Tag: پاکستان کرکٹ ٹیم

  • دورۂ آسٹریلیا کے بعد کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

    دورۂ آسٹریلیا کے بعد کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورۂ آسٹریلیا کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، کھلاڑی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے براستہ دبئی لاہور پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آسٹریلیا کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، قومی ٹیم کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے، دونوں میچز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اننگز سے شکست ہوئی۔

    کھلاڑی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے دبئی کے راستے لاہور پہنچے ہیں، کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی، بابر اعظم،عابد علی، محمد عباس، حارث سہیل اور امام الحق شامل ہیں، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس بھی لاہور پہنچ گئے۔

    ٹیسٹ میچز کے علاوہ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی 0-2 سے آسٹریلیا کے نام رہی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرکٹ ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت نہیں، وسیم اکرم

    خیال رہے کہ آسٹریلیا سے شکست کے بعد سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے، ان ہی کھلاڑیوں پر بھروسہ رکھا جائے، سری کے خلاف یہی ٹیم رہنی چاہیے، یہی لڑکے ہوم سیریز میں پرفارم کر کے دکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • محمد عباس کو کیوں نہیں کھلایا؟ وقار یونس نے وجہ بتادی

    محمد عباس کو کیوں نہیں کھلایا؟ وقار یونس نے وجہ بتادی

    برسبین: قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے آسٹریلیا کے خلاف برسبین ٹیسٹ میں پیسر محمد عباس کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

    تفصیلات کے مطابق برسبین ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وقار یونس نے بتایا کہ محمد عباس ردھم میں نہیں ہیں ، انجری کے بعد سے وہ پہلے کی طرح بولنگ نہیں کررہے ۔

    وقار یونس نے بولرز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بولنگ لائن کوسیٹ ہونے میں وقت لگتاہے، جب آسٹریلیا یواےای آتی ہےتوانہیں بھی اسپن کے خلاف مشکل ہوتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: برسبین ٹیسٹ: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے

    بولنگ کوچ نے کہا کہ سیریزمیں دوٹیسٹ میچ کم ہی، پہلا ہارنےکےبعدکم بیک کرنابہت مشکل ہوجاتاہے،نسیم شاہ ایک اچھا بولر ہے اسےاحتیاط سےکھلاناہوگا۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کی مضبوط بیٹنگ لائن کا مقابلہ کرنے کے لیے سینئرز کی جگہ نئے بولرز کو موقع دینے پر ٹیم مینجمنٹ پر کڑی تنقید کی جارہی ہےخاص طور پر محمد عباس کو فائنل الیون کا حصہ نہ بنانے پر ماہرین کرکٹ ہیڈکوچ اور کپتان کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔

  • پاکستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

    پاکستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

    میرپور: اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نےبنگلا دیش کو 77 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    میرپور بنگلا دیش میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےمقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنزبنائے ۔

    وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے شاندار سنچری اسکور کی جب کہ عمران رفیق نے نصف سنچری بنائی۔

    ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم 224رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ہوم ٹیم کی جانب سے عفیف حسین 49 رنز بناکر ٹاپ اسکور ر رہے۔

    قومی ایمرجنگ ٹیم کی جانب سے محمد حسنین نے 3 جبکہ خوشدل شاہ اور سیف بدر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سیمی فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا تھا۔

  • بدکلامی پرآسٹریلوی فاسٹ بولر پاکستان کیخلاف میچ سے باہر

    بدکلامی پرآسٹریلوی فاسٹ بولر پاکستان کیخلاف میچ سے باہر

    سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے بدکلامی کرنے پر فاسٹ بولر جیمزپیٹنسن کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک میچ میں حریف کھلاڑی سے بد کلامی کرنا فاسٹ بولر جیمزپیٹنسن کو مہنگا پڑ گیا، کرکٹ آسٹریلیا نے واقعے کا جائزہ لینے کے بعد فاسٹ بولر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے دیا۔

    کرکٹ آسٹریلیا نے بیان میں کہا ہے کہ فاسٹ بولر جیمزپیٹنسن کو ایک میچ کے لیے معطل کردیا گیاہے اور وہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ پیٹنسن نےشیفیلڈ شیلڈ کے میچ کےکوڈآف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی جس بنا پر بولر کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی۔

