لاہور(17 اگست 2025): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ یو اے ای ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹرائی نیشن سیریز اور ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان سلیکٹر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس میں کیا۔
سلمان علی آغا کو 17 رکنی اسکواڈ کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ اسکواڈ میں فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خُوشدل شاہ، حسین طلعت شامل ہیں۔
اسکواڈ میں محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث ، ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز،صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم بھی شامل ہیں۔
سہ فریقی سیریز میں پاکستان، افغانستان اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں یہ سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ایشیا کپ 2025 ابوظہبی اور دبئی میں 9 سے 28 ستمبر تک ہونا ہے۔
بابر اور رضوان سے متعلق عاقب جاوید نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان اس سے پہلے تین سیریز میں نہیں تھے، بابر اور رضوان دیگر کی طرح کھیلیں گے تو ضرور ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے، ان کے ساتھ کسی کو پرابلم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس آپشنز اچھے ہیں۔ صائم ، فخر اور صاحبزادہ فرحان ہی ٹاپ آرڈر میں تھے۔ کسی کھلاڑی کو دو تین میچز کی بنیاد پر زیر غور نہ لانے والی بات درست نہیں، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اب ہم بابر اور رضوان کو زیر غور کبھی نہیں لائیں گے۔