Tag: پاکستان کا دورہ

  • سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ کل پاکستان کا دورہ کریں گے

    سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ کل پاکستان کا دورہ کریں گے

    سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ کل پاکستان کا دورہ کریں گے، وہ اپنے دورے میں پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کرینگے۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان اس وقت صورتحال انتہائی کشیدہ اور جنگ کا ماحول زوروں پر ہے، بھارتی حملے کے بعد پاکستان کے منہ توڑ جواب نے ان کے سارے ارمانوں پر پانی پھیر دیا ہے، ایسے میں سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ کا دورہ کافی اہمیت کا حامل ہے۔

    سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ عادل الجبیر پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، سعودی وزیرمملکت عادل الجبیر آج بھارتی دارلحکومت میں تھے۔

    پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے عالمی برادری سرگرم ہے، اس سے قبل ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی بھی سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

    اپنے دورے کے دوران ایرانی وزیرخارجہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈاراور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔

    https://urdu.arynews.tv/pahalgam-pakistan-india-conflict-us-secretary-of-state-calls-prime-minister-shehbaz-sharif/

  • ایرک میئر نے معدنی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کا دورہ کیا، امریکی سفارتخانہ

    ایرک میئر نے معدنی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کا دورہ کیا، امریکی سفارتخانہ

    امریکی سفار تخانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ سینئر بیورو آفیشل ایرک میئرنےمعدنی تعاون کوفروغ دینےکےلیےپاکستان کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی سفار تخانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرک میئر نے معاشی اور سلامتی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے دورہ کیا، دورے کا مقصد پاک امریکا معاشی تعلقات کو گہرا کرنا تھا، دورے کا مقصد دہشت گردی کیخلاف مشترکہ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

    امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ ایرک میئر نے پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کی حمایت پر زور دیا، اہم معدنیات ہماری جدید ترین ٹیکنالوجیز کی بنیادی ضرورت ہیں۔

    سفارتخانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایرک میئر نے ملاقات کی، ایرک میئر نے وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے بھی ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں امریکی کاروبار کےلیے پاکستان میں مواقع کو بڑھانے پر بات ہوئی۔

    ملاقاتوں میں پاک امریکا معاشی تعلقات کو گہرا کرنے پر بات کی گئی، ملاقات میں دہشت گردی کیخلاف جاری تعاون کی اہمیت پرروشنی ڈالی گئی۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے سینئرافسر ایرک میئر نے کہا کہ پاکستان کے وسیع معدنی وسائل ہیں، وسائل کو ذمہ داری، شفافیت کیساتھ ترقی دی جائے تو فائدہ مند ہوسکتے ہیں، امریکا پاکستانی اسٹیک ہولڈرز کیساتھ تعاون کیلئے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

    ایرک میئر نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کیساتھ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے کام جاری ہے، امریکا تکنیکی تعاون اور ذمہ دارانہ وسائل کے انتظام پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/army-chief-us-high-level-delegation-meets-ghq/

  • ایرانی وزیر خارجہ 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے

    ایرانی وزیر خارجہ 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : پاک ایران تعلقات معمول پر آنے لگے، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان انتیس جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مشترکہ پریس بیان جاری کیا گیا ہے۔

    مشترکہ پریس بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے سفیر 26 جنوری تک اپنے اپنے عہدوں پر واپس لوٹ سکتے ہیں۔

    ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں ، حسین امیر عبداللہیان وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر پاکستان آئیں گے۔

    یاد رہے 29 جنوری کو نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان سے ٹیلی فونک گفتگو میں بات چیت میں قریبی برادرانہ تعلقات وتعاون پر زور دیا تھا۔

    نگراں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ علاقائی سالمیت اورخودمختاری کااحترام تعاون کی بنیادپرہوناچاہیے، انسداددہشت گردی پرتعاون اورقریبی رابطہ کاری کومضبوط کیا جانا چاہیے، دونوں وزرائےخارجہ نے موجودہ تناؤ کو کم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

    واضح رہے ایران کے حملے کے بعد پاکستان نے تہران سے سفیر واپس بلا لیا تھا اور پاکستان نے احتجاجاً ایرانی سفیر کو بھی واپس آنے سے روک دیا تھا۔

  • اقتصادی جائزہ: آئی ایم ایف کی ٹیم اکتوبر کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی

    اقتصادی جائزہ: آئی ایم ایف کی ٹیم اکتوبر کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی

    اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مشن اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ کے اقتصادی جائزے کے لیے اکتوبر کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ کے اقتصادی جائزہ مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف مشن اکتوبر کے آخری ہفتے پاکستان پہنچے گا۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وزارت توانائی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو شرائط پرعملدرآمد رپورٹس تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ، آئی ایم ایف مشن ایک ہفتے سے زیادہ معاشی ٹیم کے ساتھ اقتصادی جائزہ پر مذاکرات کرے گا۔

    توانائی شعبے کا گردشی قرضہ،ایف بی آرریونیو اور مارکیٹ بیسڈایکسچینج ریٹ جائزہ کےاہم نکات ہوں گے جبکہ ایکسٹرنل فنانسنگ،سرکلرڈیٹ مینجمنٹ پلان اور بانڈز کے اجرا کا بھی آئی ایم ایف مشن جائزہ لے گا۔

    آئی ایم ایف معاہدے میں شامل شرائط کےمطابق بجلی،گیس نرخوں میں ایڈجسٹمنٹ اور ریبیسنگ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

  • ایئرپورٹس کا سیکیورٹی آڈٹ، ڈی ایف ٹی کا وفد 30 مئی کو پاکستان کا دورہ کریگا

    ایئرپورٹس کا سیکیورٹی آڈٹ، ڈی ایف ٹی کا وفد 30 مئی کو پاکستان کا دورہ کریگا

    کراچی: ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس کے سکیورٹی آڈٹ کے حوالے سے برطانوی سکیورٹی ایجنسی ڈی ایف ٹی کاوفد 30 مئی کو پاکستان کا دورہ کرےگا ۔

    برطانوی سیکیورٹی وفد اسسمنٹ پروگرام کے تحت 3 بڑے ایئرپورٹس اسلام آباد، لاہور اور کراچی کی سیکیورٹی سے متعلق جانچ پڑتال کرےگا، سی اے اے نے برطانوی ڈی ایف ٹی کے دورے کے حوالے سے ایئرپورٹ پر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

    برطانوی وفد ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، فلائٹ کچن، گراونڈ ہینڈلنگ سمیت دیگر شعبہ جات کا آڈٹ کرے گا، برطانوی وفد کو ایئرپورٹ منیجرز اپنے  اپنے ایئرپورٹس سے متعلق بریفنگ دیں گے۔

    وفد کے دورے کا مقصد اسلام آباد، لاہور اورکراچی سے براہ راست برطانیہ جانیوالی پروازوں کی سیکیورٹی کو جانچنا ہے، وفد مسافروں کے سامان، اسکریننگ، جہاز میں سامان منتقل ہونے اور دیگر سیکیورٹی آلات کی جانچ پڑتال مانیٹر کرے گا۔

    سول ایوی ایش کا کہنا ہے کہ برطانوی وفد کو 10 جولائی کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا،  تاریخ میں تبدیلی کے بعد وفد رواں ماہ کی 30 تاریخ کو پاکستان پہنچے گا۔

  • چینی وزیرخارجہ کل  پاکستان پہنچیں گے

    چینی وزیرخارجہ کل پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد : چین کے وزیرخارجہ چن گانگ کل دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے ، عہدہ سنبھالنے کے بعد چینی وزیرخارجہ کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے وزیرخارجہ چن گانگ کل سے پاکستان کا دورہ کریں گے، وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی دعوت پر چینی وزیرخارجہ 5 اور6 مئی کو پاکستان میں قیام کریں گے، عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پاکستان کاپہلا دورہ ہے۔

    پاک چین وزرائےخارجہ کی مشترکہ سربراہی میں چوتھےدوطرفہ تزویراتی مذاکرات کا انعقاد ہوگا، اسٹریٹجک ڈائیلاگ ایک منظم طریقہ کار ہے جو اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیتا ہے۔

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چینی ہم منصب مذاکرات کی مشترکہ صدارت کریں گے، جس میں تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی، عالمی امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔

    دونوں فریق ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی مستقل زندگی کی توثیق کریں گے جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان کثیر جہتی تعاون کے لیے روڈ میپ تیار کرنے سمیت ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی منظر نامے پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔

    خیال رہے گذشتہ ماہ کے آخر میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی کیانگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا، جس میں شہباز شریف نے چینی وزیراعظم کو اعلیٰ عہدے کے انتخاب پر مبارک باد پیش کی تھی۔