    دوسری جانب فاسٹ بولر نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ ان سے ضابطہ اخلاف کی خلاف ورزی ہوئی ہے جس پرانہیں دکھ اور افسوس ہے۔

  • ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکا

    ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکا

    پرتھ: ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکستوں سے چور پاکستانی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا۔ دورہ آسٹریلیا کے لیے اسکواڈ میں شامل واحد وکٹ کیپر محمد رضوان زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا ’اے‘ کے خلاف ٹور میچ میں بیٹنگ کے دوران وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے انگوٹھے پر گیند لگی تاہم ابتدائی طبی امداد کے بعد انہوں نے بلے باز جاری رکھی۔

    آسٹریلوی اننگز میں پاکستانی بولنگ کے دوران فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی زور دار گیند محمد رضوان کے ہاتھ پر لگی جس سے وہ شدید تکلیف کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔

    محمد رضوان کے زخمی ہونے کی وجہ سے عابد علی نے وکٹ کیپر کی ذمہ داری ادا کی۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستانی بولرز نے آسٹریلیا اے کے پرخچے اڑا دئیے

    پی سی بی نے فی الحال محمد رضوان کی انجری کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تاہم ڈاکٹرز کے مشورے سے انہیں آرام دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے دوران دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 21 نومبر کو کھیلا جائے گا اور محمد رضوان کے علاوہ اسکواڈ میں کوئی مستند وکٹ کیپر موجود نہیں ہے۔

  • شاہینوں نے کینگروز کو زیر کرنے کا پلان بنا لیا

    شاہینوں نے کینگروز کو زیر کرنے کا پلان بنا لیا

    سڈنی: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کینگروز کو زیر کرنے کے لیے پلان بنا لیا ہے، ہمارے تجربہ کار بولرز آسٹریلوی ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں ہم پر کوئی پریشر نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے قبل سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ 2012 میں انڈر 19 ٹیم کا کپتان بن کر آیا اور اب قومی ٹیم کا کپتان بن کر آنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

    بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان نمبر ون ٹیم ہے اور آسٹریلیا بھی اچھی ٹیم ہے شائقین کو زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، ہماری ٹیم تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، سینئرز اور نئے کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے۔

    کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا کو زیر کرنے کے لیے پوری پلاننگ کررکھی ہے، ہم کنڈیشنز سے پوری طرح ہم آہنگ ہوچکے ہیں جب کہ وارم اپ میچ کھیل کر دیگر کھلاڑیوں کو یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ ہوگیا ہے، آسٹریلوی ٹیم بھی اچھی ہے مگر ہمارے تجربہ کار بولرز کینگروز کو جلد آؤٹ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیم 3 نومبر کو آسٹریلیا سے ٹکرائے گی

    انہوں نے کہا کہ جب پرفارمنس دیں گے تو پریشر نہیں آئے گا، میں بیٹنگ پر ہوں گا تو صرف بلے بازی کا سوچوں گا لیکن فیلڈنگ کے دوران کپتان بن کر ٹیم کو چلاؤں گا یہ نہیں کہ دونوں طرف پریشر لے کر کھیلوں۔

    سرفراز احمد کی عدم موجودگی کے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ بے شک سرفراز احمد کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، انہوں نے ٹیم کو نمبر ون بنایا ، ان کی ٹیم کے لیے گراں قدر خدمات ہیں اور میری کوشش یہی ہوگی کہ ٹیم کو نمبر ون رکھوں۔

    آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 3 نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

    شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 5 نومبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو پرتھ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔

    اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک برسبین میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

  • پاکستان نے آسٹریلیا الیون کو شکست دے کر خطرے کی گھنٹی بجادی

    پاکستان نے آسٹریلیا الیون کو شکست دے کر خطرے کی گھنٹی بجادی

    سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی وارم اپ میچ میں آسٹریلیا الیون کو با آسانی شکست دے کر دورے کا پرُاعتماد آغاز کیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سڈنی کے بینکس ٹاؤن کے میدان پر کھیلے گئے پریکٹس میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو دبوچ لیا، قومی کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارمنس کی بدولت نہ صرف حریف کھلاڑیوں پر اپنی دھاک بٹھا دی بلکہ آسٹریلیا کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی۔

