ پہلا موقع ہے کہ چیمپینز ٹرافی شیڈول کے اعلان کے بغیر ہی ٹرافی ٹور شروع ہوگا۔

    چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک برقرار ہے تاہم پاکستان میں ٹرافی بھیجنے سے قبل آئی سی سی نے میگا ایونٹ کی نئی ویژول آئیڈنٹیٹی جاری کردی ہے جس میں پاکستانی رنگ نمایاں ہے۔

    آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کی نئی ویژول آئیڈنٹیٹی ویڈیو جاری کی ہے، ویڈیو میں چیمپئینز ٹرافی 2025ء پاکستان کا لوگو بھی نمایاں ہے جبکہ ٹرافی برانڈ کا نیا ٹائپو گرافک لوگو بھی جاری کردیا ہے۔

    اس ویڈیو میں کرکٹ کے یادگار لمحات کو دکھایا گیا ہے لیکن ویڈیو میں ایک اور خاص بات ہے، اس ویڈیو میں سب سے نمایاں رنگ پاکستانی نظر آ رہا ہے، پاکستان کا مشہور ٹرک آرٹ دکھایا گیا ہے جب کہ رکشے کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگا دکھایا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ پاکستانی کرکٹرز کے کئی ناقابل فراموش کارکردگی کے مناظر بھی اس ویڈیو کا حصہ ہیں۔ ان میں سابق چیمپئن کپتان سرفراز احمد کا لندن میں 2017 میں فائنل میں بھارت کو عبرت ناک شکست کے بعد چیمپئنز ٹرافی اٹھانے کا ناقابل فراموش منظر بھی شامل ہے۔

    آئی سی سی کلینڈر میں چیمپئنز ٹرافی 7 سال بعد کھیلا جارہا ہے، یہ ایونٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے اور پاکستان میزبان ہونے کے ساتھ اس ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

  • طیارے بنانے والی بوئنگ کمپنی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    طیارے بنانے والی بوئنگ کمپنی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    کراچی : طیارے بنانے والی بوئنگ کمپنی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، سی اے اے حکام ٹیم کو کراچی ایئرپورٹ، رن وے سے متعلق بریفنگ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق طیارے بنانے والی بوئنگ کمپنی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، بوئنگ کمپنی حکام کل کراچی ایئرپورٹ کادورہ کریں گے۔.

    ذرائع نے بتایا کہ سی اے اے حکام ٹیم کو کراچی ایئرپورٹ، رن وے سے متعلق بریفنگ دیں گے۔

    کمپنی حکام سی اے اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے جبکہ ٹیم کی پی آئی اے آفیشلز سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

    خیال رہے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کو حاصل کرنے میں دلچسپی رکھنے والی نجی کمپنیوں نے ایئر لائن کے روزانہ فلائٹ آپریشنز کے بارے میں تفصیلی معلومات طلب کی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کمپنیوں نے پی آئی اے کی روزانہ کی پروازوں بشمول اندرون ملک اور بین الاقوامی روٹس کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

    نجی کمپنیوں نے پریمیم پروازوں اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی سروس کے معاہدوں سے حاصل ہونے والی ایئرلائن کی آمدنی سے متعلق بھی معلومات طلب کیں۔

  • آئی ایم ایف کے تکنیکی ماہرین کی ٹیم  پاکستان پہنچ گئی

    آئی ایم ایف کے تکنیکی ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد :عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تکنیکی ماہرین کی ٹیم ایف بی آر حکام سے ٹیکس پالیسی پر مشاورت کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، ذرائع نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ماہرین آج سے ایف بی آر حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں ٹیکس ریونیو اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے مشاورت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ تکنیکی ماہرین کا وفد ایف بی آرکیساتھ تقریباًایک ہفتہ ٹیکس پالیسی پرمشاورت کرے گی ساتھ ہی ایف بی آر اور آئی ایم ایف تکنیکی وفد ٹیکس پالیسی میں ترامیم کیلئے اقدامات کریں گے۔

    ذرائع ایف بی آر نے کہا کہ ٹیکس پالیسی میں ترامیم کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہے اور ماہرین کی مشاورت کا مقصد زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنا ہو گا۔

