Tag: پاکستان کا

  • پاکستان کا نیدرلینڈز کے رکن پارلیمنٹ کے گستاخانہ ٹویٹ پر شدید احتجاج

    پاکستان کا نیدرلینڈز کے رکن پارلیمنٹ کے گستاخانہ ٹویٹ پر شدید احتجاج

    اسلام آباد: پاکستان نے نیدرلینڈ زکے رکن پارلیمنٹ کے گستاخانہ ٹویٹ پر شدید احتجاج کیا اور نیدرلینڈز کے پاکستان میں تعینات سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے تحفظات سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کے ملعون ڈچ سیاست دان گیرٹ وولڈرز کے گستاخانہ ٹویٹ پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے سفیر کو پاکستانی حکومت اور عوام کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا۔

    سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، ایسے امتیازی واقعات نفرت اور عدم برداشت کا باعث بنتے ہیں۔

    سیکریٹری خارجہ نے نیدرلینڈز حکومت سے واقعہ کی مذمت کی اور مناسب اقدامات کا مطالبہ کیا، نیدرلینڈ زکے سفیر نے پاکستان کے تحفظات متعلقہ حکام کو پہنچانے کی یقین دہانی کرادی۔

    مزید پڑھیں: گستاخانہ خاکے ہرمسلمان کامسئلہ ہے، اقوام متحدہ کےسامنے معاملہ اٹھائیں گے: وزیراعظم

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ گستاخانہ خاکے ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، اقوام متحدہ کے سامنے یہ معاملہ اُٹھائیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا تھا کہ تمام مسلمان ممالک مل کرہی مغرب کو سمجھا سکتے ہیں، مسلمان ممالک اوآئی سی کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر یواین کو اپنے تحفظات سے آگاہ کریں.

    یہ پڑھیں: گستاخانہ خاکے: ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست پرسماعت

    خیال رہے کہ عدالت نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر نیدر لینڈ زسے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے کیس کی سماعت 15 جنوری 2019 تک ملتوی کر دی تھی۔

  • پاکستان کا امریکا سے پُرامن جوہری ٹیکنالوجی کا مطالبہ

    پاکستان کا امریکا سے پُرامن جوہری ٹیکنالوجی کا مطالبہ

    واشنگٹن:  پاکستان نے امریکی حکام کو کہا ہے کہ پُرامن جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی توانائی کے بحران کے شکار ملک کی سماجی و معاشی ترجیح ہے۔

    پاکستان نے امریکی حکام پر واضح کیا ہے کہ بھارت اور امریکہ کےدرمیان سول جوہری تعاون کے معاہدے جیسا معاہدہ پاکستان کا بھی حق ہے، مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکا کو ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ وہ خطے میں جوہری دھماکے کرنے میں پہل نہیں کرے گا۔

    پاکستان اور امریکا کے درمیان سیکیورٹی، اسٹرٹیجک استحکام اور جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق قائم ورکنگ گروپ کے درمیان واشنگٹن میں مذاکرات کے ساتویں دور کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں پاکستان کی جانب سے سختی سے ان تجاویز کی مخالفت کی گئی جس میں یکطرفہ طور پر اس کے جوہری اثاثوں میں کمی لانے کوکہا گیا اور روایتی ہتھیاروں میں ہندوستان کے ساتھ عدم توازن میں کمی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

    ان مذاکرات سے ایک روز قبل سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے واشنگٹن میں ایک بریفننگ کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کو بھی اسی طرح کی سول جوہری تعاون کے معاہدے کا حق ہے، جیسا امریکا نے ہندوستان کے ساتھ کیا ہے۔

    پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے اپنی بریفننگ کے دوران کہا تھا کہ پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی پی پر دستخط نہیں کرے گا کیونکہ وہ امتیازی ہے۔

    پاکستان نے اصرار کیا کہ اس کے جوہری پروگرام پر توجہ کی واحد وجہ ہندوستان کے جوہری خطرے سے نمٹنا ہے اور وہ اسی صورت میں ایک معاہدے میں شمولیت اختیار کرسکتا ہے جب اس کی تشویش کا ازالہ کیا جائے۔

  • پاکستان کا ڈرون حملے میں 2غیرملکیوں کی ہلاکت پراظہارِافسوس

    پاکستان کا ڈرون حملے میں 2غیرملکیوں کی ہلاکت پراظہارِافسوس

    اسلام آباد: پاکستان نے جنوری میں ڈرون حملے میں دوغیرملکیوں کی ہلاکت پرافسوس کا اظہار کیا ہے، ہلاک ہونے والوں میں ایک امریکی اورایک اطالوی شہری تھا۔

    پاکستان کی جانب سے ان گنت بار ڈرون حملوں کی مذمت کے باوجود قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، اب تک ہزاروں پاکستانی ان ڈرون حملوں میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں لیکن جنوری میں قبائلی علاقے میں ڈرون میزائل نے امریکی شہری کو ہی نشانہ بنا ڈالا۔

    امریکی صدر باراک اوباما نے امریکی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ڈرون حملے میں اطالوی اورامریکی شہری کی ہلاکت پراظہارِافسوس کیا گیا۔

    دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان طویل عرصے سے ڈرون حملوں کی مخالفت کررہا ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کا نقصان اٹھا چکا ہے۔

    ڈرون حملے میں غیرملکیوں کی ہلاکت ٹیکنالوجی کے غیرمحفوظ استعمال کا نتیجہ ہے۔

  • پاکستان کا یمن میں فضائی کارروائی روکنے کا خیرمقدم

    پاکستان کا یمن میں فضائی کارروائی روکنے کا خیرمقدم

    اسلام آباد: پاکستان نے یمن میں عرب اتحاد کی جانب سے فضائی کارروائیاں روکنے کا خیر مقدم کیا ہے، پاکستان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مسئلے کے حل میں مدد ملے گی۔

    دفترِخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی زیرِقیادت اتحادیوں کے حملے ختم کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ حملے رکنے سے یمن کے مسئلے کا سیاسی حل ڈھونڈنے کے لئے فضا سازگار ہوگی، سعودی عرب اوراتحادی ملکوں نے یمن میں باغیوں کے خلاف چارہفتوں سے جاری فضائی حملے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ حملے یمن کی حکومت اورصدر منصورہادی کی درخواست پر ختم کئے گئے ہیں، حملوں کے خاتمے کے بعد یمن میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