    دونوں وزرائے اعظم کے درمیان گفتگو روایتی گرمجوشی اورہم آہنگی پر مبنی تھی اور اس میں پاک چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک پارٹنر شپ نمایاں تھی۔ دوران گفتگو سی پیک سمیت اہم شعبوں میں تعاون کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر چین کے اصولی مؤقف پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جب کہ چینی وزیراعظم لی کیانگ نے چین کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا تھا۔

  • افغان وزیرخارجہ کی سربراہی میں طالبان کا وفد کل پاکستان  کا دورہ کرے گا

    افغان وزیرخارجہ کی سربراہی میں طالبان کا وفد کل پاکستان کا دورہ کرے گا

    اسلام آباد: افغان وزیرخارجہ امیر خان متقی کی سربراہی میں طالبان کا وفد کل پاکستان کا دورہ کرے گا اور افغان صورتحال پر 2روزہ ٹرائیکا پلس اجلاس میں بھی شرکت کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان طالبان حکومت کا اعلیٰ سطح وفد کل پاکستان کا دورہ کرے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت وفدکی قیادت وزیرخارجہ امیرخان متقی کریں گے، طالبان وفد میں ان کے تجارت اور خزانہ کے وزیر بھی شامل ہوں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ طالبان حکومتی وفد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پردورہ کررہا ہے، افغان وفد افغان صورتحال پر 2روزہ ٹرائیکا پلس اجلاس میں بھی شرکت کرے گا۔

    دو روزہ ٹرائیکاپلس اجلاس 11اور12 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں پاکستان،روس،امریکااور چین کے وفود شرکت کریں گے۔

    دوسری جانب افغان وزارت خارجہ کے ترجمان قہار بلخی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ افغان وزیر خارجہ کی سر براہی میں طالبان کا وفد کل پاکستان کا دورہ کرے گا ، جہاں اسلام آباد میں ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے تعلقات، معیشت ، افغان مہاجرین سے متعلق بات چیت ہوگی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے ہمراہ کابل کا دورہ کیا تھا ، جہاں افغانستان کےعبوری وزیر اعظم ملاحسن آخوند سے ملاقات کی تھی ، ملاقات میں افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں تعاون سمیت افغان عوام کومعاشی بحران سے نکالنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر شاہ محمودقریشی نے کہا تھا پاکستان افغانستان میں دیرپا امن اوراستحکام کاخواہاں ہے اور انسانی بنیادوں پرافغان بھائیوں کی مددکیلئےپرعزم ہے۔

    بعد ازاں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وطن واپسی کے موقع پر کہا تھا کہ اگلے چند روز میں طالبان کا ایک وفد اسلام آباد آئے گا جو آج پاکستانی وزارتوں کے مختلف ورکنگ گروپس کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دے گا۔

    شاہ محمود قریشی نے دورہ کابل میں پاکستان کی جانب سے پانچ ارب روپے کی امدادی اشیا افغانستان کو فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ، جن میں ادویات اور خوراک شامل ہوگی۔

  • پرتگال کی سیر کیجیے

    پرتگال کی سیر کیجیے

    بحرِاوقیانوس کے کنارے آباد پرتگال جنوب مغربی یورپ کاحصّہ ہے۔ جغرافیائی حقیقت اپنی جگہ مگر یہ بات شاید آپ کی دل چسپی کا باعث ہو کہ پرتگال کسی پڑوسی ملک سے محروم ہے۔

    اسی ملک پرتگال سے تعلق رکھتے ہیں انتونیو گوتریس، جن کا ملکی ذرایع ابلاغ میں خوب چرچا ہو رہا ہے۔ وہ پاکستان میں ہیں اوراہم تقاریب میں شرکت کے ساتھ مختلف تاریخی مقامات کا دورہ بھی کررہے ہیں جس سے وہ ہماری تاریخ، اس خطے کی تہذیب، ثقافت اور رسم و رواج کے بارے میں جان سکیں گے۔

    ہم بھی انتونیو گوتریس کے وطن پرتگال چلتے ہیں جس پر صدیوں پہلے مسلمان حکم رانی کیا کرتے تھے۔

    پرتگال کے مشرق اور شمال میں صرف اسپین آبادہے۔یوں کہیے کہ اسپین کی سرحد کے علاوہ اس ملک کے باسی ہر طرف ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھتے ہیں۔

    رقبے کے اعتبار سے اسے ایک چھوٹا ملک کہا جاسکتا ہے، لیکن یورپ میں مختلف حوالوں سےپرتگال اہمیت رکھتا ہے۔ قدیم زمانے میں بھی اس علاقے کو یورپ کےلیے راستے اور گزر گاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔

