Tag: پاکستان کرکٹ ٹیم

  • کپتانی سے ہٹانے پر سرفراز کو کوئی افسوس نہیں، اہلیہ

    کپتانی سے ہٹانے پر سرفراز کو کوئی افسوس نہیں، اہلیہ

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ کپتانی سے ہٹانے پرسرفراز کو کوئی افسوس نہیں ہے، پی سی بی کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد ٹیم میں بھرپور کم بیک کریں گے۔

    انہوں نے سرفراز احمد کی ریٹائرمنٹ کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 32 سال کے سرفراز کیوں ریٹائر ہوں، کیا دھونی ریٹائر ہوگئے؟۔

    سرفراز احمد کی اہلیہ نے کہا کہ کپتانی سے ہٹانے پرسرفراز کو کوئی افسوس نہیں ہے، پی سی بی کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کا 3 دن پہلے سے علم تھا۔

    سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے اظہرعلی کو ٹیسٹ جبکہ بابراعظم کو ٹی ٹوینٹی کا کپتان مقرر کیا تھا۔

    پی سی بی کی جانب سے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سیزن 20-2019 میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز میں اظہر علی ہی پاکستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ آئندہ سال 2020 میں آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں بابراعظم قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

    کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد سرفراز احمد نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی، اظہر علی اور بابراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز کھیلے گی

    پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز کھیلے گی

    لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز کھیلے گی، پاکستان اورنیدرلینڈزکے خلاف ایک روزہ سیریز کاپہلامیچ 4جولائی کوہوگا اور آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹی ٹونٹی میچز 12 اور 14جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آئرلینڈاور پاکستان کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز جولائی2020 میں ہوگی، دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں شرکت کرے گی۔

    پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ 4 جولائی کو ہوگا، دوسرا اور تیسرا ایک روزہ میچ 7 اور 9 جولائی کو کھیلا جائے گا جبکہ آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹی ٹونٹی میچز 12 اور 14 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

    نیدرلینڈز اور پاکستان کے درمیان ایک روزہ میچز ایمسٹلوین میں کھیلے جائیں گے، 2 ٹی ٹونٹی میچز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی آئرلینڈ کرے گا۔

    چیئر آف کے این سی بی بیٹی ٹمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان سیریز کا اعلان کرنے پر مسرور ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی آمد سے نیدرلینڈز میں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔

    ڈائریکٹر کرکٹ آئرلینڈ رچرڈ ہولڈزورتھ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان پاکستان ٹیم کی میزبانی کے لیے پرجوش ہیں، پاکستان کے خلاف سیریز ہمارے کھلاڑیوں کے لیے بہترین تجربہ ہوگی۔

    ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا کہ پی سی بی کے کرکٹ آئرلینڈ اور کے این سی بی کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے دورے کا منتظر ہے۔

  • مصباح سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا: عثمان شنواری

    مصباح سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا: عثمان شنواری

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ انھیں مصباح الحق کے ساتھ کھیل کر ان سے بہت کچھ سیکھنےکو ملا۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ مصباح الحق نے ہمیشہ انھیں اعتماد دیا ہے، مصباح کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے کیمپ جاری ہے، سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانا ہمارا ہدف ہے۔

    شنواری نے کہا کہ جب آپ محنت کر رہے ہوں اور اچانک ٹیم سے باہر ہو جائیں تو دکھ ہوتا ہے، مجھے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا مگر یہ کھیل کا حصہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز

    کرکٹر عثمان شنواری نے کہا کہ کھلاڑی کے کیرئیر میں ہمیشہ اتار چڑھاؤ آتا ہے، میں جتنا کھیلا ہوں، اب تک اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

    اپنی بولنگ اور کوچنگ سے متعلق فاسٹ بولر نے کہا کہ وقار یونس کے بالنگ کوچ بننے سے میری پرفارمنس بہتر ہوگی۔

    واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کے 4 روزہ تربیتی کیمپ کا ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کی نگرانی میں آغاز ہو چکا ہے۔

    سری لنکا کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، دو روز قبل سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

    سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

    لاہور: سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا، سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا، 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کیا۔

    ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم، احمد شہزاد، آصف علی، عابد علی، عثمان شنواری، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، امام الحق، شاداب خان اور عمر اکمل شامل ہیں۔

    تمام کھلاڑی 18 ستمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں رپورٹ کریں گے۔ مصباح الحق 21 ستمبر کو ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کا اعلان کریں گے۔ قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم 24 ستمبر کو کراچی روانہ ہوجائے گی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا سیریز اور دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان بھی کردیا۔ مصباح الحق ہیڈ کوچ اینڈ چیف سلیکٹر کے فرائض انجام دیں گے۔ منصور رانا ٹیم آپریشنز اور لاجسٹک اینڈ ایڈمنسٹریٹو مینیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    وقار یونس بولنگ کوچ، بریڈ برن فیلڈنگ کوچ، شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، یاسر ملک ٹرینر، رضا راشد میڈیا مینیجر، طلحہ بٹ اینالسٹ اور ملنگ علی مساجر بھی ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہیں۔

