Tag: پاکستان پیپلز پارٹی

  • خرم شیر زمان بلاول ہاؤس کے آس پاس کتوں کی بڑھتی تعداد سے پریشان

    خرم شیر زمان بلاول ہاؤس کے آس پاس کتوں کی بڑھتی تعداد سے پریشان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کلفٹن بلاک 2 میں رات بھر کتے سونے نہیں دیتے، بلاول ہاؤس کے سامنے ہزاروں کی تعداد میں کتے جمع ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض اٹھاتے ہوئے کلفٹن بلاک ٹو میں موجود ہزاروں آوارہ کتوں کی موجودگی پر شکایت کی۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ بختاور پارک بھی نشے کے عادی افراد کی آماج گاہ بن چکا ہے، 2 افراد کی لاشیں بھی پارک سے ملیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلاک ٹو میں سیوریج کا پانی جمع ہے، سڑکیں بھی ٹوٹی ہوئی ہیں۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  کراچی میں پانی کامسئلہ حل کرنے کے لیے وفاق کا بڑا فیصلہ

    صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ نے بھی کہا کہ خرم شیر زمان نے درست نشان دہی کی ہے، کلفٹن بلاک 2 میں مندر بھی ہے، جس کے سامنے سے ڈی جی پارک کچرا اٹھانے نہیں دیتا۔

    مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ شہر کے مئیر صاحب ایسی حرکت کریں گے تو میں فلور پر آواز اٹھاؤں گا۔ جس پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ ان کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں بلوائیں اور جواب طلب کریں۔

    سابق وزیر بلدیات سعید غنی نے اسمبلی میں کہا کہ پانی کی نئی لائنیں ڈالی جائیں گی اور کچرا بھی صاف ہوگا۔

  • کراچی کا کچرا صاف کرنے کا ٹاسک میرے چیئرمین نے دیا: وزیر بلدیات

    کراچی کا کچرا صاف کرنے کا ٹاسک میرے چیئرمین نے دیا: وزیر بلدیات

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کا کچرا صاف کرنے کا ٹاسک مجھے میرے چیئرمین نے دیا، سندھ میں ہماری حکومت ہے اس لیے کراچی میں کچرا صاف کرنے کی 100 فی صد ذمہ داری ہماری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خصوصی نشریات ’کراچی سب کا ۔۔ کراچی کا کوئی نہیں‘ میں بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں روزانہ 15 سے 16 ہزار ٹن کچرا اکھٹا ہو رہا ہے۔

    ایسا نظام بنانا ہے جس سے کراچی سے ہمیشہ کے لیے کچرا ختم ہو جائے، بلاول بھٹو نے مجھے ٹاسک دیا ہے، اسے پورا کر کے دکھاؤں گا۔

    انھوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سندھ حکومت کے ماتحت آتی ہے، یہ کام کر رہا ہے، تاہم اسے مزید بہتر کیا جا رہا ہے، کراچی سب کا ہے، سب کو ایک ہونا ہوگا، کراچی میں جو کوتاہیاں، کمیاں رہ گئی ہیں اسے ٹھیک کریں گے۔

    وسیم اختر کا مؤقف:  قانون کے تحت کچرا صاف کرنا سندھ حکومت کا کام ہے، کراچی کو تقسیم کردیا گیا

    وزیر بلدیات کا پروگرام میں کہنا تھا کہ وہ موجودہ کارکردگی سے 100 فی صد مطمئن نہیں ہیں، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کی کارگردگی 100 فی صد نہیں رہی، تمام یوسیز کے چیئرمین کو آن بورڈ لے کر ہی کچھ کریں گے، بہت جلد کراچی کے حوالے سے بہتری آئے گی۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے بعد کراچی کے کچرے پر مکمل حل کی طرف جائیں گے، عاشورہ کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیں گے۔

    مصطفیٰ کمال کا مؤقف:  میرے پاس بھی وہی اختیارات تھے، جو آج وسیم اختر کے پاس ہیں

    انھوں نے کراچی میں صفائی کے سلسلے میں وفاقی وزیر علی زیدی کے اقدامات کی تعریف کی، اور کہا کہ ان کے اقدامات سے بہتری آئی ہے۔

    ناصر شاہ نے کا کہ وہ وزیر بلدیات رہیں گے تو کراچی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، انھوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ حکومت نے شہری حکومت کو 55 کروڑ روپے دیے ہیں۔

