Tag: پاکستان کرکٹ ٹیم

  • پرفارمنس اچھی تھی، اگر ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی: انضمام الحق

    پرفارمنس اچھی تھی، اگر ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی: انضمام الحق

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھی پرفارمنس دی، بڑا ٹوٹل تھا ٹیم اگر جیت جاتی تو خوشی ہوتی۔

    تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھائی، ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی۔

    انھوں نے کہا کہ شاداب خان کی اب تک کی رپورٹس بہت مثبت ہیں، آئندہ 2 سے 4 روز میں شاداب کے مزید ٹیسٹ ہوں گے، امید ہے ورلڈ کپ سے پہلے شاداب خان فٹ ہو جائیں گے۔

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ نے پاکستان میں ہی باؤلنگ اور بیٹنگ کا آغاز کر دیا تھا، میری رپورٹس کے مطابق محمد حفیظ فٹ ہیں۔

    انضمام الحق نے کہا کہ ابھی 3 میچز باقی ہیں، کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان بھی کر چکے ہیں جس کے لیے پرفارمنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دوسرا ون ڈے: قومی ٹیم کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ 12 رنز سے کامیاب

    یاد رہے گزشتہ روز انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 12 رنز سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح اپنے نام کر لی، تاہم اس میچ میں سرفراز الیون نے آخری بال تک مقابلہ کیا۔

    پانچ ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 373 رنز بنائے، جوس بٹلر نے 110 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی۔

    پاکستان ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 361 رنز پر دم توڑ دیا، فخر زمان نے 138 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، مجموعی طور پر پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے انگلش ٹیم کوٹف ٹائم دیا۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کی لندن کے نواحی علاقے بیکنھم میں پریکٹس جاری

    پاکستان کرکٹ ٹیم کی لندن کے نواحی علاقے بیکنھم میں پریکٹس جاری

    بیکنھم: پاکستان کرکٹ ٹیم کی لندن کے نواحی علاقے بیکنھم میں پریکٹس جاری ہے جہاں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے علاقے بیکنھم میں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس جاری ہے، ٹیم کی حفاظت کے لیے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کرائی۔

    آئی سی سی کی ہدایات پر اس مرتبہ سانحہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی وجہ سے کسی بھی ٹیم کے کھلاڑی کو پیشگی اجازت کے بغیر کسی تقریب میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈ کپ میں تاریخ ساز کارکردگی کے لیے پُرعزم ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  دورۂ انگلینڈ کا مثبت آغاز، پاکستان نے پریکٹس میچ میں کینٹ کاؤنٹی کو 100 رنز سے ہرا دیا

    خیال رہے کہ شاہینوں کا دورۂ انگلینڈ میں دوسرا معرکہ کل نارتھیمپٹن شائر سے ہوگا، ٹیم پاکستان اپنے پہلے پریکٹس میچ میں کینٹ کاؤنٹی کو 100 رنز سے شکست دے چکی ہے۔

    قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں، میچ پریکٹس حاصل کرنے کے لیے پاکستانی ٹیم پیر کو نارتھیمپٹن شائر سے پریکٹس میچ میں مدم قابل ہو گی۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایک ٹی ٹوئنٹی میچ 5 مئی کو کھیلا جائے گا۔

  • ورلڈ کپ میں قومی ٹیم مایوس نہیں کرے گی: کپتان سرفراز احمد

    ورلڈ کپ میں قومی ٹیم مایوس نہیں کرے گی: کپتان سرفراز احمد

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے عوام میں مقبول چیمپئن کپتان سرفراز احمد اے آر وائی نیوز کے مہمان بن گئے، اے آر وائی اسٹوڈیو میں انھوں نے کیک کاٹا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں اے آر وائی نیوز کے اسٹوڈیو آ کر اے آر وائی نیوز کے لوگو والا کیک کاٹا اور سیلفیاں بنائیں۔

    سرفراز احمد نے اس موقع پر کہا کہ عوام دعا کریں، ورلڈ کپ میں قومی ٹیم مایوس نہیں کرے گی۔

    خیال رہے کہ چیمپئن کپتان اے آر وائی نیوز کے مہمان بنے تھے، اے آر وائی آمد پر قومی ٹیم کے کپتان کو گل دستہ پیش کیا گیا۔ انھوں نے عوام سے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے لیے دعا کی درخواست کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  مشن ورلڈ کپ، پی سی بی کا پلیئرز فٹنس ٹیسٹ کا اعلان، 23 کھلاڑی طلب

