اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان وفاقی بجٹ پر معاملات طے پا گئے ہیں۔
پی پی ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ کو ووٹ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، پی پی نے حکومت کو ووٹ کے فیصلے سے باضابطہ آگاہ کر دیا۔
حکومت نے بجٹ پر پیپلز پارٹی کے اکثر مطالبات تسلیم کر لیے ہیں، اس سلسلے میں بلاول بھٹو کو بجٹ پر حکومت سے مذاکرات پر بریفنگ دی گئی، چیئرمین پی پی نے حکومت سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کو شاباش دی۔
ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو کی بجٹ تقریر کے نکات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، وہ آج قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کریں گے، بجٹ تقریر آدھے گھنٹے سے زائد دورانیہ کی ہوگی، تقریر میں بلاول دورہ امریکا، برطانیہ، یورپ کا ذکر کریں گے۔
پاکستان کی ایران پر امریکی حملے کی مذمت، عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو بجٹ نکات پر اپنی جماعت کا مؤقف پیش کریں گے، سندھ سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کا ذکر کریں گے، اور صوبہ سندھ کے بجٹ کے اہم نکات پر روشنی ڈالیں گے، بلاول بھٹو ملک کو درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنے کی بات بھی کریں گے، پی پی چیئرمین اپنی بجٹ تقریر میں سیاسی مفاہمت پر زور دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ملازمین کی کم از کم تنخواہ کی حد اور پنشن بڑھانے کے مطالبے سے دست بردار ہو گئی ہے، پی پی سرکاری ملازم کی بیوہ کو تا عمر پنشن ادائیگی کے مطالبے سے بھی دست بردار ہو گئی ہے، حکومت نے پیپلز پارٹی کی بعض تجاویز ماننے سے انکار کر دیا تھا۔