  • سینیٹ اجلاس: اپوزیشن کا احتجاج، پی ایم ڈی سی بل واپس، کشمیریوں کا ساتھ دینے کا عزم

    سینیٹ اجلاس: اپوزیشن کا احتجاج، پی ایم ڈی سی بل واپس، کشمیریوں کا ساتھ دینے کا عزم

    اسلام آباد: آج سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے بھرپور احتجاج کے باعث دو بل واپس لے لیے گئے، جب کہ اجلاس میں متفقہ طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ظلم کے شکار کشمیریوں کا ساتھ دینے کا عزم کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل بل سے متعلق کمیٹی رپورٹ پیش کی گئی، جس پر اپوزیشن اراکین نے شدید احتجاج کیا، اپوزیشن رہنما راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ہم یہ رپورٹ پیش نہیں ہونے دیں گے، کوشش کی گئی تو ہنگامہ برپا ہو جائے گا۔

    دریں اثنا، سینیٹر شیری رحمان نے پی ایم ڈی سی آرڈیننس 2019 مسترد کرنے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی جسے منظور کر لیا گیا۔ حکومت نے بھی بل واپس لے لیا۔

    اجلاس میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی بل بھی واپس لے لیا گیا، تاہم ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ ترمیمی بل 2019 ایوان میں منظور کیا گیا، یہ بل وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی نے پیش کیا۔

    پی ایم ڈی سی بل پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ہم اس کے حوالے سے اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار ہیں، اپوزیشن کی مشاورت سے بل ایوان میں لائیں گے۔

    سینیٹر شبلی فراز نے سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کے لیے تعلیم اور صحت سے متعلق قانون سازی کرنی ہے، ایوان میں دو رخی پالیسی نہیں چلے گی، پی ایم ڈی سی آرڈنینس کمیٹی رپورٹ پر سب کے دستخط ہیں، پی ایم ڈی سی سے پہلے اور اب بھی مفادات وابستہ ہیں، پیپلز پارٹی کے بل کے حوالے سے مفادات جڑے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اپوزیشن سینیٹرز کے بارے میں بتایا تو باہر منھ نہیں دکھا سکیں گے، ہمیں عوام کے لیے قانون سازی کرنی ہے، مافیاز کا خیال نہیں رکھنا۔

    سینیٹر شبلی فراز کے ریمارکس پر پی پی سینیٹرز نے ایوان میں شدید احتجاج کیا، شیری رحمان نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے یہاں مفادات کی بات ہو رہی ہے، پاکستان میڈیکل ایسوی ایشن نے بھی اس آرڈیننس کو مسترد کیا ہے، وفاقی حکومت سرکاری اسپتالوں پر اپنا کنٹرول چاہتی ہے، وہ جو کرنے جا رہی ہے وہ خطرناک ہے۔

    دریں اثنا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ دی کہ ایوان کا ماحول خراب نہ کریں، ضروری سمجھا گیا تو بل کو کمیٹی میں بھیجنے پر غور کریں گے، قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف سے مشاورت کے بعد فیصلہ ہوگا۔

    مقبوضہ کشمیر


    سینیٹ کے اجلاس میں راجہ ظفر الحق نے کشمیر کے مسئلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر نے جو بیان دیا ہمیں اس سے خوشی ہے، کشمیر کی صورت حال پر زیادہ ردِ عمل بنگلا دیش کی طرف سے آیا ہے، بنگلا دیش نے بھارت کے خلاف بہت بڑا جلوس نکالا، ملکوں کے تعلقات ایسے ہی آگے بڑھنے چاہئیں، دنیا کی بڑی طاقتوں نے کشمیر پر کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چین، ترکی اور ایران نے بھرپور مؤقف اختیار کیا ہے، کشمیر کے عوام نے جو پاکستان سے توقع رکھی تھی وہ پوری ہو رہی ہے، امریکی صدر نے کہا مجھے کہا گیا کہ ثالثی کا کردار ادا کروں، قائد اعظم کے وژن کو آج ان کے مخالفین بھی قبول کر رہے ہیں۔

    سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ جس پر متحد ہے وہ مسئلہ کشمیر ہے، پاکستان ہر مقام پر کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ہر دور میں آزادی قربانی دے کر ہی حاصل کی جاتی ہے، مقبوضہ کشمیر پر مظالم حکومت کو اسلام آباد پر حملہ تصور کرنا چاہیے۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمیں کشمیری بہنوں، ماؤں اور بیٹیوں کو اپنا سمجھنا چاہیے، ہمیں دکھ کی گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، حکومت کو از خود اعلان کرنا چاہیے ہمیں شملہ معاہدہ منظور نہیں۔