    سرفراز احمد نے اے آر وائی نیوز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’وعدہ کرتے ہیں کہ پوری کوشش کریں گے، پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنس دیں گے۔‘

    خیال رہے کہ گرین شرٹس سرفراز کی قیادت میں مشن ورلڈ کپ 2019 کے لیے 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوں گے، جس کے لیے پی سی بی نے پلیئرز فٹنس ٹیسٹ کا اعلان کر دیا ہے اور 23 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔

    پی سی بی کے مطابق فٹنس ٹیسٹ 15 اور 16 اپریل کو لیا جائے گا، عالمی کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو کیا جائے گا۔

  • باب وولمرکوہم سے بچھڑے 12 برس بیت گئے

    باب وولمرکوہم سے بچھڑے 12 برس بیت گئے

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر کو ہم سے بچھڑے بارہ برس بیت گئے، ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے کامیاب ترین کوچز میں کیا جاتا تھا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور انگلش کھلاڑی رابرٹ اینڈریو وولمر14 مارچ 1948ء کو بھارت کےشہر کانپور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نےانگلینڈ کی جانب سے19 ٹیسٹ اور 6 ون ڈے میچز کھیلے لیکن ان کی وجہ شہرت ان کا ٹیسٹ کیرئیر نہیں بلکہ ان کی کوچنگ رہی۔

    باب وولمرنے1990ء کی دہائی میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کی کوچنگ کی، ان کی جدید انداز کی ٹریننگ کی بدولت بہت کم عرصےمیں جنوبی افریقہ کی ٹیم دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمارکی جانے لگی۔

    بھارت سے 2004 میں ون ڈے اور ٹیسٹ میں شکست کے بعد باب وولمر کو جاوید میاں داد کی جگہ پاکستان ٹیم کا کوچ مقرر کیاگیا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم نےسال 2005 میں ان کی کوچنگ میں بھارتی سرزمین پر ناصرف ٹیسٹ سیریز ڈرا کی بلکہ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 2-4 سے کامیابی اپنےنام کی۔

    باب وولمر دس ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کے کوچ رہے۔ ان دس میں سے پاکستانی ٹیم نے چار میں فتح ،تین میں شکست اور تین ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔قومی کرکٹ ٹیم نے ان کی کوچنگ میں37 ون ڈے میچزجیتے،29 ہارے اور تین ڈرا کیے۔

    ویسٹ انڈیز میں 17مارچ2007 کو ہفتے کے روز عالمی کپ میں پاکستان کوانتہائی کمزور تصور کی جانے والی آئر لینڈ کی ٹیم سے شکست کا سامناکرنا پڑا تھا۔ جس پرشائقین کرکٹ نےٹیم کی ناقص کارکردگی پرشدید غم وغصے کا اظہارکیا تھا۔

    اس میچ کے اگلے ہی روز پاکستانی کوچ باب وولمر ہوٹل کے کمرےمیں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ان کی موت پر شکوک و شہبات ظاہر کئے گئےتاہم جمیکا پولیس کی جانب سے ان کی موت کو فطری قرار دے دیاگیا۔

    واضح رہےکہ جمیکا میں 17مارچ 2007 کوپاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر کےانتقال سے دنیائے کرکٹ ایک عظیم اور باصلاحیت کوچ سے محروم ہو گئی۔

  • پاک آسٹریلیا سیریز: اسکواڈ کا اعلان، سرفراز کپتانی نہیں کریں گے

    پاک آسٹریلیا سیریز: اسکواڈ کا اعلان، سرفراز کپتانی نہیں کریں گے

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، سرفراز احمد ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے یواے ای میں آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والی پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

    ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے بجائے شعیب ملک ہوں گے۔ ان کے علاوہ عابد علی ، فہیم اشرف، حارث سہیل، عماد وسیم، عماد الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حسنین، محمد رضوان ، سعد علی، شان مسعود، عمر اکمل، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

    اس موقع پر چیف سلیکٹرانضمام الحق کا کہنا تھا کہ بابراعظم،فخرزمان،سرفرازاحمد،شاہین شاہ آفریدی کوآرام کاموقع دیاگیاہے جبکہ حسن علی اورشاداب خان کوبھی دیا گیا ہے۔

    آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز کی یہ سیریز 22 مارچ سے 3 مارچ تک شارجہ کے میدان میں کھیلی جائے گی۔

    شعیب ملک ایک بار پھر کپتانی کے فرائض انجام دیں گے، اس سے قبل ان کی سربراہی میں 38 ایک روزہ میچز منعقد ہوئے ہیں جس میں سے 25 میں وہ فتح یاب ہوئے جبکہ 13 میں شکست ان کے حصے میں آئی ، اس حساب سے ان کی فتح کا تناسب بہت عمدہ ہے۔