    میجر (ر) اظہر عارف کو سری لنکا سیریز کے لیے سیکیورٹی مینیجر مقرر کیا گیا ہے جبکہ کرنل (ر) عثمان انوری دورہ آسٹریلیا پر سیکیورٹی مینیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں پاکستان کرکٹ ٹیم نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان کا پاکستان کرکٹ ٹیم میں تبدیلی کا اعلان

    وزیراعظم عمران خان کا پاکستان کرکٹ ٹیم میں تبدیلی کا اعلان

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں تبدیلی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں گزشتہ روز جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 2023 کے ورلڈ کپ پاکستان کرکٹ ٹیم مختلف ہوگی، ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیراعطم نے کہا کہ انگلینڈ سے اپنی کرکٹ کا آغاز کیا لیکن سب سے زیادہ دنیا میں کرکٹ کا ٹیلنٹ پاکستان میں دیکھا ہے۔

    بانوے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان نے کہا کہ کرکٹ میں آسٹریلیا کی ٓٹیم سب سے زیادہ کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں کیونکہ وہاں میرٹ کا ہے۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پی سی بی اجلاس 29 جولائی کو ہوگا

    انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پرفارمنس دیکھنے کے بعد پاکستان کرکٹ کو ٹھیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2023 ورلڈ کپ میں پاکستان کی بہترین ٹیم لائیں گے اور کرکٹ کا نظام ٹھیک کریں گے۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں بھی نہیں پہنچ سکی تھی، آخری چار میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے باوجود نیوزی لینڈ رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا تھا۔

    خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2019 کے سپر اوور برابر ہونے پر انگلینڈ کو زائد باؤنڈریز پر فاتح قرار دیا گیا تھا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم رنرز اپ رہی تھی۔

  • پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کی وطن واپسی

    پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کی وطن واپسی

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد وطن واپس پہنچ گئے، کپتان آج دوپہر کو کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔

    پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور محمد حسنین کراچی جبکہ بابراعظم، امام الحق اور آصف علی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ فخرزمان ، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور عماد وسیم اسلام آباد جبکہ فاسٹ باؤلر حسن علی اور حارث سہیل بھی وطب واپس آنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

    فاسٹ باؤلر وہاب ریاض، محمد عامر، محمد حفیظ اور شعیب ملک انگلینڈ میں ہی مزید کچھ روز قیام کریں گے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد آج دوپہر کو کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے تین مچیز میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہونے والی ٹیم کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے پی سی بی کرکٹ کمیٹی رواں ماہ ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کرے گی۔

  • بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے: سرفراز احمد کا اعتراف

    بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے: سرفراز احمد کا اعتراف

    ٹاؤنٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 17 ویں میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 41 رنز سے شکست کے بعد کپتان سرفراز نے اعتراف کیا کہ پاکستان ٹیم نے میچ بہت زیادہ غلطیوں کی وجہ سے ہارا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے میچ ہارنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے، تاہم پارٹنر شپ طویل ہو جاتی تو میچ کی صورت حال مختلف ہوتی۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شروع اور درمیان کے اوورز میں ہم نے بولنگ اچھی نہیں کی، آخری 20 اوورز بہت اچھے تھے، جن میں ہم نے کم بیک کیا۔

    کپتان نے کہا کہ ہم اچھا کھیل رہے ہیں، بس تھوڑی غلطیاں ہیں جن پہ قابو پانا ہے، تاہم شاداب خان کو ڈراپ کرنے کا افسوس نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ2019: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 41 رنز سے شکست

    سرفراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ شعیب ملک اچھا کھیل سکتے ہیں، مجھے اُمید ہے کہ شعیب ملک وننگ اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    دریں اثنا، کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے عزم کا اظہار کیا کہ روایتی حریف بھارت سے میچ جیتنے کے لیے اچھا کھیلیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو میگا ایونٹ میں دوسری بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ٹاؤنٹن کے میدان میں آج پاکستانی ٹیم 308 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 266 رنز پر آؤٹ ہو گئی، فاسٹ بولر محمد عامر کی پانچ وکٹیں بھی ضایع گئیں۔

  • محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں: کپتان سرفراز احمد

    محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں: کپتان سرفراز احمد

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں اور کل کے میچ کے لیے دستیاب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل میچز کھیل کر اپنی پرفارمنس کا اندازہ ہو گیا ہے، پرفارمنس ٹیسٹ ہمیں ورلڈ کپ میں نا قابل شکست بنائے گا۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ امید ہے ہم شکستوں کے تسلسل کو توڑ دیں گے، اگر ہم ٹاس جیت گئے تو پہلے بیٹنگ کریں گے، میں ٹیم میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کروں گا۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کرنی پڑی تو پھر ان کی بیٹنگ آرڈر مختلف ہو سکتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: جنوبی افریقہ کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ سے مل کر اچھا لگا، ملکہ سے ملاقات اعزاز کی بات ہے، قومی لباس کی نمائندگی پر خوشی ہوئی۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ بیٹنگ کرتے ہوئے تین سو پلس بنائیں، ہماری بیٹنگ بری نہیں، انگلینڈ اور پاکستان کے کھیلنے کا انداز مختلف ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی کرکٹ کے میگا ایونٹ کا با قاعدہ آغاز آج سے اوول لندن میں ہو گیا ہے، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، افتتاحی میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر میزبان انگلینڈ کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

  • ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ ہوں گے، چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف علی کوعابد علی پرپاور ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے سرفرازاحمد کی قیادت میں 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔

    چیف سلیکٹرنے نیوزکانفرنس میں کہا کہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ جو سیریز ہوئی اس کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا، وہاب ریاض، محمد عامر، آصف علی کو واپس لے لیا، شاداب کی ٹیم میں واپسی ہوئی، ڈاکٹروں نے شاداب کو کلیئر کر دیا ہے، تجربہ کار عامر اور وہاب کو ٹیم میں شامل کیا گیا، فاسٹ بالرز کو ون ڈے سیریز میں کارکردگی کے بعد شامل کیا گیا،

    انھوں نے کہا کہ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، پاور ہٹنگ کی وجہ سے ان پر آصف علی کو فوقیت دی، وہاب ریاض کو ہم نے نظر انداز نہیں کیا تھا، انھوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، 90 کی اسپیڈ جس کی نہیں ہے وہ بھی میچ میں کھیلتے ہیں، برطانوی کھلاڑی کو بھی ویسی مار پڑی ہے جیسے پاکستانی کو۔

    انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور امام الحق فارم میں ہیں، حسنین کو اتنا تجربہ نہیں لیکن اللہ کرے ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دیں، ان کے پاس اسپیڈ ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کوچ اور کپتان سے بات کی، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ کو بھی دیکھنا ہے۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ جنید اور فہیم بھی اچھے بولر ہیں لیکن کنڈیشن میں تجربہ کار کھلاڑی چاہیے، آگے کیا ہوگا میں نہیں بتا سکتا، ٹیم نے انگلینڈ میں فائٹ کی کچھ چیزیں بری تو کچھ اچھی بھی ہیں، ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دے گی۔

    انضام کا کہنا تھا کہ ٹیم پر زیادہ تنقید اچھی چیز نہیں، اچھا کھیلنے والوں کو بھی سراہنا چاہیے، شعیب اور حفیظ سینئر کرکٹرز ہیں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، ہم 23 مئی تک ٹیم میں تبدیلی کر سکتے ہیں تو فائدہ کیوں نہ اٹھائیں، پاکستان ٹیم کو جس کی ضرورت ہے ہم نے وہ فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ینگ کھلاڑیوں کی ٹیم ہاری بھی ہے لیکن فتح بھی ملی ہے، رضوان، عابد اور فہیم کو انگلینڈٖ ہی میں روک رہے ہیں، اگر کسی کی ضرورت پڑے گی تو ہمارے پاس بیک اپ ہوگا۔

    چیف سلیکٹر کا کپتان کے متعلق کہنا تھا کہ سرفراز جتنا اوپر آ کر کھیلتے ہیں اتنی اچھی کارکردگی دیتے ہیں، سرفراز احمد کی کارکردگی انگلینڈ سے سیریز میں بہتر ہے۔

  • مشن ورلڈکپ 2019: قومی ٹیم میں کون شامل ہوگا کون باہر، غور شروع

    مشن ورلڈکپ 2019: قومی ٹیم میں کون شامل ہوگا کون باہر، غور شروع

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی ٹیم کی حتمی تشکیل پر چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ٹیم انتظامیہ میں رابطہ ہوا ہے جس میں محمد عامر اور شاداب خان سمیت کئی کھلاڑیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے لیے ٹیم کے انتخاب کے سلسلے میں چیف سلیکٹر اور ٹیم انتظامیہ کے درمیان رابطے شروع ہو گئے ہیں۔

    آج ہونے والے رابطے میں میں محمد عامر اور شاداب خان سمیت کئی کھلاڑیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔

    محمد عامر کو چکن پاکس ہونے کے بعد باؤلنگ لائن اپ کی تشکیل پرغور کیا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے ورلڈ کپ میں شرکت کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔

    ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کے فٹ ہونے پر فہیم اشرف یا جنید خان کو وطن بھجوا دیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  محمد عامر خسرہ کا شکار، انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ میچز میں‌ شرکت مشکوک

    دوسری طرف لیگ اسپنر شاداب خان کی میڈیکل رپورٹس آج شام تک آنے کا امکان ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شاداب خان کے فٹ نہ ہونے پر محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

    بیٹسمین عابد علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد وطن واپس بھجوانے پر بھی غور کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی میچ فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ڈینٹسٹ کے آلات سے شاداب خان کو ہیپاٹائٹس سی کا وائرس لگا، قریبی ذرائع

    خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ آج برسٹل میں کھیلا جائے گا، سیریز برابر کرنے کے لیے شاہینوں نے جم کر تیاری کر لی ہے۔