  • آصف زرداری کا پمز کارڈیک سینٹر کے وی آئی پی روم میں علاج جاری

    آصف زرداری کا پمز کارڈیک سینٹر کے وی آئی پی روم میں علاج جاری

    اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری کا پمز کارڈیک سینٹر کے وی آئی پی روم میں علاج جاری ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے خون اور پیشاب کے تمام ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹرز کی تجویز پر آصف علی زرداری کو علاج کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے خون اور پیشاب کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

    سابق صدر کے بلڈ اور یورین ٹیسٹس کی رپورٹس رات تک موصول ہوں گی، ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آصف زرداری کی گردن اور کمر کا ایم آر آئی کیا گیا ہے، سینے کا ایکسرے بھی کیا گیا۔

    اسپتال ذرایع نے بتایا کہ آصف زرداری کو گردن اور کمر کے مہروں میں شدید تکلیف ہے، سابق صدر کو ہاتھ، پیر سن ہونے کی شکایت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

    میڈیکل بورڈ نے کل سے سابق صدر کی فزیوتھراپی شروع کرانے کا فیصلہ کیا ہے، آصف زرداری کو اس دوران ٹی وی، صوفہ، اے سی، اسٹڈی ٹیبل کی سہولیات بھی دی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، شیری رحمان نے کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے لیکن انھیں اسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا ہے۔

    دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد بغیر کسی جرم جیل میں قید ہیں، ڈاکٹرز نے ان کو اسپتال منتقل کرنے کی ایڈوائس دی ہے لیکن حکومت ڈاکٹرز کی اسپتال منتقل کرنے کی ہدایات کو نہیں مان رہی۔

  • میئر کراچی کے استعفے کی کوئی خواہش نہیں: وزیر بلدیات سندھ

    میئر کراچی کے استعفے کی کوئی خواہش نہیں: وزیر بلدیات سندھ

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل سے متعلق سب کو آن بورڈ لیا جائے گا، میئر کراچی استعفا دیں اس کی کوئی خواہش نہیں، کوشش ہوگی سب کو ساتھ لے کر چلیں۔

    ان خیالات کا اظہار وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ شہر کی صفائی سے متعلق تمام متعلقہ حکام اور نمایندوں سے بات کریں گے۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کچرا اٹھانے کے لیے جاری کاموں میں تیزی لائیں گے، کچرے کے لیے ڈمپنگ سائٹس بھی بہتر کریں گے، کراچی کے مسائل حل ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسا ہے، فنڈز کی صورت میں عوام پر ہی خرچ کیا جاتا ہے، عوام ٹیکس دیتے ہیں، کسی ادارے کا آڈٹ ہوتا ہے تو ناراض نہیں ہونا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفی کمال کو معطل کردیا

    انھوں نے کہا کہ علی زیدی کی مہم اچھی تھی، کچرا صاف ہو رہا تھا، علی زیدی نے جن کو کام سونپا تھا وہ کچرا ڈمپنگ سائٹس تک نہیں پہنچا رہے تھے، وفاقی وزیر نے نوٹس لیا جس کے بعد کچرا لینڈ فل سائٹس پہنچایا جا رہا ہے۔

    یہ بھی ملاحظہ کریں: کراچی : سندھ حکومت نے میئر کراچی وسیم اختر سے استعفے کا مطالبہ کردیا

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سب کو ہدایات دی ہیں کہ کچرا لینڈ فل سائٹس تک پہنچائیں، کراچی میں کچرا ضرور ہے لیکن کوشش بھی کی جا رہی ہے کہ اس کی صفائی ضرور ہو، وعدہ کرتا ہوں ڈیڈ لاک جلد ختم کر دیا جائے گا اور کچرا اٹھا لیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا ’میں درخواست کرتا ہوں کہ جو تھوڑا بہت کام ہم کر رہے ہیں، اس کو بھی میڈیا پر دکھایا جائے۔‘

  • اعتزاز احسن نے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بلاک کرنے کی درخواست کر دی

    اعتزاز احسن نے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بلاک کرنے کی درخواست کر دی