    اس 16 رکنی اسکواڈ میں تین اوپننگ بلے باز ہیں جبکہ 4 مڈل آرڈر بلے باز شامل ہیں۔ ایک وکٹ کیپر، دو آل راؤنڈراور پانچ فاسٹ باولر بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

  • نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

    نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

    اسلام آباد: نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، سرفراز احمد پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 16 نومبر سے ابوظبی میں ہوگا۔

    [bs-quote quote=”شاہین آفریدی کو حالیہ پرفارمنس کی وجہ سے شامل کیا گیا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”انضمام الحق” author_job=”چیف سلیکٹر”][/bs-quote]

    پندرہ رکنی اسکواڈ میں محمد حفیظ، امام الحق، اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، سعد علی، یاسر شاہ، بلال آصف، محمد عباس، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور میر حمزہ شامل ہیں۔

    چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ فخر زمان اور شاداب خان کو آرام دیا گیا ہے، یہ کھلاڑی آرام اور این سی اے میں ٹریننگ کریں گے۔

    انضمام الحق کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کو حالیہ پرفارمنس کی وجہ سے شامل کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ شاہین آفریدی نے گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے وَن ڈے میچ میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹا۔


    یہ بھی پڑھیں:  دوسرا ون ڈے: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی


    واضح رہے کہ پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف تین وَن ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیل رہا ہے، پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دی، جب کہ گزشتہ روز کھیلے جانے والا میچ پاکستان بہ آسانی جیت گیا تھا۔

    اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان 3 میچز کی ٹی 20 سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کر دیا تھا۔

  • نیروبی میں تاریخی اننگز نے میری زندگی بدل دی تھی ، شاہدآفریدی کا ٹوئٹ

    نیروبی میں تاریخی اننگز نے میری زندگی بدل دی تھی ، شاہدآفریدی کا ٹوئٹ

    لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی نیروبی میں تاریخی اننگزکوبائیس سال مکمل ہوگئے، آفریدی کا کہنا ہے کہ ایک اننگز نے ان کی زندگی بدل دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا نیروبی میں تاریخی اننگز کو بائیس سال مکمل ہوگئے، جس کی یادیں آج بھی تازہ ہیں، اس لمحے نے میری زندگی بدل دی تھی، آپ سب کی سپورٹ اورمحبت کا شکریہ۔

    شاہدآفریدی نے کہا کہ بھروسہ کرنے پر ساتھیوں کا شکرگزار ہوں۔

    یاد رہے کہ نیروبی کے میدان میں بائیس سال پہلے چار اکتوبر انیس سو چھیانوے کو شاہد خان آفریدی پاکستان کرکٹ کی پہنچان بنے تھے۔

    شاہد آفریدی نے بائیس سال پہلے نیروبی میں سری لنکا کے خلاف صرف سنتیس گیندوں پراس وقت دنیا کی تیزترین سنچری اسکور کرکے ون ڈے کھیل کو نئی جدت دی۔

    آفریدی نے گیارہ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے ایک سو دو رنز کی ناقابل فراموش اننگز کھیلی تھی۔

  • ایشیا کپ کی تیاری، قومی ٹیم کی دبئی میں بھرپور پریکٹس، بھارت سے ٹاکرے کے لیے تیار

    ایشیا کپ کی تیاری، قومی ٹیم کی دبئی میں بھرپور پریکٹس، بھارت سے ٹاکرے کے لیے تیار

    دبئی: امتحان کی گھڑی نزدیک آ گئی، پاکستانی کرکٹرز ایشیا کپ کے لیے تیار ہوگئے، قومی ٹیم کی دبئی میں بھرپور پریکٹس جاری ہے، پاکستان ایونٹ میں پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی دبئی کی آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں تیاریاں جاری ہیں، نئے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز فٹ اور با صلاحیت ہیں۔

    ٹیموں کے لیے امتحان کی گھڑی نزدیک آ گئی ہے، میدان سجنے والا ہے، کھیل جمنے والا ہے، جلد ہی فیصلہ ہو جائے گا کہ ایشیا پر بادشاہت کس کی ہے، پاکستانی کرکٹرز کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

    پاکستان اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا جب کہ ایک ہفتے بعد روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا، شاہین اس کڑے امتحان کے لیے بھی تیار ہوچکے ہیں۔

