Tag: پاکستان کاکس

  • بلاول بھٹو نے امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی

    بلاول بھٹو نے امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو نے امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ رات امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں اور ہمارے ساتھ پاک امریکا تعلقات کا پچھتر سالہ جشن منائیں۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے تعلقات میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

    چیئر پرسن پاکستان کاکس شیلا جیکسن لی نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کیا، انھوں نے کہا پاکستانی معیشت کے لیے کاکس آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے۔ شیلا جیکسن لی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو دورہ ہیوسٹن کی دعوت بھی دی۔

    وزیر خارجہ بلاول نے موسمیاتی تبدیلی، توانائی، صحت، سلامتی اور تجارت پر دوطرفہ مصروفیات میں حالیہ رفتار کو سراہا۔

    انھوں نے خاص طور پر اقتصادی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، بلاول نے دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام، کاروبار سے کاروبار اور پارلیمانی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔

  • امریکا کو متاثرہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا: شیلا جیکسن

    امریکا کو متاثرہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا: شیلا جیکسن

    واشنگٹن: امریکی کانگرس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر سے متعلق امریکی کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن نے وزیر خارجہ پومپیو کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    شیلا جیکسن نے لکھا کہ امریکا کو کشمیر کے متاثرہ خاندانوں اور بچوں کے حقوق کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، مذاکرات کے ذریعے کشمیر جیسے متنازع علاقے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ کو لکھے گئے خط میں جنرل اسمبلی سیشن میں دو طرفہ مذاکرات کا اہتمام کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر: امریکی رکن کانگریس شیرس ڈیوڈز کا بھی پومپیو کو خط

    خط میں لکھا گیا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی نے علاقے میں کشیدگی کو جنم دیا ہے، بھارت کو کشمیریوں پرعاید پابندیاں فوری ختم کرنی چاہئیں، مواصلاتی نظام بحال ہونا چاہیے اور مریضوں کو سہولتیں ملنا چاہئیں۔

    شیلا جیکسن کا کہنا تھا کہ وہ کاکس (Caucus) کی چیئر پرسن کی حیثیت سے کشمیر کے بحران کے حل کے لیے کردار ادا کرتی رہیں گی۔

    خیال رہے کہ شیلا جیکسن نے آج ایک اور موقع پر یہ بھی کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیائی جنگ کے دہانے پر ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ ایک اور امریکی رکن کانگریس شیرس ڈیوڈز بھی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو خط لکھ چکی ہیں جس میں انھوں نے مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے پر سخت پریشان ہیں۔