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے اپنے نام سے بنے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کی شکایت کرتے ہوئے ایف آئی سے درخواست کی ہے کہ جعلی اکاؤنٹ کو بلاک کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے حکام نے تصدیق کی ہے کہ اعتزاز احسن نے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کی شکایت کی ہے، پی پی رہنما کی جانب سے درخواست دی گئی ہے کہ جعلی ٹویٹراکاؤنٹ بلاک کیا جائے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ٹویٹر انتظامیہ بند ٹویٹر اکاؤنٹ کا ڈیتا نہیں دیتی، ٹویٹر اور فیس بک انتظامیہ اپنی مرضی کا ڈیٹا دیتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیریوں کے حق میں آواز، ٹویٹر انتظامیہ کا صدر پاکستان کو بھی نوٹس

    پی پی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ان کے نام پر مختلف ٹویٹر اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں، جو ان کے لیے پریشانی کا باعث ہیں۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل بھارتی حکومت نے ٹویٹر انتظامیہ کو وفاقی وزیر مراد سعید کا اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست دی تھی، مراد سعید نے مقبوضہ وادی کے بد ترین حالات پر ٹویٹ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی حکومت کی ٹویٹر انتظامیہ سے مرادسعید کا اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست

    دو دن قبل مسئلہ کشمیر اور بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر ٹویٹر انتظامیہ نے صدر پاکستان عارف علوی کو بھی نوٹس بھیج دیا تھا، شیریں مزاری کا کہنا تھا ٹویٹر بد معاش مودی کا ترجمان بننے کے چکر میں حدیں عبور کر گیا ہے۔

  • پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

    پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، شیری رحمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے تجویز دی کہ آصف زرداری کو اسپتال منتقل کیا جائے، لیکن انھیں تجویز کے بعد بھی جیل میں رکھا جا رہا ہے۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی صحت کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے، حکومت انتقام کی ضد پر اڑی ہے، حکومت پی پی کو جھکا نہیں سکتی۔

    پی پی رہنما نے مزید کہا کہ آصف زرداری کو جیل میں علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو نے آصف زرداری کی صحت پر تشویش کا اظہار کر دیا

    دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کسی جرم میں قید جیل میں والد سے ملاقات کی، ڈاکٹرز نے ان کو اسپتال منتقل کرنے کی ایڈوائس دی، لیکن حکومت ڈاکٹرز کی اسپتال منتقل کرنے کی ہدایات کو نہیں مان رہی۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سرکاری ڈاکٹرز کی ہدایات نہ ماننے پر عدالت جا رہے ہیں، آصف زرداری کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

    واضح رہے کہ آصف زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جیل بھیجا گیا ہے، دس دن قبل احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 ستمبر تک توسیع کی تھی۔

  • بلاول بھٹو نے آصف زرداری کی صحت پر تشویش کا اظہار کر دیا

    بلاول بھٹو نے آصف زرداری کی صحت پر تشویش کا اظہار کر دیا

    راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے والد آصف علی زرداری کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال بھیجنے کا مشورہ دیا، لیکن علاج میں غفلت برتی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال بھیجنے کا مشورہ دیا ہے لیکن آصف زرداری کے حوالے سے ڈاکٹرز کی تجاویز پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میری جماعت اور خاندان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، سیاسی مخالفین کی عورتوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے، آصف زرداری اور فریال تالپور کو کوئی سزا نہیں ہوئی، فریال تالپور کو اسپتال سے جیل غیر قانون طریقے سے لایا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا دین بھی ہمیں سکھاتا ہے کہ عورت کا احترام کرنا چاہیے، کسی دباؤ کی وجہ سے ہم اپنا نظریہ نہیں بدلیں گے۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  ویسٹ مینجمنٹ کرپشن کیس، نیب کا تحقیقات کیلیےشہباز شریف کے گھرٹیم بھیجنے کا فیصلہ

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آمروں کا مقابلہ کر کے انھیں اقتدار سے ہٹایا، 18 ویں ترمیم پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، پیپلز پارٹی ماضی میں بھی یہ سب دیکھ چکی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو ظلم پاکستان کے عوام سے ہو رہا ہے وہ برداشت نہیں کیا جائے گا، کسانوں اور غریبوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے، ٹیکسوں کا طوفان کھڑا کر کے عوام پر مزید ظلم کیا جا رہا ہے۔