    کھلاڑیوں کی ٹریننگ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیرِ نگرانی جاری ہے، ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کی بیٹنگ اور بولنگ میں خامیاں دور کیں، ٹریننگ میں کھلاڑیوں نے خود کو وارم اپ کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی


    پاکستان ٹیم کے کھلاڑی بولنگ اور بیٹنگ کے علاوہ  فیلڈنگ میں بھی خوب جان مار رہے ہیں، نئے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کھلاڑیوں سے متاثر نظر آئے۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شریک ہیں اور ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکر 19 ستمبرکو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان ہوگا۔

  • پاک بھارت میچ میں پرفارم کرنے والا ہیرو بن جاتا ہے، شعیب ملک

    پاک بھارت میچ میں پرفارم کرنے والا ہیرو بن جاتا ہے، شعیب ملک

    لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں سب کی نگاہیں پاک بھارت میچ پر ہوں گی، جو اس میچ میں پرفارم کرتا ہے وہ ہیرو بن جاتا ہے، کھلاڑی بھارت سےمیچ کوبھی دیگرمیچ کی طرح لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کی کوشش ہوتی ہے اپنے ٹاسک پورا کرے ، محمد حفیظ کوکہیں بولتے نہیں سنا کے کوئی تحفظات ہے، کھیل کر سلیکٹر کو ثابت کیا جاتا ہے۔

    شعیب ملک کا کہنا تھا کہ نیت صاف ہونی چاہئےعزت اللہ دیتا ہے، مسائل ہوتے ہیں اس کا حل بیٹھ کر بات کرنے سے نکلتا ہے۔

    ایشیا کپ کے حوالے سے کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ پاک بھارت میچ پوری دنیا میں شوق سے دیکھا جاتا ہے، اس میچ میں پرفارم کرنے والا ہیرو بن جاتا ہے، پاک بھارت میچ دیکھنے کے لئے لوگ کہتے ہیں کہ ٹکٹ دلوا دو۔

    ان کا کہنا تھا باپ بنے پر بہت خوش ہوں ، خواہش ہے ڈیلیوری کے وقت بیوی کے ساتھ رہوں ، بچے کی شہریت کوئی معنیٰ نہیں رکھتی۔

    شعیب ملک نے کہا کہ وقت آیا تو ریٹائرمنٹ بھی لے لوں گا، ٹیم میں 2 سے 3 ایسے بولرز ہونے چاہئیں جو وکٹیں لیں ، محمد حفیظ کو ٹیم سے ڈراپ کرنے پرکوئی بات نہیں کرسکتا، جو بھی مسئلہ ہو کھلاڑیوں کو متعلقہ لوگوں سے بات کرنی چاہئے۔

    مزید پڑھیں :  ایشیا کپ: فخر زمان بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم

    آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھنا چاہئے، ہمارا ٹاپ آرڈر اچھا پرفارم کررہا ہے،اس سےتوقعات زیادہ ہیں، کوشش ہوگی کہ ایشیا کپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائیں۔

    یاد رہے قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ 15 ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہوگا، قومی ٹیم پہلا میچ کوالیفائر کے خلاف 16 ستمبر کو کھیلے گی جبکہ 19  ستمبر کو پاکستان روایتی حریف بھارت سے کھیلے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی پہلی محبت کرکٹ ہے، انضمام الحق

    وزیراعظم عمران خان کی پہلی محبت کرکٹ ہے، انضمام الحق

    گوجرانوالہ: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی پہلی محبت کرکٹ ہے، امید ہے کرکٹ میں بہتری آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر پی سی بی انضمام الحق نے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم کی پہلی محبت کرکٹ ہے اس لیے امید ہے کہ اس دور میں کرکٹ میں بہتری آئے گی۔

    انضمام الحق نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس میں کہا ’انشاء اللہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئے گی، پاکستان میں ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے صرف اسے نکھارنا ہے۔‘

    چیف سلیکٹر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پہلے دن کوئی وسیم اکرم، شعیب اختر اور عاقب جاوید نہیں بن سکتا، نئے ٹیلنٹ کو مسلسل اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق تیز ترین بولر شعیب اختر نے کہا ’پاکستان کے ہر حصے میں بہت ٹیلنٹ ہے، یہاں کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔‘


    مزید پڑھیں:  وزیراعظم کی سابق کرکٹرزسے ملاقات، کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کا عندیہ


    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے رواں ماہ قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے لیے انقلابی تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ ملک میں کرکٹ کا ڈھانچا بدلنے کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے، پرانے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