    تاریخی اعتبار سے یہ علاقہ مسلم اسپین کاحصہ رہاہے۔ تاہم اس سے قبل یہاں مختلف تہذیبوں کااثر رہا، جن کے آثار میں رومیوں کے دور کی آبادیاں اور شہرقابلِ ذکر ہیں۔ 868عیسوی میں پرتگال ایک عیسائی ریاست میں تبدیل ہو گیا جب کہ 1139 میں یہاں خود مختار شاہی ریاست قائم کر دی گئی۔ یہاں ایک زمانےمیں یہودی بھی بڑی تعداد میں آباد تھے۔

    1910 کے بعد پرتگال نے جمہوریت کا سفر شروع کیا۔ تاہم 1974 کے انقلاب نے اس ملک کی سیاست اور سماج پر گہرے اثرات مرتب کیے اور یہاں کے دستور میں ریاست کا سربراہ صدر ِمملکت ٹھیرا جس کا انتخاب قوم براہِ راست کرتی ہے۔ وزیرِاعظم اور اس کی کابینہ کے ہاتھوں میں ملکی نظم و نسق اور انتظامات آئے۔

    پاکستان کا دورہ کرنے والے انتونیو گوتریس نے پرتگال کے شہر لزبن میں آنکھ کھولی اور انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کر کے اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے تدریس کا سلسلہ شروع کیا، مگر بعد میں سیاسی مصروفیات کی وجہ سے یہ سلسلہ ترک کر دیا۔ سوشلسٹ پارٹی کے یہ راہ نما پرتگال کے وزیرِ اعظم کے عہدے تک پہنچے اور آج اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

  • انتونیو گوتریس سے ملیے

    انتونیو گوتریس سے ملیے

    ‘‘قیامِ امن کی کوششوں کے لیے پاکستان دنیا بھر میں سب سے زیادہ قابلِ بھروسا اور مستقل کردار ادا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔’’

    یہ الفاظ ہیں انتونیو گوتریس کے، جو اقوامِ متحدہ کےنویں جنرل سیکرٹری ہیں۔

    انتونیو پاکستان کے دورے پر ہیں اور یہاں آمد سے قبل انھوں نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پرپاکستان کی قیامِ امن کے لیے کوششوں اور کردار کو سراہا۔

    آئیے ، انتونیو گوتریس کی زندگی کے سفر پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    ان کا وطن پرتگال ہے۔

    اونتونیو گوتریس 30، اپریل 1949 کو لزبن شہر میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انجینئرنگ کے شعبے کا چنائو کیا اورتدریس سے وابستہ ہو گئے۔

    سیاست میں قدم رکھنے سے پہلے وہ اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے تدریس میں‌ مصروف تھے۔

    1974 میں انھوں نے سوشلسٹ پارٹی سے وابستگی اختیار کی اور سیاسی سفر کا آغاز کیا۔

    انتخابات میں پارٹی کی فتح کے بعد وہ پرتگال کے وزیرِ اعظم منتخب ہوئے۔

    2005 سے 2015 تک اقوامِ متحدہ میں پناہ گزینوں کے ہائی کمشنر کا عہدہ ان کے پاس رہا۔

    متعدد تنظیموں سے وابستگی اوران کے پلیٹ فارم سے تعمیری و فلاحی سرگرمیاں انجام دینے کے ساتھ 2016 میں اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

    اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کی سیر کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔انھوں نے پاکستان میں پولیو جیسے مرض کے خاتمے کے لیے بھی امید ظاہر کی ہے ۔ وہ ایک اسکول میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائیں گے۔

    انتونیو گوتریس کرتار پور میں گردوارا صاحب بھی جائیں گے۔

  • ابوظہبی کے ولی عہد کل پاکستان کا دورہ  کریں گے

    ابوظہبی کے ولی عہد کل پاکستان کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کل پاکستان کا دورہ کریں گے، دورے میں ولی عہد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزبی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کل پاکستان کا دورہ کریں گے، دورے سے باہمی دوستی کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

    سفیر حماد عبید الزبی کا کہنا تھا کہ دورے میں ولی عہد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، جس میں باہمی تعلقات بڑھانے ،علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    مزید پڑھیں : ابوظہبی کے ولی عہدکا دورہ پاکستان کا امکان

    خیال رہے ابوظہبی کے ولی عہد کا دورہ انتہائی اہم نوعیت کا ہوگا، یہ دورہ کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے تناظرمیں انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں وزیراعظم عمران خان کا ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور اہم عالمی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں، دورے میں انھوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر سمیت دو طرفہ تعلقات اور خطےکی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