    ریٹیلرز کیلئےاسکیم کا بنیادی ڈھانچہ بھی تکنیکی وفد کیساتھ ملکر تیار کیا جائے گا اور مزید 10لاکھ لوگوں کوٹیکس نیٹ میں لاکر ٹیکس ادا کرنیوالوں کی تعداد60لاکھ تک پہنچائی جائے گی۔

    تکنیکی وفد کے ساتھ مل کرٹیکس پالیسی میں ترامیم تیار کی جائیں گی اور تیار کی جانے والی ٹیکس ترامیم آئندہ بجٹ میں نافذالعمل ہوں گی۔

    ٹیکس پالیسی اورانفورسمنٹ میں بہتری کیلئےتکنیکی وفد معاونت کرے گا،آئی ایم ایف ماہرین کی ٹیم ایک ہفتہ تک پاکستان میں قیام کرے گی تاہم آئی ایم ایف ٹیم کاموجودہ قرض پروگرام اور اس کی قسط سےکوئی تعلق نہیں۔

  • کورونا  وائرس کیخلاف جنگ میں مدد ، چینی ڈاکٹروں کی ایک اور ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں مدد ، چینی ڈاکٹروں کی ایک اور ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد : کورونا کیخلاف جنگ میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں ، چین کے طبی ماہرین کی ایک اور ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، طبی ماہرین کورونا وائرس کے خلاف پاکستانی ڈاکٹرز کی مدد کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق چین کے طبی ماہرین کورونا وائرس سےنمٹنےکےلیے پاکستان کی مدد کو تیار ہے ، چین کے طبی ماہرین کی 7رکنی خصوصی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ، چینی ڈاکٹرز خصوصی طیارے پر شنگھائی سے اسلام آباد پہنچے۔

    چین کے طبی ماہرین کورونا وائرس کے خلاف پاکستانی ڈاکٹرز کی مدد کریں گے، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے ڈاکٹرز کو طبی جانچ اور اسکریننگ کے بعد اسلام آباد کے ہوٹلز میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل چین سےایک جہاز17ٹن طبی آلات اورحفاظتی سامان لیکر پاکستان پہنچا تھا ، اسلام آبادآنے والے جہاز میں30ایکسرے مشین ، 17000 پروٹیکٹیو سوٹ،1لاکھ 10ہزاراین95ماسک ، 20ہزارمیڈیکل ماسک اور82کارٹن سرجیکل گاؤن بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے 24 اپریل کو بھی چین سے 10 رکنی طبی ماہرین کی ٹیم جنرل ہوانگ کی سربراہی میں پاکستان پہنچی تھی، طبی ماہرین ماسک، گلوز، سینیٹائزر، ٹیسٹنگ کٹس اور حفاظتی لباس پر مشتمل سامان بھی ساتھ لائےتھے۔

    خیال رہے چینی سفیر نے کوویڈ19چیلنج سےنمٹنےکیلئےپاکستان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا چین کم آمدن رہائشی منصوبے میں سرمایہ کاری کی دلچسپی رکھتا ہے۔

  • چین پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش، چینی ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    چین پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش، چینی ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد : کورونا کیخلاف جنگ میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں، چینی ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، طبی ماہرین پاکستانی ڈاکٹرز کو تربیت دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے طبی ماہرین کورونا وائرس سےنمٹنےکےلیے پاکستان کی مدد کو تیار ہے، چین کے 10 رکنی طبی ماہرین پر مشتمل ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، طبی ماہرین جنرل ہوانگ کی سربراہی میں خصوصی طیارے پر اسلام آباد پہنچے۔

    طبی ماہرین ماسک، گلوز، سینیٹائزر، ٹیسٹنگ کٹس اور حفاظتی لباس پر مشتمل سامان بھی ساتھ لائے ہیں ، سامان کو اسپرے ہے بعد جہاز سے اتارا جارہا ہے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق طبی ماہرین پاکستانی ڈاکٹرز کی مدد کے لیے پاکستان پہنچے ہیں، اس سے قبل 16 چینی ڈاکٹر پاکستان سے دس اپریل کو واپس گئے تھے۔

    یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات آزمائش کی پر گھڑی میں پورا اترے ہیں، چین نے ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبا کا بھرپور خیال رکھا اور کرونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کو بھرپور تعاون فراہم کیا۔

    این سی او سی کے مطابق تجربات کے تبادلے کےلیے چینی طبی ماہرین نے پاکستان کا دورہ بھی کیا اور چین نے پاکستان کو 5 لاکھ 29 ہزار سے زائد این 95 ماسک ، ہزار 744 حفاظتی لباس، 10 ہزار کٹس اور 15 لاکھ سے زائد میڈیکل ماسک فراہم کیے۔

    خیال رہے چینی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ پاکستان کو طبی سامان کی فراہمی کی تیاری کر رہے ہیں، چین آئسولیشن کیلئے ایک عارضی اسپتال بنانے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1296 تک جا پہنچی ہے۔

  • تمام کھلاڑی اپنی مرضی سے پاکستان آئے ہیں، سربراہ زمبابوے ٹیم

    تمام کھلاڑی اپنی مرضی سے پاکستان آئے ہیں، سربراہ زمبابوے ٹیم

    لاہور: زمبابوے کرکٹ ٹیم کے وفد کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہم یہاں کرکٹ کھیلنے آئیں ہیں، حکومت نے ٹور کرنے کا فیصلہ ہم پر چھوڑدیا تھا، تمام کھلاڑی اپنی مرضی سے پاکستان آئے ہے۔

    میڈیا سے گفتگو میں سربراہ زمبابوے ٹیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں،اوزایو بووٹا ہم یہاں کرکٹ کھیلنے آئےہیں اورکرکٹ کھیلیں گے۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے اور بھائیوں سے ملنے آئے ہیں، پاکستانی حکومت اور پی سی بی کی کاوشوں سے خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستانی کرکٹ شائقین کے چہروں پر خوشی واپس لائے گی۔

    اس موقع پر زمبابوے ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کے انتظامات سے مطمئن ہیں، پاکستان ہوم گراؤنڈ پر سخت حریف ثابت ہوگا۔

    زمبابوے ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے بے انتہا پیار کرتے ہیں اور وہ اپنے ملک میں اپنے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

     ان کا کہنا تھا کہ اُمید ہے کہ پاکستان کے خلاف عمدہ پرفارمنس دیں گے اوردونوں ممالک کے درمیان اچھی سیریز کی توقع ہے۔

  • زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    لاہور: چھ سال سے جاری انتظار آخرکار ختم ہوگیا، زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے ویران گراؤنڈز کی رونقیں بحال کرانے لاہور پہنچ گئی۔

    پاکستان کے ویران گراؤنڈز کی رونقیں اب بحال ہونگی، پاکستان میں چھ سال بعد پہلی غیرملکی کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی، زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بھی کھل گئے۔

     

    زمبابوے کرکٹ ٹیم ایمریٹس کی فلائٹ ای کے چھ سو بائیس کے ذریعے لاہور پہنچی تو ائیر پورٹ پر صوبائی وزیرِ کھیل رانا مشہود، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان اور پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سمیت اعلیٰ حکام نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا اور مہمان ٹیم کو گلدستے پیش کئے۔

    لاہورائیرپورٹ سے زمبابوے کی ٹیم کو لاہور کے مقامی ہوٹل منتقل کیا گیا ،فول پروف سیکیورٹی کےلئے ہوٹل کو چاروں اطراف سے سیل کر دیا گیا تھا، ہوٹل کے داخلی،خارجی راستوں اور ہوٹل کےاندر پولیس اورایلیٹ فورس کے کمانڈوز کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے رینجزر کی پلاٹون کو بھی تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔      

    زمبابوے کرکٹ ٹیم اپنے دورے کے دوران دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلے گی، ایلٹن چگمبورا زمبابوے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز بائیس اور چوبیس مئی جبکہ ون ڈے میچز چھبیس ،انتیس اور اکتیس مئی کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