  • ن لیگ بلیک میلنگ کر رہی ہے، کہتی ہے اور بھی ویڈیوز ہیں: اعتزاز احسن

    ن لیگ بلیک میلنگ کر رہی ہے، کہتی ہے اور بھی ویڈیوز ہیں: اعتزاز احسن

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ن لیگ والے کہتے ہیں ہمارے پاس اور بہت ساری ویڈیوز ہیں، ن لیگ والے بلیک میل کر رہے ہیں، کیا ن لیگ نے بلیک میلنگ کے لیے ایسی ویڈیوز بنا رکھی ہیں؟

    ان خیالات کا اظہار وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں کر رہے تھے، اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت نے کہا اصلی ویڈیو پیش کی جائے تو اس کا فرانزک ہو سکتا ہے، ن لیگ نے تو ویڈیو عدالت میں پیش ہی نہیں کی، اگر مریم نواز نے ویڈیو پیش کی تو خود ان پر فرد جرم عائد ہو جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ ن لیگ کی ذمہ داری ہے اصلی ویڈیو عدالت میں پیش کرے، ویڈیو بنانے والے کو بھی پیش کرنا ن لیگ کی ذمہ داری ہے، ان کے پاس بغیر ایڈٹ شدہ ویڈیو ہے تو بھاگ کر عدالت جانا چاہیے تھا، ویڈیو کاٹ کر پیش کی گئی، یہ تو خود اندر ہو جائیں گے۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ویڈیو کو 2 ماہ ہو گئے اب تک ن لیگ والے کچھ ثابت نہیں کر سکے، ن لیگ کی قیادت نے نواز شریف کے ساتھ اچھا نہیں کیا، خواجہ حارث ان کے ساتھ بیٹھے ہوتے تو وہ انھیں ایسا نہ کرنے دیتے، بہ طور قیدی نواز شریف سے ہم دردی ہے لیکن قانون پر عمل ہونا چاہیے۔

    اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ ن لیگ نے جسٹس قیوم کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا تھا، سیف الرحمان، جسٹس راشد عزیز مرحوم کی آڈیو ٹیپس بھی چلی تھیں، جج کی پرانی ویڈیو عدالت میں ثابت ہو جائے تو حدود کا کیس بن سکتا ہے، ایک ویڈیو سے جج کے تمام فیصلے ختم نہیں ہو سکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو ثابت کرنا ہوگا شکار کو پھندے میں لانے کی کوشش نہیں کی، ن لیگ نے ویڈیو مہیا نہیں کی تو معاملہ ہائی کورٹ میں نہیں آئے گا، عدالت میں معاملہ جب جائے گا جب یہ ویڈیو اور حلفیہ بیان دیں گے۔

    پی پی رہنما نے کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بھی تبصرہ کیا، انھوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں 90 لاکھ کشمیریوں کو قید کر دیا ہے، بھارتی فوج قبضہ گیر بن چکی ہے، عالمی عدالت میں ہم شاید یہ معاملہ نہ اٹھا سکیں لیکن جرائم کے خلاف عالمی عدالت موجود ہے، جرائم کے خلاف عالمی عدالت میں بوسنیا کے قاتل میلا سووچ کا مقدمہ بھی چلا۔

  • مقبوضہ کشمیر کی آزادی بلاول بھٹو کا مشن ہے: آصف زرداری

    مقبوضہ کشمیر کی آزادی بلاول بھٹو کا مشن ہے: آصف زرداری

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی بلاول بھٹو کا مشن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کا بیان پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری کیا گیا، انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت تڑپ رہی ہے، بلاول کا مشن مقبوضہ کشمیر کی آزادی ہے۔

    آصف زرداری نے کہا کہ مودی کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ جیتے گا تو مسئلہ کشمیر حل ہوگا، کیا انھوں نے خواب دیکھا تھا کہ مودی کی جیت سے امن آئے گا، مودی سے امن کی امید رکھنے والے احمق ہیں۔

    پی پی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ بھارت زیادہ دیر کشمیر پر قابض نہیں رہ سکتا، ان حالات میں صدر اور وزیر اعظم کو عالمی رہنماؤں سے ملنے جانا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری اورفریال تالپور کوجیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد

    خیال رہے کہ آج اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس دینے کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت نے درخواستیں مسترد کر دیں تاہم اضافی سہولتیں دینے کی منظوری دیتے ہوئے ہفتے میں 2 دفعہ اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی۔

    ادھر گزشتہ روز احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو آیندہ سماعت پر منی لانڈرنگ ریفرنس کی کاپیاں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