    میزبان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس کے بولرز نے ابتدا سے ہی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا جس کی وجہ سے انہیں کھل کر اسٹروکس کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔

    قومی بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 135 رنز ہی بنا سکی، لیگ اسپنر شاداب خان نے 3، محمد عرفان، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں اوپنرز فخرزمان اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی جیت کو آسان بنا دیا، پاکستان نے مقررہ ہدف 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

    فخر زمان 43 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہےجب کہ بابر اعظم نے 34 اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے 32 رنز بنائے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 5 نومبرکو کنبیرا اور تیسرا 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

    قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی گی جس کی قیادت اظہر علی کریں گے۔

  • امپائر کے فیصلے پر احتجاج کپتان کو مہنگا پڑ گیا

    امپائر کے فیصلے پر احتجاج کپتان کو مہنگا پڑ گیا

    سیالکوٹ: قائد اعظم ٹرافی راؤنڈ فائیو فرسٹ کلاس میچ کے دوران کے سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود کو امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرنا مہنگا پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرنے پر سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود پر جرمانہ عائد کردیا گیا، شان مسعود پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    کپتان سدرن پنجاب کو لیول 1 جرم کا مرتکب پایا گیا۔

    امپائرز عبدالمقیت اور فاروق علی خان نے شان مسعود کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔

    شان مسعود کی جانب سے اعتراف جرم نہ کرنے پر میچ ریفری نے بدھ کو فیصلے پر سماعت کی اور بعدازاں میچ ریفری کامران چوہدری نے شان مسعود کے خلاف فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے جرمانہ عائد کردیا۔

    سدرن پنجاب اور ناردرن کے درمیان قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کا میچ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں جاری ہے۔

  • بحیثیت کپتان آسٹریلیا کا دورہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے: بابراعظم

    بحیثیت کپتان آسٹریلیا کا دورہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے: بابراعظم

    سڈنی: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے تاریخی دورے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی سربراہی کرنا اعزاز کی بات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ دورے آسٹریلیا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔

    مایہ ناز بیٹسمین نے کہا کہ مجھے اپنی نوجوان ٹیم پر اعتماد ہے اور پاکستان کی ٹیم کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر پہنچ گئی ہے، اس دورے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں جائیں گے۔

    پہلا میچ 3، دوسرا 5 اور سیریز کا آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سے ہٹا کر بابر اعظم کو قیادت سونپ دی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا میں ڈیرے، کینگروز پر جھپٹنے کی تیاریاں

    ٹی 20 سیریز سے قبل قومی ٹیم کرکٹ آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچ 31 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

  • پاورہٹر بیٹسمین پاکستان کیخلاف وارم اپ میچ کیلیے آسٹریلوی کپتان مقرر

    پاورہٹر بیٹسمین پاکستان کیخلاف وارم اپ میچ کیلیے آسٹریلوی کپتان مقرر

    سڈنی: آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل پریکٹس میچ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا۔ جارحانہ مزاج بیٹسمین کرسلن کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی کرکٹ ٹیم آج روانہ ہوگئی، آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوینٹی میچز کے لیے ٹیم میں 16 کھلاڑی شامل ہیں۔

    میزبان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 3 نومبر، دوسرا 5 اور تیسرا 8 نومبر کو کھیلا جائے گا جب کہ قومی ٹیم ٹی ٹوینٹی سیریز سے قبل 31 اکتوبرکو وارم اپ میچ کھیلے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچ گئی

    حیران کن طور پر کینگروز نے پاور ہٹر کرسلن کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تاہم انہیں گرین شرٹس کے خلاف پریکٹس میچ کی قیادت سونپی گئی ہے۔

    وارپ میچ کے لیے آسٹریلوی ٹیم ، کرسلن(کپتان)، بیکسٹر ہالٹ، میکینزی ہاروی، ایلکس روز،میک سوینے، جیک فریسر،کرس گرین،بین ڈوارشوس، مکی ایڈور، لوئلڈ پوئپ، ڈین فالن اور ول ستھرلینڈ پر مشتمل ہے۔ 12 رکنی اسکواڈ میں کپتان کرسلن سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہیں.

    دونوں ٹیمیں 31 اکتوبر کو سڈنی کے میدان پر پریکٹس میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